’دس کھلاڑیوں کا جنسی استحصال کیا گیا ہے‘، معروف انڈین ریسلر ونیش پھوگاٹ کا ڈبلیو ایف آئی کے صدر پر الزام


india
ونیش پھوگاٹ نے یہ الزامات دلی میں احتجاج کے دوران لگائے ہیں
انڈیا میں معروف خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ کی جانب سے ڈبلیو ایف آئی (ریسلنگ فیڈریشن انڈیا ) کے سربراہ صدر برج بھوشن سنگھ سمیت دیگر کوچز پر خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات پرانڈیا بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

انڈیا کی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سامنے کم از کم 10 خواتین کھلاڑیوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن سنگھ نے ان کا جنسی استحصال کیا ہے۔

برج بھوشن سنگھ پر یہ الزامات انہوں نے انڈیا کے دارالحکومت دلی میں ڈبلیو ایف آئی کے خلاف بدھ کے روز ہونے والے احتجاج کے دوران لگائے ہیں۔

دوسری جانب ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن سنگھ نے اپنے اوپر لگائے جانے والے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

ریسلنگ کی عالمی کھیلوں کی تنظیم یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے بی بی سی ہندی کو بتایا ہے کہ انھیں خواتین انڈین کھلاڑیوں کی جانب سے انڈین ریسلنگ گورننگ آرگنائزیشن کے خلاف لگائے گئے الزامات کے بارے میں معلوم ہوا ہے اور انھوں نے اس پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر گورڈن ٹیمپلمن نے ایک ای میل میں کہا کہ یو ڈبلیو ڈبلیو کیس کی تحقیقات کے بعد ضرورت پڑنے پر ضروری کارروائی کرے گا۔

ٹیمپل مین نے بی بی سی کو ایک بیان میں کہا کہ ’یو ڈبلیو ڈبلیو کو ان سنگین الزامات کے بارے میں میڈیا کے ذریعے پتا چلا ہے اور انھیں اس پر تشویش ہے۔ ہم اس کیس کو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں اور تحقیقات کے نتائج آنے کے بعد اس پر ضروری اقدامات کریں گے‘۔

ونیش پھوگاٹ

ونیش پھوگاٹ نے کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز 2018 میں گولڈ میڈل جیتا تھا

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا سوئٹزرلینڈ میں قائم تنظیم یو ڈبلیو ڈبلیو کے 176 ارکان میں سے ایک ہے۔ یو ڈبلیو ڈبلیو بین الاقوامی سطح پر ریسلنگ کی نگرانی کرتی ہے جس میں اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمز وغیرہ شامل ہیں۔ تنظیم اپنے قوانین کو توڑنے پر ممبران یا کھلاڑیوں پر پابندی یا انھیں نااہل قرار دے سکتی ہے۔

انڈیا کی وزارت کھیل نے اس معاملے پر ریسلنگ فیڈریشن سے تین روز میں وضاحت طلب کر لی ہے۔

ونیش پھوگاٹ

ونیش پھوگاٹ نے 2013 سے ہونے والے ہر ایشین ریسلنگ چیمپیئنشپ میں سونے، کانسی یا طلائی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

گیتا پھوگاٹ کون ہیں

پھوگاٹ

مہاویر پھوگاٹ نہ صرف گیتا اور ببیتا پھوگاٹ کے والد اور کوچ ہیں بلکہ ونیش کی کوچنگ بھی انھوں نے ہی کی ہے۔

2014, 2018  اور 2022  کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ واحد انڈین خاتون پہلوان ہیں جنہوں نے ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ کے مختلف مقابلوں میں متعدد تمغے جیتے ہیں۔ پھوگاٹ 2019 میں لاریئس ورلڈ سپورٹس ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے پہلی انڈین کھلاڑی بنیں۔

انھوں نے 2013 سے ہونے والے ہر ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ میں سونے، کانسی یا طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ 28 برس کی ونیش پھوگاٹ ایشین گیمز 2018 میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہیں۔

وہ معروف ریسلنگ کوچ اور سابق ریسلر مہاویر پھوگاٹ کی بھانجی اورچیمپیئن ریسلرز گیتا اور ببیتا پھوگاٹ کی کزن ہیں۔

مہاویر پھوگاٹ نہ صرف گیتا اور ببیتا پھوگاٹ کے والد اور کوچ ہیں بلکہ ونیش کی کوچنگ بھی انھوں نے ہی کی ہے۔گیتا نے 2010 کے کامن ویلتھ گیمز میں ویمن ریسلنگ میں 55 کلوگرام فری سٹائل زمرے میں انڈیا کا پہلا طلائی تمغہ جیتا تھا، اور اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی انڈین خاتون پہلوان بھی بنیں۔ ان کی بہن ببیتا کماری نے 2012 ورلڈ ریسلنگ چیمپین شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور 2014 میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا۔

مہاویر پھوگاٹ کی زندگی پر بننے والی فلم دنگل میں ان کا کردار عامر خان نے ادا کیا تھا۔ اس فلم میں مہاویر پھوگاٹ کی اپنی زندگی کی کہانی اور دونوں بیٹیوں کی ٹریننگ سے لے کر گولڈ میڈل حاصل کرنے تک کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔  

ونیش پھوگاٹ

ونیش پھوگاٹ چیمپیئن ریسلرز اور پھوگاٹ سسٹرز کے نام سے جانے جانی والی گیتا اور ببیتا پھوگاٹ کی کزن ہیں۔

بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ نہ لینے کی دھمکی

ونیش پھوگاٹ اور دوسری خواتین پہلوان کھلاڑیوں نے دھمکی دی ہے کہ جب تک برج بھوشان سنگھ کو ان کے عہدے سے برطرف نہیں کیا جاتا، وہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ نہیں لیں گی۔

ساتھ ہی انھوں نے اس وقت تک اپنا احتجاج ختم نہ کرنے کا بھی اعلان کیا جب تک حکومت ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے سن کر اس پر کوئی فیصلہ نہیں کرتی۔

انڈیا کے لیے سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والی خاتون ریسلرز میں سے ایک ونیش پھوگاٹ نے ورلڈ چیمپئن شپ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں کئی تمغے اپنے نام کیے ہیں۔

28 سالہ نوجوان پہلوان ونیش پھوگاٹ کا تعلق بین الاقوامی خواتین ریسلرز کے ایسے خاندان سے ہے جو کھیلوں میں خواتین کے ساتھ جنسی تعصب کے رویوں کی بھی ایک بھرپور ناقد کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

2021 میں انہوں نے بی بی سی سپورٹس کو اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ کس طرح انہوں نے بڑے ہونے کے دوران جنسیت پر مبنی منفی تبصروں کا سامنا کیا اور پھر کس طرح انہوں نے ان تمام فرسودہ تصورات کا بہادری سے مقابلہ کیا اور ایک پروفیشنل کھلاڑی کے طور پر اپنا نام بنایا۔

’کوچز ہمیں مسلسل تنگ اور ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں‘

بدھ کے روز جنتر منتر (آثار قدیمہ کی سائٹ) پر ہونے والے احتجاج میں انہوں نے نیشنل ٹریننگ کیمپ میں تعینات چند کوچز پر خواتین کھلاڑیوں کو ہراس کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سی کھلاڑیوں کو ان کوچز کی جانب سے بھی کئی سالوں سے مسلسل جنسی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ یہ کوچز ہمیں مسلسل تنگ کرتے ہیں اور ہماری ذاتی زندگی اور تعلقات میں بھی مداخلت کی کوشش کرتے ہیں۔‘

ونیش پھوگاٹ نے مزید کہا کہ ’برج بھوشان سنگھ بھی جنسی ہراسانی کرنے میں ملوث رہے ہیں اور میں 10 سے 12 ایسی کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر جاتی ہوں جنہوں نے بتایا ہے کہ وہ بھوشان سنگھ کے ہاتھوں جنسی استحصال کا سامنا کر رہی ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے:

انڈیا: خواتین کرکٹرز کے لیے مردوں جتنی میچ فیس مگر ’پکچر ابھی باقی ہے‘

’یہاں کوئی گھورتا نہیں، آپ کے لباس پر بات یا آپ کو ہراساں نہیں کرتا‘

ثانیہ مرزا: انڈیا کی ٹینس سپر سٹار جن کو اپنی بے باکی کی وجہ سے تنازعات کا سامنا رہا

ونیش پھوگاٹ

پھوگاٹ 2019 میں لاریئس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بنیں۔

ونیش پھوگاٹ نے بتایا کہ انھیں خود ذاتی طور پر کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم انھیں مبینہ طور پر بھوشان سنگھ کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھوشان سنگھ ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

بدھ کے روز احتجاج میں کئی دوسری خواتین ریسلز نے بھی ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ بھوشن سنگھ چڈھا کے خلاف زبان کھولی۔

ٹوکیو اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی خاتون پہلوان بجرنگ پونیا بھی اس احتجاج میں موجود تھیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بھوشن سنگھ ادارے کو من مانےاصولوں پر چلا رہے ہیں۔

’جب ہم میڈل جیتتے ہیں اس وقت ہماری جیت کی خوشیاں منائی جا رہی ہوتی ہیں تاہم اس کے بعد ہمیں خصوصاً فیڈریشن کی جانب سے کس سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کی کسی کو پرواہ بھی نہیں۔‘

بی جے پی کے رکن اسمبلی بھوشن سنگھ چڈھا کی تمام الزامات کی تردید، عہدہ چھوڑنے سے انکار

انڈیا کی برسراقتدار جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی بھوشن سنگھ نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور اپنے عہدے کو چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’کیا کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ انڈیا کی ریسلنگ فیڈریشن ایک خاتون پہلوان کو جنسی طور پر ہراساں کر رہی ہے؟ صرف ونیش پھوگاٹ نے کہا ہے اور اگر کوئی ایک پہلوان بھی سامنے آ کر کہے کہ اسے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے تو اسی دن مجھے پھانسی دی جا سکتی ہے۔‘

دوسری جانب انڈیا کی سپورٹس اتھارٹی نے احتجاج کے پیش نظر اس ہفتے ہونے والا خواتین کا قومی ریسلنگ کیمپ بھی منسوخ کر دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments