پاکستان کے تعلیمی اداروں میں منشیات: قانونی کے ساتھ معاشرتی حل نکالنے کی ضرورت پر زور


طالبہ
لاہور کی ایک مقامی عدالت نے صوبائی دارالحکومت کے ایک نجی سکول میں ایک طالبہ پر مبینہ تشدد کرنے والی تین نوعمر طالبات کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے۔

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج نے انتظامیہ سے اس معاملے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس کو اس واقعے میں ملوث تینوں طالبات کو 30 جنوری تک گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے اس واقعے سے متعلق ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین نوعمر طالبات اپنی ایک ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

متاثرہ طلبہ کے والد نے اس واقعے کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے۔

ایف آئی آر میں  انھوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کو ساتھی طالبات نے منصوبہ بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ یہ تھی کہ انھوں نے چند روز قبل ایک طالبہ کے والد ایک ویڈیو بھیجی تھی جس میں طالبہ کی جانب سے منشیات کے استعمال کی بات کی گئی تھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس کی بنیاد پر اب اس طالبہ نے بدلہ لینے کے لیے دیگر دو طالبات کے ساتھ مل کر ان کی بیٹی کو ’جان سے مارنے‘ کی کوشش کی۔

مقدمہ درج ہونے کے بعد ان تین طالبات نے ایک مقامی عدالت سے رجوع کیا اور 50، 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔

لاہور کے ایک سینیئر پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ اُن کے سامنے پہلی بار اس نوعیت کا مقدمہ آیا ہے اور انھوں نے احتیاط سے نہ صرف مقدمے کا اندراج یقینی بنایا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ ان نوعمر طالبات کے مستقبل کو پولیس کارروائی سے نا قابل تلافی نقصان نہ پہنچے۔

ان کے مطابق یہ ایک عام ایف آئی آر سے ہٹ کر طالبات کا مسئلہ تھا جو کہ ایک حساس نوعیت کا معاملہ ہے۔ چونکہ متاثرہ لڑکی کے والد نے ایف آئی آر میں طالبات کی جانب سے نشے کے استعمال اور اقدام قتل جیسے الزامات بھی عائد کیے ہیں، تو ان پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

تاہم جہاں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر اس ویڈیو کو شیئر کیا جا رہا ہے  وہیں بہت سے صارفین پاکستان کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اور نوعمر طلبہ تک اس کی رسائی کے معاملے پر بھی بحث کر رہے ہیں۔

schools

خیال رہے کہ لگ بھگ چار ماہ قبل یعنی ستمبر 2022 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اس وقت ایک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے پرویز الہی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی خرید اور فروخت کی پاداش میں کم از کم دو برس قید اور زیادہ سے زیادہ عمر قید جیسی سزائیں جلد ہی متعارف کرائی جائیں گی۔

اس اجلاس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ایسی سرگرمیوں کی بیخ کنی کے لیے قانون سازی متعارف کرانے پر اتفاق ہوا تھا اور فیصلہ ہوا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے سخت قانون سازی کو یقنی بنایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے لیے ایک آزاد ادارہ اور اینٹی نارکوٹکس پولیس سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

انسداد منشیات کا ادارہ اے این ایف منشیات نیٹ ورکس کے خلاف کتنا موثر ہے؟

’شراب، چرس باآسانی یونیورسٹی میں مل جاتی ہے‘

’اُس نے میرے منھ میں بندوق رکھ کر کہا اگر بکواس بند نہ کی تو گولی مار دوں گا‘

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات قانون سازی سے حل کیے جا سکتے ہیں؟ اس حوالے سے بی بی سی نے ماہرین تعلیم سے بات کی ہے۔

حبا اکبر لمز میں قانون پڑھاتی ہیں۔ بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ چونکہ اس معاملے میں کم عمر لڑکیاں ملوث ہیں اس لیے یہی بہتر ہوتا کہ اس معاملے کی ایف آئی آر درج نہ کروائی جاتی اور سکول اور گھر کی سطح پر ہی اسے حل کر لیا جاتا۔

ان کے مطابق یہ قانونی سے زیادہ معاشرتی مسئلہ ہے۔ ایسے واقعات میں کہیں سکول میں طالبات کا ایک دوسرے کو بے جا تنگ کرنے، ہراسانی اور منشیات کے استعمال جیسے مسائل سامنے آتے ہیں، مگر ان سب مسائل کا حل سزائیں نہیں۔

Pakistan

’یہ پورے معاشرے کی ناکامی ہے‘

حبا اکبر کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے قانون سازی سے متعلق بیانات دیے مگر مسئلہ یہ ہے کہ نارکوٹکس کے معاملے پر پہلے سے ہی پاکستان کے بہت سخت قوانین موجود ہیں اور ان کی روشنی میں ملک میں موجود ان مسائل پر قابو پانے کی ضرورت ہے اور یوں تعلیمی ادارے بھی اس طرح کی برائیوں سے بچ سکیں گے۔

ان کے مطابق ’ہم ہمیشہ سزاؤں کی طرف جاتے ہیں جبکہ ہمیں منفی رجحان کو معاشرتی اعتبار سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔‘

حبا اکبر کے مطابق والدین کو اپنے بچوں سے ڈر کا تعلق رکھنے کے بجائے دوستی کا رشتہ استوار کرنا چاہیے تاکہ وہ اس پر بات کر سکیں۔ ان کے مطابق ’یہ تو کہا جاتا ہے کہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں مگر یہ نہیں کہا جاتا کہ بچوں سے دوستی رکھیں اور اگر وہ کسی معاشرتی دباؤ کی وجہ سے منشیات کے استعمال جیسے مسائل کا شکار ہیں تو پھر اسے شرم کا مقام نہ بنائیں بلکہ انھیں اعتماد دیں کہ وہ یہ سب بلاخوف شیئر کر سکیں۔‘

حبا اکبر کے مطابق پاکستان جیسے معاشرے میں طالبات اس وجہ سے بھی اپنے مسائل پر بات نہیں کرتی ہیں کہ ’اگر گھر والوں کو پتہ چل گیا تو پھر وہ جلدی ان کی شادی کروا دیں گے یا دیگر پابندیاں عائد کریں گے۔‘

انگبیں مرزا لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ میں آفس آف ایکسیس ایبلٹی اینڈ انکلیوژن کی ڈائریکٹر ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ پورے معاشرے کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

ان کے مطابق وہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں جو سب سے بڑی کمی محسوس کرتی ہیں وہ یہ ہے کہ یہاں سوک ایجوکیشن کا تصور نہیں ہے۔

انگبیں مرزا کے مطابق سوک ایجوکشن کے ذریعے بچوں کو بتایا جا سکتا ہے کہ آئین اور قانون کیا ہے اور اس پر عملدرآمد معاشرے کے آگے بڑھنے کے لیے کتنا اہم ہوتا ہے۔

’اختلاف کیسے کرنا ہے، معاشرتی ذمہ داریاں کیا ہیں، کسی کی بات بری لگے تو کیا کرنا ہے۔۔۔ یہ  سکول کا کام بنتا ہے کہ وہ بچوں کو سوشلائز کریں اور مختلف موضوعات اور مسائل پر بحث کا آغاز کریں۔‘

’تعلیم کے ساتھ صحت اور تحفظ بھی تعلیمی اداروں کی ذمہ داری‘

پروفیسر عدنان فیصل اس بات سے متفق ہیں کہ مسئلہ قانون کا نہیں بلکہ قانون کی عملداری کا ہے اور اگر اس میں کوئی خامی ہے تو پھر سکول کی انتظامیہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہیے۔

ان کے مطابق قانون کے مطابق کسی تعلیمی ادارے کی حدود میں سگریٹ اور پان کی دکان بھی نہیں کُھل سکتی تو ایسے میں اگر سکول کے اندر تک منشیات پہنچ جائے تو پھر ایسے میں ہمارا مستقبل اندھیرے میں جانے کا خدشہ ہے۔

عدنان فیصل کے مطابق تعلیمی اداروں کی ذمہ داریوں میں سے ہے کہ وہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت اور تحفظ پر بھی کام کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments