عمران خان نے عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان کا نام اسد عمر نے شامل کیا: فرحان ورک
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر فرحان ورک نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ان کا نام وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اقتصادی مشاورتی کونسل میں شامل کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں احمدی معیشت دان عاطف میاں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ معیشت دان عاطف میاں کے اقتصادی کونسل میں شامل ہونے کے بعد سے تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا ہے جبکہ تحریک لبیک احتجاج کی کال بھی دے چکی ہے ۔ اس سے پہلے کہ احتجاج سوشل میڈیا سے نکل کر سڑکوں پر پہنچے، حکومت نے عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جہانگیر ترین کی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر فرحان ورک نے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے لکھا ”تمام پاکستانی بہن بھائیوں کے لئے خوشخبری! انتہائی اہم ذرائع سے معلوم ہواہے کہ خان صاحب کے نوٹس میں آج عاطف میاں کا معاملہ لایا گیا اور خان صاحب نے اسے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن حتمی فیصلہ اب اسد عمر وزیر خزانہ کے ہاتھ میں ہے کیونکہ عاطف میاں کا نام انہوں نے ڈالا تھا۔ انشااللہ امید ہے اسد عمر بھی عاطف میاں کا نام آج ہٹا دیں گے۔ خان صاحب کے بھی احکامات جاری ہونے والے ہیں، آج ہی یہ مسلہ حل ہوجائے گا انشااللہ“۔


