’قاضی شمشیر‘ ، پاکستانی سیاست اور مولانا مودودی

معاشرہ کوئی جامد چیز نہیں ہے۔ زندگی اور موت، تعمیر اور تخریب کا معاشرتی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ تاہم جب موت کے سائے گہرے اور تخریب کے حوالے بڑھ جائیں تو معاشرہ بیماری کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس صورت حال میں زندگی اور تعمیر کی قوتوں کے لیے ناگزیر ہوجاتا ہے کہ وہ اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کر کے معاشرے کو زندگی اور تعمیر کا نمونہ بنائیں۔
پاکستانی معاشرہ بھی اسی طرح کی کش مکش سے دوچار ہے۔ یہاں ایک طرف اگر تعمیر کا نشان بلند ہوتا ہے تو ساتھ ہی تخریب کی موجیں اسے زیرآب لے جانے کے لیے امڈ آتی ہیں۔ پاکستان کی نئی نسل کے لیے آج کے حالات کی شدت بے مثال ہے، لیکن انھیں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہیے کہ: ’ہم لائے ہیں طوفاں سے کشتی نکال کے‘ بھی ایک حقیقت ہے۔ ہمارا معاشرہ آج اچانک کسی عفریت کے جبڑوں میں نہیں جکڑا گیا، بلکہ یہ کام بہت پہلے شروع ہوا، اور یہ عفریت اپنی کینچلی اور رنگ بدل بدل کر اس معاشرے کی کمر توڑنے کے درپے رہا ہے۔ یہ سب کچھ یکایک رونما نہیں ہو گیا بلکہ اس میں درجہ بدرجہ بہت سی قوتوں نے حصہ ڈالا ہے، بالخصوص طاقت ور منفی طبقوں نے!
یہاں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ ( 25 ستمبر 1903ئی۔ 22 ستمبر 1979ء) کی چند تحریروں اور بیانات کی روشنی میں پاکستانی تاریخ کے اوراق الٹے ہیں کہ اس موسم خزاں نے گلستان وطن کو کس کس طرح اجاڑا ہے۔
پاکستان میں دستور سازی کا عمل ابتدائی منازل طے کر رہا تھا، مگر طاقت کے حریص طبقے، ملک و قوم کے مستقبل سے بے پروا ہو کر باہم جنگ و جدل میں مصروف تھے۔ مغربی پاکستان سے جاگیردارانہ پس منظر کے حامل سیاست دان، کھلے عام اعلیٰ سول افسروں سے مل کر اور پس پردہ اعلیٰ فوجی افسروں سے سازباز کر کے، زیر تشکیل دستور میں نقب لگا رہے تھے۔ وہ اس امر سے بے پروا تھے کہ اس کا نتیجہ مشرقی پاکستان میں کیا نکلے گا اور خود یہاں مغربی پاکستان میں کیا عذاب آئے گا۔ جدید تعلیم یافتہ اور انگریزی طور طریقوں کا رسیا یہ حاکم طبقہ اپنی دھن میں ہر چیز کو تہس نہس کر رہا تھا۔ 14 ؍اکتوبر 1950ء کو مولانا مودودی نے قوم کو متنبہ کرتے ہوئے لاہور میں خطاب کے دوران کہا تھا:
کسی زندہ قوم کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ چند آدمیوں کے ہاتھ میں دے کر خاموش بیٹھ جائے، اور ان کی مرضی پر چھوڑ دے کہ وہ جس طرح چاہیں ملک کے نظام کو ڈھال دیں۔ (سید مودودی: دستوری سفارشات پر تنقید و تبصرہ، ص 41 )
دراصل وہ خبردار کر رہے تھے کہ قومی معاملات کو چند ہاتھوں میں دے دینے کا نتیجہ محلاتی سازشوں اور ان کے نتیجے میں تباہی کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔ ظاہر ہے کہ ملک میں لاقانونیت اور غیر دستوری کلچر کے فروغ سے ظلم کے علاوہ کون سی فصل برگ و بار لا سکتی ہے؟ اور جب مسءلہ ملک کے دفاع کا ہو تو حس انصاف کو بیدار رکھنا اور بھی ضروری ہوجاتا ہے، بجائے اس کے کہ جنگی صورت حال میں عدل کو بھی گولی کا نشانہ بنا دیا جائے۔ یہاں مولانا مودودی کی ایک طویل تقریر سے اقتباس دیا جا رہا ہے۔ یہ تقریر انھوں نے 22 جولائی 1951ء کو لاہور میں کی تھی۔ تب بھارتی افواج، پاکستان پر حملے کے لیے تیار کھڑی تھیں اور ملک سخت ہیجانی کیفیت میں مبتلا تھا۔ مولانا نے بنیادی اخلاقی اصولوں کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے فرمایا تھا:
یہ بات ہر جگہ ذہن نشین کرانے کی کوشش کریں کہ [قومی] مورال کے بحال رکھنے کے لیے جھوٹ کے بجائے سچ کا ہتھیار استعمال کیا جائے۔ خالی خولی پرجوش باتوں سے مورال اگر بحال ہو بھی جائے تو یہ مستقل نہیں، عارضی ہوتا ہے۔
ایک اور چیز جسے دفاع کے معاملے میں خاص اہمیت حاصل ہے، وہ یہ ہے کہ ملک کے اندر ظلم و ستم اور بے انصافیوں اور حق تلفیوں کو قطعی طور پر بند ہونا چاہیے۔ ظلم سے بڑھ کر قومی دفاع کو کمزور کرنے والی کوئی چیز نہیں ہے۔
ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سرزمین [پاکستان] ہمارا نہیں بلکہ اسلام کا گھر ہے۔ ہمارے لیے یہ سب سے بڑی نعمت ہے، اور ہم ہر قیمت پر اس کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ہر مسلمان میں اس نعمت کی قدر کا جذبہ پیدا کریں، اور اس کے قلب و روح میں یہ خیال جاگزیں کر دیں کہ اس نعمت کی حفاظت میں کوئی قربانی بھی گراں نہیں ہے۔ l (اخبار سہ روزہ کوثر، لاہور، 28 جولائی 1951ء)
اس تقریر میں مولانا مودودی نے جنگی صورت حال میں جھوٹے پروپیگنڈے کی اشاعت اور ’نظریۂ ضرورت‘ کے تحت محض جوشیلے طرز بیان کی نفی کی ہے۔ ساتھ ہی یہ بتایا ہے کہ بھلے لوگو، جب ملک جنگی صورت حال سے دو چار ہو تو اپنے معاشرے میں اور زیادہ عدل و انصاف کی دولت لٹاؤ، نہ کہ عدل و انصاف کو صدمہ پہنچاؤ، اور یہ بھی کہ اسلام کے گھر کے مانند پاکستان کی حفاظت کرنے کے لیے ہر آن تیار بھی رہو۔
اس تقریر کو اڑھائی ماہ اور پاکستان کو قاءم ہوئے ابھی چار برس گزرے تھے کہ اولین وزیراعظم لیاقت علی خاں کے قتل ( 16 ؍اکتوبر 1951ء) نے پاکستان کو خونیں دلدل میں دھکیل دیا۔ تلوار اور تشدد کے اس پہلو کو مولانا مودودی نے ’قاضی شمشیر‘ کی اصطلاح سے منسوب کیا، اور جماعت اسلامی کے کل پاکستان اجتماع منعقدہ کراچی میں خطاب کے دوران فرمایا:
کسی ملک کے لیے اس سے بڑھ کر اور کوئی بدقسمتی نہیں ہو سکتی کہ اس میں فیصلے کا آخری اختیار عقل، شعور، دلیل اور رائے عام سے چھین کر ’قاضی شمشیر‘ کے سپرد کر دیا جائے۔ یہ قاضی کوئی عادل اور صاحب فکر قاضی نہیں ہے۔ یہ اندھا، بہرا اور گونگا قاضی ہے۔ اس سے جب کبھی فیصلہ چاہا گیا ہے، اس نے حق اور انصاف دیکھ کر نہیں، بلکہ خون کی رشوت لے کر فیصلہ کیا ہے، اور جس نے بھی زیادہ خون چٹا دیا، اسی کے حق میں اس نے فیصلہ دیا ہے، خواہ وہ حق پر ہو یا ناحق پر، خواہ وہ نیک ہو یا نہ ہو۔
کوئی قوم جو خود اپنی دشمن نہ ہو، اور جس کی عقل کا دیوالیہ نہ نکل چکا ہو، ایسی بے وقوف نہیں ہو سکتی کہ اپنے معاملات کا فیصلہ: شعور و استدلال کے بجائے تلوار کے اندھے قاضی کے سپرد کردے۔ اگر ہم اپنا مستقبل تاریک نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں پوری قوت کے ساتھ اپنے ملک کے حالات کو اس خطرناک رخ پر جانے سے روکنا چاہیے۔ ( 10 نومبر 1951ئی، روداد جماعت اسلامی، ششم: ص 54 )
مولانا مودودی کی جانب سے ’قاضی شمشیر‘ کا یہ اشارہ ہر اس اندھی بہری قوت کی طرف ہے، جو عدل کے نام پر عدل کو قتل کرے یا تشدد کے لیے خودساختہ اصولوں کی بنیاد پر دوسروں کی جان لینے کے بہانے گھڑے اور وسیلے تراشے۔ یہ فعل کسی کے بھی ہاتھوں رونما ہو سکتا ہے : سیاسی لبادے میں ایم کیو ایم جیسے طائفے ہوں یا ’محرومی‘ کے نام پر قوم پرستوں کی پرتشدد خفیہ تنظیمیں، یا مذہب کے نام کو استعمال کرنے والے خونیں گروہ، یا پھر عدل و انصاف کے مسلمہ اصولوں سے بالاتر ادارے۔ انسانی جان لینے کے کھیل میں یہ سب ’قاضی شمشیر‘ بن جاتے ہیں۔
جب وزیراعظم لیاقت علی خاں کا قتل ہوا تو اس وقت ملک میں دستور سازی اور اختیارات کی تقسیم کا معاملہ زیربحث تھا۔ زیربحث کہنا درست نہیں، درست بات یہ ہے کہ دستور سازی کے موقع پر مختلف طاقت ور گروہ زیادہ سے زیادہ اختیارات چھیننے کی دوڑ میں باہم معرکہ آرا تھے۔ ان حالات میں 30 جنوری 1953ء کو لاہور کے جلسۂ عام میں مولانا مودودی نے زیربحث بہت سی دستوری سفارشات کے بعض پہلوؤں پر مفصل تبصرہ کرتے ہوئے فوجی عدالتوں کے بارے میں چند اصولی نکات ارشاد فرمائے۔ یاد رہے کہ ان کی تقریر کا یہ حصہ عام (سویلین) شہریوں کے حوالے سے نہیں بلکہ خود فوجیوں کے بارے میں اور فوجی عدالتوں کے حوالے سے تھا۔ انھوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے فرمایا تھا:
’دستوری سفارشات کی رپورٹ‘ میں فوجی عدالتوں کے مقدمات کے خلاف سماعت کرنے سے سپریم کورٹ کو روک دیا گیا ہے۔ یہ بات ہماری سمجھ میں نہیں آتی، حالانکہ خود انگلستان میں، سپریم کورٹ میں ہر عدالت کے [فیصلے کے ] خلاف اپیل کی جا سکتی ہے، حتیٰ کہ فوجی عدالت کے خلاف بھی، اور پھر یہ بات کسی طرح ہماری سمجھ میں نہیں آتی کہ آخر ہمارے سپاہی کس پاداش میں انصاف سے محروم رکھے جائیں؟ جس طرح سے ایک عام آدمی کے لیے ملک کی آخری عدالت سے انصاف حاصل کرنے کا امکان ہے، اسی طرح سے ہمارے فوجیوں کے لیے بھی انصاف کے حصول کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے۔ کوئی شخص کہتا ہے کہ اس طرح فوج میں ڈسپلن قاءم نہیں رہتا، تو اس کا جواب یہ ہے کہ فوج میں بے انصافی سے ڈسپلن کی ہمیں ضرورت نہیں ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہماری فوج کے بھی ہر سپاہی کو پوری طرح سے یہ اطمینان حاصل ہونا چاہیے کہ اس کے ساتھ بے انصافی کبھی نہیں ہو سکے گی، اور یہ ایسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ وہ کورٹ مارشل کے مقابلے میں سپریم کورٹ سے اپیل کرسکے۔ دستور میں کورٹ مارشل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی گنجایش نہ رکھنا قطعی طور پر اسلامی اصول عدل کے خلاف ہے۔ (ماہ نامہ چراغ راہ، کراچی، مدیر: نعیم صدیقی، خصوصی ضمیمہ، جولائی 1953ء)
یاد رہے یہ اس وقت کی بات ہے جب پاکستان کا نظام حکومت 1935ء کے برطانوی ترمیم شدہ ایکٹ کے تحت چل رہا تھا اور ابھی تک دستور سازی مکمل نہیں ہوئی تھی۔ اب، جب کہ دستور بن چکا ہے اور 60 برس کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد دستوری روایات اور عدالتی عمل اپنی گہری بنیادیں استوار کرچکے ہیں، تو فوج کے داخلی نظام میں فوجی عدالتوں کا معاملہ اور ان کا اختیار سماعت کہیں زیادہ واضح انداز میں طے ہو چکا ہے۔
اس دستوری بحث کے دوران 1953ء کے ابتدائی مہینوں میں صوبہ پنجاب ’فتنۂ قادیانیت‘ کے مسءلے پر ہنگاموں میں گھر گیا (ان ہنگاموں کی صورت گری کرنے والے چہروں سے کب کا نقاب اتر چکا، مگر ہمارا مقبوضہ میڈیا ان کے نام لینے سے شرماتا ہے ) ۔ پنجاب کے حاکم آگے بڑھے، سول اور فوجی اعلیٰ افسروں سے مل کر لاہور میں 6 مارچ کو مارشل لا لگادیا۔ اس اقدام سے ’قاضی شمشیر‘ نے اقتدار کا ذائقہ چکھا اور اپنی قوت کا اندازہ بھی لگایا۔ فوجی عدالت لگی، سرسری سماعت ہوئی اور 11 مئی 1953ء کے روز مولانا مودودی کو سزائے موت سنانے کا فیصلہ صادر ہوا۔ ازاں بعد شدید عوامی اور بین الاقوامی ردعمل اور احتجاج کے نتیجے میں یہ سزا عمرقید میں تبدیل ہو گئی۔ وہ مولانا مودودی جو صرف ساڑھے چار ماہ قبل فوجیوں کے لیے انصاف اور اپیل کا حق مانگ رہے تھے، چند ہی ماہ بعد خود انھیں فوجی عدالت میں دھر لیا گیا اور اعلیٰ سول عدالت میں اپیل کے حق کا تو کوئی سوال ہی نہ تھا۔
انھی ہنگاموں کی تحقیقات کے لیے جسٹس محمد منیر (م:1979ء) اور جسٹس ایم آر کیانی (م: 1962ء) پر مشتمل ایک ’تحقیقاتی عدالت‘ 19 جون 1953ء کو قاءم کی گئی۔ اس خصوصی عدالت میں 13 فروری 1954ء کو مولانا مودودی نے اپنا تیسرا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے فرمایا:
ایک جمہوری نظام میں یہ بات نہیں مانی جا سکتی کہ قوم خود اپنے مفاد کی دشمن ہے، اور اس کے مفاد کو [فقط] چند افسر زیادہ جانتے ہیں۔
دراصل یہ نشان دہی تھی اس خطرے کی، کہ ملک کے کاروبار حکومت اور فیصلہ سازی کے عمل کو چند (سول یا فوجی) افسروں کے ہاتھ میں دے دینے کا نتیجہ جمہوری بساط کے لپٹنے کی صورت میں سامنے آئے گا۔ پہلے مارشل لا کی فوجی عدالتوں نے سول شہریوں کو سزائیں سنائیں، پھر تحقیقات کے نام پر انڈین سول سروس کے تیار کردہ عدالتی افسروں نے مذکورہ بالا تحقیقاتی عدالت کی ایک رپورٹ مرتب اور 10 ؍اپریل 1954ء کو جاری کی گئی، جس میں دینی اصولوں اور علما کا مذاق اڑایا گیا تھا اور بہت سی غیرمتعلقہ بحثیں بھی ٹھونس دی گئیں۔ حیرت کی بات ہے کہ پاکستان کی یہ واحد تحقیقاتی رپورٹ ہے جو سرکاری طور پر بیک وقت انگریزی، اردو اور بنگلہ زبان میں بڑے پیمانے پر شائع کی گئی (اور اب بھی لاہور کے فٹ پاتھوں سے دستیاب ہو جاتی ہے ) ۔ یہ رپورٹ دراصل تحقیقات سے زیادہ سیکولر ازم کے جواز کا مقدمہ پیش کرنے کی دستاویز تھی، جسے سیاسی مقتدرہ اور اعلیٰ افسرشاہی نے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔
رپورٹ کی بے سروپا اور حد درجہ متنازع باتوں کا مولانا مودودی نے جیل ہی میں بیٹھ کر جواب لکھا، جو 1955ء میں تحقیقاتی عدالت کی رپورٹ پر تبصرہ کے نام سے شائع ہوا۔ مولانا مودودی نے برطانیہ میں اصول قانون کے مایہ ناز پروفیسر البرٹ وین ڈائسی (Dicey: 1835۔ 1922ء) کی معروف کتاب The Law of Constitution (طبع نہم) کے حوالے سے لکھا:
مارشل لا کا مفہوم یہ ہے کہ ایک ملک کی یا اس کے کسی حصے کی حکومت عارضی طور پر فوجی عدالتوں کے ذریعے چلائی جائے۔ سپاہی ایک فساد کو اسی طرح دبا سکتے ہیں جس طرح وہ ایک بیرونی حملے کو دفع کر سکتے ہیں۔ وہ باغیوں سے اسی طرح جنگ کر سکتے ہیں، جس طرح وہ غیرملکی دشمنوں سے کر سکتے ہیں۔ مگر وہ [یعنی فوجی] از روئے قانون اس کا کوئی حق نہیں رکھتے کہ فساد یا بدامنی کی سزا لوگوں کودیں۔ امن قاءم کرنے کی کوشش کے دوران میں لڑتے باغیوں کو قتل کیا جاسکتا ہے، اور قیدیوں کو اگر وہ بھاگ نکلنے کی کوشش کر رہے ہوں گولی سے مارا جا سکتا ہے، مگر کوئی ایسی سزائے موت، جو ایک کورٹ مارشل کی طرف سے دی جائے، غیرقانونی ہے بلکہ اصولاً ایک مجرمانہ قتل ہے۔ (ایضاً، ص 293 ) ۔ جب باقاعدہ عدالتیں کھلی ہوں اور مجرموں کو ان کے حوالے کیا جاسکتا ہو، تاکہ وہ عام قانون کے مطابق ان کے بارے میں کارروائی کرسکیں، تو تاج [ریاست]کو دوسرا کوئی طریق کارروائی اختیار کرنے کا حق نہیں ہے۔ (ایضاً، ص 198 )
مولانا مودودی کسی بھی درجے میں ریاست یا ریاستی اداروں کو عدل اور انصاف کے مسلمہ اصولوں سے ہٹ کر چلنے سے روکتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ریاست اور حکومت ایک مہذب حوالہ ہیں، جنھیں قانون شکن اور عدل کے قاتل باغیوں کے برعکس راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ اسی لیے وہ مذکورہ تبصرے میں ڈبلیو فورسائیتھ کی کتاب Cases and Opinions on Constitutional Law کے حوالے سے لکھتے ہیں :
1866ء میں جمیکا کی بغاوت کو کچلنے کے لیے جو مارشل لا لگایا گیا تھا، اس پر انگلستان کے دو ممتاز ماہرین قانون بحث میں لکھتے ہیں : بغاوتوں کو فوجی طاقت سے دبانا بلاشبہ قانونی فعل ہے، مگر غیرقانونی [یعنی فوجی] عدالتوں کے ذریعے سے جرائم کے مرتکبین کو سزا دینا ایسی کارروائی ہے جو ’دستاویز حقوق‘ (Petition of Rights) کے ذریعے ممنوع ہے۔ فوجی حکام کا یہ فرض تھا کہ قیدیوں کو دیوانی اقتدار کے سپرد کر دیتے۔ اگر مسٹر گورڈن نے فی الواقع غداری کی بھی تھی تو وہ [یعنی فوجی حکام] اس کو سزا دینے کا کوئی حق نہ رکھتے تھے۔ ان کا داءرۂ اختیار صرف طاقت کے ذریعے دبا دینے تک محدود تھا، نہ کہ وہ جرائم کی سزا بھی دینے لگیں۔
قانون کے سب ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ جہاں عام ملکی عدالتیں کھلی ہوئی ہوں، یا کھل سکتی ہوں، وہاں فوجی عدالتیں قاءم کر کے لوگوں کو سزائیں دینا بالکل ناجائز ہے۔ (تحقیقاتی عدالت کی رپورٹ پر تبصرہ، ص 60 )
آگے بڑھنے سے پیش تر تاریخ کا یہ باب دیکھنا مفید ہو گا۔ وزیراعظم محمدعلی بوگرہ [م: 1963ء] قوم کو یہ خوش خبری سنا چکے تھے کہ: ”25 دسمبر 1954ء کے روز قوم کو دستور کا تحفہ دیں گے“ ۔ مگر منفی قوتوں کی شرانگیزی متحرک ہوئی، جسے یہاں پر ڈاکٹر صفدر محمود کی کتاب مسلم لیگ کا دور حکومت سے نقل کیا جا رہا ہے۔ یہ نثر پارہ بلا تبصرہ بہت کچھ بیان کرتا ہے۔ یاد رہے 28 اکتوبر کو اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان ہو چکا تھا کہ:
گورنر جنرل [ملک] غلام محمد نے 24 اکتوبر 1954ء کو [پاکستان کی] مرکزی وزارت کو برطرف کر دیا، دستور ساز اسمبلی کو توڑ دیا۔ یہ اقدامات فوج کے سربراہ [جنرل محمد ایوب خان] اور بیوروکریسی کی مکمل حمایت سے کیے گئے۔ امریکا میں خفیہ مواد کے سامنے آنے سے پتا چلا ہے کہ دستور ساز اسمبلی کو واشنگٹن کی آشیرباد اور منظوری کے بعد توڑا گیا تھا۔ عملی اقدام سے پہلے اسکندر مرزا اور واجد علی (امریکا میں پاکستانی سفیر امجد علی کے بھائی) نے امریکی سفیر [متعینہ پاکستان] کو اپنے ارادوں، منصوبوں اور سخت اقدامات سے آگاہ کیا، اور اسے بتایا کہ: ”اس اقدام کا مقصد پاکستان کو ملا ازم سے بچانا ہے“ (ص 235 ) ۔ جب غلام محمد نے، جو عوام کے منتخب نمایندے نہیں تھے، نے دستور ساز اسمبلی کو منسوخ کر دیا تو۔ اسے [مسلح افواج پاکستان کے ]کمانڈر انچیف محمد ایوب خان کی بھی حمایت حاصل رہی (مسلم لیگ کا دور حکومت، ناشر: جنگ پبلشرز، لاہور، مارچ 1993ء، ص 236 )
اسی واقعے کی کچھ تفصیلات پروفیسر وارث میر مرحوم نے اس طرح بیان کی ہیں :
[ملک] غلام محمد کبھی کبھی اپنے فیصلوں پر ریوالور کی رہنمائی میں بھی عمل کرایا کرتے تھے۔ [سابق وزیراعظم] چودھری محمد علی (مسلم لیگ کا دور حکومت) اور اسکندر مرزا (غیرمطبوعہ سوانح عمری) دونوں راوی ہیں، امریکا سے واپسی پر [وزیراعظم] محمدعلی بوگرہ کو[گورنر جنرل ملک] غلام محمد کے سامنے پیش کیا گیا، تو غلام محمد نے تکیہ کے نیچے سے ریوالور نکال لیا اور جب تک بوگرہ نے [دستور ساز اسمبلی توڑنے کی] تجویز سے اتفاق نہ کر لیا غلام محمد انھیں قتل کی دھمکیاں دیتے رہے۔ اس کارروائی کے دوران [جنرل محمد] ایوب خان ریوالور ہاتھ میں پکڑے پس پردہ کھڑے رہے۔ ( خوشامدی ادب اور سیاست، القمر انٹر پرائزرز، لاہور، 1994ء، ص 27 )
اس دعوے کی تردید کبھی سامنے نہیں آئی۔ اس میں سے ریوالور کی بات کو نظرانداز کر بھی دیں تو ’طاقت ور‘ کے قلم اور چھڑی میں بہرحال ریوالور سے زیادہ طاقت ہوتی ہے۔
اس دستور ساز اسمبلی کے توڑنے کے واقعے پر تڑپ کر میاں طفیل محمد (سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان) کراچی پہنچے اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر چودھری غلام محمد کے ہمراہ تمیزالدین (م: 1963ء) اسپیکر دستور ساز اسمبلی کو بڑی مشکل سے آمادہ کیا کہ وہ اس آمرانہ اور ملکی سالمیت کے لیے تباہ کن اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں۔ میاں طفیل محمد اپنی کتاب مشاہدات (نومبر 2000ء) میں تفصیل (ص 232۔ 244 ) سے بیان کرتے ہیں کہ اس مقصد کے لیے وکلا کی فیس تک کے لیے مالی وسائل جماعت اسلامی نے فراہم کیے اور سندھ ہائی کورٹ میں اس اقدام کو کس طرح چیلنج کیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے گورنر جنرل غلام محمد کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا، مگر سپریم کورٹ نے پاکستانی سیکولر لابی کے نظریہ ساز رہنما چیف جسٹس محمد منیر کی سربراہی میں گورنر جنرل کے فیصلے کو ایک کے مقابلے میں چار کی اکثریت سے سند جواز عطا کی۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی تائید اور جسٹس منیر کے فیصلے سے اختلاف کرنے والے وہ واحد رکن جسٹس اے آر کارنیلیس تھے۔
قیام پاکستان کے بعد 1953ء میں لاہور میں نافذ ہونے والا مارشل لا عملی سطح پر سیاست دانوں کی ناکامی کا اعلان اور فوجی اقتدار کی ریہرسل تھا۔ چنانچہ اس کامیاب ریہرسل کے بعد ، صدر اسکندر مرزا (م: 1969ء) نے 7 ؍اکتوبر 1958ء کو اسمبلیاں توڑ کر اور سول حکومتیں برطرف کر کے پورے پاکستان میں مارشل لا نافذ کر دیا۔ مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل محمد ایوب خان کو وزیراعظم اور مارشل لا ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا۔ (یاد رہے کہ ’قائد عوام‘ ذوالفقار علی بھٹو نے اس مارشل لائی کابینہ میں وفاقی وزیر کا عہدہ حاصل کیا تھا) ۔ 20 روز بعد 27 ؍اکتوبر 1958ء کو جنرل ایوب خان، صدر اسکندر مرزا کو برطرف کر کے کرسی صدارت پر بھی متمکن ہو گئے۔ یاد رہے اس مارشل لا کے نفاذ سے قبل یہ اعلان ہو چکا تھا کہ فروری 1959ء میں عام انتخابات ہوں گے۔ اس مارشل لا سے صرف دو ماہ قبل سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی زیر ادارت ماہ نامہ ترجمان القرآن، لاہور (اگست 1958ء) میں جو اداریہ (اشارات) شائع ہوا، اس کے انتباہ کو ملاحظہ کیجیے کہ کس قدر دوراندیشی سے آنے والے خطرات سے قوم کو خبردار کیا گیا تھا، کس انداز سے سیاست دانوں کو جھنجھوڑا گیا تھا اور کن الفاظ میں اعلیٰ فوجی قیادت کو عقل و خرد کی بات سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی۔ لکھا تھا:
اسے مسلمان ممالک کی بدقسمتی کے علاوہ اور کیا کہا جاسکتا ہے کہ دنیا نے آج تک اجتماعی زندگی کے بارے میں جتنے مفید سبق سیکھے ہیں، نہ صرف ان سب کو بھلا دیا جاتا ہے بلکہ ان غلطیوں کو بار بار دہرایا بھی جاتا ہے۔ مثال کے طور پر فوج کے غلط استعمال کو ہی لیجیے۔ ہر معمولی عقل و خرد رکھنے والا آدمی بھی اس حقیقت سے واقف ہے کہ فوج اپنے ملک پر حکومت کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملک کو بیرونی دشمنوں سے بچانے کے لیے منظم کی جاتی ہے۔ اس وجہ سے دنیا کے تمام عقل مند لوگ ملکی معاملات میں فوج کی دخل اندازیوں کو پسند نہیں کرتے، مگر ہماری شومی قسمت کہ جو لوگ ہمارے ہاں اقتدار پر قابض ہیں، وہ چونکہ عوامی تائید کی قوت سے محروم ہیں، اس لیے وہ اس کمی کو فوج کی طاقت اور پشت پناہی سے پورا کرتے ہیں۔ جہاں کسی حلقے میں اضطراب یا عدم اطمینان دکھائی دیا، اسے فوراً فوج کی مدد سے دبا دیا۔ بظاہر یہ نسخہ بڑا سستا اور آسان ہے، لیکن اس کے نتائج ملک، قوم، اصحاب اقتدار اور خود فوج کے حق میں نہایت مہلک ہوتے ہیں۔ اس کا پہلا اثر یہ پڑتا ہے کہ ملک کے باشندے خود اپنی فوج سے بوجوہ متنفر ہو جاتے ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے فوج اور قوم کا تعاون ممکن نہیں رہتا۔ یہ صورت حالات ’سامراجی من چلوں‘ کے لیے بڑی ہی حوصلہ افزا ثابت ہوتی ہے اور اس سے بسا اوقات ملک کی آزادی پر آ بنتی ہے۔
فوجی افسروں کے منہ کو جب ایک دفعہ اقتدار کا [ذائقہ] لگ جاتا ہے، تو پھر پوری فوج کا نظم تہ و بالا ہوجاتا ہے۔ ملک کے یہ پاسبان ہمیشہ اس تاک میں رہتے ہیں کہ باہر چاہے انھیں کچھ فتح کا موقع ملے یا نہ ملے، مگر انھیں گھر کو ضرور فتح کر ڈالنا چاہیے۔ اگر اخلاقی حیثیت سے اس معاملے کو دیکھا جائے تو یہ بے حد افسوس ناک ہے۔ اس سے بڑی غداری اور کیا ہو سکتی ہے کہ ایک فوج جن لوگوں کے روپے سے منظم اور مسلح ہوتی ہے، وہ طاقت پاکر خود اپنی قوم کی گردن پر ہی سوار ہو جائے اور سنگین کی نوک پر ملک میں اپنا حکم منوانا شروع کردے۔
معاملہ صرف ایک انقلاب تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ فوجی انقلاب ایک ایسا شیطانی چکر ہے کہ کوئی ملک بدقسمتی سے اس میں ایک دفعہ گرفتار ہو جائے تو اس سے بچ نکلنے کی کوئی امید باقی نہیں رہتی۔ ایسا ملک پیہم انقلاب اور ناگہانی تغیرات کی آماج گاہ بن جاتا ہے، اور کش مکش اور چھین جھپٹ کی بیماری سیاسی پارٹیوں سے نکل کر فوج کے مختلف طبقوں میں سرایت کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ پہلے جو معاملات بساط سیاست پر سیاسی جوڑ توڑ سے طے کیے جاتے تھے، اب ان کے فیصلے کے لیے ’قاضی شمشیر‘ کی طرف رجوع کرنا بالکل ناگزیر ہوجاتا ہے، اور یہ قاضی اپنے مزاج کے اعتبار سے اس قسم کا بے حس واقع ہوا ہے کہ اسے اگر ایک مرتبہ عدالت کی کرسی پر متمکن کر دیا جائے تو پھر یہ اس وقت تک چین نہیں لیتا، جب تک کہ سارا ملک تاخت و تاراج نہ کر دیا جائے۔
اس کے علاوہ فوجی انقلاب کے وقت خواہ نعرے کتنے ہی خوش کن اور احساسات و جذبات خواہ کتنے پاکیزہ ہوں، لیکن یہ انقلاب اپنی کامیابی اور بقا کے لیے اس بات پر مجبور ہے کہ کسی ایسے جابرانہ نظام کو جنم دے، جس میں نہ صرف لوگوں کے جسم گرفتار ہوں بلکہ ان کی روح بھی پابہ زنجیر رہے۔ اور لوگ دم بخود ہو کر ان فوجی آمروں کے افعال و اعمال دیکھتے چلے جائیں۔ پوری قوم بھیڑ بکریوں کا ایک بے زبان گلہ بن کر رہے جسے یہ ’مصلحین قوم‘ میکانکی طور پر جس طرف چاہیں ہانک کر لے جائیں۔
اس صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے سب سے پہلے فوجی آمر کے کارناموں کو بڑے ہی مصنوعی انداز سے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ یہ آمر ایک عام انسان کے بجائے فوق البشر دکھائی دے اور قوم اسے اپنا واحد نجات دہندہ تسلیم کرنے پر مجبور ہو۔ چنانچہ دیکھیے، ان فوجی آمروں کی کارگزاریوں کو کس مبالغہ آمیزی کے ساتھ مختلف طریقوں سے نشر کیا جاتا ہے اور قوم کے ذہن میں یہ خیال راسخ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ان لوگوں کے کارنامے بالکل غیرمعمولی ہیں۔ دوسرے قوم کی ذہنی تربیت کے لیے ایک ایسا پروگرام طے کیا جاتا ہے، جس سے وہ ہر معاملے کو فہم و فراست کی معتدل میزان پر تولنے کے بجائے اسے جذبات کی شعلہ فشانیوں سے حل کرتی ہے اور اندھی پیروی کی اتنی خوگر بنا دی جاتی ہے کہ تباہ کن حوادث میں مبتلا ہونے کے بعد بھی اس کی آنکھیں کھلنے نہیں پاتیں۔
اس قسم کی تلاطم خیز ذہنی کیفیت پیدا کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ جذبات کے سمندر میں طوفان اٹھائے جائیں۔ یہ کام معمولی طریقوں سے تو سرانجام نہیں پا سکتا، اس کے لیے بڑے ہی غیرمعمولی حربے استعمال کیے جاتے ہیں، مثلاً سب سے پہلے پوری قوم کو ٹھوس حقائق کی دنیا سے نکال کر سپنوں کی ایسی فضا میں آباد کیا جاتا ہے، جہاں وہ صرف آرزوؤں اور تمناؤں پر مرنا سیکھتی ہے۔ جہاں وہ عقل کی بات بتانے والوں کو دشمن اور خوش کن باتیں بنانے والوں کو دوست سمجھنے لگتی ہے۔ جہاں صرف خواب و خیال کی پرستش ہوتی ہے اور جہاں رہبران قوم کے اخلاقی اور ذہنی اوصاف نہیں دیکھے جاتے بلکہ صرف اس بات کا اندازہ کیا جاتا ہے کہ وہ لاف گزاف میں کس قدر مشاق اور زبان کے استعمال میں کس حد تک مطلق العنان ہیں۔
پھر اس قوم کے بارے میں اس بات کا بھی التزام کیا جاتا ہے کہ اس کے دل و دماغ پر مستقل خوف کی کیفیت طاری رہے تاکہ وہ اپنے بچاؤ اور حفاظت کے لیے ایک فوجی آمر کی آمریت بخوشی قبول کر لے۔ اس صورت حال کے نتائج دیکھ کر ہر حساس مسلمان تڑپ اٹھتا ہے۔ آئے دن کے تغیرات نے بحیثیت مجموعی مسلمانوں کے وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ آخر مسلمانوں کو وہ کیا بیماری لاحق ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی آزادی کا صحیح استعمال نہیں کر سکتے اور اپنی قومی طاقت کو آپس کی کش مکش میں تباہ کر دیتے ہیں۔
یہ وہ وقت ہے، جب کہ ہمارے فرماں رواؤں کو اپنی آنکھیں کھولنی چاہئیں۔ اپنے محلات میں بیٹھ کر وہ یہ نہ سمجھیں کہ آج سے ہزار سال پہلے کی فضا، جیسی کہ ان کے محلوں کے اندر ہے، ویسی باہر بھی موجود ہے۔ زمانہ قیامت کی چال چل گیا ہے، باہر انقلاب کی بڑی بڑی موجیں اٹھ رہی ہیں، وہ ان کے دروازوں پر دستک دے رہی ہیں۔ ان سے صرف نظر کر کے چلنا کوئی دانش مندانہ فعل نہیں۔ ملکی اقتدار یا قیادت، خواہ وہ کسی نوعیت کی ہو، اس کے بچاؤ کی صورت صرف یہی ہے کہ وہ اپنے آپ کو اس جمہوری دور کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کر کے عوام کو ان کے پورے پورے جمہوری حقوق بہم پہنچانے میں قطعاً بخل سے کام نہ لے۔ نیز عوام کے حقیقی مسائل کو سمجھے اور اپنی عیاشیوں میں مست رہنے کے بجائے ان کی ضروریات کو پورا کرنے کا انتظام کرے۔ ہر شخص اور ہر ملت کے صبر کا ایک پیمانہ ہوتا ہے۔ اس میں خواہ کتنی ہی وسعت ہو، مگر ایک حد ایسی ضرور آتی ہے جہاں پہنچ کر وہ اپنی ساری وسعتوں کے باوجود چھلک پڑتا ہے۔ یہ حد بڑی ہی خطرناک اور ہلاکت خیز ہوتی ہے۔ اس سے ہمارے اصحاب اقتدار کو بچنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ اگر یہ حضرات وقت کے اس مطالبے کو پورا نہیں کریں گے تو زمانے کی کروٹ انھیں اس مطالبے کی تعمیل پر مجبور کرے گی اور یہ تعمیل اکثر و بیشتر بہ نوک شمشیر ہی ہوا کرتی ہے۔ (ماہنامہ ترجمان القرآن، لاہور، اگست 1958ء)
حاکم طبقوں نے اس پکار کو سنجیدگی سے نہ لیا، اور ملک میں پہلا سخت گیر مارشل لا نافذ کر دیا، جس نے ملک کی بنیادوں کو ہلا دیا۔ اس حکومت کو ملک توڑنے کی بھارتی اور عوامی لیگی ’اگرتلہ سازش‘ کا سچا مقدمہ چلانے کی ہمت نہ ہو سکی اور جب وہ بوڑھا مارشل لا گیا، تو اس کے ضمیمے کے طور پر دوسرا تازہ دم مارشل لا 25 مارچ 1969ء کو نافذ کر دیا گیا۔ اس کے چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر نے پاکستان کے دونوں حصوں میں قاءم شدہ برابری (Parity) کا اصول روند ڈالا۔ مغربی پاکستان میں چار صوبے بنانے اور 1970ء میں دستور ساز اسمبلی کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔ حالانکہ 1956ء کے متفقہ دستور کو بحال کر کے، قومی اسمبلی ضروری ترامیم کر کے ملک کا نظام چلا سکتی تھی۔ مگر اس کے بجائے صدر چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر جنرل یحییٰ خان نے دستور ساز اسمبلی ہی کے انتخاب کا راستہ چنا۔ مولانا مودودی نے اس فیصلے کے بعد نہیں، بلکہ فیصلے کا اعلان ہونے سے پہلے متنبہ کرتے ہوئے صاف لفظوں میں بتا دیا تھا:
اگر نئی آئین ساز اسمبلی بنی تو مجھے توقع نہیں کہ دستور کے دیباچے پر بھی اتفاق ہو سکے گا، چہ جائیکہ دستور پاکستان کا ڈھانچہ مرتب کیا جا سکے۔ (روزنامہ نوائے وقت، 7 ؍اکتوبر 1969ء)
اگر اس ملک کو تباہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہو تو ضرور ایک آئین ساز اسمبلی بنالی جائے، ملک [پاکستان] کو تباہ کرنے کا یہ ایک مجرب نسخہ ہو گا۔ (جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب، 9 نومبر 1969ء)
اور پھر یہی ہوا کہ ملک میں ایسے مادر پدر آزاد انتخابات ہوئے، کہ جن میں مشرقی پاکستان میں شیخ مجیب الرحمن اور ان کی عوامی لیگ کو کھلی چھٹی دی گئی۔ مارشل لا حکومت کے زیرسایہ یہ فسطائیت خوب تروتازہ ہوئی، اور دھاندلی و غنڈا گردی کے زور پر پورا انتخاب ہی لوٹ کر لے گئی۔ پھر نہ اس ’دستور ساز اسمبلی‘ کا اجلاس ہوا اور نہ آئین بنا، البتہ پاکستان ضرور ٹوٹ گیا۔
گزشتہ برس پاکستان کی وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی اور اس کے جواب میں دھرنا کریسی نے عملاً ریاست اور جمہوریت کو کمزور کیا ہے۔ حاکموں اور حاکموں سے لڑنے والوں کی کم فہمی کا یہ نتیجہ ہے یا پس پردہ قوتوں کی جادوگری کہ سیاست دانوں کو نا اہل ثابت کر دیا جائے، جیسا سوال یہاں زیربحث نہیں لا رہے، مگر نتیجہ تو یہی نکلا ہے۔ اس کھیل کے لیے کس نے کس کا کندھا استعمال کیا، یا کس نے اپنا کندھا پیش کیا، عملی سطح پر طاقت کے سرچشمے اپنی جگہ سے سرک کر وہاں جا پہنچے ہیں، کہ جہاں سے انھیں درست جگہ پر لانے کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی تھیں۔
ہمہ وقتی وزیرخارجہ کو مقرر نہ کرنا، وزارت دفاع کا قلم دان ایسی شخصیت کو تھمانا کہ جن سے دفاعی ادارے ویسے ہی مغائرت محسوس کرتے ہیں، پالیسیوں کو عارضی (ایڈہاک) بنیادوں پر چلانا، بھارت سے تجارتی تعلقات کے لیے شوق و ذوق کا مظاہرہ کرنا اور فیصلہ سازی کو گنتی کی چند رکنی ٹیم کا کھیل بنانا، بہرحال کسی سازش کا نتیجہ نہیں، البتہ کم فہمی کا ثمرہ ہے۔ حماقت ایسی بلا ہے کہ جو بہت سی بلاؤں کو جنم دیتی ہے۔ پھر وطن عزیز ایک جانب حالت جنگ میں ہے تو دوسری جانب میڈیا گروپ 24 گھنٹے سنگ زنی میں مشغول ہیں، دلیل اور دلیل سے عاری گوناگوں میزائلوں سے لیس ہیں۔ اس عالم میں بے چاری جمہوریت کی کمزور سی عمارت کہاں تک ان حملوں کا مقابلہ کرتی۔ پھر طویل عدالتی جنگ کے نتیجے میں عدل کے ایوانوں کی کسی حد تک جو آزادی بحال ہوئی تھی، اسے ریاست و حکومت کی جانب سے اعانت کی ضرورت تھی، لیکن شاہانہ انداز حکومت نے بھی گویا ایک ایک کر کے اختیار کے سارے پتے بکھیر دینے کی ٹھان رکھی تھی۔ اور دکھائی یہ دیتا ہے کہ ریاستی اختیار و اقتدار کے قلم دان عملاً دوسری جگہ منتقل ہوچکے ہیں۔ آج اخبارات اور ٹیلی ویژن پروگراموں میں کہیں دبے الفاظ میں اور کہیں کھلے الفاظ میں کہا جا رہا ہے کہ: ”سیاست دان نا اہل، کرپٹ اور نالائق ہیں، یہ ملک نہیں چلا سکتے“ ۔
ان جملوں میں پیغام صاف ظاہر ہے۔ اس طرح نہ صرف معاملات کو خاص جانب دھکیلا جا رہا ہے، بلکہ ایک ایک کر کے حد توڑی جا رہی ہے، اور ہر کام خود سیاست دانوں سے کرایا جا رہا ہے۔ ماضی میں اسی قسم کے شور و غوغے پر مولانا مودودی نے سبھی کو متنبہ کیا اور 29 ؍اگست 1962ء کو چوک یادگار پشاور میں تقریر کرتے ہوئے فرمایا تھا:
ملک میں حکومت کرنا اس ملک کے باشندوں کے نمایندوں کا کام ہے۔ سرکاری، سول یا فوجی ملازموں کا کام ان کی اطاعت کرنا ہے، حکمرانی کرنا نہیں۔ ہر طبقے کے سرکاری ملازموں کو معلوم ہونا چاہیے کہ جب ان کے ہاتھ میں طاقت دی جاتی ہے تو یہ ان پر قوم کا اعتماد ہوتا ہے۔ اس لیے قوم کو کسی حالت میں دھوکا نہیں دینا چاہیے۔ (روزنامہ انجام، پشاور، 2 ستمبر 1962ء، سید مودودی سرحد میں، ص 131 )
قوم کے ملازموں کا خود آقا بن جانا اور قوم کو اپنا غلام بنا لینا فی الواقع ایک ’مکمل انقلاب‘ ہے، البتہ اس انقلاب پر زندہ باد کا نعرہ لگانا کسی ذی شعور آدمی کے بس میں نہیں ہے ”۔ (خط بنام عارف دہلوی، ملتان، 18 ؍اکتوبر 1962ئی، مکاتیب اول، ص 36، 37 )
جب انتقام کے جذبے سے مغلوب قوم پرست بھگوڑے اور ان کے ہم نوا بھتا خور ایک کمزور جمہوری حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے کھلے عام فوج کو اقتدار سنبھالنے کی دعوت دیتے ہیں تو انھیں مولانا مودودی کا یہ انتباہ یاد رکھنا چاہیے :
یہ کہنا کہ ملکی اقتدار کی آخری ذمہ داری فوج پر ہے، ایک غلط پالیسی ہے۔ فوج کی ذمے داری ملک کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانے کی ہے، نہ کہ ملک چلانے کی۔ ملک فوج کا نہیں بلکہ اپنے باشندوں کا ہے۔ اور یہ باشندوں کا اپنا ہی کام ہے کہ وہ اپنے گھر کے معاملات کو چلائیں بھی اور بگڑ رہا ہو تو اسے درست بھی کریں۔ ملازمین خواہ فوج کے ہوں یا سول، ان کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ ملک کا نظام حکومت اپنے ہاتھ میں لے لیں۔ (تحریک جمہوریت: اسباب اور مقاصد، 1967ء، ص 9 )
یہ عاقبت نا اندیش عناصر صرف دعوت اقتدار ہی نہیں دیتے بلکہ ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ فوج کھلے عام فوجی آپریشن کرے۔ ظاہر ہے کہ کچھ آپریشن تو ہوچکے اور کچھ آپریشن ہو بھی رہے ہیں، مگر معاملات سلجھنے کے بجائے الجھ رہے ہیں۔ اسی قسم کے خطرات کو بھانپتے ہوئے مولانا مودودی نے فرمایا تھا:
اس سے زیادہ غلط کام کوئی نہ ہو گا، اور اس ملک کا کوئی بدخواہ ہی ایسا کام کر سکتا ہے کہ ملک کی فوج کو ملک کے عوام سے لڑا دے۔ اگر فوج سے ہم وطنوں پر گولیاں چلانے کا کام لیا گیا تو اس سے فوج اور قوم دونوں کو نقصان پہنچے گا۔ بڑا ظالم ہو گا وہ حاکم، جو ملک کی فوج کو اپنے عوام کے سامنے لا کھڑا کرے۔ ( 5۔ اے، ذیلدار پارک، اول: مرتبہ: مظفر بیگ، ص 243 )
درحقیقت جو عناصر قومی افواج کو سول آبادی میں آپریشن اور اقتدار سنبھالنے پر ابھارتے ہیں، وہ بظاہر دوست بن کر، لیکن عملاً دشمن کا سا کردار ادا کرتے ہیں۔ 35 برس تک فوج ملک کے سیاہ و سفید کی مالک رہ چکی ہے، مگر اس دوران میں معاملات کی کوئی کل سیدھی نہ ہو سکی، بلکہ ایسے ایسے الجھاؤ پیدا ہوئے کہ عشرے گزر جانے کے باوجود تار سلجھائے نہیں جا سکے۔
پاکستان میں 21 ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں جو فوجی عدالتیں قاءم ہوئی ہیں، ان کے بارے میں روزنامہ The Newsنے اپنی رپورٹ 4 جنوری 2015ء میں لکھا ہے :
دہشت گردی کے ملزموں پر پاکستان آرمی ایکٹ (PAA) کے تحت مقدمے چلائے جائیں گے، جنھیں کسی بھی سول عدالت میں اپیل کا کوئی حق حاصل نہیں ہو گا۔ سینیر وکیل کرنل (ریٹائرڈ) انعام الرحمن کے بقول دہشت گردوں کو فوج گرفتار کرے گی، تفتیش کرے گی اور بند کمرے میں مقدمے کی سماعت کرے گی۔ پاکستان آرمی ایکٹ کے مطابق کورٹ مارشل کے فیصلوں کے خلاف کوئی دادرسی نہ ہو سکے گی۔ تاہم دفعہ 143 کے تحت چیف آف آرمی اسٹاف ہی سزا میں کمی یا معافی کا اختیار رکھتے ہیں۔
یقیناً بہت سوچ بچار کے بعد یہ اصول وضع کیے گئے ہوں گے، مگر یوں انصاف اور صفائی کے اصولوں کی کس حد تک پاس داری ممکن ہوگی؟ ایک نازک سوال ہے۔ اور کیا اس کے نتیجے میں واقعی معاملات سلجھ جائیں گے یا پھر عجلت میں سخت فیصلے، کسی اور بڑے ردعمل کی فصل بوئیں گے؟
جن تشدد پسندوں اور دہشت گردوں نے ملک کے امن کو تباہ کیا ہے، ان کی سرکوبی پر قوم میں اتفاق پایا جاتا ہے۔ ان عناصر کی ہمدردی یا اعانت کے لیے کوئی قابل ذکر آواز پاکستانی معاشرے میں سنائی نہیں دیتی۔ لیکن کیا انصاف کے طے شدہ ضابطوں کے برعکس اس بیماری کا علاج صرف گولی ہے؟ اس ضمن میں مولانا مودودی بڑی وضاحت کے ساتھ اسلام کا اصول بیان کرتے ہیں :
شریعت الٰہی کسی برائی کو محض حرام کردینے یا اسے جرم قرار دے کر اس کی سزا مقرر کردینے پر اکتفا نہیں کرتی، بلکہ وہ ان اسباب کا بھی خاتمہ کردینے کی فکر کرتی ہے جو کسی شخص کو اس برائی میں مبتلا ہونے پر اکساتے ہوں، یا اس کے لیے مواقع بہم پہنچاتے ہوں یا اس پر مجبور کر دیتے ہوں۔
نیز شریعت، جرم کے ساتھ اسباب جرم، محرکات جرم اور رسائل و ذرائع جرم پر بھی پابندیاں لگاتی ہے، تاکہ آدمی کو اصل جرم کی عین سرحد پر پہنچنے سے پہلے کافی فاصلے ہی پر روک دیا جائے۔ وہ اسے پسند نہیں کرتی کہ لوگ ہر وقت جرم کی سرحدوں پر ٹہلتے رہیں اور روز پکڑے جائیں اور سزائیں پایا کریں۔
وہ [شریعت الٰہی] صرف محتسب (prosecutor) ہی نہیں ہے، بلکہ ہمدرد، مصلح اور مددگار بھی ہے۔ اس لیے تمام تعلیمی، اخلاقی اور معاشرتی تدابیر اس غرض کے لیے استعمال کرتی ہے کہ لوگوں کو برائیوں سے بچنے میں مدد دی جائے۔ (تفہیم القرآن، سوم، سورۃ النور، حاشیہ 23، ص 372 )
اندریں حالات معاشرے کی تمام مقتدر اور ذمہ دار قوتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ باہم تصادم کے بجائے اس خطرناک صورت حال سے نکلنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کریں، ٹھنڈے دل و دماغ سے کوششیں کریں، اور جو عناصر ان کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے یا گہری دلدل میں دھکیلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ان کی شرانگیزی سمجھنے کی بصیرت حاصل کریں۔
اس تمام صورت حال کو پیش نظر رکھیں تو پاکستان کی تاریخ کے تناظر میں یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ ’شمشیر‘ اور ’قاضی شمشیر‘ کے ہاتھوں یہ مسائل حل ہونے مشکل ہیں، بلکہ اس مقصد کے لیے قانون کی عمل داری اور جمہوری راستے کے سوا ہر راستہ سوائے خرابی کے کچھ بھی نتیجہ نہ دے سکے گا۔ مولانا مودودی نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے سامنے لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے 1957ء میں واضح طور پر یہ فرمایا تھا:
تین حقیقتیں واضح طور پر آپ کی نگاہ میں رہنی چاہئیں :
پہلی یہ کہ آپ اس ملک میں اسلامی نظام زندگی عملاً قاءم کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہے۔
دوسری یہ کہ آپ جس ملک میں کام کر رہے ہیں وہاں ایک آئینی و جمہوری نظام قاءم ہے اور اس نظام میں قیادت کی تبدیلی کا ایک ہی آئینی راستہ ہے : انتخابات۔
تیسری یہ کہ ایک آئینی و جمہوری نظام میں رہتے ہوئے تبدیلی قیادت کے لیے کوئی غیرآئینی راستہ اختیار کرنا شرعاً آپ کے لیے جاءز نہیں ہے اور اسی بنا پر آپ کی جماعت کے دستور نے آپ کو اس امر کا پابند کیا ہے کہ آپ اپنے پیش نظر اصلاح و انقلاب کے لیے آئین و جمہوری طریقوں ہی سے کام کریں۔ (تحریک اسلامی کا آئندہ لائحہ عمل، 1957ء، ص 138 )

