’عامر بھائی آپ اچھے بولر ہیں مگر اتنا غصہ کیوں؟‘


عامر، کراچی، اسلام آباد
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف چار وکٹوں سے فتح حاصل کی ہے۔

کراچی نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ اوپنر شرجیل خان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور حیدر علی نے 45 گیندوں پر 59 رنز کی باری کھیلی۔

رومان رئیس، محمد وسیم اور ٹام کرن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں اسلام آباد کا آغاز اتنا اچھا نہیں تھا مگر مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے کالن منرو نے محض 28 گیندوں پر 58 رنز کی باری کھیلی جس میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

ان کا ساتھ اعظم خان نے 44 رنز کے ساتھ دیا۔ محمد عامر اور محمد موسیٰ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سوشل میڈیا پر جہاں ایک طرف عامر کو ان کی شاندار بولنگ پر داد دی گئی وہیں وکٹ لینے کے بعد ان کا جشن کا انداز زیرِ بحث رہا۔

جبکہ شاندار نصف سنچری پر منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کا مکمل سکور کارڈ

https://twitter.com/AhmerNajeeb/status/1626253725659439104

میچ کے بعد اعظم خان نے کہا کہ انھیں فتح پر خوشی ہے تاہم انھیں آخر تک کھیلنا چاہیے تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے لیے کھیلتے ہوئے ان کا کردار ’کبھی فلوٹر کا ہوتا ہے تو کبھی فنشر کا۔‘

کراچی کے کپتان عماد وسیم نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے پلان کے مطابق بولنگ نہیں کی۔ جبکہ اسلام آباد کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے خود اوپر بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اعظم خان اور آصف علی کو اعتماد مل سکے۔

میچ کے بعد ہارنے والی ٹیم کراچی کے صف اول کے بولر محمد عامر سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

اس کی وجہ دوسری اننگز کے دوران وکٹ لینے پر ان کی سیلیبریشن ہے۔ عامر کو ان کے پہلے اوور میں ایمرجنگ کھلاڑی حسن نواز نے چوکا لگایا جس کے بعد ایک باؤنسر پر وہ پُل کھیلنے گئے اور آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر عامر نے یوں سیلیبریٹ کیا جیسے وہ کسی کو خاموش ہونے کا اشارہ کر رہے ہوں۔

میچ میں عامر نے چار اوور کرائے اور 30 رنز دیتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں جس میں دوسری وکٹ فہیم اشرف کی تھی۔ عرفان خان نے ان کا عمدہ کیچ پکڑا تھا۔

https://twitter.com/abbasiilaiba/status/1626274772903424003

https://twitter.com/meerSAChandio1/status/1626280181697478658

https://twitter.com/Aijaz25445224/status/1626291185827610624

کچھ صارفین کا خیال تھا کہ عامر کافی غصے میں نظر آئے اور ان کا انداز مناسب نہ تھا۔ جیسے لائبہ نے کہا کہ عامر ’بابر کے خلاف سلیجنگ کر رہے ہیں۔ انھوں نے پہلی ہی گیند پر حارث کے خلاف سلیجنگ کی۔ انھوں نے ایمرجنگ پلیئر حسن نواز سے بھی بدتمیزی کی۔ پھر ٹیل اینڈر ٹام کرن سے بھی۔ لگتا ہے وہ ہواس کھو بیٹھے ہیں۔‘

میر چانڈیو نے کہا کہ ’میرے خیال میں محمد عامر کھلاڑیوں کے ساتھ برتاؤ کچھ ٹھیک نہیں رکھ رہے۔ میں خود عامر کا فین ہوں۔‘

ان کے مطابق کراچی کے ہارنے کی وجہ شاید عامر کا غصہ ہی ہے۔ ’عامر بھائی آپ بہت خطرناک بالر ہو، بس اپنے غصے کو قابو کرنا سیکھو۔‘

اعجاز علی نے عامر کو مخاطب کر کے کہا کہ ’آپ غصہ نہ کیا کریں۔ ہمیں آپ کی پرانی والی سپیل دیکھنی ہے۔ آپ غصے میں وہ نہیں کر پاتے۔‘

https://twitter.com/_FaridKhan/status/1626271649333927942

https://twitter.com/SharyOfficial/status/1626254188194799617

تاہم بعض صارفین نے عامر کا دفاع بھی کیا۔ جیسے محمد زین کہتے ہیں کہ لوگ بلاوجہ عامر کی مخالفت کر رہے ہیں کہ انھیں کچھ کھلاڑیوں پر غصہ ہے۔ ’وہ کچھ بھی کہتے ہیں تو لوگ ان کے الفاظ سیاق و سباق سے ہٹ کر لیتے ہیں۔‘

احمد نجیب نے کہا کہ ’عامر دوبارہ 140 سے اوپر گیند پھینک رہے ہیں اور اگر وہ اس پیس کے ساتھ سوئنگ بھی کر سکیں تو بہت خطرناک ہوجائیں گے۔‘

مگر فرید خان کی رائے میں عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں اور اچھی کارکردگی دکھائی۔ ’ان پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے۔‘

تاہم زینب نے کہا کہ عامر پرفارم کر رہے ہیں اور اس کا جشن منا رہے ہیں۔ ’شاہین کی باری فینز کہتے ہیں کہ فاسٹ بولر جارحانہ انداز ہی تو دکھاتا ہے۔ اب اسے سپورٹ کرتے ہوئے کیا ہو رہا ہے؟‘

https://twitter.com/abrooo_e_zainab/status/1626278718460121089


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments