آڑو کی افادیت


Dr Shahid M shahid

آڑو موسم گرما کا پھل ہے۔ جس کے بے شمار فوائد ہیں۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے جو جسم میں گرمی کی شدت کم کر دیتی ہے۔ اس کے پودے 6 سے 10 فٹ لمبے جاڑی دار ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کا اصل وطن چین تھا۔ شمال مغربی چین کا یہ مقامی پھل ہے۔ فارس میں اس کی بڑے پیمانے پر کاشت کی جاتی تھی۔ بعد ازاں یہ یورپ میں پہنچا۔ اس کا ذائقہ میٹھا اور ترش ہوتا ہے۔ اس کا رنگ زرد اور سرخی مائل ہوتا ہے جو آنکھوں کو خوشنما معلوم ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق آڑو آنکھوں کی بینائی کے لیے اتنا ہی مفید ہے جتنی افادیت ایک گاجر میں موجود ہے۔ دونوں میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی بینائی کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں خون پیدا کرنے کی قدرتی طور پر صلاحیت موجود ہے جس سے خون بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ یہ ہمارے جسم میں موجود ریڈیکل سے لڑنے کی استعداد رکھتا ہے۔ اس میں موجود فائبر انسان کو مختلف اقسام کے کینسر سے بچاتا ہے۔ یہ پھل اینٹی

اوبسائٹی اور اینٹی انفلیمنٹری خصوصیات رکھتا ہے۔ دنیا کے جن ممالک میں آڑو کی پیداوار بہت زیادہ ہوتی ہے ان میں چین، اطالیہ، ہسپانیا، ریاستہائے متحدہ امریکہ، ایران، فرانس، ارجنٹائن، پاکستان اور انڈیا شامل ہے۔ پاکستان میں سب سے لذیذ اور دل کش آڑو صوبہ بلوچستان کوئٹہ کا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے باغات ہری پور ہزارہ میں بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ دو قسم کا ہوتا ہے ایک چپٹا اور دوسرا گول۔

غذائی ماہرین کے مطابق سو گرام والے آڑو میں اس کی مندرجہ ذیل غذائی ترتیب ہے۔ توانائی 39 کلوریز، کاربوہائیڈریٹس 9.54 گرام، شوگر 8.39 گرام، ڈائٹری فائبر 1.5 گرام، پروٹین 16.91 گرام، وٹامن اے 16 مائیکرو گرام، بیٹا کیروٹین 162 مائیکرو گرام، تھایا مین B 3

0.024 ملی گرام، رائبو فلیون 0.031 ملی گرام، وٹامن بی 0.025 ملی گرام، فولیٹ B 9 چار مائیکرو گرام، وٹامن سی 6.6 ملی گرام، وٹامن ای 0.73 ملی گرام، کیلشیم 6 ملی گرام، مگنیشیم 0.25 ملی گرام، فاسفورس 20 ملی گرام، پوٹاشیم 190 ملی گرام اور زنک 0.17 ملی گرام پایا جاتا ہے۔ آئیں آڑو کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔

1۔ کینسر سے تحفظ : (Cancer protection)

آڑو کینسر کا باعث بننے والے ذرات کی روک تھام کرتا ہے۔ یہ جسم کو تحفظ فراہم کر کے تمام مضر اثرات کو زائل کرتا ہے۔ اس میں فائبر کی موجودگی بڑی آنت کے کینسر سے بچاتی ہے۔ اس میں دو قسم کے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ نمبر ون کیروٹا نائیڈ اور نمبر دو کیفس ایسڈ۔

یہ کینسر کے سیلز کی گروتھ کو روکتے ہیں۔
2۔ جلدی امراض سے تحفظ :
(Protection from skin diseases)

آڑو میں یہ خصوصیت پائی جاتی ہے کہ وہ جلد کو نرم و ملائم اور خوبصورت رکھتا ہے۔ اسے سورج کی شعاعوں اور آلودگی سے بچاتا ہے۔ کیل مہاسوں اور جھریوں سے بچاتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے جلد نرم اور اور شاداب رہتی ہے۔ قبل از وقت بڑھاپے کے آثار بھی ختم ہو جاتے ہیں۔ بہت سی جلدی امراض مثلاً داد، خاج، خارش، چمبل سے بھی چھٹکارا مل جاتا ہے۔

3۔ بینائی میں بہتری : (Improves vision)

گاجر کی طرح آڑو میں بھی یہ خصوصیت پائی جاتی ہے کہ وہ بینائی میں بہتر کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے آنکھوں کے پٹھے کمزور نہیں ہوتے بلکہ ان کے تمام حصوں میں خون کی گردش بہتر رہتی ہے۔

4۔ امراض قلب سے تحفظ :
(Protection from heart disease)

آڑو میں ڈائٹری فائبر پایا جاتا ہے جو خراب کولیسٹرول کو درست کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے قلبی نظام بہتر رہتا ہے۔ نا ہائی بلڈ پریشر ہوتا ہے اور نا کولیسٹرول کی زیادتی۔ اس میں ہائی کو کنٹرول اورلو کو نارمل کرنے کی خصوصیت موجود ہے۔ روزانہ تین سے چار آڑو کھانے سے امراض قلب سے بچا جا سکتا ہے۔

5۔ خون پیدا کرنے کی صلاحیت :
(Ability to produce blood)

آڑو قدرتی طور پر خون پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خون کی قدرتی پیداوار بڑھا کر جسم کو صحت و توانائی عطا کرتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے خون کی کمی پوری ہو جاتی ہے۔ انسان کو تھکاوٹ اور بے چینی محسوس نہیں ہوتی بلکہ وہ اپنے آپ کو صحت مند محسوس کرتا ہے۔

6۔ موٹاپے سے نجات : (Get rid of obesity)

آڑو ایسا پھل ہے جو قدرتی طور پر وزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اسے بطور سلاد بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور پھل کے طور پر بھی۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے وزن میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ یہ جسم سے اضافی چربی پگھلا دیتا ہے۔

7۔ ذیابطیس پر کنٹرول : (Diabetes Control)

آڑو کے باقاعدہ استعمال سے ذیابطیس کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس کے استعمال سے خون میں شوگر کی سطح کم ہو جاتی ہے۔ شوگر کے مریضوں کے لیے یہ بہت مفید پھل ہے۔ خاص طور پر ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو دونوں طرح کے مریض اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔

8۔ بھوک بڑھانے کے لیے : (To increase appetite)

بھوک بڑھانے کے لیے یہ ایک بہترین پھل ہے۔ جن لوگوں کو بھوک نہیں لگتی۔ انہیں آڑو کے استعمال سے بھوک لگنا شروع ہو جاتی ہے۔ آڑو معدے کی تیزابیت کے اثرات وفتور کو بھی دور کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔

9۔ الرجی سے بچاؤ : (Allergy prevention)

آڑو بہت سی اقسام کی الرجی سے بچاتا ہے۔ خاص طور پر ہسٹامین الرجی جس میں کثرت سے چھینکیں آتی ہیں اور سات خارش اور کھانسی شروع ہوجاتی ہے۔

10۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے :
(To boost immunity)

یہ مزیدار پھل قوت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کیوں کہ اس میں وٹامن سی پایا جاتا ہے جو بہت سی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی قوت دیتا ہے۔ خاص طور پر انسان موسمی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ وہ مختلف قسم کے انفیکشنز سے بچ جاتا ہے۔ اسے کمزوری اور بے چینی محسوس نہیں ہوتی بلکہ وہ ہر وقت چست رہنے لگتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments