(WOW) سے وحید مراد


فلم سازی اور فلموں کی تقسیم کاری میں شغف رکھنے والے نے اگر کیمرے کے سامنے آنے کا فیصلہ کیا تو اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے، اس بارے میں عام طور پر فلم انڈسٹری کا کوئی فرد بھی کسی قسم کا قیاس کرنے سے قاصر تھا (اور شاید خود وہ شخصیت بھی) وگرنہ، اتنے وسائل کی موجودگی میں، اتنی سی پیش قدمی میں، بہ ظاہر کیا قباحت تھی۔ اسے مزاج کی احتیاط پسندی کہیے کہ پیشہ ورانہ سوجھ بوجھ، لمبی جست سے پہلے، خود کو سکرین پر جانچنا اور انڈسٹری کے داناؤں سے رائے لینا مناسب جانا اور سکرین کی تائید کے بعد ، وہ فیصلہ کیا جس کے لئے چند قریبی بہی خواہ (اپنی دوستی اور لگاؤ میں) ہمیشہ اکساتے رہے تھے۔

یہ علیحدہ بات کہ کسی کو (شاید) یہ توقع نہیں تھی کہ اس آغاز کے عقب میں مقبولیت، عقیدت اور فنکاری کا کیسا طوفان پوشیدہ ہے۔ نئے اداکار کا آنا، اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا اور دیکھنے والوں کی نظروں سے غیر محسوس طریقے سے اوجھل ہوجانا، فلم انڈسٹری کے لئے کبھی کوئی غیرمعمولی واقعہ نہیں رہا۔ اس بار بھی اگر ایسا ہو جائے تو تعجب کیسا۔ یہاں تاہم تعجب کا سامان موجود تو تھا، مگر نئے مفہوم اور نئی تعریف کے ساتھ جس کی پرتیں آنے والے وقت میں خود کو ظاہر اور نمایاں کرنے کی منتظر تھیں۔

شاید تب بھی کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ ستاروں کی اس وسیع کہکشاں میں اسے یہ آب و تاب حاصل ہوگی کہ یہ نگاہوں کو اس قدر خیرہ کرے گا کہ برس ہا برس، اس تابانی سے جگمگاتے رہیں گے۔ روایتی توقع کے بر خلاف، نئی روایت اپنی جگہ بناتی چلی گئی۔ چھوٹے چھوٹے کرداروں میں سکرین ٹیسٹ پاس کرنے والا بڑی سکرین پر بڑے بڑے (آزمودہ) چہروں کے مدمقابل اپنی انفرادیت کے ساتھ ممتاز ہوتا چلا گیا۔

یہ انفرادیت یقیناً اپنے فطری اسلوب کی تخلیق تھی جس نے سکرین پر نئے رنگ بکھیر دیے۔ یکسانیت اور جمود کے درمیان زندگی اور شگفتگی کا ایسا شاہ کار سامنے آیا جس سے یہ سکرین اس سے پہلے یکسر ناواقف تھی۔ کانوں میں رس گھولنے والے نغمے اب قابل دید بھی ہونے لگے۔ ان میں وہ جدت آ گئی کہ انھیں جتنی بار دیکھیں، ان کی جاذبیت میں کمی نہیں ہوتی اور انھیں پھر ایک بار دیکھنے کے خواہش اُسی طرح برقرار رہتی۔ دلکشی کی اس نئی دنیا نے دیکھتے ہی دیکھتے فلم بینوں کو اپنا گرویدہ کر لیا۔

ہر نئے عکس کے ساتھ، اس تصویر کے رنگ گہرے ہوتے چلے گئے۔ فلم بینوں کی توجہ (اور تسکین) میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ نوجوانوں کو ایک رول ماڈل کی صورت ملی اور سب نے اُس (خوب) صورت سے اپنی صورت ملانے کی خواہش کو دن بہ دن گہرا ہوتا پایا۔ یہ شہرت اور اس طرز کی مقبولیت، درحقیقت فلمی تاریخ کے ایک نئے باب کا لکھا جانا تھا۔ وہ سنہری باب جس کے لئے یہ محسوس ہوا کہ اس کی مثال نہ پہلے تھی اور (شاید) نہ آگے ہو۔

زمانے کے سرد گرم دیکھنے کے بعد ہر کسی نے زندگی کے اس تھیٹر کو الوداع کہنا ہے اور اس انجام سے کسی کو فرار نہیں۔ سو اس کہانی میں بھی یہ موڑ آنا تھا اور نومبر کی تئیس (23) تاریخ اس اختتام کا عنوان بنی، مگر اس کہانی کے آغاز کی طرح اس کے انجام کے بارے میں بھی کسی کو (غالباً) یہ توقع نہیں تھی کہ اس کے عقب میں مقبولیت، عقیدت اور وابستگی کا کیسا طوفان پوشیدہ ہے۔

زمانہ کروٹیں لے چکا ہے۔ ٹیکنا لوجی بدل چکی ہے۔ نئے نوجوان مقبول چہرے منظر پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ چھوٹی سکرین جگہ جگہ عام ہو چکی ہے۔ لوگوں کی پسند اور ناپسند میں ماضی کے مقابلے میں بلا کی تبدیل آ چکی ہے۔ ان تبدیلیوں کے باوجود بڑی سکرین کا من چاہا چہرہ آج بھی نگاہوں کا مرکز اور دلوں کی دھڑکن ہے۔ اس پس منظر کا سب سے حیرت انگیز امر یہ ہے کہ، جو اپنی کم عمری کے سبب اُسے بڑی سکرین پر نہ دیکھ پائے، وہ چھوٹی سکرین پر اُس کی بڑی (اور دل موہ لینے والی) پرفارمنس دیکھ کر اُس کے دلدادہ ہیں اور عقیدت کی لڑی میں اُسی طرح پروئے ہوئے ہیں جیسے عہد گزشتہ میں بڑی سکرین کے شاہد اُس کے وارفتہ تھے۔ پرنٹ میڈیا کی محدودیت کی وجہ سے اتنی تصاویر اور شہ پارے تب ایک دوسرے کو شیئر نہیں کیے گئے جتنے تسلسل، تعداد اور تناسب میں ان دنوں دیکھے جا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا خود اس بات کا گواہ ہے کہ دلوں میں زندہ رہنے والے کیسے ہوتے ہیں۔ گوگل اپنے عہد سے پہلے کے ہیرو کو اپنی گرافکس (doodle) کی شکل میں سلام پیش کر چکا ہے۔ مشہور زمانہ سرچ انجن سے یہ بھی تسلیم کیا جا چکا ہے کہ جن بچھڑنے والوں کو اُن سے محبت کرنے والے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ڈھونڈتے ہیں، بلاشبہ وہ کوئی نہیں، وحید مراد ہیں۔

ایسے میں، پاکستان فلم انڈسٹری کے قابل فخر سرمایہ کے لئے، بجا طور پر، یہ کہنا تو بنتا ہے :
(WOW) سے وحید مراد!

Screenshot

 

Facebook Comments HS

2 thoughts on “(WOW) سے وحید مراد

  • 29/11/2024 at 9:49 شام
    Permalink

    جاتی ھے اور اگر کوٸی غیر معمولی چیز یا بات ھوجاٸے تو اس کو دنیا کا آٹھواں عجوبہ کہا جاتا ھے, آپ نے wow وحیدمراد کے حوالے سے جو مضمون تحریر کیا ھے اس سے میرے ذھین میں اچانک ایک بات آٸی کہ WONDER OF WORLD یعنی دنیا کا عجوبہ یہ بات اب دنیا کے کسی آٹھویں عجوبے سے کم نہیں لگتی کہ ایک شخص کو دنیا سے رخصت ھوٸے اکتالیس سال ھوگٸے ھیں مگر اس کی شہرت میں دن بدن اضافہ ھی ھوتا جارھا ھے یہاں پر تو لوگ کچھ ھی سال میں اپنے خونی رشتوں کو بھی بھلا دیتے ھیں مگر وحید مراد میں ایسی کیا چیز تھی کہ اس کے مرنے کے بعد بھی اس کی شہرت آسمان کی بلندیوں کو چھورھی ھے اور مستقل اس میں اضافہ ھی ھوتا چلا جارھا ھے اور تو اور جن نوجوانوں اور بچوں نے اپنی زندگی جس شخص کو زندہ نہیں دیکھا ان نوجوانوں اور بچوں کا آٸیڈیل بھی وھی شخص بن چکا ھے جس کا انتقال اکتالیس سال قبل ھوچکا ھے۔ یہ دنیا کا آٹھواں عجوبہ نہیں ھے تو پھر کیا ھے۔
    WONDER OF WORLD
    WOW Waheed Murad.
    ایک بہترین مضمون وحید مراد کے بارے میں آپ نے تحریر کیا ھے

  • 29/11/2024 at 9:51 شام
    Permalink

    عام طور پر دنیا کے سات عجاٸبات کی مثال دی جاتی ھے اور اگر کوٸی غیر معمولی چیز یا بات ھوجاٸے تو اس کو دنیا کا آٹھواں عجوبہ کہا جاتا ھے, آپ نے wow وحیدمراد کے حوالے سے جو مضمون تحریر کیا ھے اس سے میرے ذھین میں اچانک ایک بات آٸی کہ WONDER OF WORLD یعنی دنیا کا عجوبہ یہ بات اب دنیا کے کسی آٹھویں عجوبے سے کم نہیں لگتی کہ ایک شخص کو دنیا سے رخصت ھوٸے اکتالیس سال ھوگٸے ھیں مگر اس کی شہرت میں دن بدن اضافہ ھی ھوتا جارھا ھے یہاں پر تو لوگ کچھ ھی سال میں اپنے خونی رشتوں کو بھی بھلا دیتے ھیں مگر وحید مراد میں ایسی کیا چیز تھی کہ اس کے مرنے کے بعد بھی اس کی شہرت آسمان کی بلندیوں کو چھورھی ھے اور مستقل اس میں اضافہ ھی ھوتا چلا جارھا ھے اور تو اور جن نوجوانوں اور بچوں نے اپنی زندگی جس شخص کو زندہ نہیں دیکھا ان نوجوانوں اور بچوں کا آٸیڈیل بھی وھی شخص بن چکا ھے جس کا انتقال اکتالیس سال قبل ھوچکا ھے۔ یہ دنیا کا آٹھواں عجوبہ نہیں ھے تو پھر کیا ھے۔
    WONDER OF WORLD
    WOW Waheed Murad.
    ایک بہترین مضمون وحید مراد کے بارے میں آپ نے تحریر ک ھے

Comments are closed.