کوک اسٹوڈیو پر جھوم جھوم کی دھن چرانے کا الزام


حال ہی میں کوک اسٹوڈیو کے ریلیز ہونے والے گانے جھوم جھوم نے پورے ملک اور ملک سے باہر بڑی پذیرائی حاصل کی ہے۔ اس گانے کے ریلیز ہونے سے پہلے سندھ اور پنجاب کے دو عظیم گلوکاراؤں عابدہ پروین اور نصیبو لال کے اسٹوڈیو میں ایک دوسرے کے پاؤں کو چھو کر ملنے کے انداز کی وڈیو کلپ جنگل میں آگ کی طرح وائرل ہوئی ہے اور ہر اہل دل نے ان کے اس محبت بھرے عمل پر ان کو سلام پیش کیا۔

اس گانے کی مشہوری اور عابدہ پروین اور نصیبو لال کے ملاپ کو ابھی شہرت کی ہمالیہ چھونی تھی کہ، سندھ کے صحرا تھر سے ایک درد بھری فریاد نے کوک اسٹوڈیو کے رنگ میں بھنگ ڈال دی ہے۔ عمر کوٹ کی نوجوان گلوکارہ اور موسیقار نرملا میگھانی نے الزام لگایا ہے کہ جھوم جھوم کی دھن اس کی ہے اور اس نے کوک اسٹوڈیو کے موسیقار ذلفی کہ سات مہینے قبل بھیجی تھی جس کے اس کے پاس ثبوت موجود ہیں۔ نرملا کا کہنا ہے کہ اس نے اس سلسلے میں اپنے وکیلوں سے رابطہ کر لیا ہے اور فیصلہ اب عدالت میں ہو گا۔

نرملا نے سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے یہ دھن سات ماہ قبل پروڈیوسر اور موسیقار زلفی کو واٹس ایپ کی تھی کہ آپ مجھے چانس دیں میں اوریجنل میوزک آپ کے ساتھ شیئر کرتی ہوں اور وہ میں نے ان کو بھیج دی مگر ان کا کوئی ریسپانس نہ آیا۔ جب ان کا گانا جھوم جھوم ریلیز ہوا تو میں نے صرف دو منٹ سننے کے بعد ہی ان کو میسیج کیا کہ سر یہ ٹیون تو میری ہے جو میں نے آپ کو بھیجی تھی مگر پھر بھی ان کا کوئی رسپانس نہ آیا۔ میرے فون کالز اور واٹس ایپ کا فارنسک کروا کے دیکھ لیں۔ سب کچھ سامنے آ جائے گا

نرملا کی فریاد سن کے مجھے انڈین مووی تال یاد آ گئی جس میں موسیقار انیل کپور ہیروئن ایشوریا رائے اور ان کے باپ کے ساتھ، جو کے ایک دور دراز گاؤں کے کلاکار ہوتے ہیں دھوکہ کرتا ہے اور ان کی دھنیں چرا کر اپنے نام سے ریلیز کرتا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس گانے کی شوٹنگ سے پہلے انکساری اور کلا کی قدر کے طور پر ایک دوسرے کے پاؤں پڑنے والی عظیم فنکاراؤں عابدہ پروین اور نصیبو لال کا اس معاملے پر کیا رد عمل ہو گا کہ اگر یہ دھن واقعی چوری کی ہے۔

نرملا میگھانی تھر کی ایک غریب فنکارہ ہے اور اس کے فن پارے، شاندار دھنیں، نرملا میگھانی یو ٹیوب پر موجود ہیں جس سے اس کے فن کی گہرائی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments HS