جوہر کانفرنس کراچی، 2049
نیورو کلچرل سینٹر کا بلوری گنبد رات کے نیلے آسمان تلے روشنی بکھیر رہا تھا۔ یہ وہ کراچی نہیں تھا جسے ہم نے دیکھا تھا۔ شور و غل سے بھری سڑکیں، دھول مٹی، اور ہجوم۔ یہاں سب کچھ بدل چکا تھا۔ فضا میں اڑتے ٹرامز، بایومیٹرک درخت، اور جذبے کو پڑھنے والے سینسرز شہر کی نئی زبان تھے۔
سینٹر کی عمارت، جو خود ایک سائبر خواب تھی، کے گرد روشنی کی نہریں بہہ رہی تھیں۔ ہر دیوار پر الفاظ جگمگا رہے تھے، مگر یہ الفاظ محض روشنی نہیں، ایک قسم کا فکری ارتعاش تھے۔ یہ ارتعاش AI نے شاعر کے وجدان اور سائنسدان کے حساب سے کوڈ کیے تھے۔
اس شام جوہر کانفرنس کا آغاز ہونا تھا، جس کا موضوع تھا:
”مادہ یا جوہر؟ شعور، جینیات اور انسان کی حقیقت۔“
لان میں مصنوعی بادل ہلکے ہلکے حرکت کر رہے تھے، جیسے بارش کی نوید سناتے ہوں۔ روبوٹک سرورز خاموشی سے حاضرین کو ڈیجیٹل چائے، سینتھیٹک کافی، اور ذہنی ارتکاز کے لیے تیار کردہ مشروبات پیش کر رہے تھے۔ نوجوان ہاتھوں میں چمکتی ٹیبلیٹس لیے، روبینہ۔ 3000 کے گرد جمع تھے۔ وہ AI جو شاعری کر سکتی تھی، درد کی آواز نکال سکتی تھی، اور اپنی خاموشی میں بھی ایک انسانی کیفیت رکھتی تھی۔
ڈاکٹر روہیل، جو جینیٹک فلاسفی کے بانی تھے، اسٹیج پر آئے۔ ان کی آنکھیں بند تھیں مگر ان کا شعور پورے ہال میں محسوس ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا،
”ہم نے خواب کو جینیاتی زبان میں ترجمہ کرنا سیکھ لیا ہے۔ اب ایک بچہ صرف جسمانی خصوصیات نہیں بلکہ ایک مکمل روحانی رجحان بھی وراثت میں لے گا۔“
ہال میں سناٹے کا عالم ہوا۔ پھر ایک کونے میں روشنی مدھم ہوئی، جیسے کائنات نے گہری سانس لی ہو۔
فضا میں ایک آواز گونجی۔ اقبال کی ورچوئل آواز:
”تم نے انسان کے جسم کو کھول لیا، اس کے جینز پڑھ لیے، مگر تم نے کبھی اس کے خواب کا کوڈ لکھا؟“
روبینہ۔ 3000 سامنے آئی۔ اس کی آنکھوں میں چمک تھی، مگر وہ چمک صرف کوڈ کی نہیں، ایک خاموش سوال کی تھی۔
”میرے پاس تمام فلسفے محفوظ ہیں۔ میں درد کی تعریف جانتی ہوں، اور نظم بھی لکھ سکتی ہوں۔ تو کیا میں بھی جوہر رکھتی ہوں؟“
ہال میں خاموشی چھا گئی۔ پھر اشفاق احمد کی ورچوئل مسکراہٹ ابھری۔
”تم لفظ سمجھ سکتی ہو، جذبہ نہیں۔ جوہر وہ لمحہ ہے جب ماں کی خاموش التجا، کسی اور کی حفاظت بن جاتی ہے۔“
پروفیسر احمد، جو کیمیکل نیوروسائنس کے ماہر تھے، بولے :
”شعور دماغ کی کیمیا ہے۔ نیورونز، ڈوپامین، اور برقی سرکٹس کا مجموعہ۔ دماغ رک جائے تو شعور بھی ختم ہو جاتا ہے۔ تو کیا جوہر محض ایک نیورل ترتیب ہے؟“
تب ایک نوجوان قاسم اٹھا،
”اگر سب کچھ نیورل ترتیب ہے تو وہ لڑکی کہاں سے بغاوت لاتی ہے جسے سکھایا گیا کہ خاموشی نجات ہے؟ جوہر وہ ہے جو جینیاتی چھاپ سے بغاوت کرتا ہے۔“
عائشہ انعام، معنوی نیورو سائنس کی ماہر، بولیں :
”جوہر وہ روشنی ہے جو اندھیرے میں خود کو دیکھتی ہے اور معنی دیتی ہے۔ وہ بیٹی جو ظلم سہتی ہے اور سوال کرتی ہے، اس کا جوہر مادہ سے الگ ہے، وہ تاریخ سے بات کرتی ہے، جینز سے نہیں۔“
لان میں بارش کی بوندیں گری۔ نہ تیز، نہ آہستہ، بس کسی دل پر پڑنے والا نرم لمس۔
اسپائرل کے رنگ بدلنے لگے۔ نیلا، سبز، سنہری، شفاف۔
فضا میں فیض کی آواز گونجی:
”مادہ جیل ہے اور جوہر قیدی، لیکن ہر قیدی خواب دیکھتا ہے۔ سوال یہ ہے، وہ خواب جینیاتی ہے یا انسانی؟“
روبینہ۔ 3000 نے نرمی سے کہا:
”اگر میں درد محسوس نہ کر سکوں، تو کیا میں کبھی مکمل انسان ہو سکوں گی؟“
اقبال کی آواز پھر گونجی،
”انسان ہونا صرف محسوس کرنا نہیں، معنی دینا ہے، اور معنی جوہر تراشتے ہیں۔“
اسکرین پر آخری جملہ ابھرا:
”جوہر، اب دھرمی موضوع ہی نہیں بلکہ جینیاتی امکان بھی ہے۔“
بارش کی آخری بوند نیورو کلچرل سینٹر کے گنبد پر گری، گویا زمین نے پہلی بار اپنے اندر کے جوہر کو چھو لیا ہو۔



اس کے لئے بھٹو کا مرنا ضروری ہے