سوشل میڈیا: آزادی یا انارکی؟


 

سوشل میڈیا نے دنیا کو جوڑنے اور ہر فرد کو آواز دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج یہ آزادی اور انارکی کے درمیان معلق نظر آتا ہے۔ جہاں یہ پلیٹ فارم دبے کچلے طبقے کو آواز دینے کا ذریعہ بنا، وہیں یہ غلط معلومات، افواہوں، بدتمیزی اور کردار کشی کا میدان بھی بن چکا ہے۔ ہر دوسرا شخص خود کو صحافی، نقاد اور دانشور سمجھ بیٹھا ہے، مگر تحقیق اور ذمہ داری کا عنصر ناپید ہو چکا ہے۔ روایتی میڈیا میں خبر نشر ہونے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہوتی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر کوئی بھی بغیر تحقیق کے کچھ بھی شیئر کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں جھوٹ، سنسنی اور افواہیں پھیلتی ہیں۔ اس تیز رفتار دور میں، جہاں معلومات تک رسائی چند سیکنڈز میں ممکن ہے، وہاں جھوٹی خبروں کی روک تھام ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ کسی کے خلاف جھوٹا الزام لگانا، کردار کشی کرنا، یا جھوٹی خبروں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا معمول بنتا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے اسی غیر ذمہ دارانہ استعمال کے سبب معاشرتی تقسیم میں اضافہ ہو رہا ہے، اور لوگ بنا تصدیق کسی بھی معلومات پر یقین کر کے ردعمل دینا شروع کر دیتے ہیں، جو کہ اکثر اوقات معاشرتی انتشار کا سبب بنتا ہے۔

یہ پلیٹ فارم اظہارِ رائے کی آزادی کے ساتھ ساتھ بدتمیزی، نفرت انگیزی اور غیر ذمہ داری کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ آج لوگ سوشل میڈیا پر ایسی باتیں شیئر کر رہے ہیں جو نہ صرف اخلاقی حدود پار کرتی ہیں بلکہ کسی کی زندگی پر سنگین اثرات بھی ڈال سکتی ہیں۔ خاص طور پر خواتین کو اس آزادی کے منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز بغیر اجازت وائرل کر دی جاتی ہیں، جو بسا اوقات ان کی زندگی برباد کر سکتی ہیں۔ یہ مسئلہ صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ مجموعی طور پر ہم سب سوشل میڈیا کو غلط استعمال کر رہے ہیں۔ ہم تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے لیکن خود کسی پر بھی الزام تراشی اور کیچڑ اچھالنے سے دریغ نہیں کرتے۔ خاص طور پر پاکستان جیسے ممالک میں، جہاں لوگ خبروں کی تصدیق کیے بغیر ان پر یقین کر لیتے ہیں، سوشل میڈیا اکثر غلط فہمیوں، انتشار اور تنازعات کو جنم دیتا ہے۔ جعلی خبروں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو بدنام کرنا، مذہبی منافرت کو ہوا دینا اور جھوٹے الزامات لگا کر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنا ایک عام معمول بن چکا ہے۔

اس انارکی کا حل کیا ہے؟ سب سے پہلے ہمیں اپنے رویے بدلنے ہوں گے۔ ہمیں سمجھنا ہو گا کہ آزادیِ اظہار کا مطلب بدتمیزی، نفرت یا افواہ پھیلانا نہیں۔ ہمیں سوشل میڈیا کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہیے، جیسے کہ تعلیم، آگاہی، اور سماجی بھلائی کے لیے۔ اگر کسی کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے تو شائستگی اور حقائق کے ساتھ بات کی جائے، نہ کہ گالم گلوچ اور بہتان تراشی کے ذریعے۔ ہمیں خود بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا اور بغیر تصدیق کوئی خبر آگے بڑھانے سے گریز کرنا ہو گا۔ لوگوں کو میڈیا لٹریسی سکھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ سوشل میڈیا پر ہر نظر آنے والی چیز سچ نہیں ہوتی۔ اس کے ساتھ ساتھ، ہمیں انفرادی سطح پر بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا اور سوشل میڈیا پر مثبت مواد پھیلانے کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی، تاکہ یہ پلیٹ فارم صرف افواہوں کا گڑھ نہ بنے بلکہ ایک مفید معلوماتی ذریعہ بھی ثابت ہو۔

حکومت اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ موثر قانون سازی ہونی چاہیے جو جھوٹی خبروں، ہراسانی، اور کردار کشی جیسے معاملات پر قابو پا سکے۔ تعلیمی اداروں میں میڈیا لٹریسی کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ لوگ یہ سیکھیں کہ کس طرح خبروں کی تصدیق کریں اور سوشل میڈیا کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ اگر ہم اس آزادی کا مثبت استعمال کریں گے تو سوشل میڈیا ایک موثر اور فائدہ مند ذریعہ بن سکتا ہے، نہ کہ انتشار اور بدتہذیبی کا میدان۔ ہمیں سوشل میڈیا کو بطور طاقتور ذریعہ استعمال کرنا ہو گا، لیکن اس طاقت کو مثبت سمت میں موڑنے کے لیے ذمہ داری اور شعور کو بھی فروغ دینا ہو گا، ورنہ یہ آزادی ایک ایسی انارکی میں بدل جائے گی جو معاشرے کو مزید نقصان پہنچائے گی۔

Facebook Comments HS