جنونیت کا مصنوعی بیانیہ


سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے قتل کی واقعاتی تفصیلات سے قطع نظر سوال یہ ہے کہ ایک ہجوم کے پاس یہ اختیار کہاں سے آیا کہ وہ جج بھی بنے اور جلاد بھی !

ایسے معاشرے میں ہمیشہ جاہلیت سے لیس ہجوم ہی جج اور جلاد کی کارروائیاں ڈالتے ہیں جس معاشرے کی عدالتیں انصاف کی فراہمی کی بجائے انصاف فروشی کرنے بیٹھ جائیں .جہاں ریاست کسی جنونی گروہ کو اپنے لوگ کہہ کر ان کی سرپرستی کا بیڑا اٹھاتی پھرے. جہاں ایوان عدل میں کوئی سرپھرا لیکن دلیر جج کسی جنونی گروہ کی سرپرستی پر سوال اٹھائے اور محاسبے کی ٹھان لے تو اس جج اور اس کے خاندان پر خدا کی زمین تنگ کر دی جائے۔

جس معاشرے میں بائیس کروڑ افتادگان خاک کےلئے ایک قانون ہو لیکن ملک کے آئین و قانون سے وسائل تک پر قابض طبقے کے لئے ان کی مرضی کا الگ قانون ہو.

ظاہر ہے کہ ایسے معاشرے میں صرف جاہلیت اور جنونیت سے بپھرے ہجوم ہی پروان چڑھیں گے اور آرمی پبلک سکول سے سیالکوٹ تک جیسے واقعات تسلسل کے ساتھ ہوتے رہیں گے اور بیچ بیچ میں یہ بیان بھی آتا رھے گا کہ ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا .

بھئی آپ اس حقیقت کو تسلیم ہی نہ کریں کہ آپ کے موجودہ ریاستی بیانیئے سے انہی عوامل اور اسی منظر نامے کے علاوہ کوئی اور شے برآمد ہونا ہی نہیں تو پھر کبھی آرمی پبلک کبھی مسنگ پرسنز کبھی ساہیوال واقعہ اور کبھی سیالکوٹ واقعات پر چیخ و پکار اور انصاف کی دہائیاں دینے کا فائدہ کیا۔

میرا ہمیشہ سے یہی موقف ریا ہے کہ یہ جنونیت اور درندگی نہ ہی اس معاشرے کا فطری مزاج ہے اور نہ ہی موروثی جبلت !

بلکہ یہ سب کچھ ایک مصنوعی فضا اور ماحول سے ترتیب پایا۔ ہم سب اپنے بزرگوں سے ان ہندووں اور سکھوں کی ان گنت قصے سن چکے ہیں جو انیس سو سینتالیس سے پہلے اقلیت کے باوجود بھی ہمارے معاشرے اور دیہاتوں کا ایک محفوظ لیکن فعال حصہ تھے ۔

حیرت ہوتی ہے کہ آج سے چوہتر سال پہلے جب نہ تعلیم عام تھی نہ میڈیا تھا اور نہ ہی قدم قدم پر عدالتیں یا قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود تھے لیکن اس کے باوجود بھی اقلیتوں کو شاندار تحفظ بلکہ اپنائیت حاصل تھی۔

یعنی مذھبی ہم آہنگی کا جذبہ اور برداشت کا رویہ اتنا مضبوط اور اثر پذیر تھا کہ ایک دو واقعات کے علاوہ کوئی بڑا واقعہ تو درکنار معمولی واقعات بھی دیکھنے میں نہیں آئے اور نہ ہی اس وسیع سماج کے کسی چھوٹے سے حصے میں ڈینٹ ڈال سکا۔

جبکہ آج تعلیم کی فراوانی اور متحرک زندگی کے باوجود بھی معاملات اس کے الٹ کیوں ہیں؟

اس کا سادہ اور مختصر سا جواب یہی ہے کہ تب اس حوالے سے ریاستی بیانیہ یہ نہیں تھا جو آج ہے.

چونکہ اس معاشرے کا فطری مزاج تحمل رواداری اور برداشت کا ہے اس لئے تب ریاست نے معاشرے پر اعتماد کرتے ہوئے معاملات (اقلیتوں اور مذھبی رویئے کے حوالے سے ) اسی یعنی معاشرے اور اس کے باوقار سماجی خد و خال پر ہی چھوڑ دیئے تھے جسے کمال ذمہ داری کے ساتھ یہ معاشرہ نبھاتا بھی چلا گیا۔

یہی وجہ ہے کہ دونوں اطراف (پاکستان اور ہندوستان) کے بزرگ اس رومان پرور اور قابل ستائش ناسٹلجیا سے نکل نہیں پا رھے ہیں۔

لیکن مجھے کہنے دیجئے کہ موجودہ جنونیت اس معاشرے کا فطری مزاج اور روایت ہرگز نہیں بلکہ اس درندگی نے مخصوص اور مصنوعی طور پر تخلیق کئے گئے ماحول سے جنم لیا جس کے ہزارہا شواہد ہمارے سامنے ہیں.

کہنا یہی ہے کہ کسی ایسے بیان سے کہ “ملزموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا یا ایسے واقعات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ” سے کوئی امید رکھ کر کسی خوش فہمی میں رہنے سے گریز ہی دانائی ہے کیونکہ جب تک ریاستی بیانیئے کی سمت یہی رھے گا تب تک ان “مقامات آہ و فغاں ” سے گزرنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں.

تلخ حقائق یہ ہیں کہ فی الحال ایک مشکل اور پر آشوب صورتحال درپیش ہے اور ان واقعات کے تدارک کیلئے مربوط اور منظم اقدامات کا دعوی بھی ایک خواب ہی ہے نہ ہی اس سلسلے میں حکمران طبقے کی تسلسل کے ساتھ دہراتے لفظی تسلیوں کو سنجیدگی کے ساتھ لینے یا کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت ہے

کیونکہ آرمی پبلک سکول، کوئٹہ بم دھماکے کے شہدا اور ساہیوال جیسے واقعات ہمارے سامنے ہیں

کہنا یہی ہے کہ روایتی بیانیہ ابھی ایک جہل اور جنوں کی طاقت سے توانائی کشید کر رھا ہے لیکن قابل اطمینان بات یہ ہے کہ مخالف سمت سے روشن فکر با شعور اور جمہوری تہذیب کے ثمرات سے آگاہ طبقات بھی جدوجہد پر کمر بستہ اور مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی طرف تیزی کے ساتھ بڑھنے لگے ہیں

اگر چہ فی الحال ایک مشکل اور پر آشوب صورتحال درپیش ہے لیکن اس کے باوجود بھی مختلف طبقات فعال کردار ادا کر رھے ہیں

جس میں سوشل میڈیا کا کردار بہت اہم ہے جبکہ دلیر اور حق گو صحافیوں کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ با اثر اور عوامی طاقت سے لیس سویلین لیڈر شپ اور سول سوسائٹی کا آئین و قانون کی بالادستی کےلئے ڈٹنا حد درجہ مثبت انڈی کیشنز ہیں۔

گو کہ اپنے فطری ٹریک سے اترے ہوئے معاشرے اور صدیوں کی موروثی جبلت سے مصنوعی ماحول کی طرف دھکیلے گئے سماج کو راہ راست پر لانے کے لئے ابھی حالات وقت اور جدوجہد کے متقاضی ہیں لیکن ارتقائی عمل اور بدلتے ہوئے منظر نامے میں شعور کی فراوانی نئے منزلوں کی نشاندہی بھی کر رھے ہیں اور راہ و سمت کا تعین بھی .

حماد حسن
Latest posts by حماد حسن (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments