عشق محبت اور عادت
عشق، محبت اور عادت۔ یہ تینوں الفاظ بظاہر ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، مگر ان کے پیچھے چھپے جذبات، اثرات اور نتائج نہایت مختلف ہوتے ہیں۔ ان میں فرق نہ سمجھنے سے ہم اکثر خود کو ذہنی الجھنوں، ٹوٹے ہوئے رشتوں اور جذباتی تکلیفوں کا شکار بنا لیتے ہیں۔ زندگی میں ہم جب کسی سے قریب ہوتے ہیں تو یہ قربت کبھی عشق بن جاتی ہے، کبھی محبت اور کبھی محض ایک عادت۔ ہم ان رشتوں کو کسی ایک نام میں قید کرنا چاہتے ہیں، مگر جذبات انسان کی فطرت سے جُڑے ہوتے ہیں، ان کا دائرہ بہت وسیع ہوتا ہے۔
عشق وہ کیفیت ہے جو انسان کو اس کی ذات سے بے گانہ کر دیتی ہے۔ وہ اپنے محبوب کو اپنا خدا، اپنی زندگی، اپنا مقدر سمجھنے لگتا ہے۔ عشق میں شدت ہوتی ہے، اور بعض اوقات یہ شدت جنون کا روپ دھار لیتی ہے۔ انسان اپنی حدود سے باہر نکل جاتا ہے، اور اسے صرف محبوب کی خوشی، موجودگی اور توجہ چاہیے ہوتی ہے۔ تاریخ میں مجنوں، ہیر، سسی، شیریں جیسے کردار ہمیں عشق کی انتہا دکھاتے ہیں جنہوں نے اپنے محبوب کی خاطر نہ صرف دنیا کو چھوڑا بلکہ بعض نے اپنی جان تک قربان کر دی۔ عشق میں انسان دوسروں کی بات نہیں سنتا، خاندان، سماج، اور اصولوں کو خاطر میں نہیں لاتا۔ یہ جذبہ کئی بار انسان کو بلند بھی کرتا ہے اور کئی بار خاک میں بھی ملا دیتا ہے۔ یہ دل کی دنیا میں آتش فشاں کی مانند ہوتا ہے، جو کچھ بھی رستے میں آئے، جلا کر راکھ کر دیتا ہے۔
دوسری طرف محبت ایک خاموش، پُرسکون اور گہرا جذبہ ہے۔ یہ کسی ایک شخص تک محدود نہیں ہوتی۔ ماں کی ممتا، دوست کا خلوص، استاد کی شفقت، بہن بھائیوں کی قربت، سب محبت کی مختلف شکلیں ہیں۔ محبت میں قربانی ہے، مگر اس میں شدت کم اور سکون زیادہ ہوتا ہے۔ اگر عشق آنکھوں کی روشنی چھین لیتا ہے تو محبت دل کو روشنی دیتی ہے۔ ایک ماں جو راتوں کو جاگ کر اپنے بچے کو دیکھتی ہے، وہ محبت ہے۔ ایک شوہر جو بیوی کے دکھ کو بانٹتا ہے، وہ محبت ہے۔ ایک دوست جو مشکل وقت میں خاموشی سے ہاتھ تھامے کھڑا ہوتا ہے، وہ محبت ہے۔ محبت وہ احساس ہے جو انسان کو انسان بناتا ہے۔ اس میں خود کو مٹا دینا نہیں بلکہ دوسروں کے لیے جینا شامل ہوتا ہے۔
پھر آتی ہے عادت۔ عادت ایک ایسا تعلق ہے جو وقت کے ساتھ پیدا ہوتا ہے، اور اکثر ہم اسے غلطی سے محبت یا عشق سمجھ لیتے ہیں۔ کسی کے ساتھ روز بات کرنا، روز ایک ساتھ کھانا کھانا، روزانہ کے معمولات میں اس کی موجودگی، آہستہ آہستہ انسان کے اندر ایک خلاء بناتی ہے جو اس کی غیر موجودگی میں تکلیف دیتا ہے۔ ہم اس شخص کو نہیں، اس کی عادت کو یاد کرتے ہیں۔ ایک بیوی جو شوہر کے سخت رویے کے باوجود طلاق نہیں لیتی، وہ اکثر محبت نہیں بلکہ عادت کا شکار ہوتی ہے۔ وہ اس زندگی کی عادی ہو جاتی ہے، اس رویے کی عادی، اس آواز، اس بو، اس تنقید کی عادی۔ یہ عادت اتنی گہری ہو جاتی ہے کہ جب وہ رشتہ ختم ہوتا ہے تو تکلیف محبت کے کھو جانے کی نہیں بلکہ مانوسیت کے ٹوٹنے کی ہوتی ہے۔
نفسیاتی لحاظ سے دیکھا جائے تو عشق انسان کو اندھا کر دیتا ہے۔ وہ حقیقت کا ادراک کھو بیٹھتا ہے۔ اکثر نوجوان عشق کے نام پر جذباتی فیصلے کرتے ہیں، گھر سے بھاگتے ہیں، خودکشی جیسے انتہائی قدم اٹھاتے ہیں۔ یہ سب اس کیفیت کی شدت کی وجہ سے ہوتا ہے جو دماغ کو منطقی سوچ سے محروم کر دیتی ہے۔ محبت اس کے برعکس ذہن کو تقویت دیتی ہے۔ انسان کو تحفظ، اعتماد اور ذہنی سکون مہیا کرتی ہے۔ محبت کرنے والا فرد اکثر مضبوط اعصاب کا مالک ہوتا ہے، کیونکہ وہ کسی کی خوشی میں اپنی خوشی تلاش کرنا سیکھ لیتا ہے۔ عادت کا نفسیاتی اثر تھوڑا پیچیدہ ہوتا ہے۔ یہ انسان کو اندر ہی اندر مفلوج کر دیتی ہے۔ وہ شخص جو کسی خاص رشتے کا عادی ہوتا ہے، جب وہ رشتہ ختم ہوتا ہے تو وہ خالی پن میں گِر جاتا ہے، ایک ایسی خاموش اذیت میں جو دوسروں کو نظر نہیں آتی۔
معاشرتی سطح پر عشق کو اکثر بغاوت سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر ہمارے جیسے مشرقی معاشروں میں۔ اگر کوئی لڑکی عشق میں مبتلا ہو جائے تو خاندان کی عزت، غیرت اور اقدار خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ کئی لڑکیاں غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں۔ لڑکوں کو والدین جائیداد سے عاق کر دیتے ہیں۔ اس سب کے باوجود لوگ عشق کرتے ہیں، کیونکہ یہ فطرت کا حصہ ہے۔ محبت کو معاشرہ زیادہ قبول کرتا ہے، کیونکہ یہ خاندانی اور دینی دائرے میں رہتی ہے۔ شادی کے رشتے، والدین کا پیار، سب اسی محبت کے دائرے میں آتے ہیں۔ عادت کو معاشرتی سطح پر نہ تو اہمیت دی جاتی ہے، نہ ہی اس پر بات کی جاتی ہے۔ حالانکہ کئی شادیاں صرف عادت کے سہارے چلتی ہیں۔ بیویاں شوہروں کے ظلم برداشت کرتی ہیں، صرف اس لیے کہ وہ اس رویے کی عادی ہو چکی ہیں۔ بچے ایسے والدین کو برداشت کرتے ہیں جو ہر وقت لڑتے ہیں، صرف اس لیے کہ وہ اس ماحول کے عادی ہو گئے ہیں۔
ایک لڑکی جو یونیورسٹی میں اپنے استاد سے متاثر ہو کر بات چیت شروع کرتی ہے، پہلے اس بات چیت سے خوشی محسوس کرتی ہے، پھر اسے روز اس کی بات سننے کی عادت ہو جاتی ہے۔ پھر ایک دن جب استاد اس سے فاصلہ اختیار کرتا ہے تو وہ لڑکی بے چین ہو جاتی ہے۔ وہ سمجھتی ہے کہ وہ اس سے عشق کرتی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اس کی توجہ کی عادی ہو چکی تھی۔ ایسے بے شمار واقعات ہمارے گرد روز ہوتے ہیں۔ کئی مرتبہ لوگ برسوں ایک رشتے میں رہتے ہیں، اور پھر جب وہ ختم ہوتا ہے تو وہ خود سے سوال کرتے ہیں : کیا میں واقعی محبت کرتا تھا؟ یا یہ محض ایک عادت تھی؟ بعض اوقات جواب چونکا دینے والا ہوتا ہے۔
ہماری شاعری، ادب، فلمیں اور ڈرامے بھی ان تین جذبات کو مختلف زاویوں سے پیش کرتے ہیں۔ ”عشق میں ہم تمہیں کیا بتائیں کیا کھو بیٹھے“ ، ”محبت کرنے والوں کا مقام الگ ہوتا ہے“ ، ”تم نہ ہوتے تو شاید میں اتنا اداس نہ ہوتا“ ۔ یہ سب جملے اسی اندرونی کشمکش کو بیان کرتے ہیں جہاں عشق، محبت اور عادت ایک دوسرے سے الجھ رہے ہوتے ہیں۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم ان تینوں کیفیات میں فرق نہیں کر پاتے۔ ہم جب کسی کو کھوتے ہیں تو ہمیں لگتا ہے کہ ہم محبت یا عشق کھو بیٹھے ہیں، حالانکہ کئی مرتبہ ہم صرف ایک عادت کھو رہے ہوتے ہیں۔ جب ہم کسی کی توجہ کے عادی ہو جاتے ہیں، اس کی باتوں، اس کی موجودگی کے، تو اس کے بغیر جینا مشکل لگتا ہے۔ یہ کوئی روحانی بندھن نہیں ہوتا، بلکہ نفسیاتی مانوسیت ہوتی ہے۔
زندگی میں ہر رشتہ، ہر تعلق، ہر جذبہ اپنی جگہ رکھتا ہے۔ عشق ہمیں جذبوں کی شدت سکھاتا ہے، محبت ہمیں توازن دیتی ہے، اور عادت ہمیں تسلسل کا احساس دلاتی ہے۔ لیکن ان میں فرق نہ سمجھنے سے ہم رشتوں کو بوجھ بنا لیتے ہیں۔ ہمیں سیکھنا ہو گا کہ اگر کوئی ہماری زندگی سے چلا جائے، تو ہمیں یہ پرکھنا چاہیے کہ وہ عشق تھا، محبت تھی یا صرف ایک عادت۔ اگر ہم یہ فرق سمجھ جائیں تو ہم بہت سی الجھنوں، تکلیفوں اور غلط فیصلوں سے بچ سکتے ہیں۔
یہ زندگی ایک طویل سفر ہے، اور اس میں ہمیں کئی چہرے ملتے ہیں۔ کچھ چہرے دل میں جگہ بنا لیتے ہیں، کچھ ہماری روح میں اتر جاتے ہیں، اور کچھ صرف روزمرہ کے معمولات کا حصہ بن کر ایک خاموش ضرورت بن جاتے ہیں۔ ان سب کا احترام ضروری ہے، لیکن ان میں فرق سمجھنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ کیونکہ اکثر ہم جسے محبت سمجھ رہے ہوتے ہیں، وہ صرف عادت ہوتی ہے۔ اور جسے ہم عشق کا نام دیتے ہیں، وہ کبھی ایک وقتی کشش، یا شدید تنہائی کا ردِعمل بھی ہو سکتا ہے۔
اگر ہم اپنے جذبات کو سمجھنا سیکھ جائیں، تو ہم خود کو بھی بہتر سمجھ سکتے ہیں، اور دوسروں کے ساتھ تعلقات کو بھی زیادہ صحت مند، مثبت اور پائیدار بنا سکتے ہیں۔ عشق، محبت اور عادت یہ تینوں انسان کی زندگی کا حصہ ہیں، مگر ان کا مقام، ان کا وزن، اور ان کا اثر الگ الگ ہوتا ہے۔ بس ضرورت صرف اس شعور کی ہے جو ہمیں بتا سکے کہ ہم جسے تھامے بیٹھے ہیں، وہ محبت ہے، عشق ہے یا صرف ایک پرانی، خاموش، اور کبھی کبھار تکلیف دہ عادت۔


