کتاب : گابرئیل گارشیا مارکیز اُردو دنیا میں


کتاب : گابرئیل گارشیا مارکیز اردو دنیا میں
مصنف : عذرا یاسمین
پبلشر : بکس اینڈ ریڈر، ملتان
سن اشاعت : 2022ء
قیمت : 490
صفحات : 176
مبصر : ڈاکٹر تہمینہ عباس

”گابرئیل گارشیا مارکیز اردو دنیا میں“ ڈاکٹر عذرا یاسمین کا مقالہ ہے جو انھوں نے ڈاکٹر قاضی عابد کی زیر نگرانی بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے کیا۔ اس کتاب میں گابرئیل گارشیا مارکیز کی شخصیت، ان کی تحریروں اور ہندوستانی معاشرت اور لاطینی امریکا کی معاشرت اور ادیبوں کی تحریروں میں مماثلت کو موضوع بنایا ہے۔ کتاب کا پہلا باب لاطینی امریکا کی تاریخ، تہذیب و معاشرت کے حوالے سے ہے جہاں گابرئیل گارشیا مارکیز نے جنم لیا۔ اس باب میں مارکیز کے حالات زندگی کی تفصیلات موجود ہیں۔

لاطینی امریکا کا یہ ناول نگار اپنے ناولوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت کا حامل ہے۔ مارکیز کے ناولوں میں تنہائی کے سو سال، وبا کے دنوں میں محبت، محبتوں کے آسیب، اپنی سوگوار بیواؤں کے نام، کوئی کرنل کو خط نہیں لکھتا، ایک بیش گفتہ موت کی روداد، کے اردو تراجم کا ڈاکٹر عذرا یاسمین نے تنقیدی جائزہ پیش کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور لاطینی امریکا کی معاشرت کا تقابلی موازنہ پیش کیا ہے۔

گابرئیل گارشیا مارکیز نہ صرف مشہور ناول نگار ہیں بلکہ صحافت کے حوالے سے بھی لاطینی امریکا کا ایک معتبر نام ہے۔ انھوں نے بیس سال کی عمر میں قانون کی تعلیم کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی ادب کے لیے وقف کردی۔ ان کی ایک کہانی ”غرقاب شدہ جہاز کے ملاح کی داستان“ چودہ اقساط میں اخبار میں شائع ہوئی اور بعد میں کتابی شکل میں شائع ہوئی۔ مارکیز کو ہمیشہ صحافت کا شوق رہا۔ ان کی صحافتی زبان میں بھی بیانیہ انداز غالب ہے۔

وہ آزادی اور انسانی حقوق کے علمبردار تھے۔ مارکیز کو ان کے ناول ”تنہائی کے سو سال“ پر ادب کا نوبل انعام ملا۔ وہ نظریاتی طور پر دنیا بھر کے محنت کشوں کے حامی تھے۔ مارکیز اپنی لاطینی امریکا کی تہذیب کا یورپ کی تہذیب سے موازنہ کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ وہ لاطینی امریکا کی تہذیب کو جانچنے کے لیے وہ ہی پیمانہ اختیار کریں جو وہ اپنے لیے کرتے ہیں۔

مارکیز نے ہمیشہ بائیں بازو کی سیاسی جماعت کی حمایت کی۔ اس کتاب میں ”گارشیا مارکیز پر اردو میں لکھی گئی تحریریں بھی شامل کی گئی ہیں۔ آخری باب اردو دنیا میں گابرئیل گارشیا مارکیز کا مجموعی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر یہ ایک معلوماتی کتاب ہے جس میں گابرئیل گارشیا مارکیز کی بابت مکمل معلومات ملتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments