پشتون اور جاگ پنجابی جاگ تحریک!
مشہور نون لیگی ناصر بٹ سمیت چند پنجابیوں نے سوشل میڈیا پر ایک تحریک سی چلانی شروع کی ہے اور ان کے بقول پنجاب اور پنجابیوں کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں ہو گا کیونکہ بلا وجہ پنجاب اور پنجابیوں پر تنقید ہوتی ہے اور تنقید کرنے والے گیس اور بجلی چور ہے۔
لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ پہلے پنجاب نے ریاستی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے پشتونوں کو چوکیدار، ڈرائیور اور جاہل دکھایا اور اب ماشاءاللہ سے سوشل میڈیا کا بہترین استعمال کرتے ہوئے پنجاب کی تمام تر غلطیوں اور نا انصافی پر پردہ ڈالنے کے لئے الٹا دوسروں پر چڑھائی کر رہا ہے لیکن بد قسمتی سے ان صاحبوں کو کوئی جواب دینے والا نہیں ہے خصوصاً اگر میں پشتونوں کی بات کروں تو پشتون مصروف ہے لاہوری کرپشن کو پکڑنے میں پشتون سوچ رہا ہے کہ نواز شریف نے لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، راولپنڈی وغیرہ میں جو میٹرو کا بہترین منصوبہ دیا ہے اس میں کرپشن ہوئی ہے اور یہی پشتون سوچ رہا ہے کہ پشتون بیلٹ میں تو پشاور کے علاوہ میٹرو کا نام و نشان بھی نہیں ہے لہذا ہم کرپشن سے پاک ہے لیکن بدبخت پشتون پشتونخوا کے لئے میٹرو کا سوال نہیں کرتے کہ پنجاب کے کئی شہروں میں میٹرو ہے لیکن پختونخوا میں کیوں نہیں ہے؟
پنجاب میں اگر کرکٹ میچز ہو رہے ہیں تو پختونخوا اور بلوچستان میں کیوں بدامنی ہے؟ پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کس کی وجہ سے ہے؟ اسی طرح پشتونوں کو فکر لاحق ہے کہ عام انتخابات کے دوران پنجاب میں دھاندلی ہوئی ہے لہذا ہم پختونخوا کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے پنجاب کے لئے انصاف مانگنے اسلام آباد سے لڑنے جاتے ہیں لیکن بد بخت پشتون نہیں سوچتا کہ پختونخوا میں (اس مخلوق کے بقول) انتخابات بالکل صاف اور شفاف ہوئیں ہیں لہذا اب ہمیں اپنی کارکردگی پر توجہ رکھنا چاہیے پنجاب میں دھاندلی کا مسئلہ پنجابیوں کا ہے ہمارا نہیں اس کے علاوہ پشتونوں کو دکھ ہے کہ کنٹینر پر ٹک ٹاک کے لئے ویڈیو بنانے والے پنجابی کو کیوں گرایا گیا؟ لیکن پشتون نہیں سوچتا کہ آرمی پبلک سکول، باچا خان یونیورسٹی اور کوئٹہ میں وکلاء کی شکل میں ہماری ایک نسل کیوں برباد ہوئی؟
پنجاب اور پنجابیوں کے لئے تحریک چلانے والوں کو جواب دینے کے لئے کوئی بھی موجود نہیں ہے یعنی اب ان صاحبوں کو کون جواب دے کہ چور ہم نہیں جب سے پاکستان بنا ہے چور اور ظالم کا کردار پنجاب ادا کر رہا ہے بجلی کی مثال لے لیں بجلی پختونخوا کی ہے پنجاب چوری کر رہا ہے سب جانتے ہیں کہ پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی بنا رہا ہے لیکن پنجابیوں کی ریاستی سرپرستی میں چوری کی وجہ سے پختونخوا میں لوڈ شیڈنگ ہے ان پنجابیوں کو کون سمجھائے کہ کرک سمیت بلوچستان کی ساری گیس پنجاب چوری کر رہا ہے بلوچستان کی گیس سے پنجاب میں فیکٹریاں چل رہی ہیں لیکن بلوچ لکڑیاں کاٹنے پر مجبور ہیں اور تمہارے اس فارمولے سے پورا ملک جانتا ہے کہ پنجاب گیس اور بجلی چور ہے۔
اسی طرح سی پیک کی مد میں بلوچستان کے پروجیکٹس بے شرمی سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں شروع ہے اور غیرت مند پنجابی نہیں سوچتے کہ بھئی کس قانون کے تحت بلوچستان کے پروجیکٹس پنجاب میں مکمل ہو رہے ہیں؟ لیکن نہیں پنجاب بڑا بھائی بنا ہوا ہے اور الٹا پروپیگنڈا مہم سے اپنی چوری چھپا کر دوسروں کو چور ثابت کرنے کی کوشش میں ہے۔
یعنی اندازہ لگائیں بلوچستان کی گیس ہے اور بلوچستان والے لکڑی کاٹنے پر مجبور ہے لیکن ان پنجابیوں کی نظر میں بلوچستان والے گیس چور ہے پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی بنا رہا ہے لیکن اس کے باوجود پختونخوا میں لوڈ شیڈنگ ہے اور پنجاب کی نظر میں پختونخوا بجلی چور بھی ہے سابقہ فاٹا سے سالانہ کروڑوں ڈالرز کے منرلز نکل رہے ہیں لیکن فاٹا کو ایک روپیہ نہیں مل رہا اور نہ ہی فاٹا سے کوئی پوچھ رہا ہے لیکن اس کے باوجود فاٹا والے ریاست کے ٹیکس چور ہے بلوچستان کے پہاڑوں کو الحمدللہ پنجاب نے منرل سمیت چائنا کو فروخت کر دیا لیکن جاگ پنجابی جاگ والے کہتے ہیں اب اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔
جاگ پنجابی جاگ تحریک والے اکثر سوشل میڈیا پر تمام اقوام خصوصاً پشتونوں اور بلوچوں کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلاتے ہوئے نظر آتے ہیں یعنی پرسوں خواجہ آصف کا محمود غزنوی کے حوالے سے بیان بھی اپنی تحریک کی کامیابی سے جوڑ رہے تھے اور موقف اختیار کر رہے تھے کہ پنجاب میں سیاستدان، ایکٹر، سنگر یعنی زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے موجود ہیں باقی اقوام تو محض پنجاب کے ہیروز کا نام استعمال کر رہی ہیں یعنی یہ صاحبان یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ فواد چوہدری، شیخ رشید اور راجہ ریاض بھی ہمارے ہیروز ہیں کیونکہ ان سب کا تعلق پنجاب سے ہے لیکن دوسری طرف پشتون، بلوچ یا سندھی اگر جمہوریت کے لئے پھانسی بھی چڑھ جائے تو عام سی بات ہے۔
اس تحریک کا لب لباب وہ پنجابی زبان کی کہاوت ہے کہ ساڈا کتا کتا اور تواڈا کتا ٹومی لیکن بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر اس پروپیگنڈا مہم کو بھرپور جواب والا موجود نہیں کیونکہ پشتون مصروف ہے لاہوری کرپشن پکڑنے اور پنجاب کے لئے صاف اور شفاف انتخابات مانگنے میں۔


