’طنزیہ‘ ٹویٹ پر مبنی الزام، فاکس سپورٹس نے بابر اعظم سے متعلق خبر حذف کر دی


بابر اعظم
فاکس سپورٹس آسٹریلیا نے پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان بابر اعظم سے متعلق ایک تحریر کو اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا سے حذف کر دیا ہے جس میں بابر اعظم کے خلاف چند سنگین الزامات کا ذکر تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے جبکہ اس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خود بابر اعظم نے ان الزامات کو جواب کے قابل نہیں سمجھا۔

فاکس سپورٹس نے پی سی بی کے اس جواب کے بعد ’فاکس کرکٹ‘ نامی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور ویب سائٹ سے اس خبر کو غائب کر دیا ہے۔

اکثر پاکستانی شائقین نے بورڈ کے اس ردعمل پر اسے سراہا ہے اور بعض نے فاکس سپورٹس سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ فاکس سپورٹس اور دیگر ذرائع ابلاغ کی خبر میں ان ٹویٹس کا حوالہ دیا گیا تھا جو ایک پیروڈی اکاؤنٹ کی جانب سے ’طنز و مزاح‘ کے لیے شئیر کی گئی تھیں۔

بابر اعظم سے متعلق تحریر جسے فاکس سپورٹس نے ویب سائٹ سے حذف کیا

سوشل میڈیا پر فاکس کرکٹ نامی مصدقہ اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں اس خبر کا لنک بھی دیا گیا تھا جس میں بابر اعظم سے متعلق کھل کر ان الزامات کا ذکر کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فاکس کی تحریر میں ان الزامات کا ذکر کرتے ہوئے ایک ایسے بلیو ٹِک والے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا حوالہ دیا گیا جس نے خود کو پیروڈی (یعنی طنز و مزاح) کے طور ظاہر کیا ہے۔ اس کا نام ڈاکٹر نیمو یادیو ہے۔

فاکس کی تحریر میں لکھا گیا کہ ’یہ پیروڈی اکاؤنٹ ہے جس پر انٹرنیٹ منقسم ہے۔ بعض کا خیال ہے کہ یہ مواد درست ہے اور بابر مشکل میں پڑ سکتے ہیں مگر کچھ کا خیال ہے کہ یہ پاکستانی کپتان کے خلاف سوچی سمجھی مہم ہے۔‘

اس تحریر میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ’اگرچہ اس مواد کی صداقت غیر واضح ہے۔‘

تاہم پی سی بی نے اس ٹویٹ پر کوٹ ری ٹویٹ کیا کہ ’ہمارے میڈیا پارٹنر ہوتے ہوئے آپ کو شاید ایسے بے بنیاد ذاتی الزامات کو نظر انداز کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے تھا جنھیں بابر اعظم نے ردعمل کے قابل نہیں سمجھا۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس جواب کے بعد فاکس کرکٹ نے نہ صرف وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی بلکہ ویب سائٹ سے اپنی اس تحریر کو بھی غائب کر دیا۔

اب اس لنک کو کھولنے پر فاکس سپورٹس یہ پیغام دیتا ہے کہ ’ہم معذرت خواہ ہیں، آپ جس صفحے کا مطالبہ کر رہے ہیں اسے مستقل طور پر حذف کر دیا گیا ہے۔‘

https://twitter.com/EbbaQ/status/1615363785455448065

فاکس کرکٹ کی پوسٹ پر پی سی بی کے جواب کے بعد صحافی سہیل عمران نے تبصرہ کیا کہ ’پی سی بی نے شائستہ مگر سخت بیان دے کر قومی ہیرو کا دفاع کیا۔‘

ادھر اریبہ نامی صارف نے کہا کہ یہ بطور بورڈ پی سی بی کے ذمہ ہے کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور ہر اس شخص کے خلاف مقدمہ دائر کریں جو قومی ٹیم کے کپتان کی کردار کشتی کرنے کی جرات کرتا ہے۔ ’یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔‘

پی سی بی کی ٹویٹ پر ایبہ قریشی کہتی ہیں کہ ’پلیز انھیں پارٹنرشپ لسٹ سے حذف کر دیں۔‘

https://twitter.com/niiravmodi/status/1615063861874544640

ایک طنزیہ ٹویٹ جسے سچ مان لیا گیا

جس پیروڈی اکاؤنٹ کے حوالے سے کئی ویب سائٹس نے بابر اعظم کے خلاف الزامات کی خبر لگائی تھی، اس نے بھی متعدد ٹویٹس میں اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔

ڈاکٹر نیمو یادیو نے کہا ہے کہ ’بھائی میں نے تو اپنی ٹویٹ حذف کر دی ہے۔ فاکس نیوز، آج تک، این ڈی ٹی وی، ایچ ٹی ٹائمز، اے بی پی، نیوز 18 اور مقامی اخبار وغیرہ وغیرہ۔ تم لوگ اپنا اپنا دیکھ لو۔‘

انھوں نے لکھا کہ یہ تحریر جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ ’میں نے ایسا طنزیہ انداز میں کہا تھا۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں معافی چاہتا ہوں بابر اعظم۔ میں نے ایک انڈین کرکٹر کی گزارش پر اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کی۔‘

ڈاکٹر نیمو نے یہ بھی کہا کہ ’بابر کیا مجھے آپ کا فالو بیک مل سکتا ہے تاکہ ہم دونوں فاکس نیوز کے خلاف مقدمہ دائر کریں؟‘

آیا وہ اب بھی مذاق کر رہے ہیں یا ان کے ٹویٹس سنجیدہ ہیں، یہ غیر واضح ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments