دیکھیں پاکستان نئی نظر سے


آج کے جدید اور ڈیجیٹل دور میں پرسنل برانڈنگ اور امیج پریزنٹیشن بہت اہم اور بنیادی چیز ہے۔ دنیا بھر کی کارپوریٹ کمپنیاں اپنی سافٹ امیج اور برانڈنگ کے لئے ایک خطیر رقم خرچ کرتی ہیں۔ جو دیکھتا ہے وہ بکتا ہے کی مثال بھی آج کے سوشل میڈیا میں اہم ہے لیکن اس سے کئی زیادہ اہم چیز آپ اپنے بارے میں دنیا کو کیا دیکھتے اور بتاتے ہیں۔ آپ خود کو دوسروں سے کیسے متعارف کرواتے ہیں یہ ہی اصل کہانی ہے۔

افراد سے کئی زیادہ اہم ملکوں کا دنیا میں خود کو پیش کرنا ایک اہم حکمت عملی ہوتی ہے۔ اس افراتفری کے دور میں جہاں ہر طرف سیاسی جملہ بازی، طنز اور گالم گلوچ زبان عام ہے۔ بریکنگ نیوز اور ٹاک شوز نے عوام کے ذہنوں کو سیاست کے علاوہ کسی چیز پر سوچنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ سیاست زندگی کا حصہ ہے زندگی نہیں۔ زندگی کے مختلف پہلوؤں سے دیکھنے کے لئے نئی نظر اور سوچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ سوچ پختہ خیالات، براہ راست زندگی کے تجربات اور انسانی احساسات کی ترجمانی سے پیدا ہوتی ہے۔ گزشتہ دنوں یہ سوچ کی عکاسی کرنے والے ایک نئے ٹی وی چینل ڈسکور پاکستان کے مارننگ شو میں بطور مہمان جانے کا اتفاق ہوا۔

یہ ایک خوبصورت اور خوشگوار تجربہ تھا۔ ”دی مارننگ شو“ کی میزبان اقراء حارث نے بہت عمدہ انداز سے شو کیا۔ سوال بہت جامع اور مختصر تھے اس لئے مجھے بولنے کا بھرپور موقع ملا۔ پروگرام کے سینئر پروڈیوسر سلمان احمد پروگرام سے پہلے اور بعد میں بڑی گرمجوشی سے ملے اور اپنے کام کے حوالے سے آگاہ۔ میں ان کی قابلیت اور خلوص سے متاثر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسکور پاکستان، پاکستان میں مین سٹریم میڈیا میں مذہبی اقلیتوں کو بھرپور کوریج دے رہا ہے۔

جس کے لئے ہم نے خصوصی پروگرام مرتب کیے ہیں۔ مسیحی کیمونٹی کے لئے ”چرچز آف پاکستان“ ، سکھ برداری کے لئے ”ست سری آ کال پاکستان میں“ پروگرام ہیں جو ہفتہ وار نشر کیے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات ہے کہ ان پروگراموں کے میزبانوں کا تعلق بھی مذہبی اقلیتوں سے ہے۔ سلمان احمد نے بتایا کہ ہم پاکستان میں مذہبی آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس کے لئے میڈ یا کا کردار اہم ہے۔

ڈسکور پاکستان ٹی وی میرے لئے ایک دریافت ہے۔ فیس بک پر میرا ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی کے ساتھ رابطہ ہوا تو ان سے کے ساتھ تعلق بہت جلد ادبی اور خلوص کے رشتے میں بدل گیا۔ علم اور روح کے رشتے ویسے بھی بے لوث ہوتے ہیں کیونکہ ان کی بنیاد خلوص پر ہوتی ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی سے جلد تعلق کی ایک وجہ ان کا آبائی گاؤں سیالکوٹ ہے جو میرے اجداد کا آبائی شہر ہے دوسری وجہ ان کا پاکستان میں مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور رواداری کے لئے کام اور جذبہ ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں لیکن ان کا دل پاکستان میں بلکہ پاکستان کے لئے دھرکتا ہے۔ وہ ڈسکور پاکستان کے صدر ہیں اور اس کے علاوہ ایک سوشل سائٹس، تنازعات کے حل اور مکالمے کے ماہر ہیں۔

ڈسکور پاکستان، پاکستان کا پہلا ٹورازم سیٹلائٹ ٹی وی ہے جو سب سے زیادہ دیکھا جانے والا بین الاقوامی سیٹلائٹ ٹی وی چینل ہے جو بہترین تفریحی پروگرام، دستاویزی فلمیں اور حالات حاضرہ کو مثبت انداز میں پیش کرتا ہے۔ ڈسکور پاکستان کا آغاز 23 مارچ 2021 کو ہوا اور مین اسٹریم میڈیا کے ذریعے قومی مفاد کی نئی جدت کے ذریعے مثبت معلومات فراہم کر کے پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں نئے رجحانات قائم کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

اس کا مشن سیاحت کو فروغ دینا ہے اور مختلف سیٹلائٹس، آئی پی ٹی وی اور ڈیجیٹل افق کے ذریعے اندرون ملک اور عالمی سامعین کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج پہنچانا ہے۔ یہ تمام مثبت ذرائع کے ساتھ شراکت کے لیے تیار ہے تاکہ ملک کی سیاحتی معیشت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جا سکے۔ اس ضمن میں سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جن کی قیادت میں یہ چینل بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ میڈیا کو نئے موضوعات اور میڈیم کا مثبت استعمال کرتے ہوئے عوام کے سامنے منفرد، مختلف اور ہائی کوالٹی مواد لانا ہو گا تاکہ نئی نسل کی سوچ اور افکار کو متاثر کر سکے۔

بے شک پاکستانی معاشرے میں بے شمار مسائل اور چیلنجز موجود ہیں جن کے حل کے لئے ہمیں ٹھوس اور جامع اقدام کرنے ہوں گے لیکن اس ملک کی خوبصورتی، انفرادیت اور مثبت پہلو کو اجاگر کر نے کی ضرورت ہے۔ ہمیں سب اپنے چیزوں کے دیکھنے کے انداز اور نظر بدلنے کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments