ورنہ آپ تنہا رہ جائیں گئے!


اگر آپ ایک ایسے انسان ہیں جو ہمیشہ سچ بولنا چاہتا ہے، غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہنا چاہتا ہے، تو اس انسان کی اپنے ہاتھوں سے گچی مروڑ دیں۔

یہ خوش آمدیوں کا زمانہ ہے۔ حلقہ احباب میں اضافہ چاہتے ہیں تو بلا وجہ تعریف کرنا سیکھ لیں۔ کرتوت جیسے بھی ہوں، ہر کوئی اپنی تعریف ہی سننا چاہتا ہے۔

کوئی چور ہے ڈاکو ہے فراڈیا نوسر باز ہے، اس سے بھلا آپ کا کیا لینا دینا؟ بس اگر کبھی ملے تو کہیں، آپ ایک ذہین شخص اور کمال کے بہادر ہیں۔ حرام کے مال سے کی گئی خریداری پر تعریف کریں، اس کی جوتی، کپڑے، گھر، گاڑی کی تعریف کریں۔

کسی قاتل، سمگلر، ڈرگ، مافیا وغیرہ سے ملیں تو معاشرے میں اس کی دہشت پر تعریف کریں۔ اس کے بلا وجہ کے مظالم پر اسے بتائیں کیا ٹھوکا ہے تونے یار۔ دیکھیے گا! ایسے آپ کے حلقہ احباب میں کس قدر اضافہ ہوتا ہے۔

کسی بدتمیز لکھاری کی جس قدر غلیظ ترین گالیوں سے لبریز تحریر پڑھیں اس قدر واہ واہ کریں۔ اسے بتائیں اصل ادب تو یہ ہے، لکھتے تو آپ ہیں، تلخ حقائق تو آپ بیان کرتے ہیں، مخالفین کی کلاس تو کوئی آپ سے لینا سیکھے۔ دیکھئیے گا! وہ کیسے آپ کا دلی طور پر ممنون ہو گا۔

انتہائی جانبدار، سیاسی جماعتوں کے پیڈ میڈیا ہاؤس کے مالکان، رشوت خور افسر و صحافیوں سے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں تو بس لگ جائیے ان کی بھی خوش آمد میں۔ جس قدر وہ خود جھوٹے بیانیے کی ترویج کرتے ہیں۔ جانب دار تجزیہ پیش کرتے ہیں۔ کسی کی خامیوں کو خوبیوں اور خوبیوں کو خامیوں میں بدلتے ہیں، بس ایسے ہی آپ کو بھی ہر متعلقہ غیر متعلقہ فورم پر ان کے کارناموں کی تعریف کرنی ہے۔ ان کی چرب زبانی کو روانی اینگلنگ کو منطقی قرار دینا ہے۔ پھر دیکھیے گا آپ کا بھی کیسے دنوں میں ادبی اور سماجی حلقوں میں شامل ہوتے ہی۔

گلا پھاڑ پھاڑ کر فرقہ بازی کو فروغ دینے والے، جھوٹی حدیثیں، من گھڑت واقعات سنانے والے اور فتوے بیچنے والے مولویوں کو کھابے کھلائیں، ان کی محفلیں کروائیں۔ ان پر نوٹوں کی برسات کریں۔

دہائیوں سے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں مصروف عمل سیاستدانوں کے آگے پیچھے ان کے نعرے لگائیں، انتخابی مہم چلائیں، بڑے بڑے بینر ٹنگوائیں، جلسے جلوس مینج کریں۔ ان کے بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھے عزت و احترام سے کھڑے رہیں، تو دیکھیے گا! کیسے سترہ، اٹھارہ گریڈ کے افسر اور اس ملک کا قانون، ہاتھ باندھے آپ کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں۔ ورنہ آپ تنہا رہ جائیں گئے۔ اور تنہا شخص کی کوئی زندگی نہیں ہوتی!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments