آپ کا نیا سال کیسا رہے گا؟ طنز و مزاح

میاں نواز شریف کا سال
شروع جنوری سے ہی پرہیزی کھانوں اور سلاد خوری پر مبنی منحوس خوابوں کی وجہ سے طبیعت میں ایک عجیب سی ویرانی اور مایوسی کی کیفیت رہے گی۔ طالع میں مریخ کے ہبوط سے دل دیسی گھی میں بنے ہوئے پراٹھوں اور مٹن قورموں کو ترستا رہے گا۔ گویا حالت یہی ہو گی کہ پیٹ میں چیونٹی نہیں، ڈکار لیں بریانی کے۔ فروری میں زحل کی آٹھویں گھر میں آمد سے سفری رکاوٹوں کی نشاندہی ہو رہی ہے۔ اس لیے محتاط رہیں اور اپنا پاسپورٹ واسکٹ کی باہر والی جیب کی بجائے اندر والی جیب میں بٹوے کے ساتھ رکھیں۔
یہ یاد رہے کہ ستاروں کی پیچیدہ صورت حال کے باعث اس مہینے ناگہانی سفر بھی پیش آسکتا ہے۔ خاص کر وسط فروری میں ”قمر“ کی آپ کے ذاتی گھر یا خانہ اول میں آمد سے ایک مبارک سفر کا موقع مل سکتا ہے۔ یہ وقت آپ کے مخالفین کے لئے بھاری ہو گا۔ مگر پھر بھی وہ چوتھے میں پلوٹو کی مخالفت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ کو جیل کوٹھری بھیجنے کی پوری کوشش کریں گے۔ مگر خانہ اول میں قمر کے سعد اثرات کے باعث آپ محفوظ و مامون رہیں گے۔
سفر کے انہی امکانات کے پیش نظر ایک تو آپ آج سے ہی کرایہ بھاڑا اکٹھا کرنا شروع کر دیں اور اس ضمن میں دوست احباب سے چندہ لینے میں کوئی حرج نہیں۔ دوم اگر آپ کا پاسپورٹ ایکسپائر ہو رہا ہو تو کسی اچھے اور نیک صفت ایجنٹ کو مناسب فیس اور کمیشن دے کر ابھی رینیو کروالیں۔ ابھی ریٹ اچھے جا رہے ہیں اور آپ کو سابقہ وزیراعظم ہونے کا دسکاونٹ بھی مل سکتا ہے۔ براہ راست وزارت داخلہ کو مت لکھیں شدید رکاوٹ کا اندیشہ ہے۔
مارچ میں چوتھے گھر میں یورینس کے اوج سے آپ اچانک کوئی نیا ہنر یا ایک نئی غیر ملکی زبان سیکھیں گے۔ جس کے بعد آپ بیک وقت پنجابی اور انگریزی میں فی البدیہہ کرکٹ کمنٹری کرتے نظر آئیں گے۔ ان نئے گنوں کے باعث دیار غیر میں آباد دیسی آپ سے انگریزی کی اور نسلی گورے پنجابی کی ٹیوشن لینا چاہیں گے۔ جس سے آپ کی مالی حالت بھی مستحکم ہو گی۔ اس کے بعد اپریل سے جون تک نویں میں زہرہ اور عطارد کے قرآن سے آپ کا حاکم ستارہ وبال میں ہو گا۔
اس وقت آپ کے نصیب کی بارشیں اور ”فیض“ آپ کے دشمنوں کو ملتا رہے گا۔ طالع میں مشتری کی رجعت اور خانہ مال میں نیپچون کی سستی کے باعث ”صحت کے نئے مسائل سامنے آئیں گے۔ چنانچہ اس وقت آپ نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروایا تو کامیاب نہ ہو گا۔ یہ وقت پلیٹلٹس کے لیے بھی بھاری ہے اس لیے شیو یا حجامت بناتے ہوئے کٹ لگنے سے پرہیز کریں۔ اس کے لئے آپ کو اپنی سال ہا سال کی عادات بدلنا ہو گی اور استعمال شدہ بلیڈوں کا دوبارہ یا سہ بارہ استعمال ترک کرنا ہو گا۔
جون کے بعد مشتری کے ساتویں میں عروج سے آپ کے حالات بدل جائیں گے۔ جس کا اندازہ کسی اور کو نہیں بلکہ خود آپ کو ہو گا اور آپ کو یہ لگے گا جیسے آپ دوبارہ ریاست مغلیہ شغلیہ عا لمیہ کے صدر وغیرہ بن گئے ہیں۔ اس سارے عرصے میں طبیعت میں رومان پروری بڑھ جائے گی اور ہر وقت فضا میں سری پاؤں کی مسحور کن خوشبو آتی رہے گی۔ یہ وقت روحانی معاملات کے لئے بھی سعد ہو گا۔ چنانچہ اگر آپ لندن کا نام بدل کر ”لندن شریف“ رکھنا چاہیں تو ستاروں کی مدد اس روحانی امر میں شامل حال رہے گی۔ تاہم مناسب ہو گا کہ اس تبدیلی ء نام کی پیٹیشن لندن ہائی کورٹ کی بجائے آپ کی پسندیدہ لاہور ہائیکورٹ میں کی جائے۔ یہاں ایک غیر متعصب، آزاد اور منصفانہ عدالت ہونے کی وجہ سے کامیابی کا انتہائی امکان ہے۔
ستمبر میں عطارد کی تیسرے میں رجعت کے باعث قریبی دوستوں اور رشتہ داروں سے کاروباری معاملات میں محتاط رہیں۔ خصوصاً اسحاق ڈار اینڈ کمپنی کو ادھار دینے یا اس کے ساتھ کمیٹی ڈالنے سے ہر ممکن گریز کریں۔ اکتوبر میں پانچویں میں زہرہ کا پلوٹو سے مقابلہ ایک نیا چیلنج بن کے سامنے آ سکتا ہے۔ اسی اثر کے باعث آپ کو اولاد کی طرف سے کوئی دکھ بھی پہنچ سکتا ہے۔ تاہم یہ اولاد آپ کی اپنی ہو گی یا کسی اور کی، اس کا فیصلہ حالات اور ستارے کریں گے۔
سال کے آخر میں آپ کی سیاسی مصروفیات بڑھ جائیں گی۔ اور آپ ”مجھے کیوں نکالا“ البم کا پارٹ ٹو ضرور ریلیز کریں گے۔ اسی میوزک نمبر کی تیاری میں آپ کی کچھ سابقہ دوستوں یا یوں سمجھیئے سابقہ شیروں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ان میں سے بہت سے شیر ”گرجنے برسنے اور ڈھارنے کی بجائے میاؤں میاؤں کرتے نظر آئیں گے۔ چونکہ اردو زبان کے قواعد کے تحت میاؤں تو محض میاں کی جمع ہی ہے۔ اس لیے محترم عطائالحق قاسمی کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے آپ ان شیروں کی حالت سے قطعاً پریشان نہ ہوں گے۔
کیریئر کے معاملات میں سال کے شروع میں چھٹے گھر میں چاند یعنی“ قمر ”گرہن جبکہ سال کے آخر میں پہلے گھر میں سورج گرہن کی وجہ سے جنوری تا اگست“ باس ”سے تعلقات کشیدہ رہیں گے۔ “ عمرانی آفات ”کے عین دوران اگست کے بعد دسویں میں شمس کی موجودگی سے کیریر کے لئے نئی راہیں کھل جائیں گی۔ چنانچہ اس وقت آپ کو بیرون ملک یعنی سعودیہ یا قطر وغیرہ سے شاہی مطبخ میں چیف شیف یا رئیس التندور کے پر شکوہ عہدے کی جاب آفر ہو سکتی ہے۔
مگر آپ اقامے والی کسی بھی کل وقتی نوکری سے بچیں۔ پہلے بھی اقامے نے آپ کو خراب کیا تھا۔ اب بھی اقامہ کے اوپر نحوست ہر پنج سیارگان کی عیاں ہے۔ سیارگان کی اس الٹی چال کو ختم کرنے کے لیے سارا سال“ باجرے ”کی کچھڑی کا استعمال ضرور کریں۔ باجرہ ویسے بھی زود ہضم اور دافع ریاح ہے۔ اطباء نے اس کو مقوی اعصاب وقوی لکھا ہے۔ اس کی کچھڑی میں جو طاقت ہے اس کا اندازہ آپ کو شاید نہ ہو مگر ان لوگوں کو ضرور ہوا ہو گا جنہوں نے یہ کچھڑی کھا کر گزشتہ الیکشن لڑا تھا۔

