بالی وڈ ڈائری: رنبیر اور عالیہ کے گھر شادی کے شادیانے

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


رنبیر اور عالیہ
شادی کی تاریخ طے ہو چکی ہے
اس ہفتے کی سب سے بڑی خبر رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی ہے۔ شادی کی تاریخ 14 اپریل بتائی جا رہی ہے۔ اس خبر کی تصدیق ہوتے ہی میڈیا اور سوشل میڈیا پر قیاص آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔

شادی میں مہمانوں کی ایک فہرست تو عالیہ اور رنبیر کے گھر والوں نے تیار کی ہی ہو گی لیکن ایک فہرست میڈیا نے بھی تیار کی ہے کہ کون مدعو ہو سکتا ہے اور کون نہیں۔

اب ہنی مون کے بارے میں عالیہ اور رنبیر کے اپنے منصوبے ہوں گے لیکن میڈیا والے اپنی مرضی سے ان کے ہنی مون کا پلان بنا رہے ہیں۔

غرض یہ کہ مہمانوں کی فہرست سے لے کر شادی سے پہلے اور شادی کے بعد کے منصوبوں تک پر قیاس آرائیاں ہونی شروع ہو گئیں ہیں۔

ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق شادی کی تقریبات 14 اپریل سے شروع ہوں گی اور بہت ہی نزدیکی رشتہ داروں کی موجودگی میں چیمبور میں کپور خاندان کے آبائی گھر پر شادی ہو گی۔

اسی گھر میں 1980 میں رنبیر کی ممی پاپا یعنی نیتو سنگھ اور رشی کپور کی شادی ہوئی تھی۔ پندرہ کی شام کو دونوں کے گھر والوں کے لیے ڈنر کا اہتمام ہو گا اور 16 اپریل کو رسیپشن ہوگا جس میں بالی ووڈ کی ہستیاں اور دونوں کے دوست و احباب شریک ہوں گے۔

ماضی کی اداکارہ اور شاہد کپور کی ممی نیلما عظم نے حال ہی میں کہا ہے کہ بطور سنگل مدر اپنے دونوں بیٹوں شاہد اور ایشان کی پرورش کے بعد اب وہ سکون کی زندگی بسر کر سکتی ہیں۔

ای ٹائمز کو انٹر ویو میں نیلما نے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تنہا بچوں کو پالنے کے عمل میں انھیں کئی مرتبہ مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب وہ اپنے بچوں کے کریئر کو آگے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتے دیکھ رہی ہیں اور شاہد کے بچوں کے ساتھ اچھا وقت گذارنا چاہتی ہیں۔

نیلما عظیم کی پہلی شادی اداکار پنکج کپور سے ہوئی تھی اور شاہد کی پیدائش کے بعد دونوں میں علیحدگی ہو گئی اس کے بعد دنیلما نے اداکار راجیش کھٹر سے شادی کی جو نیلما کے دوسرے بیٹے ایشان کھٹر کے والد ہیں۔

دوسری شادی ٹوٹنے کے بعد نیلما کی زندگی میں گلوکار رضا علی خان نے قدم رکھا لیکن 2009 میں ان سے بھی علیحدگی ہو گئی تھی۔

نیلما کا کہنا ہے کہ ان کی بہو ان کے خاندان کو جوڑے رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

شاہد کپور کی فلم ‘جرزی‘ ریلیز کے لیے تیار ہے جس میں وہ اپنے پاپا پنکج کپور کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا عالیہ اور رنبیر صرف دوست ہیں؟

رنبیر کے ذکر پر عالیہ بھٹ کا چہرہ لال ہو گيا

‘چھپ کر سگریٹ پینے پر جوتے پڑے تھے’

اداکار سنجے دت کی فلم ‘کے جی ایف، چیپٹر ٹو’ کی ریلیز کا اعلان ہو چکا ہے اور اب سنجے فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

اسی دوران صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے انڈسٹری کی نوجوان نسل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نسل بہت میچیور ہے اور ان کے ساتھ کام کرنے میں لطف آتا ہے۔

سنجے دت

میں اپنی عمر کے حساب سے کردار کرنا چاہتا ہوں

سنجے سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا اس عمر میں وہ چھوٹی عمر کی اداکاروں کے ساتھ بطور ہیرو کام کرنا چاہیں گے تو جواب میں سنجے کا کہنا تھا کہ عمر ایک ایسی چیز ہے جس کے ساتھ آپ کو سمجھوتہ کر ہی لینا چاہیے اور یہ کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے کردار کرنا پسند کرتے ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ دوسرے ہیرو اپنی عمر کے حساب سے کردار نہیں کرنا چاہتے، جواب میں سنجے نے ہنستے ہوئے کہا کہ ‘بھائی اب اس عمر میں میں عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانس تو نہیں کرسکتا’۔

فلم کے جی ایف کا سیکوئل کے جی ایف چیپٹر ٹو 14 اپریل کو سنیما گھر میں ریلیز ہو رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32516 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments