جوگر کیس اور پاکستانی عدلیہ


بیس اپریل 1989 کو نیویارک میں زندگی معمول کے مطابق چل رہی تھی کہ سینٹرل پارک کی خاموشی ایک لرزہ خیز واقعے سے ٹوٹ جاتی ہے۔ ایک 28 سالہ نوجوان بینکر، ٹریشا میلی، پارک میں خون میں لت پت، بے ہوش اور زندگی اور موت کی کشمکش میں پائی جاتی ہے۔ اس کے جسم میں چند سانسوں کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ اس واقعے نے نہ صرف نیویارک بلکہ پورے امریکہ کو ہلا کر رکھ دیا۔
کچھ گھنٹوں کے اندر ہی پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا۔ عوام کے غصے اور انصاف کے مطالبے کے دباؤ کے تحت، پانچ سیاہ فام نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں کیون رچرڈسن ( 14 ) ، ریمنڈ سانتانا ( 14 ) ، اینٹران میک کری ( 15 ) ، یوسف سلام ( 15 ) اور کوری وائز ( 16 ) شامل تھے۔ یہ گرفتاریاں صرف شروعات تھیں، کیونکہ یہ کیس امریکی عدالتی نظام کی تاریخ کا ایک تاریک باب بننے والا تھا۔

ان لڑکوں کو بغیر کسی قانونی مشیر یا والدین کی موجودگی کے گھنٹوں تک پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے نفسیاتی حربے استعمال کیے، اور ان سے جرم قبول کروانے کی کوشش کی۔ کوری وائز، جو پانچوں میں سب سے بڑا تھا اور ذہنی طور پر کمزور تھا، پر خاص طور پر سخت دباؤ ڈالا گیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پولیس نے ان تمام نوجوانوں سے جبری اعترافات حاصل کر لئے۔ یہ اعترافات نہ صرف ایک دوسرے سے متصادم تھے بلکہ موقع واردات سے حاصل ہونے والے جسمانی شواہد سے بھی میل نہیں کھاتے تھے۔ اس کے باوجود، میڈیا نے ان لڑکوں کو ”ولف پیک“ یعنی خونخوار بھیڑیوں کے گروپ کے طور پر پیش کیا، جس نے عوامی غصے کو مزید بھڑکایا۔ عدالت میں یہ اعترافات مضبوط ثبوت کے طور پر پیش کیے گئے، اور جج اور جیوری نے انہیں کافی سمجھا۔ 1990 میں، پانچوں کو مختلف مدت کی سزائیں دی گئیں۔ ان کی عمریں کم ہونے کے باوجود انصاف کے نظام نے انہیں نابالغوں کے طور پر نہیں بلکہ مجرموں کے طور پر دیکھا۔ مجرموں کو سزائیں دلوانے میں اس وقت کے نوجوان اور آج کل نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پیش پیش تھے۔

سالوں بعد ، 2002 میں، ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا۔ ایک معروف قاتل اور ریپسٹ، میٹیاس ریز، نے اس جرم کا اعتراف کیا۔ اس نے وہ تفصیلات بتائیں جو صرف مجرم کو معلوم ہو سکتی تھیں، اور موقع واردات سے ملنے والے ڈی این اے شواہد نے اس کے بیان کی تصدیق کی۔ عدالت نے کیس کا دوبارہ جائزہ لیا، اور 13 سال بعد ، سینٹرل پارک فائیو کے خلاف الزامات ختم کر دیے گئے۔ بری ہونے کے باوجود، ان پانچوں کے لیے انصاف کا یہ لمحہ دیر سے آیا۔ انہیں اپنی جوانی، عزت اور خوابوں کی قربانی دینا پڑی۔ 2014 میں، نیویارک سٹی نے ان سے معافی مانگی اور 41 ملین ڈالرکا تصفیہ نقصان دیا۔ اگرچہ یہ ایک تاریخی معاوضہ تھا، لیکن اس سے ان کی کھوئی ہوئی زندگی واپس نہیں آ سکتی تھی۔

This combination photo shows, clockwise from top left, Raymond Santana, Yusef Salaam, Antron McCray, Korey Wise and Kevin Richardson, known as Central Park five. Donald Trump was found guilty in the same courthouse where five Black and Latino youths were wrongly convicted 34 years ago in the 1989 vicious attack on a white female jogger. (AP Photo)

یہ کیس عدالتی نظام کی ان غلطیوں کو اجاگر کرتا ہے جو تیزی سے انصاف کی خواہش میں اکثر انسانی حقوق کو روند دیتی ہیں۔ سینٹرل پارک جوگر کیس نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر کے عدالتی نظام کے لیے ایک سبق ہے۔ خاص طور پر پاکستان جیسے ممالک کے لیے، جہاں عدالتی نظام کو جبری اعترافات، ناقص تفتیش، اور غیر موثر عدالتی نگرانی کے مسائل کا سامنا ہے، یہ کیس اہم نکات فراہم کرتا ہے۔

پاکستان میں ایسے واقعات عام ہیں جہاں ملزمان کو تشدد یا دباؤ کے تحت جرم قبول کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ قانونی مدد کی عدم دستیابی اور فارنزک سائنس کی کمی کے باعث اکثر غلط فیصلے کیے جاتے ہیں۔ ان کیسز کو دوبارہ کھولنا اور غلط سزاؤں کو ختم کرنا تو دور کی بات ہے، معافی مانگنے یا متاثرین کو معاوضہ دینے کا کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا۔

سینٹرل پارک جوگر کیس اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایک مضبوط عدالتی نظام نہ صرف غلطیوں کو تسلیم کرتا ہے بلکہ ان کی اصلاح بھی کرتا ہے۔ یہی وہ مثبت رویہ ہے جس نے امریکہ کو ایک طاقتور قوم بنایا، جہاں انصاف کے اصولوں کو ہر ممکن حد تک نافذ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ سینٹرل پارک جوگر کیس نہ صرف عدالتی نا انصافیوں کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ یہ بھی دکھاتا ہے کہ انصاف جامد نہیں بلکہ ایک ارتقائی عمل ہے۔ امریکہ نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات کا ثبوت دیا کہ انصاف کے اصول ہی ایک عظیم قوم کی بنیاد ہوتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اس چیلنج کو قبول کرے گا؟

پاکستان، اگر وہ ترقی اور اعتماد چاہتا ہے، تو اپنے عدالتی نظام میں ان اصلاحات کو اپنانا ہو گا۔ شفافیت، احتساب، ججوں کی تعیناتی کا طریقہ کار اور جدید تفتیشی طریقوں کو اپنانا ہی وہ راستہ ہے جس سے عدالتی نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments HS

One thought on “جوگر کیس اور پاکستانی عدلیہ

  • 02/01/2025 at 11:59 شام
    Permalink

    پاکستان میں اگر انصاف چاہئے تو اچھا وکیل کرنے سے بہتر ہے اچھا جج کرلو۔
    ایک حدیث مختلف طریقوں سے بیان کی جاتی ہے۔
    جب دو قاضی دوزخ میں جائیں گے تو تیسرا جنت میں جائے گا۔

    فدوی کا ماننا ہے کہ شاید وہ تیسرا قاضی بھی پاکستانی نہ ہو۔

Comments are closed.