اسٹیٹ آف ٹیرر: ‘سسپنس اور تھرلر سے بھرپور’ ہیلری کلنٹن کی نئی کتاب اکتوبر میں آئے گی


فائل فوٹو

کتاب کے ناشر ‘سائمن اینڈ شسٹر’ اور ‘سینٹ مارٹنز پریس’ ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن نے یہ کتاب کینیڈین مصنفہ لوئز پینی کے ساتھ مل کر لکھی ہے جو رواں برس اکتوبر میں شائع ہو گی۔

پبلشرز کے مطابق ‘اسٹیٹ آف ٹیرر’ نامی کتاب 12 اکتوبر کو کتب خانوں کی زینت بنے گی۔ یہ کتاب ایک ایسی وزیرِ خارجہ کی کہانی سنائے گی جو ایسے دور میں فرائض انجام دے رہی تھیں جب "تواتر سے ہونے والے دہشت گرد حملوں نے عالمی امن کو بدنظمی میں دھکیل دیا۔”

فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اگرچہ کتاب میں کھل کر سابق صدر ٹرمپ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا لیکن پبلشرز کے مطابق یہ کتاب "ان چار برس بعد شائع کی جا رہی ہے جن کے دوران امریکہ کی لیڈر شپ عالمی منظر نامے پر سکڑ گئی تھی۔”

دوسری جانب ہیلری کلنٹن نے کینیڈین مصنفہ کے ساتھ کتاب لکھنے کو ایک خواب پورا ہونے سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لوئز پینی کی ہر کتاب، ان میں تراشے گئے تمام کردار مجھے راحت بخشتے ہیں اور ان کی دوستی بھی۔

https://twitter.com/HillaryClinton/status/1364313392320815109

ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اب ہم اپنے تجربات کی روشنی میں مفادات اور خیانت سے بھری سفارت کاری کی پیچیدہ دنیا دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کیوں کہ سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا پہلے دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔

کینیڈین مصنفہ لوئز پینی نے کہا ہے کہ کلنٹن کے ساتھ لکھنا ایک یادگار تجربہ تھا۔ انہیں ایسا لگا کہ جیسے وہ ایک طرح سے وزارتِ خارجہ، وائٹ ہاؤس یا پھر وزیرِ خارجہ کے دماغ میں داخل ہو گئی ہوں۔

پینی نے کہا کہ ہم نے کتاب لکھنے سے پہلے ہیلری کلنٹن سے ان کی وزارت کے دور کے بارے میں بات کی کہ اس وقت ان کا بھیانک ترین خواب کیا تھا؟ جواباً کلنٹن نے کہا کہ "اسٹیٹ آف ٹیرر” یعنی دہشت گردی کے حالات۔

واضح رہے کہ افسانہ نگاری کی دنیا میں قدم رکھ کر ہیلری کلنٹن بھی اپنے شوہر اور امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کے نقشِ قدم پر چل رہی ہیں۔ گزشتہ سال جون میں بل کلنٹن کا ایک سیاسی ناول شائع ہوا تھا۔ ‘دی پریزیڈنٹس ڈاٹر’ یا صدر کی بیٹی کے عنوان سے چھپنے والا یہ ناول سابق صدر نے امریکی مصنف جیمز پیٹرسن کے ساتھ مل کر لکھا تھا۔

بل کلنٹن اور پیٹرسن نے 2018 میں بھی ایک کتاب لکھی تھی جس کا عنوان تھا ‘دی پریزیڈنٹ از مسنگ۔’ یہ کتاب وائٹ ہاؤس میں دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے سائبر حملے کے بارے میں تھی۔ اس کتاب کی 30 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔

ہیلری کلنٹن کے ساتھ کتاب لکھنے والی مصنفہ پینی کا شمار بھی ان لکھاریوں میں ہوتا ہے جن کی کتابیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہیں۔ ان کی ایک کتاب کا 31 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔

Facebook Comments HS

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3333 posts and counting.See all posts by voa