سیلاب زدگان کی خدمت میں الخدمت (فاؤنڈیشن) کا کردار


ملک پاکستان سیلاب جیسی آفت سے دو چار ہے۔ چاروں جانب پانی ہی پانی ہے۔ مگر یہ پانی پینے کے لئے نہیں بلکہ زندگیاں چھیننے کے لیے ہے۔ بلوچستان میں ڈیرہ مراد جمالی، کوئٹہ، لسبیلہ، نصیر آباد، نوشکی، سندھ میں جامشورو، ، ٹنڈوآدم، مٹیاری، پنوعاقل، لاڑکانہ، سانگھڑ سکھر، ٹھٹھہ، میرپور خاص، سکھر، حیدرآباد اور پنجاب کے علاقے راجن پور، تونسہ شریف، لیاقت پور اور فاضل پور کے دیہات سمیت دیگر کئی علاقے اس وقت سیلاب سے شدید متاثر ہیں۔

لوگوں کے گھر ٹوٹ چکے ہیں۔ جانور بپھرا ہوا پانی بہا کر لے گیا ہے۔ کئی مائیں اپنے لاڈلوں کو ڈھونڈ رہی ہیں۔ نا جانے اس پانی نے ان کے پیاروں کے ساتھ کیا کیا ہو گیا؟ ان کی نعشوں کو خشک زمیں تک نہ مل پائی۔ ہائے! کیسا دکھ ہے یہ کہ جنھوں نے اپنی ساری جمع پونجی سے گھر بنایا تھا۔ مگر ابھی اس گھر میں ایک رات تک نہیں گزاری تھی۔ اور اسی گھر کو اپنی آنکھوں کے سامنا سیلاب میں بہتا دیکھنا پڑا۔ لوگ دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بے گھر لوگ سڑک کنارے بھوکے بیٹھے ہیں۔ بچے بیمار پڑے ہیں۔ اور ایسے میں ان بچوں کی مائیں تو پریشان ہیں۔ مگر ایک اور ماں جسے ریاست کہتے ہیں۔ چپ سادھے بیٹھی ہے۔ نا جانے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کچھ کرنا نہیں چاہتیں یا بے بس ہیں۔ نہ کوئی عمران نظر آ رہا ہے اور نہ ہی کوئی حکمران۔

مگر ایک ایسا ادارہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سیلاب متاثرین کی دادرسی کو سب سے پہلے پہنچا۔ لوگوں کو دلدل سے نکالا۔ بیشتر بے گھر متاثرین کو خیمے دیے تاکہ وہ عارضی طور پر اپنے سر چھپا سکیں۔ یہ وہ ادارہ ہے۔ جس کا دستور اور منشور دونوں خدمت ہیں۔ آپ متاثرہ علاقوں میں خود جاکر دیکھیں، مین سٹریم میڈیا دیکھیں یا پھر سوشل میڈیا آپ کو ہر جگہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار نظر آئیں گے۔ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر یہ رضاکار متاثرین کو بچانے میں مصروف عمل ہیں۔ جن علاقوں میں حکومت وقت پہنچ ہی نہیں پائی۔ ان متاثرہ علاقوں کی گلی گلی میں الخدمت کے رضاکار پہنچے ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان 1990 سے فلاحی کاموں میں مصروف عمل ہے۔ اور آج اس کا دائرہ کار آفات سے بچاؤ، تعلیم، صحت، یتیموں کی کفالت جیسی دیگر کئی خدمات تک پھیل چکا ہے۔ اور اب الخدمت فاؤنڈیشن لوگوں کا ٹرسٹ اور امید بن چکی ہے۔ 2022 کی اس آفت میں سوشل میڈیا دیکھیں تو کئی لوگ جنہیں ریاست کو مدد کے لیے پکارنے چاہیے۔ وہ الخدمت سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔ اس سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آپ سے گزارش ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیجیے۔ آپ بھی درج ذیل اکاؤنٹس میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔

https://alkhidmat.org/give
Contact Us: 0800-44 44 8
Account Title: Al-Khidmat Foundation
Bank Name: Meezan Bank
Account number: 0214 0100861151
Swift CODE: MEZNPKKA IBAN: 0214 0100861151

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کو جلد از جلد اس آفت سے نجات دلائے۔ اور متاثرہ افراد کی مدد کرنے والوں کو اجر عظیم دے۔

Facebook Comments HS