روایتی ٹونے ٹوٹکوں اور جدید طبی میدان میں باہمی تعاون کی ضرورت
ترجمہ: ڈاکٹر خضر شمیم اور ڈاکٹر لبنیٰ مرزا
تعارف/پس منظر
روایتی شفا یابی علاج کے طریقوں، علم اور عقائد پر مبنی ہے جس میں پودوں، جانوروں اور معدنیات پر مبنی ادویات، روحانی علاج، تشخیص اور روک تھام یا تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات شامل ہیں۔ ادویات کی زیادہ قیمت، اور انفیکشنز کے خلاف مزاحمت میں اضافے کی وجہ سے متبادل روایتی ادویات کو بیماریوں کے علاج کے لیے قابل عمل طریقے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں روایتی علاج کے طریقے صحت کی دیکھ بھال میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ دنیا کے مختلف علاقوں میں روایتی ادویات کے طریقوں کے استعمال کا تخمینہ % 40 سے % 70 تک لگایا گیا ہے اور کچھ نسلی گروہوں میں انتہائی غربت اور بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی کی کمی کی وجہ سے یہ بیماری کی روک تھام اور علاج کے لیے واحد راستہ ہے۔
روایتی ادویات کے بڑھتے ہوئے استعمال نے صحت عامہ میں حفاظت، افادیت، رسائی اور عقلی استعمال کے نقطہ نظر سے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ اس وجہ سے عالمی ادارہ صحت بین الاقوامی معیارات اور متبادل ادویات کے لیے رہنما خطوط تیار کرنے میں تیزی سے شامل ہو رہا ہے جس سے ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون میں بہتری آئی ہے۔
انفرادی تجربات
ڈاکٹر انیل کے سی، نیپال
”میں گزشتہ چار سالوں سے نیپال میں ایک معالج ہوں۔ میں نے یہاں کئی ایسے مریضوں کا معائنہ کیا ہے جن کا پہلے روایتی معالجین کے ذریعے علاج کیا گیا تھا کیونکہ روایتی معالج نیپال کے دیہی علاقوں میں آسانی سے دستیاب ہیں۔ مقامی روایتی معالجین کے اپنے گاہکوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہوتے ہیں اور وہ ان ضرورت مند مریضوں کے لیے ان علاقوں میں بروقت اور ابتدائی علاج فراہم کرتے ہیں جہاں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد دستیاب نہیں ہوسکتے۔
روایتی علاج کرنے والے مختلف قسم کے علاج استعمال کرتے ہیں جیسے جڑی بوٹیاں، روایتی آلات اور دعائیں۔ میں نے ایسے مریضوں کو دیکھا ہے جو ذہنی مسائل کے شکار تھے جن کی وجہ سے ان کو جسمانی تکالیف کی شکایت تھی۔ انہیں مقامی روایتی معالجین کے علاج سے فائدہ ہوتا ہے کیونکہ وہ ان مریضوں کے پس منظر سے واقف ہونے کے علاوہ ان کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ یہ معالجین مناسب مشاورت کے لیے بہترین ثقافتی اور سماجی بصیرت رکھتے ہیں جو کہ اکثر اعلیٰ تعلیم یافتہ بین الاقوامی ڈاکٹرز میں پائی جانا مشکل ہے۔
دوسری طرف ایسے حالات بھی رہے ہیں جب روایتی طریقوں نے مریضوں کو اس دیکھ بھال میں تاخیر کر کے نقصان پہنچایا جس کی ان مریضوں کو ضرورت تھی۔ میں نے ایک نوجوان حاملہ خاتون کا کیس دیکھا جو بدقسمتی سے طبی دیکھ بھال میں تاخیر کی وجہ سے زندہ نہیں رہ سکیں۔ ان کو ہمارے میڈیکل سینٹر میں لائے جانے سے پہلے تقریباً تین دن تک جڑی بوٹیوں، منتر اور دعاؤں کے ساتھ علاج کیا گیا تھا۔ میں ابھی تک یہ سوچتا ہوں کہ بروقت علاج سے ان خاتون کی جان بچ سکتی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے جدید طبی اداروں اور روایتی شفا دینے والوں کے درمیان فاصلوں کو پر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ان بدقسمت نتائج سے بچا جا سکے۔
ڈاکٹر راکیش کمار شاہ، نیپال
میں تقریباً ڈھائی سال نیپال کے دیہاتی علاقوں میں قائم میڈیکل سینٹر میں ایک میڈیکل افسر رہا جو کہ چالیس ہزار افراد کے علاج معالجے کے لیے بنیادی مرکز صحت تھا۔ سخت جغرافیائی مقامات میں نقل و حمل کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمارے بہت سے مریضوں کو گھنٹوں پیدل چلنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے وہ آخری راستے کے طور پر ہیلتھ سروس سے رابطہ کرنے پر مجبور ہوتے تھے۔ اس دوران وہ ہمارے میڈیکل سینٹر کا دورہ کرنے سے پہلے قابل اعتماد اور قابل رسائی مقامی روایتی علاج کرنے والوں کو دیکھنے کا سہارا لیتے تھے۔
مجھے ایسا لگتا تھا کہ روایتی شفا دینے والے ہمارے مریضوں کے فیصلوں کا ایک اہم حصہ تھے۔ روایتی شفا دینے والے ہلکی جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے کچھ مسائل سے بھی نمٹ سکتے تھے جنہیں ہم ”غیر سائنسی“ یا ”غیر ثابت شدہ طرز عمل“ کہیں گے۔ ایک دفعہ سانس کی شدید تکلیف میں مبتلا ایک بچے کو روایتی معالج کے پاس لے جایا گیا جس کی وجہ سے اس کو ہمارے مرکز صحت تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ ہم اس بچے کو نہیں بچا سکے۔ کاش ہمیں یہ بچہ چند گھنٹے پہلے مل جاتا کیونکہ اس سے اس کے زندہ رہنے کے امکانات بہتر ہو سکتے تھے۔ اگرچہ روایتی شفا دینے والوں کی شراکت مثبت ہوتی ہے لیکن مریضوں کے بہتر نتائج کے لیے فراہم کنندگان کے کردار کو بہتر طریقے سے منظم کیا جانا چاہیے۔
لبنیٰ مرزا، اینڈوکرنالوجسٹ، اوکلاہوما، امریکہ
” فروری 2022 میں، پاکستان میں ایک معالج کی طرف سے یہ خبر سامنے آئی کہ لڑکا پیدا نہ کرنے پر ایک عورت کے سر میں ایک کیل ٹھونکی گئی ہے۔ ان خاتون کی پہلے ہی تین بیٹیاں تھیں اور اس واقعے کے وقت وہ چوتھی بیٹی کی توقع کر رہی تھیں۔ ان خاتون کا شوہر اس بات سے ناخوش تھا کہ انہوں نے لڑکا پیدا نہیں کیا تھا۔ اس لیے اس نے انہیں چھوڑنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ یہ قصہ کوئی ایک منفرد الگ تھلگ معاملہ نہیں ہے بلکہ سمندر میں تیرتے ہوئے ایک بڑے برف کے تودے کے سطح پر دکھائی دینے والے چھوٹے سے ٹکڑے کی طرح ہے۔
ملک میں بچوں کی کفالت اور قانونی تعدد ازدواج کے تحفظ کے بغیر ان میں سے بہت سی نوجوان اور غیر تعلیم یافتہ خواتین اپنے اور اپنے بچوں کے لیے بے گھر ہونے اور بھوک سے خوفزدہ ہیں۔ یہ خواتین غیر منظم روایتی معالجین اور عقیدے سے علاج کرنے والوں سے دیکھ بھال حاصل کرنے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے بل آف رائٹس کے مطابق آئین میں ترامیم کے علاوہ صحت عامہ کی تعلیم اور خواتین کے حقوق میں بہتری کی ضرورت ہے۔
روایتی شفا یابی کے طریقوں کی تاریخ:
انسان صدیوں سے جسمانی اور ذہنی امراض کے علاج پر عمل پیرا ہے جس کی بنیاد مشاہدے اور تجربے پر مبنی ہے۔ کچھ روایتی معالج جڑی بوٹیوں، ورزش اور روحانی مشق کا استعمال کرتے ہیں۔ اور کچھ لوگوں کے علاج کے لیے فلکیات اور دستی تکنیک پر مبنی بصیرت اور عقائد کا استعمال کرتے ہیں۔ ہم سماجی مخلوق کے طور پر اپنے ارد گرد کے ماحول سے متاثر ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ بیمار محسوس ہونے پر جدید ادویات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے روایتی شفا دینے والوں پر انحصار کرتے ہیں اور کچھ جدید ایلوپیتھک علاج سے امید کھونے کے بعد متبادل ادویات میں سکون تلاش کرتے ہیں۔
دنیا کے تقریباً تمام علاقوں میں اور خاص کر دیہی جنوبی ایشیا یا افریقہ میں لوگ صحت کے معمولی مسائل کے علاج کے لیے روایتی معالجین پر انحصار کرتے ہیں جس کو مناسب سمجھا جا سکتا ہے لیکن سنگین مسائل جیسے کہ سانپ کے کاٹنے، یرقان، بچے کی پیدائش، دورے یا شیزوفرینیا، اور شدید ڈپریشن کے لیے ہسپتال جانے کی بجائے روایتی علاج کو ترجیح دینا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ان حالات میں روایتی طریقہ علاج پیچیدگیوں، صحت کی حالت پر منفی اثر، مجموعی بیماری اور اموات کا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ بات ایک حقیقت ہے کہ بے ہوشی کی دوائیں اور کچھ جراحی علاجات میں پیچیدگیوں کا خطرہ موجود ہوتا ہے لیکن ایک صاف ستھرے ہسپتال میں ماہر ہاتھوں میں یہ نسبتاً محفوظ راستہ ہے۔
باہمی تعاون سے علاج میں بہتری کے لیے تجاویز:
ہم دیکھ سکتے ہیں کہ جدید سائنسی علاجات کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ معالجین میں روایتی علاج کے طریقوں کو شک و شبہے کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ایلوپیتھک ڈاکٹرز مریضوں کو ثابت شدہ علاج کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ تاہم یہ بات ہمارے سامنے ہے کہ دنیا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ آج بھی معمولی مسائل کے لیے گھریلو ٹوٹکوں، طریقوں، حکیمی علاج اور دواؤں کا سہارا لیتی دکھائی دیتی ہے۔
ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اس انداز میں روایتی علاج کے لیے منفی تاثرات فائدہ مند نہیں ہیں۔ روایتی علاج کے بھی کچھ مثبت پہلو ہیں جن کو اوپر بیان کیا گیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے مریضوں کی مکمل دیکھ بھال کے لیے دنیا کی مختلف تہذیبوں میں موجود علاجات کے مثبت پہلوؤں کا سہارا لیں۔ ان روایتی معالجین کو محروم کمیونٹیز میں صحت کی دیکھ بھال کا بوجھ بانٹنے کا سہرا دیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہیں ایسے آلات سے آراستہ کریں جو انہیں دور دراز کے علاقوں میں مریضوں کی عمدہ معیار کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے قابل بنائیں۔
ان طریقوں میں لیکچر دینا، دواؤں اور صاف انجیکشن کی تکنیک کی وڈیوز فراہم کرنا اور مریضوں کی نگہداشت سے متعلق پرنٹ شدہ مواد شامل ہیں۔ ان اقدام سے مستقبل میں محفوظ طریقوں کا راستہ بنانے میں مدد کی توقع ہے۔ ہم روایتی اور جدید معالجین کے درمیان ایک دوسرے کے احترام اور سالمیت کو برقرار رکھتے ہوئے باہمی تعاون کے ساتھ تمام مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے درج ذیل تجاویز پیش کرتے ہیں۔
روایتی علاج کرنے والوں کے لیے تجاویز:
تمام روایتی معالجین کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جائے جو کہ روزمرہ کی معمولی ضرورتوں سے نمٹنے کے قابل ہو۔ ان کو ہنگامی حالات میں بروقت جدید طبی مراکز اور ماہرین سے رجوع کرنے کی ضرورت ہوگی۔ روایتی معالجے میں استعمال ہونے والے مختلف جراحی طریقوں میں انفیکشن کو کم کرنے کے طریقے استعمال کرنے سے ان پیچیدگیوں میں کمی ممکن ہے۔ روایتی علاج کرنے والوں کے پاس بنیادی دواؤں تک رسائی ضروری ہے اور ان کے لیے جدید صحت کی دیکھ بھال کے مراکز کے ساتھ آسان رابطے اہم ہیں۔
جدید طبی پیشہ ور افراد کے لیے :
سب سے پہلے جدید طب کے شعبے کو روایتی معالجین کی اہمیت سمجھنا ہوگی۔ جدید طبی طالب علموں کو روایتی شفا دینے والوں کے کردار کی اہمیت اور خاص طور پر ان کی متعلقہ برادریوں میں لوگوں کے مقامی گروہوں کو اس بارے میں سکھانا ضروری ہے۔ بھروسے اور اعتماد حاصل کرنے کے لیے جدید اداروں کو مقامی کمیونٹیز کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرنا ہوں گے۔ مریضوں کی صحت یابی کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرنے سے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔
نتائج:
روایتی معالجین مقامی علاقوں میں دستیابی اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلقات کے باعث صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں جسے جدید طب کے میدان میں تسلیم کیے جانے کی ضرورت ہے۔ روایتی علاج کرنے والوں یا جدید سائنسی معالجین کے کسی بھی نقصان دہ عمل کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ یہ اقدام مریض کے نتائج کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
- زندگی ڈرامہ سیٹ - 14/09/2024
- نوشتہ دیوار – راہ درست نہ ہو تو پرامید کیسے رہیں؟ - 18/01/2024
- سردیوں میں ہمارا وزن کیوں بڑھ جاتا ہے؟ - 08/11/2023
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).