سرکاری تعلیمی ادارے اور سرکار


ماری حکومتیں بھی کیا خوب اہل دانش کے سپرد کی جاتی ہیں جو کسی بھی ادارے میں اصلاح کی بجائے اس ادارے کو بند کرنا ہی اس کا حل سمجھتے ہیں۔ ہر حکومت اپنے مینڈیٹ سے بہت آگے جا کر پنجاب کے بزرگوں کے آخری ایام کا سکون چھین لینا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلا شکار محکمہ تعلیم بنایا جاتا ہے جو کہ اس امیر طبقے کی آنکھ میں بال کی طرح کھٹک رہا ہے۔

تعلیم کسی بھی قوم کا زیور ہوتی ہے اور پرائیویٹ اداروں کے لئے تو یہ سونے کا زیور ہے۔ لیکن افسوس کہ سرکاری اداروں کے لئے یہ ایک بوجھ بنا دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے تمام قوانین و ضوابط پرائیویٹ اور سرکاری اداروں پر یکساں لاگو ہوتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد صرف سرکاری اداروں میں ہی کیا جاتا ہے اور وہ بھی تعلیم اور تعلیم دینے والوں کی بہتری کے لئے نہیں بلکہ انہیں اس پیشے سے مایوس کرنے اور طلبہ کو تعلیم سے دور کرنے کے لئے۔ سرکاری تعلیمی ادارے سرکار کی نفرت و انتقام کا نشانہ نظر آتے ہیں اور پرائیویٹ اداروں کو لاڈ پیار دیا جاتا ہے تاکہ وہ اوپر اٹھیں اور سرکاری ادارے بدنام ہوں۔

یہ سرکاری ادارے جہاں کبھی صاحب ثروت اور غریب سب کے بچے پڑھتے تھے اب نہ صرف غریب بلکہ بہت ہی غریب لوگوں کے بچے پڑھتے ہیں۔ متوسط طبقے کو ان سے پیچھے ہٹانے میں بھی سرکاری پالیسیوں کا ہی ہاتھ ہے۔ مفت کتابیں دے کر متوسط طبقے کی عزت نفس پر حملہ کیا گیا۔ اور مجبور کیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے سکول میں داخل کروائیں جہاں پر واجبی سے فیس ہو تعلیم کا عمل ہو یا نہ ہو کوئی بات نہیں۔ سرکاری اداروں اور ان میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو احساس کمتری میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔

اگر سرکاری اداروں کو سرکار تعلیم کے لئے چلاتی تو یہ آج بہترین تعلیم دے رہے ہوتے۔ جب سے محکمہ تعلیم کو تجربہ گاہ بنایا گیا ہے تب سے پرائیویٹ سکول کھمبیوں کی طرح ابھرے ہیں۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ پنجاب میں 700 سے زائد سرکاری کالجز ہیں جبکہ 12 اگست 2023 تک پنجاب میں 2515 پرائیویٹ کالجز تھے۔ صوبے بھر میں ساٹھ ہزار سے زائد پرائیویٹ سکول ہیں جبکہ سرکاری سکولوں کی تعداد 52,231 ہے۔ یہ پرائیویٹ سکولوں کی تعداد ان تجرباتی پالیسیوں سے پہلے آٹے میں نمک کے برابر تھی۔

سرکاری سکولوں اور کالجوں کو عرصہ دراز سے ایک تجربہ گاہ بنا دیا گیا۔ سرکاری سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ کرام کو اس بات میں الجھا دیا گیا کہ ان کی بایو میٹرک حاضری ہو گی، اتنے بجے تک نہ پہنچنے والے کی بے عزتی بیچ چوراہے کے ہو گی اور غیر حاضری بھی شمار ہو گی۔ بچے پر سختی نہیں کرنی بلکہ اسے سخت الفاظ بھی نہیں کہنے لیکن نتیجہ سو فی صد چاہیے۔ نہ نام خارج کرنا ہے نہ غیر حاضری لگانی ہے نہ داخلہ روکنا ہے مگر رزلٹ سو فی صد ورنہ سب کے سامنے بے عزتی ہونی ہے۔ اور سینکڑوں اساتذہ ایسے ہیں جو اس وقت بھی یہ ناروا سختیوں اور بے جا بے عزتی برداشت کر رہے ہیں۔

ایسے اقدامات کرنے کا مقصد تعلیم میں بہتری ہرگز نہیں تھا بلکہ استاد کی تضحیک تھی کہ اسے ایک قابل نفرت کردار بنا کر پیش کیا جائے اور سرکاری سکولوں کو بے کار سکول ثابت کیا جائے۔ ایسا کرنے میں حکومت لاکھ کوششوں کے باوجود کامیاب نہ ہو سکی۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ اساتذہ پڑھائی کا معیار نہیں بنا پا رہے۔ اساتذہ اپنی تنخواہ کے بدلے بچوں کو نہیں پڑھا رہے اور ایسے بھی بہت سے اعتراضات جن کو بنیاد بنا کر سکولوں کی نجکاری کے ساتھ ساتھ سکولوں کو غیر ملکی این جی اوز کو ٹھیکے پر دیا جا رہا ہے۔

تو اس ضمن میں چند سوال توجہ طلب ہیں جن کے اہل دانش سے جواب مطلوب ہیں۔
کیا محکمہ پولیس کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہے؟
کیا عوام محکمہ صحت سے مطمئن ہے؟
کیا عوام واپڈا کی کارکردگی سے مطمئن ہے؟
کیا عوام محکمہ مال کی کارکردگی سے مطمئن ہے؟
اور کیا عوام محکمہ قانون سے مطمئن ہے؟
کیا عوام عوامی نمائندگان اور سیاسی شخصیات کی کارکردگی سے مطمئن ہے؟
اگر نہیں تو کیا یہ سب محکمے بھی عوام کی جیبوں پر بوجھ نہیں؟

استاد کی پہلی اور آخری کرپشن ایک ادنیٰ سے معاوضے کے عوض بہتر طریقے سے پڑھائی نا کروانا ہے۔ وہ بھی شاید چند گنے چنے اساتذہ ہیں جو کہ کسی ایسے ہی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جیسے امیر طبقہ، جب کہ پڑھائی کے علاوہ بھی بہت سے کام ان سے مفت میں کروایا جا رہا ہے جو کہ اس کی ملازمت سے تعلق ہی نہیں رکھتے۔

مگر کیا سیاستدان، ججز و کلاء، پٹواری، و دیگر ملازمین اپنے شعبہ سے انصاف کر رہے ہیں؟ آپ کو کھلا چیلنج ہے کہ اساتذہ کے مقابلے میں کسی بھی دیگر شعبہ کے ملازمین کا آڈٹ کروا لیں اور اثاثہ جات کی جانچ پڑتال کے بعد فقط یہ بتا دیں کے استاد کا رزق کتنا حلال ہے اور دیگر ملازمین کا کتنا حلال ہے۔

ارباب اقتدار کو سرکاری سکولوں کی دگرگوں حالت تو دکھائی دے گئی مگر کیا سکولوں کے علاوہ سب محکمے فرشتوں کے زیر انتظام ہیں؟

کبھی ہائی کورٹ کا ایسا ہی چکر تو لگائیں جہاں جج کا جب دل کرے کیس کی سنوائی کر لے وگرنہ اک جنبش قلم سے تاریخ پر تاریخ دے ڈالے۔

کبھی محکمہ مال کے پٹواری کا محاسبہ بھی کرتے نظر آئیں جو کسی غریب کی جمع پونجی کو ایک کاغذ کی نذر کرتے ہوئے ہچکچاتا نہیں۔

اے ارباب اقتدار اور کچھ نہیں تو کبھی ایک دن فقط واپڈا والوں سے یہ ہی پوچھ لیں کہ بلوں پر کاغذ کا بوجھ زیادہ ہے یا پھر ٹیکسوں کا۔ اور براہ کرم اپنے قانونی مشیر کو ہمراہ ضرور رکھیے گا جو آپ کو واپڈا کے بلوں پر موجود نت نئے ٹیکسوں کی معلومات بہم پہنچا سکے۔

ایک اتفاقاً بننے والا حادثاتی استاد بھی اپنی ڈیوٹی یہ سوچ کر حق حلال کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ پیغمبرانہ پیشے سے وابستہ ہے اور اس کو روز محشر اس کا جواب دہ ہونا پڑنا ہے۔

حضور والا آپ کے بچے سٹی سکول اور بیکن ہاؤس میں پڑھ سکتے ہیں کیوں کہ ان کے باپ آپ ہیں مگر ہر کسی کا بچہ آپ کے بچوں جیسی قسمت کہاں سے لائے؟ اگر آپ کے پاس کسی ایسی دکان کا پتہ موجود ہے تو آگاہ کیجیے وگرنہ حضور جیسا بھی ہے لولا ہے لنگڑا ہے یہ نظام تعلیم چلتا رہنے دیں۔

یہ سولہویں سکیل کے ماسٹر صاحب یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں بھی عدلیہ میں کام کرنے والے سولہویں سکیل کے اسٹینو گرافر کی طرح 65 ہزار روپے کا اضافی الاونس دیا جائے نہ ہی 17 سکیل کے استاد یہ ڈیمانڈ کر رہے ہیں کہ انہیں بھی ڈیڑھ کروڑ والا ویگو ڈالا لے کر دیا جائے۔ 18 سکیل استاد صاحب بھی یہ مطالبہ نہیں کر رہے کہ انہیں 4 کنال کا سرکاری گھر اور دو کروڑ والی فورچونر گاڑی دی جائے۔

انیسویں اور بیسویں سکیل کے استاد بھی یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں ریٹائرمنٹ پہ لامحدود مراعات مفت بجلی، پٹرول اور نوکر دیے جائیں۔

یہ تو صرف اتنا کہہ رہے ہیں کہ نوکری شروع کرتے وقت جو جو تنخواہ، الاونس اور پینشن وغیرہ دینے کا آپ نے وعدہ کیا تھا وہ تو ختم نہ کریں۔ جن شرائط و ضوابط کو مان کر انہوں نے نوکری قبول کی تھی ان کو تو تبدیل نہ کریں۔ نہایت معمولی مراعات کے عوض ساری زندگی اس پیشے کو دینے والے سے آخری عمر میں اس کے بڑھاپے کا سہارا تو نہ چھینیں۔