پشاور دھماکے میں سیکیورٹی کی خلاف ورزی کہاں ہوئی


احسان اللہ احسان ہماری ”قید“ میں بھی فیملی سمیت ایک بڑے سے گھر میں تمام سہولیات کے ساتھ رہ رہا تھا اور اب تو خیر آزاد گھومتا ہے۔ جبکہ علی وزیر سلاخوں کے پیچھے ہے اور اس کے پروڈکشن آرڈرز پاکستان پیپلز پارٹی کا سپیکر ہونے کے باوجود بھی نہیں نکل سکتے۔ منظور پشتین کا شناختی کارڈ بلاک ہے۔ یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

افغانستان پر وہاں کے دہشت گردوں کا قبضہ ہوا جس میں پاکستانی دہشت گرد بھی شامل تھے تو ہم نے بغلیں بجائیں۔ اسلام کی فتح کا جشن منایا۔ ہمارے اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے غلامی کی زنجیریں توڑنے کا بیان بھی دیا۔ یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

ملالہ یوسفزئی کی کتاب کی رونمائی پشاور میں نہیں ہو سکی تھی۔ یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

ہمارے قابل فخر ہیڈ سپائی نے کابل جا کر چائے کا کپ پیا اور تصویر وائرل کرائی تاکہ دنیا کو احساس ہو کہ ہم کون ہیں۔ قوم کو نوید سنائی کہ ہم نے انڈیا کو شکست فاش دے دی ہے۔ انڈیا کی افغانستان میں اربوں ڈالر کی انویسٹمنٹ کو ضائع کرنے کا کریڈٹ اپنے سر لے لیا۔ یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

اچھے اور برے دہشت گردوں کا کھیل کھیلنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی تھا اور اب بھی ہے۔
لال مسجد کا دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہونا، انہیں خوش کرنے کے لیے اسلام آباد میں بڑے بڑے پلاٹ الاٹ کرنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

کم عمر بچوں کی ذمہ داری نہ لینا، ان کو بورڈنگ مدرسوں میں مولویوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا اور ان کی برین واشنگ پر کوئی پابندی نہ ہونا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

اسامہ بن لادن سمیت بڑے بڑے دہشت گردوں کا پاکستان میں محفوظ ہونا اور وزیر اعظم کا قومی اسمبلی کے فلور پر انہیں شہید کہنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف کا یہ کہنا کہ طالبان کو پنجاب میں دھماکے نہیں کرنے چاہیے کیونکہ پنجاب حکومت تو ان جیسا ہی سوچتی ہے۔ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

ہزاروں پاکستانیوں کی جبری گمشدگیاں سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہیں۔
افغان عورتوں کی بجائے دہشت گردوں کے بیانیے کا ساتھ دینا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

قوم اور حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر چوری چھپے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کرنا اور پکڑے ہوئے دہشت گردوں کو چھوڑ دینا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

اس خبر کو نظرانداز کرنا کہ کے پی میں دہشت گرد حکومتی پارٹی سمیت تمام بڑے لوگوں سے بھتہ لے رہے ہیں، سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

کے پی کے نوجوانوں کی حقیقی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے جائز مطالبات پر دھیان نہ دینا، ان کے عدم تشدد کے نظریے کی قدر نہ کرنا، دہشت گردوں کے ہاتھوں ہونے والے ان کے نقصانات کا ازالہ نہ کرنا، مین سٹریم میڈیا کو ان تک پہنچنے نہ دینا اور ان کو غدار قرار دینا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

عمران پراجیکٹ، الیکشن دھاندلی، الیکٹ ایبلز، عدالتوں کے کام میں مداخلت، سیاسی پارٹیاں اور اتحاد بنانا، توڑنا اور پھر جوڑنا اور عمران پراجیکٹ کا دف شہباز شریف پراجیکٹ سے مارنا یہ سب کچھ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

کراچی میں پولیس کی استطاعت بڑھانے کی بجائے رینجرز کو تعینات کرنا اور بلوچستان میں سیاسی حل کو موقع دینے کی بجائے فوج تعینات کرنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

پی ٹی آئی اور طاہر القادری کے 2014 کے دھرنوں اور ٹی ایل پی کے فیض آباد دھرنوں میں محافظوں کی پتی نکلنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔
جنات، بابوں اور خوابوں کی بنیاد پر ملک کی قسمت کے فیصلے کرنا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

قرارداد مقاصد کو آئین کا حصہ بنانا، آئین اور قانون میں مذہبی اقلیتوں، عورتوں اور بچیوں کے خلاف شقیں ہونا، کئی بنیادوں پر شہریوں میں تفریق کرنا، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جیسی دستاویزات پر مذہب کا خانہ موجود ہونا، ہر شہری کو برابر کی مذہبی آزادی نہ ہونا، شہریوں کو اختلاف رائے کی بنیاد پر غدار قرار دینا اور میڈیا پر ان دیکھی پابندیاں لگانا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

بچوں کو سکولوں میں جھوٹ پڑھانا، موت کو گلیمرائز کرنا اور زندگی کو خوشیوں سے خالی کر دینا سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے۔

آج دھماکے کے بعد وزیراعظم، وزرائے دفاع اور داخلہ اور آرمی چیف نے کیمروں کی چھاؤں میں پشاور کا ہنگامی دورہ کیا۔ جائے وقوعہ اور ہسپتال جا کر امدادی کاموں کو ڈسٹرب کیا۔ سب کے سامنے کھڑے ہو کر واقعہ کی ویڈیو لیپ ٹاپ پر دیکھی جیسے وہ اس کے ایکسپرٹ ہوں۔ مرنے والوں کو شہید قرار دینے اور مارنے والوں کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دینے کے علاوہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔

وزیر اعظم اور میڈیا کے پاس بس ایک ہی سوال تھا کہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کہاں ہوئی۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments