حقیقی ترقی کا فارمولا
پرسنل ڈیویلپمنٹ کا موضوع اس وقت سیلف ہیلپ لٹریچر اور موٹیویشنل تقریروں میں بہت عام ہے۔ میں ذاتی طور پر پرسنل ڈیویلپمنٹ کی اصطلاح کو مناسب نہیں سمجھتا ہوں، بلکہ اس کے لیے پیپلز ڈیویلپمنٹ زیادہ موزوں ہے، جسے اجتماعی ترقی بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس نظریے کو سمجھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی ترقی کے درمیان بنیادی فرق کو واضح کریں۔ اس تحریر میں جو مفہوم بیان کیا ہے، وہ دراصل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ترقی کا حقیقی مفہوم کیا ہے اور ہم کس طرح ایک مستحکم اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
انفرادی ترقی:
انفرادی ترقی کا تصور عام طور پر افراد کی ذاتی کامیابیوں، مالی استحکام، اور سماجی حیثیت تک محدود رہتا ہے۔ اس میں وہ کوششیں شامل ہوتی ہیں جو ایک فرد اپنی ذاتی قابلیت کو بہتر بنانے، جیسے تعلیم حاصل کرنے، کاروبار میں کامیابی حاصل کرنے یا پیشہ ورانہ مہارتیں بڑھانا میں صرف کرتا ہے۔ لیکن میرا ماننا ہے کہ انفرادی ترقی کی اس نوعیت میں کچھ خامیاں ہیں۔ بلکہ کبھی کبھی یہ ترقی بہت سطحی اور مصنوعی ہوتی ہے۔
انفرادی ترقی، پسماندہ معاشرے میں اکثر حسد، نفرت اور دشمنی کو جنم دیتی ہے۔ جب افراد اپنی ذاتی کامیابیوں کے بارے میں سوچتے ہیں تو وہ دوسروں کے مقابلے میں خود کو بہتر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح کا مقابلہ معاشرتی توازن کو کمزور کرتا ہے۔ بجائے اس کہ لوگ ایک دوسرے کی مدد کریں وہ ایک دوسرے کے حریف بن جاتے ہیں، اس عمل کے نتیجے میں معاشرے میں عدم برداشت اور عدم تعاون کی فضا پیدا ہوتی ہے، جو اجتماعی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔
حقیقی ترقی کا مفہوم:
حقیقی ترقی کی بات کرتے ہوئے، میرا اشارہ ایک ایسی ترقی کی جانب ہے جو دیرپا اور پائیدار ہو۔ یہ ترقی نہ صرف فرد کی بلکہ پورے معاشرے کی بہتری کے لیے اہم ہے۔ حقیقی ترقی کا بنیادی تصور یہ ہے کہ ہم سب مل کر ایک دوسرے کی ترقی کا خیال رکھیں، یعنی ہماری ترقی کا انحصار نہ صرف ہماری انفرادی کوششوں پر ہو بلکہ ہماری کمیونٹی اور سوسائٹی کے مجموعی اقدامات پر بھی ہے۔ اس حقیقت کو معروف ایکسپرٹ ایڈورڈز ڈیمنگ نے کیا خواب بیان کیا ہے۔ ”خراب نظام ہر بار ایک اچھے انسان کو شکست دے گا۔“
اس نقطہ نظر کو بیان کرنے کے لئے میں ”ایف سی ایس“ (فیملی، کمیونٹی، سوسائٹی) کی اصطلاح استعمال کی ہے، جو اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ حقیقی ترقی کے لیے ان تین عناصر کا کردار کتنا اہم ہے۔ خاندان ہماری زندگی اور ترقی کی بنیادی اکائی ہے جہاں سے ہم اخلاقی، ثقافتی، اور سماجی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ اگر خاندان مضبوط ہو گا تو افراد بھی مضبوط ہوں گے۔ اس کے بعد کمیونٹی کی باری آتی ہے، جہاں ہم اپنے ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ ایک مضبوط کمیونٹی ہمیں گہرے تعلق کا احساس، محبت اور معاونت فراہم کرتی ہے۔ پھر سوسائٹی جو کہ ایک وسیع تر دائرہ ہے جہاں معاشرتی ترقی کے لئے ہم سب کی اجتماعی کوششیں ضروری ہوتی ہیں۔
اجتماعی بہتری کا تصور اور شعور:
اجتماعی بہتری کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کریں۔ یہ بہتری تبھی ممکن ہے جب ہم سب مل کر کام کریں۔ میرا ماننا یہ ہے کہ ترقی یافتہ اور خوشحال معاشروں کی بنیاد اجتماعی بہتری پر رکھی گئی ہے۔ ایسے معاشرے جہاں لوگ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، بہتر تعلیم، صحت، اور اقتصادی مواقع فراہم کرتے ہیں، وہ قومیں، ادارے اور خاندان ہمیشہ ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہیں۔
اجتماعی ترقی کے لیے عملی اقدامات:
تعلیم کی اہمیت:
ہر فرد کو معیاری تعلیم فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جو ہمیں شعور اور بصیرت فراہم کرتا ہے۔ جب کمیونٹی میں تعلیم کا فروغ ہو گا تو لوگ اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ ہوں گے اور وہ اپنے معاشرتی کردار کو بہتر طریقے سے نبھائیں گے۔
معاشرتی تعاون:
ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ تعاون سماجی مسائل کو حل کرنے، مقامی کاروبار کو سپورٹ کرنے، اور اپنے ارد گرد کمیونٹی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ پاکستانی معاشرے اور ترقی یافتہ معاشروں میں فرق یہ ہے کہ یہاں لوگ مقابلے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ بیرون ملک لوگ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
پائیدار ترقی:
ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہو گا کہ ترقی کے اقدامات ماحول اور سماجی منظر نامے کو متاثر نہ کریں۔ پائیدار ترقی کا مطلب ہے کہ ہم اپنے موجودہ وسائل کا استعمال کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لئے بھی مواقع پیدا کریں۔
قومی پالیسیز:
حکومتیں بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کی پالیسیوں کو عوامی مفاد کے لیے بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ وہ عوام کی ضرورتوں کو پورا کریں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کریں۔
نتیجہ: ”حقیقی ترقی کا فارمولا“ ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ انفرادی ترقی کی بجائے اجتماعی بہتری پر توجہ مرکوز کرنا زیادہ اہم ہے۔ ایک مضبوط خاندان، فعال کمیونٹی، اور ترقی پذیر سوسائٹی ہی حقیقی ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ اگر ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں، تو ہم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں، جہاں ہر فرد کی ترقی کو اہمیت دی جائے۔ یہ ایک ایسا راستہ ہے جو نہ صرف ہمیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کو بھی کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ اس کے لئے ہمیں روایت سے ہٹ کر ، ہجوم سے الگ ہو کر ، معاشرے کی سوچ سے بالاتر ہو کر ، زمانے سے آگے بڑھ کر اور وقت کی رفتار سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ترقی ہی حقیقی ترقی ہوتی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لئے نئی راہیں اور منزلوں کا تعین کرتی ہے!
فرد قائم ربطِ مِلّت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں
(علامہ اقبال)


