سی پیک کے مرکز گوادر کی ایک دکھی ماں کی فریاد


سعادت حسن منٹو نے کہا ہے کہ لوگوں کو اتنا مذہبی بنا دو کہ وہ اپنی محرومیوں کو قسمت سمجھیں ظلم و نا انصافی کو آزمائش سمجھ کر صبر کا دامن تھام لیں حق کے لئے آواز اٹھانے کو گناہ سمجھیں، غلامی کو اللہ کی مصلحت قرار دیں اور قتل کو موت کا دن معین سمجھ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چپ رہیں۔

یہاں بھی ایک بد نصیب ماں کی کہانی ہے۔

وہ کہتی ہے میں ایک بد نصیب ماں ہوں اور شاید میری طرح کئی مائیں ایسی ہوں گی ۔ جو ایسے ہی سانحہ سے گزری ہوں گی اور اس کو اللہ کی طرف آزمائش اور اسے سانحہ کو ایک مصلحت سمجھ کر چپ رہیں۔ لیکن کچھ مائیں ایسی بھی ہیں اس سانحہ کو قتل سمجھتی ہیں اور وہ کہتی ہیں کہ اس کے ذمہ دار وہ ادارے ہیں جو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں، وہ لوگ ہیں جو منصوبے بناتے ہیں لیکن ان کی طرف دوبارہ دیکھتے نہیں گوادر کے ایم پی اے ہوں یا کوئی بھی سیاسی اکابرین سب کسی نہ کسی ماں کے بیٹے ہیں وہ خوش نصیب ہیں کہ وہ کسی امیر گھرانے میں پیدا ہوئے ہیں۔ اور پلے بڑھے اور کامیابی حاصل کرتے رہے کچھ وزیر بنے کچھ صاحب ثروت اور کاروباری لوگ بنے

جی ڈی اے ہسپتال کو انڈس ہسپتال بنانے میں شاید ان لوگوں کا مجمع اس دن بہت خوشی محسوس کر رہا تھا، شاید وہ جو کرنے جا رہے تھے ان کی نیت صحیح اور صاف تھی وہ اپنے عوام کو بہتر سہولیات دینا چاہتے تھے۔

اس سلسلے میں انہوں نے جو کوششیں کیں ہیں ہمارے سیدھے سادھے عوام نے ان کا بہت شکریہ بھی ادا کیا ہو گا۔

اس دن جب جی ڈی اے کے اس ہسپتال کو وہ انڈس ہسپتال کے حوالے کرنے سے پہلے یہ الفاظ اس وقت سننے کو ملے کہ اب کسی مریض کو کراچی جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تو میں نے فخر محسوس کیا کہ ہم جیسے غریب گوادر کے عوام کے لئے اب حکمران بہت کچھ دیں گے۔

عوام کوایک بہترین ہسپتال دلا دیا ہے اب کوئی مریض پاکستان کے دور دراز شہروں میں علاج کے لئے نہیں جائیں گے۔ ان کے اپنے شہر کی دہلیز پر ہی ان کا علاج معالجہ ممکن بنایا جا رہا ہے۔ تو میں بہت خوش تھی۔

میں سمجھتی تھی کہ آج اس ہسپتال میں دیگر امراض کے ساتھ ساتھ ساتھ بچھو، سانپ یا دیگر زہریلے حشرات کے کاٹنے کی بھی ادویات اور علاج میسر ہوگی۔

اگر ادویات میسر ہوتیں تو شاید میرا پھول جیسا بچہ آج زندہ ہوتا۔ مجھے پتہ نہیں کہ ان ہسپتالوں میں کتنے بد نصیب ماؤں کے لعلوں کی علاج کی سہولت نہ ہونے سے ان کی روحیں پرواز کر چکی ہیں۔ میرا پھول جیسا بیٹا ڈاکٹروں کی غفلت سے بچ نہ سکا وہ منوں مٹی تلے دب کر محو خواب ہے۔ اور اسی طرح شاید قبرستان میں ایسے کئی لوگ لا علاج اس جگہ دفن ہیں۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ میڈیکل سائنس نے ترقی کی ہے یہ سانپ یہ بچھو کا زہر یہاں کیوں لا علاج ہے کیا گوادر سی پیک کا حصہ نہیں کہ وہ ایسے ادویات کا ذخیرہ کرنے میں جی ڈی اے کا انڈس ہسپتال ناکام ہے۔

گوادر کے مشہور اسپتال جی ڈی اے پاکستان کے مشہور و معروف انڈس میں ضم ہونے پر میں سوچتی ہوں کہ ہسپتالوں کے تبدیل ہونے یا ضم ہونے سے گوادر کے عوام کی تقدیر بدل گئی ہے۔

کئی ماؤں نے نیک دعائیں کی ہوں گی ، اب ہر مرض کے وافر مقدار میں ادویات ہوں گے اور گوادر جو سی پیک کا مرکز ہے یہاں تو ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف اور جدید مشینریوں کی کبھی بھی کمی نہیں ہوگی۔ اب یہاں کوئی بچہ معمولی مرض سے نہیں مرے گا۔

لیکن ایسا صرف خواب تھا اور ادویات نہ ہونے کی وجہ سے ایسے کئی ماؤں کے لال اور خوبصورت پھول جیسے بچے وقت سے پہلے مرتے رہے ہیں۔

کیا یہ بہتر نہیں تھا کہ جی ڈی اے اور وہ فوجی اس ہسپتال کو بہتر چلا رہے ہوتے، مجھے درد ہے مجھے افسوس ہے مجھے ارمان ہے جیسے میری کوکھ اجڑ گئی ہو کہ ہم ان پر بھروسا کر گئے اور ایسے کئی بچے اس امید پر یہاں لائے جاتے ہیں کہ وہ بہتر علاج سے انہیں نئی زندگی ملے گی اور اب شاید اس امید پر کوئی اپنے بچے کو ہرگز نہیں لائیں گے۔

جہاں زندگی کے بدلے ہم ان کو موت کے منہ میں ڈالیں۔

بے شک موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن فلاحی ریاستوں کے حکمران اپنی عوام کی بہتر صحت کے لئے ایسے ہسپتال اور ادویات کی فراوانی اس لئے کرتے ہیں کہ انہیں اپنے عوام کی قیمتی جانوں کی حفاظت اور صحت کی بہتر ضرورت کو وہ محسوس کرتے ہیں۔ لیکن یہاں کے حکمرانوں کو یہاں کے عوام کی صحت سے زیادہ اپنا اقتدار عزیز ہے۔ انہیں انسانوں سے زیادہ اپنے ولایتی کتے اور بلیوں کی فکر ہے

اب ہم کس سے انصاف مانگیں اور ہمارے درد کا مداوا کرے کون ہمیں دلاسا دے اور کون ہماری اشک شوئی کرے اور کون ہمارے آنگن کے پھول کو واپس ہماری جھولی میں ڈالے۔

کیا امیروں کے بچے بیمار نہیں ہوتے کیا ان کو زہریلے بچھو سانپ یا حشرات نہیں کاٹتے ہوں گے ، اور کیا ان کے بچوں کو بھی گوادر کے سیول ہسپتال اور گوادر کے انڈس ہسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا جاتا ہے جہاں گھنٹوں ڈاکٹروں کا وہ انتظار کرتے رہیں یا ان کو کراچی اسلام آباد دوبئی اور مسقط یا یورپ میں بہتر علاج کے لئے لے جایا جاتا ہے ۔

کیا ہم نے اپنے لوگوں پر بھروسا کیا آج کتنی مائیں اداس ہیں کتنی بہنیں غمگین کتنے باپ آزردہ ہیں۔ کیا ان کو سکون ملے گا جن کے لواحقین ان ہسپتال میں علاج کی سہولتیں نہ ملنے پر ان کی روحیں پرواز کر چکی ہیں۔

کب تک ہم زندہ در گور رہیں گے ان معصوم بچوں کے تڑپنے ان کے درد کو یاد کر کے روز مرتے ہیں اور روز مردوں کی طرح جیتے ہیں۔ یہاں انسانوں کی جان کی کسی کو کوئی پروا نہیں۔

اب بھی اس ہسپتال کے ایک کونے پر بڑے بڑے اسپیکروں کی باز گشت میری کانوں سے ٹکراتی ہے کہ گوادر کے عوام کو جی ڈی اے اسپتال کو انڈس ہسپتال کی شکل میں ایک بہترین تحفہ ملا ہے۔

میں نے اپنے لاڈلے کھلکھلاتے منے کے لئے کتنے خوبصورت خواب دیکھے اب کبھی ان خوابوں کی تعبیر نہیں ملے گی۔

 

Facebook Comments HS