”فیلڈ مارشل“ ضیا الحق کا شکریہ



جنرل محمد ضیا الحق کو اس دنیا سے رخصت ہوئے بتیس سال بیت گئے۔ 1988 ء کے ماہ اگست کی سترہ تاریخ کو ان کا فوجی طیارہ بہاولپور کے نزدیک حادثے کا شکار ہوا، اور وہ ٹینکوں کا ایک نمائشی مظاہرہ دیکھنے کے بعد اسلام آباد واپس آنے کی بجائے وہاں پہنچ گئے، جہاں جانا تو سب کو ہے، واپس کسی نے نہیں آنا۔ جنرل صاحب کے ساتھ جان دینے والوں میں چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل اختر عبدالرحمن کے علاوہ ایک لیفٹیننٹ جنرل، تین میجر جنرل اور پانچ بریگیڈیئر بھی شامل تھے۔

پاکستان میں متعین امریکی سفیر اور پینٹاگون کے ایک نمائندہ فوجی افسر بھی اس بدقسمت طیارے میں سوار تھے۔ ابھی تک اس طیارے کی تباہی کے اسباب کا تعین نہیں کیا جاسکا، نہ وہ ہاتھ تلاش کیے جا سکے ہیں جو اس کے ذمہ دار تھے۔ انہوں نے جو دستانے پہن رکھے تھے، وہ لہو کی تلاش میں رکاوٹ بن گئے۔ ان میں سے کون ابھی زندہ ہے، اور کون کون اپنی فرد عمل کے ساتھ منصف حقیقی کے روبرو پیش ہو چکا، اس بارے میں بھی قطعیت کے ساتھ کچھ کہنا ممکن نہیں۔

جنرل ضیا الحق کو اسلام آباد کی فیصل مسجد کے زیر سایہ دفن کیا گیا۔ لاکھوں افراد جنازے میں شریک ہوئے۔ پاکستان کی تاریخ میں کم ہی افراد کو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے الوداع کہا ہو گا۔ جنرل صاحب نے جان دے کر اپنی زندگی کا ثبوت دے دیا تھا، اور ان کے مخالفین دم بخود رہ گئے تھے۔ ان کے خون سے جو ”انقلاب“ اٹھا اس نے پہلے اسلامی جمہوری اتحاد اور پھر مسلم لیگ (ن) کی صورت میں خود کو منوایا، اور پیپلز پارٹی کے مقابلے میں ایک توانا سیاسی جماعت کھڑی کر دی۔

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا تھا، لیکن اس میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ 1977 ء کے عام انتخابات میں بھٹو مرحوم اور ان کے رفقا نے منظم دھاندلی کا ارتکاب کر کے اپنے حلف کے ساتھ بیوفائی کی تھی۔ ان انتخابات کے بارے میں کوئی بھی شخص یہ دعویٰ نہیں کر سکتاکہ وہ آزادانہ اور منصفانہ تھے۔ ان کے خلاف پاکستان قومی اتحاد نے تحریک کا آغاز کیا، تو چند ہی ہفتوں بعد بھٹو مرحوم نئے انتخابات پر راضی ہو گئے۔

ان کے نوجماعتی مخالف اتحاد نے انہیں پسپا کر دیا، اور وہ (نفسیاتی طورپر) خود اعتمادی سے محروم ہو گئے۔ قومی اسمبلی کے انتخابات کے تین روز بعد صوبائی اسمبلیوں کا چناؤ ہونا تھا۔ اپوزیشن نے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، یوم انتخاب پولنگ سٹیشنوں پرالو بولتے رہے، کروڑوں افراد نے اپنی آنکھوں سے دیکھاکہ بڑی تعداد میں ووٹر ووٹ دینے کے لئے نہیں نکلے کہ ان کو کسی مقابلے کا چیلنج درپیش نہیں تھا۔ بلامقابلہ ہار اور جیت کا معاملہ تھا، لیکن جب نتائج کا اعلان ہوا تو بھاری تعداد میں ووٹ صندوقچیوں سے برآمد بتائے گئے، اکثر مقامات پر جیالوں نے انتخابی عملے کی مدد سے ٹھپے لگا لگا کر ووٹوں کو سینکڑوں سے ہزاروں اور ہزاروں سے لاکھوں میں تبدیل کر دیا تھا۔ اس منظر نے پاکستان قومی اتحاد کے دھاندلی کے الزام پر ایک اور مہر تصدیق ثبت کر دی۔

ذوالفقار علی بھٹو مرحوم اور پاکستان قومی اتحاد کے درمیان نئے انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ طے نہ پا رہا تھا کہ فریقین شدید بداعتمادی کا شکار تھے۔ انتخابی عمل کے دوران معاملات کی نگرانی کے لئے ایک خصوصی عملدرآمد کونسل کے قیام کی تجویز منظور ہوئی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان مساوی تعداد میں شریک ہوتے، لیکن اس کے اختیارات پر سمجھوتہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ ۔ ۔ آنے والے برسوں میں انتخابات کے انعقاد کے لئے غیر جانبدار نگران حکومت کے قیام کا تصور دستور میں داخل کیا گیا، حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے اتفاق رائے سے اس کا قیام عمل میں آتا ہے، لیکن اس کی اپنی قباحتیں ہیں، یہ تجربہ بھی نتیجے کے اعتبار سے زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہا۔

بھٹو صاحب نے قومی اتحاد کی تحریک کچلنے کے لئے بڑے بڑے شہروں میں مارشل لا لگا دیا اور مظاہرین کو سزائیں دینے کے لیے فوجی عدالتیں بھی قائم کر دیں۔ یہی اقدام ڈوبنے کا بڑا سبب بن گیا۔ لاہور میں کئی افراد کی ہلاکت کے بعد جب تین بریگیڈیئر گولی چلانے سے انکار کرتے ہوئے مستعفی ہو گئے تو فوجی قیادت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ خدشہ پیدا ہوا کہ فوج کا داخلی ڈسپلن متاثر ہو کر بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ جنرل ضیا الحق کی قیادت میں فوجی کمانڈر ذوالفقار علی بھٹو مرحوم سے اپنی وفاداریوں کا ازسر نو جائزہ لینے پر مجبور ہو چکے تھے۔

اس وقت اس مارشل لاء اور اس کے اسباب و اثرات کا تفصیلی جائزہ لینا مقصود نہیں ہے۔ اس کی داخلی پالیسیوں اور اقدامات سے قطع نظر یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ 1979 ء میں افغانستان میں سوویت فوجوں کے داخلے نے خطے کا منظر تبدیل کر ڈالا تھا۔ جنرل ضیا الحق اور ان کے رفقا نے غیرملکی فوجوں کے خلاف افغان مزاحمت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، اور ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لئے کمربستہ ہو گئے۔ بعد ازاں امریکہ، چین، سعودی عرب اور دوسری عالمی طاقتیں اس مزاحمت کی پشت پر کھڑی ہو گئیں۔

افغانستان سوویت یونین کا ویت نام بن گیا۔ اگر پاکستان اپنی سرزمین افغان مہاجرین کے لئے نہ کھولتا، مجاہدین کا سائبان نہ بنتا۔ جنرل ضیا الحق جیسا فولادی اعصاب کا مالک شخص یہاں برسر اقتدار نہ ہوتا، اور انہیں جنرل اختر عبدالرحمن اور بریگیڈیئر یوسف جیسے رفقا کی معاونت حاصل نہ ہوتی، تو سوویت فوجیں کبھی ”اباؤٹ ٹرن“ نہ کرتیں۔ سوویت یونین نے بھارت کی فوجی معاونت کرتے ہوئے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے میں کردار ادا کیا تھا، پاکستان نے اس کا قرض چکا دیا۔ سوویت فوجوں کو زخم چاٹتے ہوئے واپس ہونا پڑا۔ اس کا نتیجہ سوویت وفاق کے انہدام کی صورت میں نکلا۔ اس میں شامل ریاستوں میں جذبۂ آزادی توانا ہوا، نتیجتاً آج دنیا کے نقشے پر سوویت یونین نام کا کوئی ملک موجود نہیں ہے۔

جنرل ضیا الحق کی سیاست سے قطع نظر، یہ کارنامہ ایسا ہے ’جس پر پاکستانی قوم فخر کرتی رہے گی۔ کسی اور ملک کا کوئی جرنیل ایسی فتح حاصل کرتا تو شہر شہر اس کے مجسمے نصب ہو جاتے، لیکن ہمارے یہاں ضیا الحق کی سیاست کا بدلہ ان کی اس عظیم الشان کامیابی کا انکار کر کے یا اس کا مذاق اڑاکر چکایا جاتا ہے۔ جنرل ضیا الحق کو فیلڈ مارشل بنایا جانا چاہیے تھا کہ بعد از شہادت بھی یہ اعزاز دیا جا سکتا ہے، ان کے نام سے بستیاں اور ادارے منسوب ہونے چاہئیں تھے، لیکن ہماری فوجی قیادت بھی جب اس کارنامے کے حوالے سے مہر بلب ہو گئی ہو تو اہل سیاست سے کیا شکوہ کریں، اور انہیں کیا شرم دلائیں۔ جنرل اختر عبدالرحمن اور بریگیڈیئر یوسف تو سیاست میں نہیں تھے، ان کا بھی وہ اعتراف نہیں کیا گیا، جو زندہ قومیں ایسے افراد کا کرتی ہیں، جو ان کے لیے آب حیات فراہم کر گزرے ہوں۔

افغان جہاد کا یہ ثمر بھی ملاکہ پاکستان اپنا ایٹمی پروگرام مکمل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ اگر پاکستان اس ضمن میں فیصلہ کن کردار ادا نہ کر رہا ہوتا تو اسے کبھی ایٹمی طاقت نہ بننے دیا جاتا، اس کے خلاف سازشوں کا جال بچھا دیا جاتا۔ بھٹو صاحب نے یہ پروگرام شروع کیا تھا، اس حوالے سے انہیں یاد کیا جاتا اور حرف تحسین کا مستحق گردانا جاتا ہے۔ ان کے مخالف بھی ان کا یہ اعزاز چھیننے کی کوشش نہیں کرتے۔ جنرل ضیا الحق نے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ان کے اس لازوال اور بے مثال کارنامے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرنے والے زبانیں دراز رکھتے ہیں۔ سیاست کو رکھیے ایک طرف، جنرل ضیا الحق کو یاد رکھیے، ان کی بلندیٔ درجات کے لیے ہاتھ اٹھائیے۔ بے شک، وہ فیلڈ مارشل ہیں، فیلڈ مارشل محمد ضیا الحق۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دینے پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
بشکریہ دنیا۔

مجیب الرحمن شامی
Latest posts by مجیب الرحمن شامی (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مجیب الرحمن شامی

یہ کالم روز نامہ پاکستان کے شکریے کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے

mujeeb-ur-rehman-shami has 129 posts and counting.See all posts by mujeeb-ur-rehman-shami