بقائے پاکستان میں پاک فوج کا کردار


قیام پاکستان سے اب تک ملکی تعمیر و ترقی میں پاک فوج کا اہم کردار رہا ہے، پاکستان آرمی وطنِ عزیز کا ایک ایسا ادارہ ہے جس نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی ایک ٹھوس اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج کے جانبازوں نے ہر دور میں ہر حالات میں ملک کے وقار کو بلند کیا۔ چاہے وہ کوئی بھی مقام ہو کیسے بھی حالات ہوں پاک فوج نے انتہائی مربوط اور منظم انداز میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

یوں تو پاک فوج کا ماضی ملکی سلامتی، یکجہتی، دفاع، آزادی، سالمیت اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے بڑا سنہرا، تاریخی اور شاندار رہا ہے۔ آزادی کے صرف اٹھارہ سال بعد ستمبر 1965 ء میں بھارت کی جانب سے وطن عزیز پر تھوپی گئی جارحیت کا جس بہادری اور شجاعت سے پاک آرمی نے مقابلہ کیا اُس کی دنیا کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔ اُس وقت پوری قوم پاک فوج کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی تھی۔ البتہ 1965 ء کی جنگ میں قوم میں جو اتحاد اور جذبہ جہاد اور شوق شہادت موجود تھا وہ 1971 ء کی جنگ کے دوران عملی طور پر نہیں دیکھا گیا۔ جس کی صرف اور صرف ایک وجہ تھی کہ دشمن نے اپنے مذموم عزائم و مقاصد کے لئے پاک فوج کو کمزور کرنے کے لئے اندر سے میر جعفر اور میر صادق پیدا کیے جنہوں نے عملی طور پر فوج کو تقسیم اور کمزور کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں سقوط ڈھاکہ ہوا۔

پاک فوج نے ہمیشہ وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ دُنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن سے لے کر پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے تپتے صحراؤں میں فوج ہی قوم کا آخری سہارا ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی سے جس طرح ہماری افواج نے نکالا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ پاک افواج نے نا صرف دہشت گردوں کا خاتمہ کیا بلکہ دہشت گردی کے عوامل کو بھی جڑ سے اکھاڑنے کی جدوجہد کی جس میں یہ کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔

وقت گواہ ہے کہ اگر اس پاک سرزمین نے لہو کا خراج مانگا تو وہاں افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں نے ہمیشہ سبقت لی۔ افسوس آج پھر سے اغیار کے ایجنڈے کی تکمیل اور یہود و ہنود کی سازش کے تحت ہمارے ملک پاکستان میں پاک افواج کے خلاف پروپیگنڈے کیے جا رہے ہیں، پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈہ دشمنوں کی سازش ہے، جو انشاءاللہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ ملکی وقار، بقاء سلامتی کے تحفظ کے لئے آواز بلند کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملکی سلامتی کے لئے خطرناک ہے اور قومی املاک، شہداء کی یادگاروں کا جلایا جانا افسوسناک ہے سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانا تمام ریاستی جماعتوں و اداروں کی ذمہ داری ہے، ملک میں جاری بحران کے حل کے لئے مذاکراتی عمل پروان چڑھایا جائے، محب وطن قوتوں کو اعتماد سازی کے عمل کے لئے آگے آنا ہو گا، موجودہ بحران کی ذمہ داری کسی ایک فریق پر ڈالنے کی بجائے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے احساس پاکستانیت جگانا ہو گا، ایک سیاسی جماعت کی طرف سے فوج کے خلاف غلط فہمیاں پھیلانے پر ہر محب وطن پاکستان خون کے آنسو رو رہا ہے، سیاسی بنیاد پر جاری محاذ آرائی میں قومی املاک، فوجی تنصیبات، شہداء کی یاد گاروں کا جلایا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔
پاک افواج ملکی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہیں انہیں سیاسی محاذ آرائی میں گھسیٹنا کسی صورت مناسب نہیں ہے۔

ملکی بقاء کے لئے معاشی خوشحالی بہت ضروری ہے اور ان سب کے لئے سیاسی استحکام بہت اہم حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ کئی ادوار سے ملک میں سیاسی عدم استحکام موجود رہا جس نے ملکی معیشت پر سب سے زیادہ اثر کیا۔ اس لیے وقت کی ضرورت کو سمجھنے اور ملکی بقاء اور عوام کی بہتری کے لئے آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر حکومت کے ساتھ مل کر معاشی ایجنڈے کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں اور اپنے ادارے سے کرپٹ افراد اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے کرپٹ ترین افراد کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے آرمی چیف کا ویژن اسی وقت عمل میں آ چکا ہے کاش ایسے ہی سیاسی حکومت بھی بلاتفریق کرپٹ ترین سیاستدانوں، کرپٹ ترین بیوروکریسی اور کرپٹ عناصر کی بیخ کنی کرے۔ اس طرح عوام بھی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے اور ملک معاشی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔

اس لیے ملکی بقاء و ملکی استحکام و معاشی ترقی حاصل کرنے کے لئے آج شدت سے اس امر کی ضرورت ہے کہ موجودہ بحران پر جلد قابو پانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں اپنی ذمہ دارایوں کا احساس کریں اور تمام سیاسی، مذہبی، علاقائی جماعتوں سمیت ہر محب وطن پاکستانی پاک فوج کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرے۔ کیونکہ مضبوط دِفاعِ اور مضبوط فوج کی بدولت ہی بقائے وطن ممکن ہے اگر ہم دشمن کے ایجنڈے کے مطابق اپنے محافظ کو متنازعہ اور فوج کو کمزور کریں گے تو ملک کی بقاء کسی صورت ممکن نہیں۔ اس لئے ملک کا ہر فرد مذہب و سیاسی وابستگی کو بالائے پشت رکھتے ہوئے دفاع وطن کے لیے ہر لمحہ تیار رہے کیونکہ ہمارے عزم اور طاقت سے ہی بنے گا مضبوط پاکستان اور افواج پاکستان سے تعلق رکھنے والے بہادر بیٹے اور بیٹیاں ہمارا مان اور ہماری شان ہیں ہم ان کا حوصلے بنتے رہیں گے تاکہ محافظوں کے حوصلے ہمیشہ بلند رہیں۔

جب کوئی مشکل اور کوئی دشمن ہمارے ارادوں سے مضبوط نہیں تو پھر کیوں نہ ہم آئیں آج سے یہ عہد کریں کہ ہم سب مل کر اس وطنِ عزیز کو خوشحال بنائیں گے، مل کے ہر دشمن کا مقابلہ کریں گے کیونکہ دِفاعِ وطن سے ہی بقائے وطن ممکن ہے۔ ہمارا پیشہ، مذہب، سیاست، زبان، علاقہ کوئی بھی ہو مقصد ایک ہی ہو گا کہ ہم وطن کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، ہماری دعائیں ہمارے شہداء کے ساتھ ہیں، بیشک اپنی مٹی سے محبت کرنے والے ہی اس کی حفاظت کرتے ہیں، مضبوط پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔ اللہ تعالیٰ پاک فوج اور ہمارے ملک پاکستان کو سلامت رکھے، اللہ تعالی ہمارے محافظوں کو اپنی رحمتوں سے نوازے اور شہدائے پاکستان کی مغفرت فرمائے، وطن عزیز کی حقیقی خادم اور محافظ پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

Facebook Comments HS