لتا منگیشکر کا انٹرویو اور دائمی خوشی کی آرزو


آج سے تین ماہ پہلے جب لتا منگیشکر کی موت ہوئی تو پوری دنیا میں اس کا غم منایا گیا، خاص طور سے برصغیر پاک و ہند میں تو ہر مکتبہ فکر کے افراد  نے انہیں ہدیہ تبریک پیش کیا، دو ارب کی آبادی کے اس خطے میں شاید ہی کوئی شخص ایسا ہو گا جس نے لتا جی کے فن کی تعریف نہ کی ہو۔ ان کی وفات پر اخبارات میں سینکڑوں مضامین لکھے گئے اور ٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر ہوئے۔ اس موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کو لتا کے یادگار گیت اور نغمے بھی بھیجے جبکہ کچھ دوستوں نے لتا جی کے انٹرویو شیئر کیے جن میں ان کے فن کے علاوہ ذاتی زندگی سے متعلق سوالات پوچھے گئے تھے۔ ایسا ہی ایک انٹرویو مجھے کسی نے بھیجا، وہ انٹرویو آج بھی میرے موبائل فون میں محفوظ ہے، میں جب کسی وجہ سے مایوسی کا شکار ہوتا ہوں یا مجھ پر آزردگی کا دورہ پڑتا ہے تو میں وہ انٹرویو نکال کر دیکھتا ہوں جس کے بعد میری مایوسی ختم ہو جاتی ہے۔ اس انٹرویو میں میزبان نے لتا جی سے سوال کیا کہ کیا آپ اگلے جنم میں بھی لتا منگیشکر ہی بننا چاہیں گی تو لتا جی نے جو جواب دیا وہ من و عن پیش ہے : ”مجھے پہلے بھی کسی نے پوچھا تھا، تو وہی جواب میرے پاس ہے کہ، نہ ہی جنم ملے تو اچھا ہے، اگر واقعی جنم ملا مجھے، تو میں لتا منگیشکر بننا نہیں چاہوں گی، نہیں، کیونکہ لتا منگیشکر کی جو تکلیفیں ہیں وہ اس کو ہی پتا ہیں۔“ بظاہر اس جواب میں مایوسی بھری ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ لتا منگیشکر وہ عورت تھی جس نے تیرہ برس کی عمر سے گانا شروع کیا اور پھر اپنی موت تک کبھی زوال نہیں دیکھا، ہمیشہ عروج ہی پایا، بانوے برس کی بھرپور زندگی گزاری، اور اس زندگی میں انہیں دنیا جہان کے اعزازات اور تمغوں سے نوازا گیا، کبھی انہیں بلبل ہند کہا گیا تو کبھی ان کی آواز کو صدی کی سب سے خوبصورت آواز قرار دیا گیا۔ ان کے ہم عصر گلوکاروں کی زندگی میں کچھ نشیب و فراز آئے مگر لتا منگیشکر کے حصے میں بظاہر کوئی ناکامی نہیں آئی، جب ان کی عمر ڈھل گئی تو بھی ان کے پاس کام کی کمی نہیں ہوئی، خود انہوں نے گانے سے معذرت کی ہو تو اور بات ہے ورنہ بھارتی فلم انڈسٹری، جہاں کسی عمر رسیدہ آرٹسٹ کو نہیں پوچھا جاتا، وہاں لتا جی کی آن بان آخری وقت تک قائم رہی۔ یہ سب عروج، کامیابی، دولت، شہرت اور عزت دیکھنے کے بعد اگر لتا منگیشکر کہے کہ میں اگلے جنم میں لتا نہیں بننا چاہوں گی تو پھر ہم اور آپ کس کھیت کی مولی ہیں! یہ وہ نکتہ ہے جہاں سے مایوسی اور آزردگی کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ مگر کیسے؟

اگر ہم ایک منٹ کے لیے فرض کر لیں کہ خوشی کا پیمانہ کامیابی ہے اور کامیابی کا پیمانہ دولت ہے تو اس دنیا میں دولت مند افراد کا تناسب نکال کر یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس قدر ’خوش‘ ہیں۔ 2020 کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ افراد کے پاس ایک ملین ڈالر یا اس سے زائد دولت ہے، یاد رہے کہ ایک ملین ڈالر وہ ’نشان‘ ہے جس تک پہنچنے کے بعد سمجھا جاتا ہے کہ بندہ اب ہر قسم کی معاشی فکر سے آزاد ہو جائے گا۔ اس کے بعد وہ لوگ آتے ہیں جن کے پاس ایک لاکھ ڈالر سے ایک ملین ڈالر تک کی رقم ہے، دنیا میں ان کی تعداد نصف ارب سے کچھ زیادہ ہے، پھر دس ہزار سے ایک لاکھ ڈالر والی مڈل کلاس آتی ہے جو پوری دنیا میں پونے دو ارب کے قریب ہے اور آخر میں دس ہزار ڈالر سے کم اثاثے رکھنے والے غریب لوگ ہیں جو پونے تین ارب کی آبادی ہے۔ اصولاً دنیا کی نصف آبادی کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ اس نچلے نصف حصے میں شامل نہیں جس کے پاس دس ہزار ڈالر سے بھی کم سرمایہ ہے مگر شکر ادا کرنے کی بجائے یہ نسبتاً آسودہ حال لوگ زیادہ مضطرب رہتے ہیں۔ ملاحظہ ہو لتا منگیشکر کا انٹرویو۔ ہم نہیں جانتے کہ لتا جی نے اپنی زندگی کے حوالے سے یہ بات کیوں کی کہ وہ دوبارہ لتا کے روپ میں جنم نہیں لینا چاہیں گی مگر ایک بات طے ہے کہ دنیاوی دولت، عزت اور شہرت نے انہیں وہ خوشی نہیں دی جس کی وجہ سے وہ اسی زندگی کی دوبارہ تمنا کرتیں۔ لارڈ رسل پھر یاد آ گئے۔ اپنی شہرہ آفاق کتاب The Conquest of Happiness میں اس آزردگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے رسل لکھتے ہیں کہ اکثر لوگوں کے لیے زندگی جہد مسلسل سے عبارت نہیں ہوتی بلکہ وہ محض مزید کامیابی کی خواہش میں اسے ایک جد و جہد کا نام دے دیتے ہیں، ”لوگوں کا اس بات کو خوف نہیں ہوتا کہ انہیں اگلے دن کا کھانا نصیب ہو گا یا نہیں بلکہ انہیں یہ خوف دامن گیر ہوتا ہے کہ وہ اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور ہمسایوں سے آگے نکل پائیں گے یا نہیں!“ یہ بات کہہ کر رسل نے گویا دریا کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔ ہمارے ایک بزرگ اسی بات کو ”نناوے کا چکر“ کہتے تھے۔ بندہ جب ایک مرتبہ اس چکر میں پڑ جاتا ہے تو پھر اس میں سے نکل نہیں پاتا، نناوے سے سو تک پہنچ بھی جائے تو پھر اگلے سو کی ’جد و جہد‘ شروع کر دیتا ہے اور وہیں سے اس آزردگی کی شروعات ہوتی ہے جس سے نجات پانے کے لیے فلسفی کتابیں لکھتے ہیں اور موٹیویشنل اسپیکر تقریریں کرتے ہیں۔ یہ سیلف ہیلپ کی کتابیں اور تقریریں دنیا کی نسبتاً آسودہ حال آبادی کے لیے ہی کی جاتی ہیں تاکہ انہیں مزید ’کامیابی‘ کے لیے ابھار کر اگلے سو کا ہندسہ پار کرنے کی ترغیب دی جائے۔ دنیا کی پسی ہوئی آبادی کو تو موٹیویٹ کرنا ممکن ہی نہیں، بھلا کرہ ارض کے ان ایک ارب افراد کو آپ کیا بتا کر موٹیویٹ کر سکتے ہیں جو روزانہ ایک ڈالر یومیہ سے بھی کم پیسوں میں گزارا کرتے ہیں! اس دنیا میں تقریباً اسی کروڑ لوگ رات کو بھوکے پیٹ سوتے ہیں اور پچیس ہزار افراد روزانہ بھوک سے مر جاتے ہیں۔ سیلف ہیلپ کی کتابیں اور موٹیویشنل اسپیکرز کی تقاریر ان لوگوں کے لیے نہیں ہوتیں کیونکہ یہ دنیا کا وہ پسا ہوا طبقہ ہے جس کی ان چیزوں تک رسائی ہی نہیں۔

لتا منگیشکر کا انٹرویو ایک قسم کا ’اینٹی ڈپریسنٹ‘ ہے، اردو میں جسے ’ضد افسردگی‘ کہیں گے، اس انٹرویو کو دیکھنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اگر لتا منگیشکر جیسی کامیاب عورت کو زندگی میں طمانیت نہیں مل سکی تو پھر دنیا کے کسی انسان کو نہیں مل سکتی، یہ وہی اضطراب ہے جس کا ذکر رسل نے کیا اور یہ وہی آزردگی ہے جس کے بارے میں دیگر فلاسفہ بھی ہزاروں سال سے لکھ رہے ہیں۔ لتا منگیشکر نے اپنی آزردگی کا اعتراف کر کے دیانت داری کا ثبوت دیا جس کا کم از کم مجھے ضرور فائدہ ہوا ہے۔ مجھے زندگی میں جب بھی کوئی دھچکا لگتا ہے تو میں سوچتا ہوں کہ اگر زندگی اس دھچکے کے بغیر بہترین انداز میں بھی گزر رہی ہوتی تو اس صورت میں بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں تھی کہ میں مطمئن ہوتا، لہذا بہتری اسی میں ہے کہ چپ چاپ خدا کا شکر ادا کیا جائے کہ ہم دنیا کی اس آبادی میں شامل ہیں جسے با عزت زندگی گزارنے کے لیے زیادہ تردد نہیں کرنا پڑتا۔ اگر آپ کا گھر اپنا ہے اور آپ مناسب قسم کی گاڑی کے مالک ہیں، بچے معقول انداز میں پڑھ رہے ہیں، دوستوں کے ساتھ شام اچھی گزر جاتی ہے اور آپ کو یا اہل خانہ کو صحت کا کوئی خاص مسئلہ درپیش نہیں تو پھر سمجھیں کہ آپ اکیسویں صدی کی جنت میں رہتے ہیں۔ اور اگر آپ اس طرز زندگی کو جنت نہیں سمجھتے تو میں کہوں گا کہ آپ لتا منگیشکر کا انٹرویو میری نظر سے دوبارہ دیکھیں، افاقہ ہو گا!

یاسر پیرزادہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 497 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments