جبری خوبصورتی کا تصور: ایک نفسیاتی بوجھ
خوبصورتی کا تصور ہمیشہ سے انسانی سماج کا حصہ رہا ہے لیکن جدید دور میں یہ تصور خاص طور پر خواتین کے لیے ایک گہرا نفسیاتی بوجھ بن چکا ہے۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، فلموں، ٹی وی ڈراموں، اشتہارات، سوشل میڈیا اور فیشن انڈسٹری نے اس تصور کو ایک مخصوص معیار میں قید کر دیا ہے جس میں چمکتی ہوئی جلد، گوری رنگت، دبلا پتلا جسم، متناسب چہرہ، اور جدید طرزِ لباس شامل ہیں۔ خواتین کی اکثریت جو ان مصنوعی معیارات پر پورا نہیں اترتیں وہ سماجی دباؤ کی وجہ سے احساسِ کمتری کا شکار رہتی ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ان معاملات اور مسائل کو کبھی بھی بامعنی گفتگو یا مکالمے حصہ نہیں بنایا گیا کہ آخر یہ جمالیاتی معیارات ہیں کیا؟ ان کی تشکیل کس طرح کی جاتی ہے؟ دنیا میں خوبصورتی کا معیار کبھی بھی فطری، واحد یا مستقل نہیں رہے ہیں۔ ہر تہذیب نے اپنے سماجی، ثقافتی اور تاریخی سیاق و سباق کے مطابق خوبصورتی کے مختلف معیارات وضع کیے ہیں۔ یونانی دور میں حسن جسمانی توازن اور ہم آہنگی سے منسلک تھا۔ برصغیر میں بڑی آنکھیں اور لمبے گھنے سیاہ بال حسن کی علامت سمجھے جاتے تھے جبکہ افریقی معاشروں میں چوڑی ناک، موٹے ہونٹ اور خواتین کا فربہ جسم خوبصورتی کی علامت تھے۔ اسی طرح عرب ثقافت میں بھی فربہ مضبوط جسم اور خوبصورت آنکھوں کو حسن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
لیکن آج کے دور میں مغربی دنیا کا ”گورا اور دبلا“ حسن کا تصور پوری دنیا میں ایک غالب معیار کے طور پر نافذ کیا جا چکا ہے۔
انیسویں صدی کے نو آبادیاتی دور میں یورپی طاقتوں نے مغربی جمالیات کو منصوبہ بندی کے تحت ایک ”عالمی معیار“ کے طور پر مسلط کیا۔ غیر مغربی غیر یورپی خوبصورتی کو کمتر اور پس ماندہ قرار دیا گیا اور بیسویں صدی میں میڈیا اور اشتہارات کے ذریعے اس ”عالمی حسن“ کے تصور کو تجارتی بنا دیا گیا۔ خوبصورتی نہ صرف ایک دیکھنے کی چیز بنی بلکہ سرمایہ دارانہ منڈی میں تبدیل ہو گئی۔ ایک ایسی مصنوعی جنس جسے پیدا بھی کیا جا سکتا ہے اور بیچا بھی جا سکتا ہے جسے Commodification of Beauty کہا جاتا ہے۔ موجودہ دور میں یہی جبری خوبصورتی کا تصور خواتین کے لیے ایک شدید نفسیاتی چیلنج بن گیا ہے۔ جب سماج عورت کی قدر و قیمت کو محض اس کے جسمانی معیار سے جوڑ دیتا ہے تو خواتین مسلسل اپنا موازنہ ان معیارات سے کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ وہ خود سے پوچھتی ہیں کیا میری جلد چمکدار ہے؟ کیا میری رنگت گوری ہے؟ کیا میں کافی دبلی ہوں؟ کیا میرا جسم ”قابلِ قبول“ ہے؟ یہ مستقل خود احتسابی اور جسمانی جانچ اضطراب، ڈپریشن، مایوسی، احساس کمتری، شرمندگی اور جسم سے نفرت جیسے ذہنی مسائل کو جنم دیتی ہے۔
باڈی شیمنگ، جسمانی خد و خال پر منفی تبصرے اور تضحیک اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بناتی ہے۔ یہ عمل صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین بھی ایک دوسرے پر یہی سماجی دباؤ ڈال کر اس نظام کو دوام دیتی ہیں۔ نتیجتاً خواتین اپنی فطری شناخت کو ترک کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ وہ ”معیاری حسن“ کو پانے کے لیے گورا کرنے والی کریمیں، بال سیدھا کرنے کی تکنیک، یا حتیٰ کہ کاسمیٹک سرجری کا بھی سہارا لیتی ہیں۔ یہی دباؤ سماجی سطح پر تعلیمی اور پروفیشنل جگہوں پر بھی موجود ہوتا ہے جہاں خوبصورتی کو اکثر و بیشتر کامیابی سے جوڑ دیا جاتا ہے۔
خوبصورتی کے یہ معیارات درحقیقت طاقتور ثقافتی، معاشی اور سیاسی اداروں کی تشکیل ہوتے ہیں۔ جو میڈیا، فیشن، اور اشتہارات کے ذریعے مخصوص جمالیاتی تصورات کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ معیار نہ فطری ہوتے ہیں نہ معصوم بلکہ یہ سرمایہ داری کے اس جبر کا حصہ ہیں جو انسانی جسم، خاص طور پر خواتین کے جسم کو منڈی کی شے میں بدل دیتا ہے۔ مغربی جمالیات کو ”عالمی“ بنا کر مقامی ثقافتوں پر مسلط کیا جاتا ہے اور اسے قبول کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ جس کے نتیجے میں خوبصورتی کا تصور ایک یونیورسل نو آبادیاتی معیار میں ڈھل جاتا ہے۔ یہ معیار نہ صرف خواتین کی شناخت اور انفرادیت کو محدود کرتی ہیں بلکہ یہ ان کی ذہنی و جسمانی خودمختاری پر براہِ راست حملہ بھی ہے۔
اس لیے خوبصورتی کا تصور محض ذاتی پسند یا فطری کشش نہیں بلکہ ایک گہری سیاسی، ثقافتی اور معاشی ساخت (Construct) کا حصہ ہے جسے سمجھنے اور چیلنج کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ تمام آرائشی و زیبائشی طریقے جیسے فیس لفٹ، فلرز، کاسمیٹک سرجری، اور بوٹوکس درحقیقت صرف ”خوبصورتی“ کے نام پر خواتین پر ایک مہنگا اور مصنوعی نظام مسلط کرتے ہیں۔ یہ طریقے مغربی اور سرمایہ دارانہ جمالیات کو ایک آفاقی معیار کے طور پر پیش کر کے خواتین کے جسم کو نہ صرف کمرشلائز کرتے ہیں بلکہ ان کی خودی، انفرادیت اور فطری شناخت کو منظم طور پر مسخ کرتے ہیں۔ عمر رسیدگی، جھریاں، سانولا رنگ، اور فطری خد و خال جو انسانی زندگی کی فطری اور قابلِ احترام کیفیات ہیں انہیں ”مسئلہ“ یا ”کمزوری“ بنا کر بیوٹی انڈسٹری اربوں ڈالر کماتی ہے۔ اس عمل میں عورت کو مسلسل اپنے جسم سے عدم اطمینان، شرمندگی اور خوف میں مبتلا رکھا جاتا ہے۔ یہ صرف جسمانی تبدیلی کا معاملہ نہیں بلکہ ایک گہری ثقافتی، نفسیاتی اور نظریاتی یلغار ہے جو خواتین کی خودمختاری، شناخت، آزاد وجود اور جمالیاتی آزادی کو کمزور کرتی ہے۔ کلچرل اسٹڈیز کے تناظر میں یہ لازم ہے کہ ہم اس ”خوبصورتی کے استبداد“ اور ”خوبصورتی کی آمریت“ کو ایک سیاسی و ثقافتی جبر کے طور پر پہچانیں اس کے خلاف شعور بیدار کریں اور ایسے متبادل جمالیاتی تصورات اور حسن کے معیار کو فروغ دیں جو فطری تنوع، خودی، اور مقامی شناخت کو قدر کی نگاہ سے دیکھے۔
خوبصورتی کے سرمایہ دارانہ نو آبادیاتی تصور کو چیلنج کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ یہ تصور خواتین کو محض جسمانی اشیاء اور صارفین میں بدل دیتا ہے جبکہ ”خوبصورتی کے یورپی عالمی معیار“ کے مقابل متبادل جمالیاتی معیارات کی تلاش ایک انسانی، مزاحمتی اور تخلیقی عمل ہے۔ فطری خوبصورتی اور جسمانی تنوع (Diversity) کی قبولیت اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ ہر رنگ، جسامت اور خد و خال حسن کا درجہ رکھتے ہیں۔ جس طرح افریقہ کی نیچرل ہیئر موومنٹ اس نوآبادیاتی شرمندگی کے خلاف ایک ثقافتی خودمختاری کا اعلان ہے۔ اسی طرح صنف اور خوبصورتی کے رشتے کو توڑتے ہوئے غیر صنفی فیشن تحریکیں ہمیں خوبصورتی کو ایک اظہار کے طور پر دیکھنے کی دعوت دیتی ہیں۔ سرمایہ دارانہ تصور خوبصورتی کو جوانی سے جوڑتا ہے مگر جاپانی ”وابی سابی“ (Wabi Sabi) فلسفہ عمر رسیدگی، جسمانی نقص اور سادگی کو بھی حسن مانتا ہے۔ اور آخر میں خودی اور خود کا تعین کردہ خوبصورتی کا تصور جیسے باڈی پوزیٹیوٹی تحریکوں میں ظاہر ہوتا ہے۔ Body Positivity Movement بھی ایک سماجی اور ثقافتی تحریک ہے جو اس خیال کو فروغ دیتی ہے کہ ہر جسم، چاہے وہ کسی بھی سائز، رنگ، عمر یا شکل کا ہو، اپنی فطری حالت میں خوبصورت اور قابلِ احترام ہے۔ یہ تحریک سرمایہ دارانہ اور مغربی حسن کے تنگ نظر معیار کو چیلنج کرتی ہے۔ جسمانی شرمندگی (Body Shaming) کے خلاف مزاحمت کرتی ہے اور افراد کو اپنے جسم سے محبت کرنے اور خود کو جیسے وہ ہیں ویسا ہی قبول کرنے کی آزادی دیتی ہے۔ اس تحریک میں موٹے افراد، سیاہ فام، معذور اور صنفی اقلیتوں سمیت سب کی شمولیت کی کوشش کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر پلس سائز ماڈلز کی موجودگی نے اس تحریک کو عالمی سطح پر مقبول بنایا ہے جو حسن کو محض ایک تجارتی جنس یا شے نہیں بلکہ ایک انسانی حق کے طور پر دیکھتی ہے۔
انسان کو اپنے جسم اور وجود سے محبت کا حق دیتا ہے۔ یہ سب متبادل نہ صرف خوبصورتی کو وسعت دیتے ہیں بلکہ ایک ایسی دنیا کا خواب بھی دکھاتے ہیں جہاں حسن، شناخت اور خودمختاری ایک دوسرے کے خلاف نہیں، ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ پاکستانی ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، کلچرل اسٹڈیز کے ماہرین اور ثقافتی اسکالرز کو خوبصورتی کے سرمایہ دارانہ اور کالونیل تصور کے خلاف فعال ادبی و ثقافتی مزاحمت کرنی چاہیے۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنی تحریروں، شاعری اور دیگر تخلیقات میں صرف گوری رنگت، دبلی پتلی جسامت یا مغربی طرزِ لباس کو خوبصورتی کا معیار ماننے والے بیانیے کو چیلنج کریں۔ ادب کے ذریعے انہیں مقامی خوبصورتی، دیہی عورت کا حسن، سانولی رنگت، فربہ جسم، جھری دار چہرے اور مقامی ثقافتی شناخت کو حسن کے استعارے کے طور پر پیش کرنا چاہیے۔ شاعروں کو چاہیے کہ وہ روایتی ”مثالی حسن“ کے بجائے روزمرہ عورت کے فطری خد و خال کو جمالیاتی اظہار کا حصہ بنائیں۔ ڈراما نگاروں اور فلم سازوں کو چاہیے کہ وہ کرداروں کے ذریعے حسن کو ایک فطری، انسانی اور ثقافتی تجربے کے طور پر دکھائیں نہ کہ ایک مارکیٹ کی پروڈکٹ کے طور پر۔ کلچرل اسٹڈیز اور ثقافتی تنقید کے ذریعے ان جمالیاتی معیارات کی استعماری اور تاریخی جڑوں کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے تاکہ عوامی شعور کو مقامی، انسانی اور متنوع جمالیاتی تصورات کی طرف واپس لایا جا سکے۔ اور سب سے بڑھ کر محض جوانی کو ہی حسن کا واحد پیمانہ قرار دینے کی روش، عادت اور روایت کو ختم کرنا چاہیے۔ کیونکہ عمر رسیدگی، تجربہ، وقار اور جھریوں میں بھی حسن چھپا ہوتا ہے۔ اس طرح ادبی و ثقافتی مزاحمت خوبصورتی کو استحصال سے نکال کر خودی، تنوع اور آزادی سے جوڑ سکتی ہے۔

