پنجاب دھند کی لپیٹ میں، دوران سفر کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں؟


FOG
بھیگا بھیگا سا دسمبر ہے۔۔۔۔ مگر گذشتہ چند برسوں سے موسمیاتی تبدیلی کے باعث یہ مصرع اب تبدیل ہو کر دھندلا دھندلا سا دسمبر بن چکا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس دسمبر کے آخری ہفتے میں بھی بارشوں کا کوئی خاص امکان نہیں ہے۔

اس دھند کے باعث نہ صرف موٹر ویز اور قومی شاہراؤں پر سفر کرنا دشوار ہو جاتا ہے بلکہ صبح اور شام کے اوقات میں چھائی گہری دھند شہروں میں ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتی ہے۔

اس صورتحال میں جہاں گاڑیوں کی آمدو رفت متاثر ہوتی ہے وہیں جہازوں کی پرواز میں بھی خلل آتا اور بعض اوقات ریل گاڑی کا پہیہ بھی رک جاتا ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ماہر ڈاکٹر محمد حنیف نے موسم اور دھند کی صورتحال کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے قومی شاہراؤں اور موٹرویز پر صبح اور رات کے اوقات میں سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محمد حنیف نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب شدید دھند اور سردی کی لپیٹ میں ہے اور پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے لہذا شہری ویک اینڈ پر اور دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انھوں نے مزید لکھا کہ موٹر ویز اور ہائی ویز پر دن ایک سے پانچ بجے کے دوران سفر کریں۔ اگلے چند روز شدید دھند کا دورانیہ 16 سے 20 گھنٹے رہے گا۔

https://twitter.com/hanifmet/status/1605779910164746240?cxt=HHwWgMCgzcGU8MgsAAAA

موٹرویز اور قومی شاہراؤں پر دھند کی صورتحال

FOG

قومی شاہراہ و موٹرویز اتھارٹی اور محکمہ موسمیات  کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پشاور تا اسلام آباد ایم ون موٹروے پر رات آٹھ بجے سے صبح تک کے اوقات میں شدید دھند ہے۔

جبکہ اسلام آباد سے لاہور ایم ٹو موٹرویز پر کلر کہار سے لاہور تک رات آٹھ بجے سے صبح 11 بجے تک شدید دھند رہے گی۔ جبکہ اسلام آباد سے کلرکہار تک معتدل اور ہلکی دھند ہو گی۔

اسی طرح لاہور سے عبدالحکیم ایم تھری موٹروے پر صرف دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک ہلکی دھند ہے جبکہ دیگر اوقات میں گہری دھند پڑے گی۔

پنڈی بھٹیاں سے ملتان ایم فور موٹروے بھی رات آٹھ بجے سے صبح 11 بجے تک شدید دھند کی لپیٹ میں رہے گا۔ جبکہ ملتان تا سکھر ایم فائیو موٹروے پر بھی رات آٹھ سے دن گیارہ بجے تک شدید دھند کے باعث حد نگاہ 50 میٹر سے کم رہے گی۔

جبکہ لاہور سیالکوٹ ایم 11 موٹروے پر بھی شام سے دن 11 بجے تک شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر سے پچاس میٹر ہو گی۔

گذشتہ چند روز سے پاکستان کے شہر لاہور اور گردو نواح میں شدید دھند ہے، جہاں عوام ایسے میں حد نگاہ صفر ہو جانے اور سفر میں مشکلات کا ذکر کرتے دکھائے دیتے ہیں وہیں کچھ منچلے اسے ’دسمبر کی رومانویت‘ قرار دیتے ہیں۔

ایک صارف نے لاہور کی ایک دھند بھری صبح کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس دھند سے واضح ہے لاہور نہیں چاہتا کہ میں اسلام آباد جاؤں۔۔۔‘

https://twitter.com/YsoSersY/status/1605041864511557634

جبکہ ایک اور صارف نے دھند کی رومانویت کا ذکر کچھ یوں کیا۔

https://twitter.com/aryabidkhan/status/1605865953824120833

جبکہ ایک صارف نے  گذشتہ روز لاہور میں دھند کے باعث شام کے سرمئی سائے کو لاہور کا حسن قرار دیا۔

