حلالہ کروائیں: چسکا خواتین و حضرات اجتناب برتیں

”جو لوگ ضرورت مند ہیں وہ حضرات ہم سے حلالہ کے لیے رابطہ کریں۔
آپ کی خواہش کے مطابق حلالہ کیا جائے گا۔
چسکا خواتین و حضرات اپنا اور میرا قیمتی وقت ضائع مت کریں۔
ضرورت مند افراد رابطہ کریں ”
اس میں ضرورت مند کسے کہا گیا ہے؟ خواہش کے مطابق حلالے کے بندوبست سے کیا مراد ہے؟ چسکا پسند خواتین و حضرات کس سیارے کے باسی ہیں؟ کیا صاحب اشتہار حلالہ ایکسپرٹ یا اس فیلڈ کا کوئی خاص علم رکھتے ہیں؟ کیا صاحب اشتہار اس قسم کی مضحکہ خیزی سے کوئی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں یا خود چسکا بازی اور دولت کے چکروں میں پڑے ہوئے ہیں؟
اس قسم کے سوالات اس اشتہار کا مطالعہ کرنے کے بعد ہر اس شخص کے ذہن میں پیدا ہوتے ہیں جو سوچنے سمجھنے کے عمل سے تھوڑا سا بھی شغف رکھتا ہے اور انسانی فہم و فراست پر یقین رکھتا ہے۔ کیونکہ یہ تو محض ایک چھوٹا سا اشتہار ہے مگر حقیقت میں ہمارے اردگرد ایسے لوگ پائے جاتے ہیں جو اس قسم کا فریضہ انتہائی خوش دلی سے سرانجام دیتے ہیں، اگر آنکھ اور کان کھلے رکھے جائیں تو اس قسم کی درجنوں کہانیاں آپ کو اپنے ماحول سے ہی مل جائیں گی۔
اس اشتہار کا خاکہ حاشر ابن ارشاد کی وال سے چوری کیا گیا ہے جسے حال ہی میں انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر شیئر کیا تھا، تدبر و تفکر کرنے والے انسان ہیں اور اس بدعت میں اوروں کو بھی شامل کر لیتے ہیں تاکہ ایک دوسرے کے خیالات سے استفادہ کر کے سوچنے کی نئی جہتیں دریافت ہو سکیں اور کچھ نہیں تو لوگ اپنے تئیں سوچنا ہی شروع کر دیں یا کم از کم اپنے دماغ کا ریموٹ تو اپنے ہاتھ میں پکڑ لیں جسے انہوں نے صدیوں سے مذہبی پیشواؤں کے ہاں گروی رکھا ہوا ہے اور قریب قریب بازیابی کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔
اس بات سے قطع نظر کہ حلالہ کی شرعی حیثیت کیا ہے اور یہ کیوں ضروری ہے جیسے مباحث کو ایک طرف کر کے ہم اس زاویے کو محض انسانی بنیادوں پر پرکھنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ اہل مذہب کی ڈومین میں سوال اٹھانا ناجائز یا حرام سمجھا جاتا ہے ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے ان کی ڈومین میں مداخلت سے اجتناب برتنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ تین طلاق واقع ہو جانے کے بعد عورت مرد پر حرام ہو جاتی ہے اور اب رجوع کے لیے ”انٹرویننگ میرج“ حلالہ ضروری ہو جاتا ہے اور اس سروس کا وزن بھی اکیلے عورت کو دوسرے مرد سے شادی کرنے کی صورت میں اٹھانا پڑے گا۔
مذہبی حکم اس بارے میں کیا ہے اس سے قطع نظر اگر ہم اس پہلو کو ہیومن گراؤنڈ پر ”سمجھنے“ کرنے کی کوشش کریں تو بہت سے سوالات جنم لینے لگتے ہیں، ظاہر ہے جو جس چیز کی آماجگاہ ہوتی ہے وہاں پر وہی کچھ پروڈیوس ہوتا ہے۔ تو اس طرح سے انسانی ذہن میں ہزاروں سوالات کا جنم ہونا ایک قدرتی امر ہوتا ہے، بیشک سوچ کے ان درجنوں زاویوں یا جہتوں کو آپ وقتی بندوبست کے تحت دبا لیں مگر سوالات کے جنم کو روکنا ناممکن ہوتا ہے، تو بڑھتے ہیں سوالوں کی طرف۔
کیا غصہ صرف مرد کی ملکیت ہوتا ہے اور اسی کے غصے کی بنیاد پر فیصلہ صادر کرنا کوئی دانش مندی ہے؟
طلاق مرد دے اور سزا وار صرف عورت ٹھہرے آ خر یہ کیا ماجرا ہے؟
کیا عورت محض جنس کی دکان ہے جس سے مرد اپنی شرائط پر سودا خریدتا ہے؟
کیا عورت سیکشوئل سویپ یا تبادلہ کرنے کے لیے تخلیق ہوئی ہے یا اس کے جسم پر اس کا اپنا بھی کوئی حق ہے؟
کیا عزت نفس صرف مرد کی ہوتی ہے عورت کی نہیں؟
کیا یہ تصور عورت کی عزت نفس اور فطری ضابطوں کے خلاف نہیں ہے؟
کیا یہ عجیب بات نہیں ہے کہ عورت کو اپنی ذات کے متعلق کسی بھی قسم کے فیصلے یا حکم کے لیے مرد کی منشا کا انتظار کرنا پڑتا ہے؟
مرد اپنے متعلق فیصلے خود کرتا ہے تو خواتین اپنے فیصلے خود کیوں نہیں لے سکتیں؟
کیا یہ سمجھیں کہ خواتین کے متعلق سب کچھ مرد ہی جانتا ہے اور خواتین اپنی ذات یا جسم کے متعلق لاعلم ہوتی ہیں؟ ہمیں یہ کیوں لگتا ہے کہ عورت کا دفاع صرف مرد ہی کر سکتا ہے عورت خود نہیں کر سکتی؟ یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جن پر غور کرنا ضروری ہے، جب آپ تدبر و تفکر کے گہرے پانیوں میں اتریں گے عقدہ تب ہی کھلے گا۔ سنگل اسپیکٹ یا محض گناہ و ثواب کے اینگل سے اس قسم کے اہم انسانی پہلو یا سوال پر غور کریں گے تو وہی کچھ ہاتھ لگے گا جو شروع سے ہمیں پڑھایا اور سکھایا جا رہا ہے۔
مختلف پہلوؤں کو سمجھنے اور کھوجنے کے لیے روایتی دائرے سے باہر نکلنا ضروری ہو جاتا ہے، اگر ایسا ماضی میں نہ ہوا ہوتا تو انسانیت آج بھی غاروں میں بھٹک رہی ہوتی۔ لمحہ موجود میں المیہ یہ ہے کہ ہم جیسے معاشروں میں مردوں نے تو اپنے مطابق اپنی خواہشات کی جنت بسا لی ہے مگر خواتین کو کھوکھلی غیرت کے نام پر اور محض اپنی اناؤں کا اسیر بنا کر روایتی ڈربوں یا غاروں میں بند کیا ہوا ہے۔ جبکہ آج کی دنیا ماضی کے گھسے پٹے تصورات سے چھٹکارا پانے کے بعد بہت آگے بڑھ چکی ہے وہاں دو بندوں کے تعلقات چاہے جس قسم کے بھی ہوں ان کا نجی معاملہ تصور کیا جاتا ہے اور ان کے مابین مداخلت کے نام پر کوئی تیسرا اپنی ناک نہیں گھسیڑتا۔
کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آج انسانی فہم و فراست اس قدر پختہ ہو چکی ہے کہ لوگ اپنی ذات کے متعلق آزادانہ فیصلے لے سکتے ہیں۔ ہم اتنے پاسداران غیرت ہیں کہ ہمارے معاشرے میں جنس کو ڈیفائن کرنے کے لئے کلیئر کٹ الفاظ کا ذخیرہ ہی موجود نہیں ہے پارسائی کو دکھاوے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مباشرت، دہنی کاری یا مشت زنی، جنسی ملاپ، پاؤں بھاری ہونا یا آ نچل میلا ہونا جیسے الفاظ شرماتے ہوئے یا مجبوری میں اپنی زبان سے ادا کرتے ہیں۔ اب اس قسم کے الفاظ گلدستہ ادب تو کہلائے جا سکتے ہیں مگر دماغ کی دہی بنا دیتے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف ہماری منافقت کی کہانیاں مثلا
”مرد کبھی بوڑھا نہیں ہوتا“
یا ڈبل ہارس پاور کیپسول یا عضو تناسل کے تناؤ کا دورانیہ بڑھانے کے مچھلی کے تیل کے بنے کیپسول ”
جیسے اشتہارات وال چاکنگ کی صورت میں نوشتہ دیوار ہیں، دوسری طرف طارق جمیل حوروں کی جسمانی ساخت بڑے مزے سے بتا رہے ہوتے ہیں۔ اسی منافقت کی وجہ سے لوگ کھل کر بات نہیں کرتے جب سنجیدہ معاملات پر سنجیدگی سے اوپن ڈسکشن نہیں ہو گی تو معاملات آگے کیسے بڑھیں گے؟ بات نہ کرنے کے آگے جواز یا اخلاقی ضابطوں کے نام پر خود ساختہ قسم کی جو سنسر شپ ہم نے صدیوں سے اپنے اوپر عائد کر رکھی ہے اس کا خمیازہ ہماری نسلیں ”منافق یا دوغلے“ بن کے بھگت رہی ہیں۔
یاد رکھیں ”آدھے سچ یا ملفوف اصطلاحات“ جنہیں ہمارے بڑے وقتی بندوبست یا نوجوان نسل کے وسیع تر مفادات کی خاطر گھڑتے یا تراشتے ہیں وہ آگے چل کر شخصی ٹیڑھے پن کا سبب بن جاتا ہے۔ اس قسم کی بہانے بازیاں کہ بچوں کو کچھ بھی دو ٹوک نہیں بتانا چاہیے، ناپختہ ذہن ہونے کی وجہ سے ان کے ”خراب“ ہو جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اتنا لمبا مت سوچیں سرکار براہ کرم انہیں خراب ہونے کی تھوڑی سی اجازت دے دیں، باقی گنجائش یہ خود پیدا کر لیں گے پھر اس آزادی یا خرابی کے اس دھرتی پر شعوری معجزے مشاہدہ کیجئے گا۔

