مطیع اللہ جان کی کھٹارا گاڑی اور فارم ہاؤس والے صحافی


گاڑی کے ریڈی ایٹر کا مسئلہ ہے اور میں ورکشاپ میں ہوں۔ ڈیئر تم سپر مارکیٹ آ جاؤ میں گاڑی ٹھیک کروا کے تھوڑی دیر میں پہنچ رہا ہوں۔

یار اب تو تمھاری اس کھٹارا گاڑی سے اسلام آباد کے مستری بھی تنگ آئے ہوئے ہیں میرا دل تو کرتا ہے کہ اب کے بار میں اسے توڑ آؤں۔ میرے اس ذو معنی جملے پر اس کا قہقہہ گونجا اور فون بند ہو گیا

تھوڑی دیر میں میرا بھانجا اعظم خان مجھے سپر مارکیٹ پہنچا آیا تو وہ ایک اور صحافی دوست کے ساتھ میرا منتظر تھا جہاں سے ہم تینوں اس کھٹارا گاڑی میں روانہ ہوئے جس میں اے سی تو درکنار شیشے تک نیچے نہیں ہو رہے تھے۔

یہ تھا حق گوئی اور دلیری کی تاریخ رقم کرتا مطیع اللہ جان اور اس کی موجودہ پاکستان سے بھی زیادہ قابل رحم گاڑی جس میں وہ ساری رات مجھے اور ثاقب بشیر کو گھماتا اور ابالتا رہا۔

لیکن ذرا دوسری طرف بھی نظریں اٹھا کر دیکھیں۔

یہ وسیع و عریض فارم ہاؤسز لگژری لائف سٹائل لمبی لمبی گاڑیاں برانڈڈ گھڑیاں جوتے اور دنیا جہاں کی آسائشیں۔ ستم ظریفی ملاحظہ ہو کہ یہ لوگ بھی صحافی کہلائے جاتے ہیں اور ”صحافت“ بھی کر رہے ہیں۔ لیکن اس سے بھی بڑا المیہ اس حیوان دماغ گروہ کا رویہ اور عقل و خرد ہے جو پہاڑ جیسے حقائق کو دیکھنے اور سمجھنے کی بجائے ایک بے بنیاد جذباتی ابھار میں مدتوں سے مقید ہیں۔

اور درحقیقت اسی حیوان دماغی نے اس تباہ کن فضا اور بیانیے کی تشکیل کو تخلیق کرنے میں ہمیشہ ایک مجرمانہ کردار ادا کیا جس کی بطن سے جسٹس منیر سے جسٹس ثاقب نثار تک ”قانون کے رکھوالے“ بھی برآمد ہوتے رہے

دریاؤں کو بیچنے کے سلسلے بنیادی جمہوریت کے ڈرامے بنگلہ دیش کا المیہ بھٹو کی پھانسی بگٹی کا قتل سندھ اور بلوچستان میں جبر اور علیحدگی کی تحریکیں ضیاء کا نفاذ اسلام مشرف کی وطن فروشی بے نظیر بھٹو کا تڑپتا اور بے جان ہوتا ہوا جسم قید و بند کاٹتا اور جلاوطن ہوتا ہوا منتخب وزیراعظم نواز شریف شجاع پاشا اور ظہیر الاسلام کے ہاتھوں پروان چڑھتا اور تباہی پھیلاتا ہوا عمران خان۔

سیاست جمہوریت آئین و قانون پارلیمان اور تہذیبی ڈھانچے کو نیست و نابود کرتا ہوا غل غپاڑہ۔ ق لیگ سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے باپ تک اچانک نمودار ہوتی سیاسی جماعتیں۔

جزیروں سے جنرل مزمل اور پاپا جونز سے پردہ زنگاری تک کے واقعات نے اس بدبخت وطن کو اسی لئے دبوچے رکھا کہ وہ حیوان دماغ گروہ اپنی تمام تر حماقت اور شور و غل کے ساتھ ہمیشہ اس کی پشت پر کھڑی دکھائی دی۔

گویا ہر تباہی اور بربادی کی سب سے بڑی ذمہ داری جہالت کے اس غول پر عائد ہوتی ہے جو آج بھی حقائق کو سمجھنے سے نہ صرف انکاری ہیں بلکہ حد درجہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضد اور ہٹ دھرمی کو شعار بنائے ہوئے سیاست سے جمہوریت اور اداروں سے اقدار تک کسی کو بھی نہیں چھوڑ رہے ہیں۔

جس سے ہر وارداتیے کو سازگار ماحول بھی میسر آ رہا ہے اور وہ اس کا بھرپور فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔

اگر ہم ماضی قریب میں دیکھیں تو وہ پرویز مشرف کے فیصلے اور عدالت کا انجام ہو جنرل عاصم باجوہ سے جنرل مزمل تک کے واقعات ہوں ملک ریاض کی اربوں کی خوفناک وارداتیں اور شہزاد اکبر کی گھاتیں ہوں

رنگ روڈ پنڈی فرح گوگی بحریہ ٹاؤن کے سیکٹرز توشہ خانہ ہیرے کی انگوٹھی بزدار کی کرپشن میڈیا ہاؤس کے چالیس ارب اور کرونا فنڈ سمیت ہر سیاسی اور مالی واردات اس شور و غل کے نیچے دبا دی گئی جسے مچانے پر ایک غول روز اول ہی سے ”اپنے فرائض“ سر انجام دے رہا ہے۔

عشرہ بھر پہلے ان کے دماغوں میں یہ باتیں ٹھونسی گئی تھیں کہ سیاستدانوں میں سے فلاں فلاں کو چور ڈاکو کہہ کر مخاطب کرنا ہے
فلاں کو ڈیزل کہنا ہے فلاں کی نقل اتارنی ہے اور جو منہ میں آئے وہ گالیاں بھی تسلسل کے ساتھ دینی ہیں۔

یہ نفرت بھی ان کے بھس بھرے دماغوں میں انڈیلی گئی کہ ان صحافیوں کے ساتھ بھی انہی سیاستدانوں سے ملتا جلتا سلوک کرنا ہے جو حق گوئی اور سچائی کا علم اٹھائیں۔

سو اس مکتب جہالت کے پیروکاروں کے لئے مطیع اللہ جان اور اس قبیلے کے دوسرے لوگ لفافے غدار اور خوشامدی ٹھہرتے ہیں۔ یہ تکلف کیے بغیر کہ سامنے کے حقائق کیا ہیں۔ حالانکہ آج کے زمانے میں حقائق تک رسائی اور انہیں جانچنے میں مشکل کیا ہے؟

سوچنا پڑتا ہے کہ انسان کو عقل اور علم کی بنیاد پر ہی اشرف المخلوقات کا عظیم اور منفرد ٹائٹل ملا تھا۔ لیکن اہل علم سے سوال یہ ہے کہ اگر کوئی عقل علم اور دانائی میں انسانی فطرت اور ذمہ داری کے احساس سے عاری رویے کا حامل ہو تو کیا وہ بھی اشرف المخلوقات ہی تصور کیا جائے گا۔

Facebook Comments HS

One thought on “مطیع اللہ جان کی کھٹارا گاڑی اور فارم ہاؤس والے صحافی

  • 01/07/2022 at 1:09 شام
    Permalink

    درست فرمایا، مگر یہ فارم ہاوس والے کسی جہالت کی وجہ سے جزیروں کے مالکوں کے ساتھ نہیں بلکہ وہ اپنے ہر لفظ کے لئے نقد معاوضہ پاتے اور ان کے کام گروہ خانہ برباداں کے ریفرنس سے کسی جگہ نہیں رکتے۔ ان کی شفارشیں چلتی اور الاٹمنٹیں ہوتی ہیں۔ یہ سسٹم کے سہولتکار ہیں۔

Comments are closed.