 مگر حسن اور رومان اپنی جگہ لیکن ملک میں موسم سرما کے ان دنوں میں جب ملک بھر کے بیشتر علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں ہوتے ہیں تو ہمیں اکثر سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا پر گہری دھند کے باعث کسی نہ کسی حادثے کی ویڈیو دیکھنے کو ملتی ہے یا کوئی واٹس ایپ پر ایسے واقعے کے بارے میں بتا رہا ہوتا ہے کہ دھند کی وجہ سے سفر کرنے میں اسے کتنی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں دورن سفر کن احتیاطی تدابیر کو خیال رکھنا چاہیے۔

دھند میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر

دھند میں سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنا چاہیے۔ دھند کے دوران پاکستان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز اتھارٹی عوام کی حفاظت کے لیے تنبہیہ پیغامات، آگہی مہم اور دوران سفر احتیاطی تدابیر جاری کرتی ہیں۔

 

پاکستان ہائی ویز اور موٹرویز کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر کے مطابق:

  • کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچنے کے لیے دھند میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
  • سفر شروع کرنے سے قبل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹرویز اتھارٹی کی ہیلپ لائن 130 پر کال کر کے دھند کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
  • دھند میں رات کے اوقات میں سفر کرنے سے گریز کریں اگر سفر کرنا انتہائی ضروری ہو تو گاڑی کی ہیڈ لائٹس لو بیم پر رکھیں کیونکہ ہائی بیم سے روشنی دھند میں منعکس ہو جاتی ہے جس سے حد نگاہ شدید متاثر ہوتی ہے۔
  • دن ہو یا رات دھند میں فوگ لائٹس اور دونوں اشاروں کا استعمال یقینی بنائیں۔
  • دھند میں دوران سفر گاڑی کا ہیٹر بند رکھیں اور شیشے کھلے رکھیں۔
  • گاڑی کی پچھلی لائٹس آن رکھیں اور اشاروں کو جلتا رکھیں تاکہ آپ کے آگے اور پیچھے سے آنے والی ٹریفک کو آپ کی سڑک پر موجودگی کا علم رہے۔
  • دھند میں دوران سفر گاڑی کی رفتار معمول سے کم  رکھیں اور اگلی گاڑی سے عام حالات کی نسبت زیادہ فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آپ گاڑی کو کنٹرول کر سکیں۔
  • موٹروے اور قومی شاہراؤں پر سفر کے دوران کسی مشکل صورتحال میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر مدد کے لیے کال کر سکتے ہیں۔
  • دھند میں سفر کے دوران کوشش کریں کے گاڑی کے اگلے اور پچھلے بمپر پر ریفلیکٹرز کا استعمال کریں۔
  • دھند میں سفر کے دوران بار بار لین تبدیل کرنے سے گریز کریں اور کوشش کریں کہ ایک ہی لین میں آہستہ رفتار سے سفر جاری رکھیں۔
  • اگر آپ دھند میں دوران سفر حد نگاہ صفر ہو جانے یا کسی اور وجہ سے پھنس گئے ہیں تو کوشش کریں کہ سڑک کے بائیں کنارے پر بنی پیلی لکیر کو تلاش کریں۔
  • حد نگاہ صفر ہو جانے پر سب سے بہتر سفر کو عارضی طور پر روک دینا ہے، کوشش کریں کہ کسی ٹول پلازہ، پیٹرول پمپ یا ریسٹ ایریا میں گاڑی کو روک دیں۔ اگر ایسی کوئی روشنی والی جگہ قریب نہ ہو تو سڑک کے بائیں جانب سے گاڑی کو سڑک سے جتنا دور ہٹا کر کھڑی کر سکتے ہیں کریں۔ ایسے میں گاڑی کی ہیڈ لائٹس آف کر دیں اور صرف اشارے چلتے رہنے دیں تاکہ پیچھے سے آنے والی ٹریفک کو آپ کا علم ہو سکے۔ اگر شدید دھند میں ہیڈ لائٹس اور  گاڑی کی پچھلی لائٹس آن رکھیں گے تو پیچھے سے آنے والی ٹریفک دھند کے باعث آپ کی گاڑی کی جگہ کو بھی سڑک کا حصہ سمجھ سکتی ہے اور کسی حادثے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔
  • اسی طرح دھند میں سفر کے دوران اپنے ٹائروں میں معمول سے ایک پاسکل ہوا کا پریشر کم رکھوائیں تاکہ سڑک پر پھسلن کے باعث آپ کی گاڑی کے ٹائروں کی گرفت جمی رہے۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments