مرنے والا بے قصور تھا


پھر سے اک نئے قتل کی منصفی کے لئے عدالت سجائی گئی تھی۔ جج صاحب بڑے طمطراق سے اپنی نشست پر براجمان تھے۔ ان کے چہرے کے تاثرات سے صاف دکھائی دیتا تھا جیسے اس طرح کے مقدمات سے ان کا جی اب اوبھنے لگا ہے۔ لیکن چار و ناچار مقدمے کی شنوائی کو جاری رکھنا ہی تھا۔

شہر میں ایک بار پھر جیتے جاگتے، صحت مند اور بھرپور زندگی کے مکمل انسان کو مذہب کا معتوب ٹھہرا کر لاتوں، گھونسوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے کچلا گیا تھا۔ اس کی کھوپڑی، ہڈیوں، انگلیوں، بازوؤں اور ٹانگوں کو شدید ضربوں سے پاش پاش کیا گیا تھا۔ اسے بالکل ایسی ہی موت دی گئی تھی، جیسی صدیوں پہلے حسین بن منصور حلاجؒ کو کبھی دی گئی۔ ان کے جسم کو تختہ دار پر جھلانے سے پہلے اور بعد میں ٹکڑوں میں بانٹا گیا۔ پھر ان ٹکڑوں کو راکھ میں ڈھالا گیا اور اس راکھ کو دریائے دجلہ میں بہا دیا گیا۔ ایسی ہی موت جب شاہجہاں کے لاڈلے بیٹے داراشکوہ کو اس کے ہی بھائی اورنگ زیب عالمگیر نے تخت سے دور رکھنے کے لئے کفر کا الزام دے کر موت کے گھاٹ اتارا اور اس کا سر طشتری میں سجا کر ایک باپ کو پیش کیا، کچھ اس طرح کہ باپ کا کلیجہ ہی پھٹ کر رہ گیا۔

یہ قتل کسی سچے عاشق یا ایک لاڈلے ولی عہد کا تو نہ تھا۔ مرنے والا ایک معمولی اور بے ضرر انسان تھا۔ اس کا کوئی ایسا نظریہ یا عقیدہ نہیں تھا جو کسی طاقتور کی طاقت کو للکارنے یا کسی کے تخت و اختیار پر نقب لگانے کا باعث بنتا۔ لیکن اس کی موت کو اسی قدر بھیانک بنا دیا گیا کہ جس سے پھر اک نئے انسانی المیے اور دکھ کی داستان نے جنم لیا۔ اس قتل کا الزام کسی شہزادے یا حکومت وقت کے سر نہیں تھا بلکہ مارنے والے اسی کے جیسے عام انسان تھے۔ کتنی قابل رحم اور بے بس ہے وہ بستی جو اپنے کسی بے گناہ اور معصوم انسان کو ایسی بھیانک اور بے رحم موت سے نہ بچا سکے۔ اور کس قدر بدترین موت ہے یہ اس قانون کی، جو اپنے نفاذ کے باوجود غیر مستعمل رہے۔

عدالت میں کٹہرے کے ایک طرف وہ سبھی مجرمان کھڑے تھے جو اس قتل میں ملوث پائے گئے تھے۔ ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائے، سر جھکائے یہ انسان جو اس ہجوم کا حصہ تھے جنہوں نے مقتول کے جسم کی دھجیاں اڑانے میں کچھ نہ کچھ حصہ ڈالا تھا۔ یوں لگ رہا تھا یہ دہشت زدہ، خالی الذہن تھکے ہارے لوگ خلق انسانی کا حصہ نہ تھے بلکہ سر کٹی لاشیں تھیں۔ جب سماج میں اس طرح کی بے درد موت عام ہونے لگے تو اس میں آباد لوگوں انسان نہیں، محض وحشی و خونی ہجوم کے جتھے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ وہاں تہذیب، شدت پسندی کے ہاتھوں لہولہان ہو کر کئی صدیوں تک سسکتی، بین ڈالتی اور اپنے ہی وجود کے زخم چاٹتی رہ جاتی ہے۔

عدالت میں وکیل استغاثہ نے اپنا موقف بیان کرنا شروع کیا۔

”حضور والا! ہم ایک ایسے سماج کا حصہ ہیں جہاں ہماری مذہب اور اسلام پرستی، انسانیت پرستی سے یکسر علیحدہ ہو چکی ہے۔ ہماری طبقہ بندی، ذات پات، فرقہ اور نسل پرستی نے ہم میں انتہا پرستی کو رواج دیا ہے۔ اب تو انتہا پسندی کا اظہار ہم خود اپنے ہی لوگوں میں وحشت اور جنون کی داستانیں رقم کرتے ہوئے کرنے لگے ہیں۔ جہاں معاشرہ تشدد پسند ہو جائے وہاں تہذیب و تمدن اپنی بساط لپیٹ لیتی ہے۔ علم و شعور اور فہم اپنی موت آپ مرنے لگتے ہیں۔

انسانی روایات و اقدار کو کفر کے لات و منات، اور ابوالہول کی طرح ملیا میٹ کر دیا جاتا ہے ۔ فنکاری و مصوری کے سر کفر کے فتوے لگنے لگتے ہیں، اسی لئے فطرت کے رنگ مدہم پڑ جاتے ہیں۔ آج ہماری رجعت پسند و بوسیدہ سوچ کے حشرات ہمارے ہنر کو چاٹ چکے ہیں۔ ہمارے خیال کی پھپھوندی ہمارے شہکار نگل گئی ہے۔ بانسری نواز کے سر کی لے، چرواہے کے ریوڑ کی بد مستیاں، ہد ہد کوئل کے محبت بھرے ترانے، سب کھونے لگے ہیں۔ جناب والا!

ہم بنجر ہو گئے ہیں۔ ہم بدہئیت اور بے روح ہو چکے ہیں۔ اک نظر دیکھیں ان نیم خواندہ، وحشی اور بے رحم جانوروں کو، ہاں انہیں انسان کہنا لفظ انسان کی توہین ہو گی۔ کس قدر بے رحمی سے انہوں نے ایک جیتے جاگتے انسان کو مذہب کا معتوب بنا کر مارا ہو گا۔ خوف کی شدت سے اس کے کپکپاتے لبوں کو پھاڑ کر ان سے لہو کی لکیریں ٹپکائی ہوں گی۔ ان کی تحقیر اور نفرت نے کیسے اس بے قصور کی آخری سسکی کو موت کی ہچکی میں بدلا ہو گا۔

جناب محترم! یہ دیکھئے میرے موکل کی وہ تصویر جس میں وہ زندہ، جیتا جاگتا انسان تھا“ اس نے مقتول کی ایک قتل سے پہلے کی تصویر جج صاحب کی میز پر رکھی۔ ”دیکھئے اس انسان کی طرف اسے دیکھ کر نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کبھی آسودہ خاطر انسان رہا ہو گا۔ بندھے ٹکے حالات میں جینے والا یہ انسان، بھلا اس کی مخدوش حالت دیکھ کر کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ کبھی اس نے خدا کو کسی ترازو میں تولنے کی ہمت کی ہو گی۔ یا کبھی اسے خدا کے وجود کے بارے سوچنے کا بھی وقت ملا ہو گا۔

اب تو کئی ایسے شواہد مل چکے ہیں کہ جن سے اس کی بے گناہی ثابت ہوتی ہے۔ اور اگر قصور وار تھا بھی، تو بھی ایسا غیر انسانی سلوک تو کوئی کسی جانور سے بھی نہیں کرتا۔ جناب عالی! اگر آج ہم نے مرنے والے کو بے گناہ نہ جانا، اور انسانیت کی تحقیر اور تذلیل کرنے والے ان انسان نما بھیڑیوں کو سزائے موت نہ دی تو یہ جرم بڑھتا رہے گا۔ کئی معصوم یونہی قتل ہوتے رہیں گے“ جج صاحب وکیل کی بات سے خاصے متفق دکھائی دے رہے تھے۔

پھر وکیل صفائی کو موقع دیا گیا۔ ”جناب والا! ان انسانوں کو مورد الزام ٹھہرانے سے پہلے اک بار یہ ضرور سوچیں کہ آیا یہ اس قدر قصور وار ہیں جس قدر انہیں قصور وار ٹھہرایا جا رہا ہے؟ جب کہ یہ اک ایسے معاشرے کا حصہ ہیں جہاں ڈرنے اور مرعوب ہونے کی صفت ہر شخص کی شخصیت کا حصہ ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جہاں انسان کی شخصیت کا وصف ڈرنا اور مرعوب ہونا ہو وہاں سچائی کو جاننے کی اہلیت فنا ہوجاتی ہے۔ اور سوجھ بوجھ کے ساتھ حق اور سچ کی تحقیق کا سلسلہ بھی ختم ہوجاتا۔

جہاں انپڑھ تو کیا کتاب پڑھنے والے نے بھی سچ کا کھوج نہ لگایا ہو۔ ایسے معاشرے میں مذہب کے پرچاریوں کے جاری کردہ فرمان ہی سچائی مانے جاتے ہیں۔ یہ لوگ جو اس قتل کے مجرم مانے جا رہے ہیں انہیں بھی مذہب کی آڑ میں ورغلایا گیا ہے۔ ان کے ذہنوں کو سلب کر کے اپنے مقاصد کا آلۂ کار بنایا گیا ہے۔ اصل سزا کے حق دار یہ نہیں وہ مذہبی ہیں جو انہیں انتہا پسند بناتے ہیں۔ وہ مدرسے ہیں جو ان کی ذہن سازی کرتے ہیں۔ جناب والا!

مذہب کا تعلق ہمارے اندھے اعتقاد سے ہے وہ جو ہمارے دماغ سے کہیں زیادہ ہمارے دل میں آباد ہوتا ہے۔ جہاں اسے سلگایا بھی جاتا ہے اور بھڑکایا بھی۔ یہاں سوچ اور سمجھ کا گزر نہیں بس جذبات اور کیفیت کا دخل ہے۔ میرے موکلین کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے۔ سزا دینا ہی ہے تو ان لوگوں کو دیں جو ان جذبات کو بھڑکاتے اور انہیں اندھا بناتے ہیں“ وکیل صفائی کو معلوم تھا کہ یہ قتل ناحق ہوا ہے اس کے باوجود ان کی کوشش تھی کہ ملزمان کو کم سے کم سزا ہو سکے۔

جج صاحب نے حکم صادر کیا کہ آئندہ کی کارروائی سے پہلے پتہ لگایا جائے ان سبھی مدرسوں اور دینی جماعتوں کے روح رواں حاضر کیے جائیں جن سے یہ مجرم وابستہ ہیں۔

خاصی تحقیق و تفتیش سے معلوم ہوا کہ اس متشدد ہجوم کی سربراہی تو اک سر پھرے کٹر مذہبی نے ہی کی تھی لیکن اسے چھوڑ کر باقی سبھی کا تعلق کسی بھی مدرسے یا مذہبی گروہ و جماعت سے نہ تھا۔ اکثریت تو ان کی تھی جنہوں نے سرے سے قرآن بھی نہ پڑھ رکھا تھا۔ اور اگر کبھی بچپن میں سبق کی طرح یاد کیا تھا تو بھی وہ اسے بھول چکے تھے۔ زیادہ تر نیم خواندہ یا ناخواندہ اور دو ایک تعلیم یافتہ بھی تھے۔

یہ وہ لوگ تھے جو پھانسی پر چڑھنے کے خوف سے دستبردار ہو چکے تھے۔ شاید وہ جانتے تھے کہ پھانسی سے نہ مرے تو بھوک سے مر جائیں گے۔ کسی گلی کوچے میں بنا علاج کے خون تھوکتے مر جائیں گے۔ یا کسی سرکاری ہسپتال کی کائی زدہ دیواروں پر رینگتی یاسیت کو تکتے تکتے مر جائیں گے۔ وہ ظالم نہیں تھے لیکن ان کے کان میں پڑی اک بات ہی کارگر ثابت ہوئی تھی کہ ”مرنا تو ہے ہی پھر دین ہی کی خاطر مر جاؤ، کہ یہاں نہیں تو وہاں تو کچھ زندگی کی آسودگی میسر آ پائے گی“

”کیا مرنے والے کو کھدیڑتے یا اس کے جسم کو ادھیڑتے ہوئے تم میں سے کسی کے بھی دل میں رحم نہیں آیا، کسی کی بھی روح نہیں کانپی؟“ جج صاحب نے پوچھا۔

” می لارڈ پتہ نہیں کیوں جیسے جیسے ہم اس ہجوم کا حصہ بنتے چلے گئے ہمارا ذہن ماؤف ہوتا گیا۔ ہم پچھتاوے، شرم اور احساس کے وصف سے خالی ہوتے گئے۔“ ایک نے جواب دیا۔

”یوں تھا جیسے اس وقت وہ شخص میرے اس جاگیردار کا روپ دھار چکا تھا جو ہماری پشتوں پر ظلم کرتا آیا ہے“ دوسرے نے لقمہ لگایا

”بالکل ایسے ہی تھا۔ اس وقت مجھے یوں لگ رہا تھا جیسے میرے سامنے میرا مالک ہے جو روز مجھے کام کی سستی کے طعنے دے کر ماں بہن کی گالیاں دیتا تھا“ تیسرے نے بھی اپنے دل کی بات بیان کی۔

”مجھے یوں لگا، جیسے میرے مدرسے کا وہ استاد سامنے ہے جس نے بچپن میں مجھے مار مار کر میری کلائی کی ہڈی توڑ دی تھی“ یہ چوتھا تھا۔

”اور میں۔ ! می لارڈ میں تو عیسائی مذہب سے ہوں۔ میرا تو دین سے دور دور کا واسطہ ہی نہیں۔ مجھے یوں محسوس ہوا کہ ہجوم کا فائدہ اٹھا کر میں بھی اپنے اندر کی بے بسی اور حال کی بے چارگی کا غبار نکال سکتا ہوں“ سب اپنے اپنے اندر کی سچائی بیان کرنے لگے۔

” میں نے سنا ہے تم میں کوئی پڑھا لکھا، کتاب بین بھی ہے“ جج صاحب نے حیرت سے پوچھا۔ دور پرے کھڑے ایک آدمی نے سر ہلایا۔ ”تمہارے علم و شعور نے تمہیں روکا نہ تھا“ جج صاحب نے دریافت کیا۔ ”جناب مجھے احساس ہو چکا ہے کہ میں کتابوں کو صرف رٹتا ہی رہا کبھی ان میں درج سچائی کو جاننے یا کریدنے کی کوشش نہ کی۔ یا پھر شاید مجھے ایسا کرنا سکھایا ہی نہیں گیا۔“ جج صاحب کو یقین ہو گیا تھا کہ مذہب کے نام پر بنائے گئے اس مقدمے میں مذہب کہیں تھا ہی نہیں۔

یہ سب کچرے سے اٹی بستیوں کے مکین تھے۔ جہاں اٹھتے تعفن میں سانس لینا بھی دشوار تھا۔ ان کے لئے زندگی ایک کوہ گراں تھی۔ ان کی مفلوک الحالی نے انہیں بے حس اور مایوس بنا دیا تھا۔ وہ ہجوم میں گھر کر اپنے اپنے انتقام کے جذبے کی دہکتی آگ کو سرد کر نا چاہتے تھے۔

جج صاحب کئی دنوں سے یہی بحث سن رہے تھے۔ غم، غصہ، گالیاں، مصیبتیں، تنگ نظری، شخصی بت، زندگی کے دلگداز اور زہر آلو راستے، ناکامیاں، ذلتیں، عدم تحفظ، نا انصافی، ظلم، وعظ، فرسودہ تبلیغ، بے روح و بے عمل علم۔ یہ سب تھے قصوروار۔ بھلا ان سب وجوہات کو شریک جرم کیسے ٹھہرایا جاتا۔ منصف کسی بھی تاویل یا قانون سے مجرموں کے ساتھ ساتھ اس سارے نظام کو پھانسی نہیں سنا سکتا تھا۔ اس کی منصفی کے ڈنکے بجانے کے لئے یہی بہت تھا کہ مرنے والا بے قصور ثابت ہو گیا۔

جج صاحب نے کہا ”ان سب کو پھانسی کے پھندے پر چڑھا دو“
اور کچھ ہی دن بعد پھر بے حرمتی کا مقدمہ پیش ہوا جس میں مرنے والا پھر سے بے قصور ثابت ہو گیا۔