’ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے، ہم سب ایک ہیں‘ سوارا بھاسکر کی شادی کا انوکھا کارڈ


’ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے، ہم سب ایک ہیں۔‘ یہ وہ نعرے ہیں جو اداکارہ سوارا بھاسکر اور سماجی کارکن فہد احمد کی شادی کے کارڈ پر لکھے دکھائی دے رہے ہیں۔

دراصل سوارا اور ان کے شوہر فہد احمد، جن سے وہ پچھلے مہینے ہی عدالت میں شادی کر چکی ہیں، انڈیا میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے درمیان ملے تھے اور اسی دوران ان کی محبت پروان چڑھی۔

کہا جا رہا ہے کہ ان کا یہ کارڈ سیاسی نہیں بلکہ ان کی محبت کی کہانی بیان کر رہا ہے۔

عدالت میں شادی کے بعد اب سوارا اور فہد باقاعدہ رسم و رواج کے ساتھ شادی کرنے جا رہے ہیں اور ان کے اس انوکھے ویڈنگ کارڈ نے سوشل میڈیا پر کافی ہلچل مچائی ہے۔

کارڈ میں دولہا دلہن کھڑکی سے باہر دیکھتے دکھائے گئے ہیں جہاں مظاہرہ ہو رہا ہے اور لوگوں نے جو بینر اٹھا رکھے ہیں ان پر یہ نعرے لکھے ہوئے ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کی مسلم نوجوان سے شادی جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں

https://twitter.com/indiacom/status/1633052890620391426

فہد اور سوارا چاہتے تھے کہ ان کی شادی کا کارڈ ایسا ہو جس میں وہ تمام لمحات سامنے ہوں جن میں وہ ملے اور ان کی محبت پروان چڑھی۔ فہد ایک سیاسی رہنما ہیں اور ملک میں سماجوادی پارٹی کے یوتھ وِنگ سے وابستہ ہیں۔

اس ہفتے سیف علی خان کا ایک پرانا انٹرویو میڈیا میں چھایا ہوا ہے جس میں انھوں نے اپنی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔ بات کیا بلکہ مردوں کو ایک مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے سے کم عمر اور خوبصورت لڑکی سے شادی کریں۔

2014 میں فلم فیئر کو دیے جانے والے اس انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کرینہ سے اپنی شادی کے بارے میں ان کا کیا کہنا ہے تو سیف کا کہنا تھا کرینہ سے شادی ان کی زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سبھی مردوں کو چاہیے کہ وہ اپنے سے کم عمر اور خوبصورت لڑکی سے شادی کریں کیونکہ ’مرد دیر سے میچیور ہوتے ہیں‘ یا یوں کہا جائے کہ مردوں کو دیر سے عقل آتی ہے جبکہ لڑکیاں جلدی سمجھدار ہو جاتی ہیں۔

سیف کرینہ

سیف کا کہنا تھا کہ کرینہ سے شادی ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ ہے۔ سیف اور کرینہ 2008 میں فلم ’ٹشن‘ کے دوران ایک دوسرے کے نزدیک آئے تھے اور 2012 میں انھوں نے شادی کر لی تھی۔

سیف نے پہلے امریتا سنگھ سے شادی کی تھی جو عمر میں ان سے تقریباً گیارہ سال بڑی تھیں جبکہ کرینہ ان سے دس سال چھوٹی ہیں۔

دوسری جانب کرینہ نے بھی کرن جوہر کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنے سے بہت زیادہ عمر والے ہیرو سے آن سکرین رومانس نہیں کرنا چاہیں گی کیونکہ حقیقی زندگی میں سیف اور ان کے درمیان عمر کا فرق ان کے لیے کافی ہے۔

ویسے کرینہ کپور اپنا شو ’واٹ وِومن وانٹ‘ کا سیزن فور لا رہی ہیں اور اس کا ٹریلر بھی اسی ہفتے ریلیز ہوا ہے۔

شاید اسی لیے میڈیا میں ان کی پرانی کہانیاں دہرائی جا رہی ہیں۔ ٹریلر میں کرینہ شیفالی شاہ اور کپل شرما کے علاوہ اپنے بھائی رنبیر کپور کے ساتھ دلچسپ کفتگو کرتی نظر آئیں۔

پہلے کے مختلف سیزنز میں انھوں نے اپنی بیٹی سارہ علی خان، ساس شرمیلا ٹیگور کے علاوہ سیف کا انٹرویو بھی لیا تھا۔

مہیش بھٹ

ادھر ارباز خان کا شو ’دی انونسبل‘ میں انھوں نے بھی کبھی اپنے پاپا سلیم خان اور کبھی بھائی سلمان خان سے بات کی۔ تازہ قسط میں انھوں نے فلسماز مہیش بھٹ سے انٹرویو کیا تو وہ بھی ماضی کی یادوں میں کھو گئے۔

انھوں نے اپنے بچپن کا تذکرہ کرتے ہوئِے کہا کہ ’میری والدہ ایک شیعہ مسلمان تھیں لیکن وہ اپنی شناخت کو چھپایا کرتی تھیں اور ماتھے پر بندیا لگایا کرتی تھیں۔‘

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ’میرے والد ایک بڑے فلمساز تھے لیکن چونکہ میری ماں مسلمان تھیں اس لیے ان کی شادی نہیں ہو سکتی تھی۔

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ’ناجائز بچہ‘ کہلانا کیسا ہوتا ہے یہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ لوگ ان سے سوال پوچھتے تھے کہ ’تمھارے والد کہاں ہیں اور ایک شخص ان سے بار بار یہ سوال کر کے انھیں تنگ کیا کرتا تھا۔

ایک دن تنگ آکر انھوں نے کہہ دیا کہ وہ ’ہمارے ساتھ نہیں رہتے، اپنی بیوی کے ساتھ دوسرے گھر میں رہتے ہیں۔‘

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اس شحص نے انھیں کبھی پریشان نہیں کیا لیکن ان کی والدہ نے ان کی خوب پٹائی کی۔ لیکن اب وہ یہ بات جان چکے تھے کہ اگر آپ کسی سے کچھ چھپاتے ہیں تو لوگ اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

فائل فوٹو

مہیش بھٹ اپنی تینوں بیٹیوں عالیہ، شاہین، پوجا بھٹ اور بیوی سونی رازدان کے ساتھ

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح شراب کی لت نے انھیں پریشان کیا اور کئی بار وہ نشے میں اتنے دھت ہو جاتے تھے کہ گھر جانے کے بجائے فُٹ پاتھ پر ہی سو جایا کرتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک رات وہ کسی پارٹی سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں فٹ پاتھ پر گر گئے۔

علی الصبح ان کی آنکھ کھلی تو انھوں نے خود کو فٹ پاتھ پر لیٹا ہوا پایا۔ ان کے منھ پر مٹی لگی ہوئی تھی، وہ واپس اپنے گھر گئے۔ تب انھیں احساس ہوا کہ انھیں شراب کی لت لگ چکی ہے۔

مہیش بھٹ نے کہا کہ جب ان کی بیٹی شاہین پیدا ہوئی تو انھیں احساس ہوا کہ انھیں اس لت کو چھوڑنا ہوگا۔

اسی دوران ارباز نے انھیں یاد دلایا کہ ایک روز مہیش بھٹ نے ان کے گھر اتنی شراب پی لی تھی کہ انھیں ہوش ہی نہیں رہا۔

تب ان کے والد سلیم خان نے ان سے اور سلمان سے کہا کہ ’انھیں گھر چھوڑ کر آؤ‘ اور جب یہ دونوں انھیں لے کر ٹیکسی سے نکلے تو مہیش یہ بھول گئے تھے کہ وہ کہاں رہتے ہیں۔

ارباز نے کہا ’ہم دونوں کو بہت ہنسی آ رہی تھی۔‘ تاہم مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ان کی بیٹی شاہین کی پیدائش نے انھیں بدل دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32550 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments