الفریڈ نوبل اور نوبل انعام کی تاریخ
آج ایک ایسے انسان کے بارے اظہار خیال ہے جو نہایت کم عمری میں کامیابی کے سنگھاسن پر بیٹھا اور کامیابی کے زینے طے کرتا ہی چلا گیا۔ اس نے صرف ایک بات کو اپنے پلے باندھ لیا، محنت اور صرف محنت۔ وہ بچہ الفریڈ نوبل 21 اکتوبر 1833 ء کو سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں پیدا ہوا۔ وہ ایک سائنسدان (کیمیا گر) ، کامیاب کاروباری انسان، نئی سائنسی ایجادات کا موجد، انجینئر، مصنف اور فیلاتھراپنسٹ یعنی انسان دوست بھی تھا۔ ایک ایسا انسان جو کئی شعبوں کا ماہر مانا گیا۔
لیکن ان کی وجہ شہرت 1867 ء میں ڈائنامائٹ کی ایجاد بنی جس میں گلیسرین کو زیر استعمال لایا گیا۔ انہوں نے ڈائنامائٹ کا نام یونانی زبان کے ایک لفظ ڈائنامس سے مستعار لیا جس کے معنی طاقت ہے۔ یہ دھماکہ خیز ایجاد ایک طرف تو بنی نوع انسان کی خدمت میں کام آئی تو دوسری جانب اس کی دھماکہ خیزی سے انسانی جانوں کا ضیاء بھی ہونا شروع ہوا جب اسے عسکری طور پر استعمال کیا جانے لگا۔ الفریڈ نوبل نے اپنی اس نئی ایجاد کو برطانیہ میں 1867 ء اور امریکہ میں 1868 ء کو رجسٹرڈ کروایا۔
اب ان کی شہرت پھیلتی چلی گئی اور زمانہ ان کی ایجادات سے متعارف ہونے لگا۔ اس کے علاوہ بھی کئی اہم سائنسی ایجادات الفریڈ نوبل نے کیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں 355 اشیاء کو اپنے نام رجسٹرڈ کیا۔ الفریڈ نوبل 63 سال کی عمر میں 10 دسمبر 1896 ء کو اٹلی کے شہر سیرنٹو میں بحیرہ روم کی موجوں کا نظارہ کرتے ہوئے اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ الفریڈ نوبل کو اوائل عمری سے ہی سائنسی مہارت اور مختلف زبانوں، انگریزی، فرانسیسی، جرمن، رشئین اور سویڈش پر عبور حاصل تھا۔ اس نے اپنے خاندان کے اشتراک سے بوفورز نامی کمپنی بنائی جس میں لوہے اور فولاد کو زیر استعمال لاتے ہوئے توپ اور دوسری عسکری اشیاء بنانا شروع کر دیں۔ ان کی مشہور بوفورز توپ دنیا میں اب بھی زیر استعمال ہے۔
الفریڈ نوبل ستارویں صدی کے ایک عظیم سائنسی شخصیت اولوف رڈبیک کی نسل سے تھا۔ ان کے والد ایمیوئیل نوبل اور والدہ اینڈرئیٹا ایشہل نوبل تھیں۔ ان کے بہن بھائیوں میں لڈوک نوبل، رابرٹ نوبل، ایمل آسکر نوبل، بیٹی کیرولینا نوبل اور ایمیوئیل نوبل تھے۔ اس وقت سویڈن شمالی یورپ میں ایک عظیم طاقت گردانی جاتی تھی۔ انہوں نے نہ صرف سائنسی ایجادات و زبانوں پر عبور حاصل کیا بلکہ شاعری اور ڈرامہ نگاری بھی کی۔ وہ سماجی مسائل اور امن بارے نظریات رکھتے تھے اور ان میں گہری دلچسپی لیتے۔
ایک ایسا انسان جو سویڈن میں پیدا ہوا، روس میں پلا بڑھا اور کیمسٹری و ٹیکنالوجی کی تعلیم فرانس و متحدہ امریکہ سے حاصل کی۔ انہوں نے روس کے شہر سینٹ پیٹربرگ میں ابتدائی جوانی کے ایام گزارے جہاں انسانیت کے رنگ ان پر نمایاں ہوتے چلے گئے۔ انہیں کتابیں پڑھنے کا از حد شوق تھا اور ان کی لائبریری کتب سے بھری پڑی تھی۔ ان کی لائبریری سے ان کی کتب بینی کا ذوق و شوق اور گہرے مطالعہ کا پتہ چلتا ہے۔ ان کے فلسفہ کے مطالعے سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ وہ جدید و قدیم فلسفہ پر گہری نظر رکھتے تھے اور بنیادی طور فلسفہ میں وہ اپنے خود کے نظریات کے بھی حامل تھے۔
ایک انتھک کام کرنے والی شخصیت جنہوں نے اپنی زندگی میں شادی نہیں کی۔ جن کا نصب العین کام اور صرف کام تھا۔ گو کہ انہوں نے دھماکہ خیزی میں نام پیدا کیا لیکن انہیں انسانوں اور قدرتی مناظر سے پیار تھا ان کے نزدیک دھماکہ خیزی قتل و غارت کا تدارک کرے گی۔ انسانیت کی خدمت ہو گی بلا شبہ اس ایجاد کی بدولت پہاڑوں میں سڑکیں بنانے، دریاؤں کے رخ موڑنے، زمین کو ہموار کرنے اور کئی دوسرے کاموں میں ڈائنامائٹ کا استعمال ابتدائی ادوار میں منفعت بخش تھا۔ لیکن رفتہ رفتہ اس کی سمت تبدیل ہوئی اور یہ عسکری ایجادات میں استعمال ہونا شروع ہو گیا۔
الفریڈ نوبل نے اپنی سب سے پہلی کمپنی کرومیل، جرمنی میں قائم کی اس کے بعد اس کی نظر انگلستان کے ایک مشکل تر علاقے سکاٹ لینڈ پر پڑی اور وہاں دھماکہ بنانے والی اشیاء کی فیکٹری قائم کی۔ اپنے تجربات کے لئے انہوں نے پیرس سے شمال کی جانب 16 کلو میٹر دور ایک قصبے سیورن کو منتخب کیا۔ انہوں نے دنیا کی سب سے پہلی دھماکہ خیز بنانے والی اشیاء کی کمپنی ”دی نوبل ڈائنامائٹ ٹرسٹ کمپنی“ کے نام سے قائم کی۔
ایک جینئس سائنسدان جس نے ابتدائی تعلیم اپنے والد محترم سے انجینئرنگ میں حاصل کی۔ بعد ازاں ایک پرائیویٹ ٹیوٹر سے کیمسٹری کی تعلیم حاصل کی اور پھر امریکہ سے سویڈش امریکن نیوی انجینئرنگ کے ماہر جان ایرک سن سے تربیت حاصل کی۔ اور پھر واپس یورپ آ کر اپنے والد کی سینٹ پیٹربرگ کی فیکٹری کے کام میں جت گئے۔ الفریڈ نوبل سائنسی تحقیق و سماجی مسائل کے حل میں نہ صرف دلچسپی رکھتا بلکہ انہیں حل کرنے کا ادراک بھی رکھتا تھا۔ وہ ایک کامیاب سائنسدان و کاروباری انسان تھا۔ انہوں نے اپنی کمائی کو ایک ٹرسٹ کی صورت سرمایہ کاری کرتے ہوئے اپنی وصیت میں نوبل انعام کا اجراء کیا جو آج تک جاری و ساری ہے۔
سب سے پہلے اس اعزازیہ کو 1901 ء میں ادا کیا گیا جو آج تک جاری ہے۔ نوبل پرائز دنیا میں ایک اعزاز ہے اور اسے حاصل کرنے کے لئے انسانوں کو انتھک محنت کرنی پڑتی ہے۔ اس کو چھ کیٹیگریوں میں بانٹا گیا ہے۔ سب سے پہلے فزکس، دوسرے نمبر پر کیمسٹری تیسرے نمبر پر فزیالوجی اور میڈیسن، چوتھے نمبر پر ادب، پانچویں نمبر پر امن اور چھٹے نمبر پر معاشیات ہے۔ اسے ہر سال ان چھ شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ انعام پانے والے کو چوبیس قیراط کا گولڈ میڈل، اعزازی سند اور انعامی رقم ادا کی جاتی ہے۔ 2023 ء میں اس انعام کا اعزازیہ گیارہ ملین سویڈش کرونا تھی۔


