نیب کی عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا، پنجاب میں فوج طلب
ویب ڈیسک — قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر ٹرسٹ کیس میں گر فتار سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی ہے۔
گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ اعظم کو پولیس لائنز اسلام آباد ریسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کو اُن کے خلاف مقدمات کی سماعت بھی وہیں ہو رہی ہے۔
القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی جانب سے عمران خان کو نیب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے پولیس لائنز ریسٹ ہاؤس میں ہی سماعت کی۔
نیب نے سابق وزیرِ اعظم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔
پنجاب میں فوج طلب

دریں اثنا پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کے پیشِ نظر فوج کو طلب کر لیا ہے۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج کو تعینات کرنے کے لیے ریکوزیشن وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عمران خان کی گرفتاری کے بعدمشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی تھی جب کہ کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
عمران خان کے خلاف کیسز کی دو عدالتیں پولیس لائنز منتقلی کا نوٹی فکیشن چیلنج

پاکستان تحریکِ انصاف نے عمران خان کے کیسز کی سماعت کرنے والی دو عدالتیں پولیس لائنز منتقل کرنے کا نوٹی فکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس لائنز کو عدالت بنانے کا نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔
درخواست میں عمران خان سے قانونی ٹیم کو ملنے کی اجازت دینے سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور وکلاء کو بھی ملنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ یہ بدعنوانی اور احتیارات کے غلط استعمال پر قومی احتساب بیورو کی جانب سے عمل میں لائی گئی ہے۔
اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ قانون کا سامنا کریں اور عدالتوں میں اپنا دفاع پیش کریں نہ کہ ملک میں انارکی پیدا کی جائے۔
وہ کہتے ہیں کہ حکومت ریاست کی رٹ کو برقرار رکھے گی اور ریاستی اداروں پر حملوں اور فوجی عمارتوں کی توڑ پھوڑ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ منگل کی رات عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے بہت سی ریڈ لائنز کو عبور کیا ہے اور ریاستی اداروں اور فوجی عمارات پر حملے عمران خان کی حکمتِ عملی کے تحت کیے گئے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر گرفتار
تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تحریکِ انصاف کے رہنما کو انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق اسد عمر کو نقص امن کی دفعہ تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ان کے مزید کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتار ہو سکتی ہے۔
پولیس لائنز اسلام آباد کو عدالت میں تبدیل کر دیا گیا

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے لیے پولیس لائنز اسلام آباد کو عدالت میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
عمران خان کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس اور توشہ خانہ کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس یا ایف ایٹ کچہری کے بجائے پولیس لائنز ایچ الیون میں ہو رہی ہے۔
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق عمران خان پر آج توشہ خانہ کیس میں فردِ جرم عائد کی جائے گی اور احتساب عدالت کے جج کے سامنے انہیں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا۔
عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے لیے عدالت پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں لگے گی اور توشہ خان اور نیب کے کیس سننے والے ججز پولیس لائن گیسٹ ہاؤس جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے (نیب) نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کےاحتجاج میں ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیاتھا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث خیبر پختونخوا میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
سندھ میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں اور نویں و دسویں جماعت کے امتحانات معمول کے مطابق ہو رہے ہیں۔
کراچی کی سب سے اہم شاہراہ ، شارع فیصل پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہے جب کہ مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔ اسی طرح لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور میں بھی معمولاتِ زندگی بحال ہو رہے ہیں۔
کراچی میں منگل کو ہنگاموں کے بعد بند کی جانے والی پیپلز بس سروس فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم الیکٹرک بس سروس کو تاحال معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ منگل کو ہنگامی آرائی کے دوران ایک بس کو نذر آتش کر دیا گیا تھا جب کہ ایک بس میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
پاکستان میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 290 روپے پر پہنچ گیا

پاکستان میں سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہو اہے۔ بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر 290 روپے تک پہنچ گیا۔ ایک روز میں ڈالر کی قیمت میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس سے قبل 11 اپریل کو ڈالر 288 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ گرفتار

پنجاب کے سابق گورنر اور پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وقاص حسن کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بدھ کی صبح عمر سرفراز چیمہ کو حراست میں لیا۔
سابق گورنر کے سیکریٹری کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کی ٹیم نے عمر سرفراز چیمہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں اپنے ہمراہ لے گئی۔
سوات سے پی ٹی آئی کےمتعدد رہنما گرفتار
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سوات میں احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ اس دوران پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے پرنسل سیکریٹری خورشید دادا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سوات کے کئی دیگر علاقوں سے بھی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گرفتار رہنماؤں کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
’عمران خان کو بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا‘ : مریم اورنگزیب

پاکستان کی وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس ٹرسٹ کے قیام کے بعد پیسے لیے تھے اب وہ پیسے کہاں ہیں۔
ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں توڑ پھوڑ پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما اب کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا وہ اس کے ذمہ دار نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے یہ سب کچھ کیا ہے۔
ان کے مطابق جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔
پرویز الہیٰ کی پولیس ایکشن کی مذمت

تحریک انصاف کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس لیے یہ ان کا حق ہے کہ وہ جس کو ایف آئی آر میں نامزد کرنا چاہیں اس کا نام مقدمے میں شامل کیا جائے۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جس طرح پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا اور ان پر لاٹھی چارج کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج بدھ کو کاروبار کے آغاز ہی سے مندی کا شکار ہے۔ ایک موقع پر اسٹاک مارکیٹ میں276 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ تاہم ایک گھنٹے کی ٹریڈنگ میں کسی حد تک مارکیٹ میں ریکوری نظر آئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی حالات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
ڈالر کی قدر میں اضافہ

آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام بحال نہ ہونے اور دیگر سیاسی وجوہات کی بنا پر روپے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ بدھ کی صبح سے ڈالر کی قدر میں ایک روپے 65 پیسے مزید اضافہ دیکھا جا چکا ہے۔
اس وقت اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 286 روپے 50 تک جا پہنچی ہے۔
لنڈی کوتل: پاکستان افغانستان شاہراہ بند

پاکستان افغانستان شاہراہ کو لنڈی کوتل میں چروازئے کے مقام پر تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گرفتاری کے خلاف احتجاج میں بند کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنان نے شاہراہ کے درمیان ٹینٹ لگا کر احتجاج شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو چکی ہے۔
بلوچستان میں حالات پُر امن ہونے کا دعویٰ
بلوچستان کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد صورتِ حال پر امن ہے۔
وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ حالات پر امن ہیں۔ صوبے میں آمد و رفت کے لیے تمام شاہراہیں کھلی ہوئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد ہیں۔
گلگت بلتستان میں دوسرے روز بھی احتجاج
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے جب کہ رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسکردو شہر میں آج بھی بڑا احتجاج مظاہرہ کیا جائے گا جس میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتیوں وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔


