اینکر اثاثے


جنرل مشرف کے دور حکومت کے آخری ایام میں ہمیں پتہ چلا کہ آزاد الیکٹرانک میڈیا بھی کسی چڑیا کا نام ہے۔ مشرف کے دور تاریک کو ختم کرنے میں ایک آزاد الیکٹرانک میڈیا کا بہت ہاتھ تھا۔ اس زمانے میں بہت بیباکی سے لوگوں نے کھل کر ایک آمر کے بارے میں بات کی۔ جمہوریت کے معنی سمجھائے۔ آئین کی داستان سنائی۔ ہمارے جیسے ملک میں یہ سب باتیں بہت اچنبھے کی تھیں۔

مشرف کا دور قبیح ختم ہوا تو اس ملک کے ارباب و بست کشاد کو یہ بات سمجھ آ گئی کہ الیکٹرانک میڈیا اتنا طاقتور ہے کہ اس کی مدد سے نہ صرف جب چاہے حکومتوں کو رسوا یا تبدیل کیا جا سکتا ہے بلکہ کسی وقت بھی، کوئی بھی بیانیہ تخلق کیا جا سکتا ہے۔ ہم نے دیکھا کہ دو ہزار تیرہ کے بعد الیکٹرانک میڈیا میں بڑے غیر محسوس انداز میں تبدیلیاں کی گئیں۔ ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ایک جیسی سوچ والے کمزور اینکروں کی بھرتیاں کروائی گئیں۔ ایک جیسی جمہوریت کش سوچ رکھنے والوں اینکروں اور تجزیہ کاروں کا جال بڑے نپے تلے انداز میں ہر چینل میں بچھایا گیا۔ ان پڑھ یا نومولود صحافیوں کو سکرین پر زیادہ جگہ دی جانے لگی۔

یہ سلسلہ کسی کسی ایک چینل تک محدود نہیں رہا یہ پلاننگ ہر چھوٹے بڑے چینل کے لیے کی گئی۔ ہر چینل میں کچھ مخصوص اشاروں پر اینکرز کی بھرتیاں کی گئیں۔ المیہ یہ ہوا کہ رپورٹر کی اہمیت کو بھلا کر اینکر پرسن کو صحافت کا منبع بنا کر پیش کیا گیا۔ ایسے ایسے اینکر بھرتی کروائے گئے جن کی اصل تنخواہ چند ہزار تھی مگر ان کو من پسند خبریں دینے کے لیے کسی اور چینل پر کئی ملین روپے پر ملازم کروایا گیا۔ ان میں سے بہت سے لوگ بنیادی ابتدائی تعلیم سے بھی بے بہرہ تھے حتی کہ کچھ نے میٹرک تک نہیں کیا ہوا اور انگریزی تو درکنار اردو میں دو لائنیں درست لکھنے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتے۔ لیکن ان کو قوم کے مصلح اور ریفارمر کے طور پر پیش کیا گیا۔

مسلسل ٹی وی پر آنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کی فالونگ کسی بھی حق بات کہنے والے صحافی سے بہت زیادہ ہو گئی۔ ان مصنوعی کرداروں سے مسلسل پرائم ٹائم پر پروگرام کروائے گئے اور دوسرے چینلز کے اہم ٹاک شوز میں ان کی شرکت کو لازم بنایا گیا۔ یہ قصہ یک طرفہ نہیں رہا۔ ایک جانب جمہوریت کش رویے کو صحافت بنا کر پیش کیا گیا اور دوسری جانب سے ان صحافیوں کو رفتہ رفتہ نوکریوں سے فارغ کیا گیا جو حق بات کرنے کی قدرت رکھتے تھے۔ انتہائی غیر محسوس طریقے سے ایک ایسا میڈیا تخلیق کیا گیا جس میں وہ سارے صحافی ناپید ہو گئے جنہوں نے ضیا الحق کے دور میں کوڑے کھائے تھے، جنہوں نے مشرف کے دور الم میں حق بات کی تھی، جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری رویوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ جنہوں نے ہمیشہ آئین پاکستان کی حرمت کو بیان کیا تھا۔

ایسے سب صحافیوں اور تجزیہ کاروں پر لفافہ، ٹوکری، غدار اور را کے ایجنٹ جیسے الزامات لگا کر انہیں سکرینوں سے الگ کر دیا گیا۔ ان کی جگہ سوٹڈ بوٹڈ نوجوان بچوں نے لے لی جن کا منشا صحافت کا علم بلند کرنے سے زیادہ اپنی پر تعیش نوکریوں کا بچانا تھا۔ ان کے پیچھے چھپے ہاتھوں نے ان سے جو کام لیے ان میں آئین کا مذاق اڑانا، یہ تاثر قائم کرنا کہ چند قوتیں ملک کی سلامتی کے لیے بہت ضروری ہیں ورنہ ہمارا حشر بھی عراق اور لیبیا جیسا ہو گا، بغیر کوئی ثبوت پیش کیے مسلسل یہ بیانیہ قائم کرنا کہ تمام سیاستدان کرپٹ ہیں، اصل کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو چھپانا اور چند قوتوں کے قریبی سیاستدانوں کو مسیحا بنا کر پیش کرنا تھا۔ ٹی وی پر بہت کم اینکر ایسے بچے جنہوں نے اس دور تاریک میں اپنی صحافت بھی بچائی اور عزت بھی محفوظ رکھی۔

اب جو یہ سماج تخلیق ہو چکا ہے جہاں لوگ عمران خان کی ہر بات پر ایمان لے آتے ہیں۔ ہر یو ٹرن کو سعادت بتاتے ہیں اس میں بہت حصہ اس الیکٹرانک میڈیا کا ہے۔ اب تک بہت لوگوں کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ ان اینکروں کی نوکریاں کہاں سے فون کر کے کروائی جاتی تھیں۔ کس کے مشورے سے یہ پروگرام کے موضوع کا انتخاب کرتے تھے۔ کس کی اجازت سے یہ پروگراموں میں مہمانوں کو مدعو کرتے تھے۔ کس کی آشیر باد پر کسی خبر کو دبایا یا اٹھایا جاتا تھا۔ اب ان حقائق سے بہت حد تک پردہ اٹھ چکا ہے۔

پانچ سال کی الیکٹرانک میڈیا کی محنت سے وہ معاشرہ تخلیق ہوا ہے جس کے مضمرات ہم بھگت رہے ہیں۔ اس میں بہت سے اینکر اور تجزیہ کار عمران خان کی توصیف پر مامور رہے ہیں۔ جنہوں نے ہر غلط پالسی کا دفاع کیا اور ہر ایسی خبر پر پردہ ڈالا جس سے عمران خان کی کسی حماقت یا کرپشن کا پردہ چاک ہوتا تھا۔

ہمیں اس بات کو سمجھنا ہو گا کہ موجودہ الیکٹرانک میڈیا نہ آزاد صحافت کا پرتو ہے نہ حق کا داعی ہے۔ یہ میڈیا عمران خان کی توصیف کے لیے تخلیق کیا گیا تھا۔ اور اس کی مثبت رپورٹنگ والے اعلان سے بہت پہلے کی گئی تھی۔

حکومت تبدیل ہوئی مگر یہ میڈیا اب بھی وہی ہے۔ بہت سے اینکرز اب بھی نادیدہ وٹس ایپ کال کے منتظر ہیں۔ سترہ چینلز پر پوری طرح قبضہ کرنے کے بعد اب بھی یہ میڈیا کسی نادیدہ ہاتھ کے اختیار میں ہے۔ ہم ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں پانچ منٹ میں ایک وٹس ایپ پر ملک میں مصنوعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ ایک اشارے پر پرویز الہی کو سب سے بڑا ڈاکو اور ایک ہی ہلے میں انہیں سب سے بڑا ریفارمر ثابت کیا جا سکتا ہے۔ جب چاہے جمہوریت کے لتے لیے جا سکتے ہیں اور جب چاہے آمریت کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملائے جا سکتے ہیں۔

سیاسی طنز و مزاح کے پروگراموں کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں نفرت، غلاظت، پھکڑ پن، جمہوریت کش رویے اور سیاستدانوں کی تضحیک ٹھونسی گئی۔ مزاح ہر بہادر قوم کا خاصہ ہوتا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ جس قوم میں مشتاق احمد یوسفی، دلاور فگار، ضمیر جعفری، شفیق الرحمن، کرنل محمد خاں اور نذیر احمد شیخ جیسے مزاح نگار پیدا ہوئے اس قوم کو سیاسی طنز و مزاح کے پروگراموں کے ذریعے جگت، پھکڑ پن اور تضحیک، تحقیر جمہوریت اور توہین سیاست کی کھلم کھلا تربیت دی گئی۔

مجھے ان سیاسی جماعتوں پر ترس آتا ہے جو کسی ایسے اینکر جس نے گزشتہ پانچ سال ان پر ہر غلیظ الزام لگایا ہو اس کی ذرا سی تعریف پر ”مکافات عمل“ کا ٹویٹ لکھ مارتے ہیں۔

یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ الیکٹرانک میڈیا ایک مصنوعی میڈیا ہے۔ اس کا کنٹرول کسی اور کے ہاتھ میں رہا ہے۔ وہ نادیدہ ہاتھ ہی ان سے پروگرام کرواتا رہا، سچی خبر کو دباتا رہا اور عمران خان کو دیوتا کا روپ دیتا رہا۔ سیاسی جماعتوں کے لئے یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ یہ الیکٹرانک میڈیا اور یہ اینکر اب کسی کے لئے ”اثاثے“ بن چکے ہیں۔ جو کسی بھی وقت، کسی کے اشارے پر پوری بساط الٹ سکتے ہیں۔

اب جو سوشل میڈیا پر عمران خان کا حلقہ اثر تخلیق ہوا ہے اس میں اس الیکٹرانک میڈیا کے مسلسل دروغ کا بہت بڑا حصہ ہے۔ ہم نے اس نادیدہ ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے لوگوں کی ایسی ذہن سازی کر دی ہے کہ اب انہیں درست بات سمجھ ہی نہیں آ سکتی۔ مسلسل جھوٹ سننے کے سبب لوگ اب سچ سننے کے روادار ہی نہیں رہے۔

جو قارئین سمجھ رہے ہیں کہ ملک میں پھر جمہوریت آ گئی ہے عمران خان کا دور بیت گیا ہے انہیں اس بات کا ادراک ہی نہیں ہے کہ جب تک ریموٹ کنٹرول سے چلنے والا الیکٹرانک میڈیا، اینکر، تجزیہ کار موجود ہیں ملک میں حقیقی جمہوریت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ساری جمہوریت اب بھی صرف ایک وٹس ایپ کال کی مار ہے۔ ذرا کال تو آنے دیجئے پھر دیکھیے کہ یہی اینکر، تجزیہ کار اور نومولود صحافی کس طرح اپنی نوکریوں کو بچانے کے لیے نواز شریف کو غدار قرار دیتے ہیں، آصف زرداری پر بہتان لگاتے ہیں، مولانا فضل الرحمن کے غلیظ خاکے بناتے ہیں۔ یاد رکھیئے۔ جب تک یہ ”اثاثے“ وٹس ایپ کی گھنٹیوں پر ناچتے رہیں گے اس ملک میں نہ جمہوریت آ سکے گی نہ کبھی آزادی صحافت کا کوئی تصور عوام کے ذہنوں میں سما سکے گا۔

عمار مسعود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمار مسعود

عمار مسعود ۔ میڈیا کنسلٹنٹ ۔الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ہر شعبے سےتعلق ۔ پہلے افسانہ لکھا اور پھر کالم کی طرف ا گئے۔ مزاح ایسا سرشت میں ہے کہ اپنی تحریر کو خود ہی سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ مختلف ٹی وی چینلز پر میزبانی بھی کر چکے ہیں۔ کبھی کبھار ملنے پر دلچسپ آدمی ہیں۔

ammar has 265 posts and counting.See all posts by ammar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments