اندرا گاندھی کا پوتا جیل میں


انڈین اپوزیشن سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی جو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے پوتے بھی ہیں، کو مودی سرکار نے جیل میں ڈال دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریسی رہنما راہول گاندھی اپنی بہن پر یانکا گاندھی کے ہمراہ بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے ہتراس جا رہے تھے جہاں انہوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد انتقال کر جانے والی اچھوت لڑکی کے اہلخانہ سے ملاقات کرنا تھی۔ اپوزیشن رہنما راہول اور پریانکا گاندھی کی گاڑیوں کے جلوس کی شکل میں جا رہے تھے کہ پولیس نے ان کی گاڑیوں کو روک لیا جس پر راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی نے پیدل مارچ شروع کر دیا، پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روکتے ہوئے لاٹھی چارج شروع کر دیا جس پر دھکم پیل شروع ہو گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس نے راہول گاندھی کو دھکے مارتے ہوئے ڈنڈے بھی برسائے اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

مودی سرکار نے راہول گاندھی کو روکنے کے لئے دفعہ 144 لگائی تھی۔ مودی سرکار کو شاید یہ ڈر تھا کہ راہول گاندھی دنیا کو مودی سرکار کا اصلی چہرہ نہ دکھا دے لیکن انڈیا میں اسی سال قرنطینہ سنٹر میں ایک لڑکی عصمت دری اور پھر 86 سالہ بزرگ خاتون کی عزت تار تار کرنے کے واقعہ کے بعد اب نچلی ہندوؤں کی نچلی ذات دلت سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے واقعہ سے دنیا بھر میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کی بھارت خواتین کے لئے ایک غیر محفوظ ملک ہے۔

انڈیا میں خواتین کی عصمت دری، اقلیتوں کا سرعام قتل عام، عبادت گاہوں اور مزارات کے بے حرمتی جیسے واقعات کو بڑھانے میں مودی سرکار کا ہاتھ ہے۔ معصوموں کے خون سے آلودہ ایسے ہاتھ جن کو عالمی سطح پر ہتھکڑیاں لگنی چاہیے ان کے ساتھ تعلقات اور کاروبار کو فروغ دیا جا رہا ہے افسوس اس بات کا ہے کہ بعض اسلامی ممالک بھی انڈیا کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انڈیا میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کی زندگیوں اور عزتوں کے ساتھ جس طرح کھلے عام کھیل کھیلا جاتا ہے اس کی آگ اب ہندوؤں کی نچلی ذات تک بھی پہنچ رہی ہے۔

خواتین کے لیے دنیا بھر میں سب سے زیادہ خطرناک قرار دیے جانے والے ملک بھارت میں زیادتی کا یہ کیس بھی عجیب شکل اختیار کر گیا ہے، جنسی درندگی کے ہونے والے ہر واقعہ کی طرح اس واقعہ کو بھی چھپانے کے لئے پولیس نے جعلی رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق جنسی درندگی کو کوئی ایسا واقعہ ہوا ہی نہیں۔ ان سب ہتھکنڈوں کے باوجود انڈیا کے ہی سرکاری ادارے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) سے جاری رپورٹ صاف صاف یہ بتاتی ہے کہ بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون جنسی زیادتی کا شکار بنتی ہے۔

پاکستان کا کوئی بھی اندرونی معاملہ خواہ سیاسی ہو یا سماجی، انڈیا منفی تنقید کرنے کے بہانے تلاش کرتا رہتا ہے تاکہ پاکستان کو دنیا کے سامنے بدنام کیا جاسکے لیکن اس کی یہ کوشش ہر موقع پر ناکام ہوجاتی ہے یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کو بدنام کرتے کرتے انڈیا خود دنیا کے سامنے ایکسپوز ہو چکا ہے جس طرح مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک کیا جا رہا ہے اس پر انڈیا کے حامی ممالک کو بھی تشویش ہونے لگی ہے کیونکہ اب انڈیا لاکھ چھپا لے اس کے پاپوں کی داستانیں ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے دور میں وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ بھی مودی سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہی ہیں۔

مودی سرکار خود انڈیا میں دہشت گرد تنظیموں کو پال رہی ہے جس میں سرفہرست آر ایس ایس ہے۔ یہ جماعت خود کو قوم پرست تنظیم قرار دیتی ہے جس کا بنیادی مقصد انڈیا میں صرف اور صرف ہندو راشٹریا قائم کرنا ہے اپنے اس مقصد کے حصول کے لئے مودی سرکار کے ایماء پر آر ایس ایس انڈیا میں دنگے فساد اور بم دھماکے کرواتی رہتی ہے جس کا الزام بعد میں پاکستان پر لگادیا جاتا ہے۔ بھارت کی اس بدنام زمانہ تنظیم کو عالمی سطح پر بھی ایک دہشت گرد تنظیم کے طور پر تسلیم کیا جا چکا ہے۔

ایودھیا میں بابری مسجد کو شہید کرنے کے پیچھے بھی اسی تنظیم کا ہاتھ ہے جبکہ گجرات میں فسادات کروا کر دس ہزار مسلمانوں کا قتل عام بھی اسی دہشت گرد تنظیم نے کیا تھا۔ اقوام متحدہ، امریکہ، روس، چین اور تمام اسلامی ممالک کو انڈیا پر زور دینا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم و ستم، قتل عام اور مساجد کو شہید کرنے کا سلسلہ فوری بند کرے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).