جس کو ہو دین و دل عزیز…
چھاؤنیوں کی طاقت و ہیبت اور سخت گیر قوانین کے سہارے جنرل ضیا الحق نے اس ملک پر گیارہ سال تک غیر آئینی حکومت کی۔ اس دوران مجھے موثر اور مثالی، مزاحمتی کردار کی پاداش میں آٹھ سال نو ماہ ستائیس روز بدترین قید و بند میں گزارنا پڑے۔ شاہی قلعہ لاہور، قلعہ بالا حصار پشاور، سزائے موت کے اعزاز، پھانسی کوٹھڑی کے ایام اور ملک کی مختلف جیلوں میں قیام کی تفصیلات خاکسار اپنی کتاب ”کئی سولیاں سرراہ تھیں“ میں قلمبند کر کے ملک کی سیاسی و جمہوری تاریخ کا حصہ بنا چکا ہوں۔ اس کتاب میں رقم ایک واقعہ قارئین کی نذر کر رہا ہوں۔ مقصد یہ ہے کہ گزرے کل اور آج کی سیاست اور اس خار زار کے راہروؤں کا فرق نمایاں ہو۔ مگر پہلے اس واقعہ کو کالم کی شکل میں دینے کی وجہ کا ذکر ضروری ہے۔
اخباری اور الیکٹرانک میڈیا کی رواں صحافت کے بارے سبھی آگاہ ہیں کہ ان سے وابستہ افراد نے کسی نہ کسی مخصوص سیاسی جماعت، شخصیت یا پس پردہ رہ کر ملکی سیاست کی ڈوریں ہلانے والے اداروں کے مورچے سنبھال رکھے ہیں۔ ان کو پڑھنے اور سننے سے قبل ہی ذہن پر غالب کا یہ شعر نزول کر آتا ہے، ”قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں / میں جانتا ہوں جو وہ لکھیں گے جواب میں“۔ یہی وجہ ہے کہ زمانہ ماضی میں گلی محلے کی مسجد کے مولوی صاحب کی سی زندگی گزارنے والے صحافی آج پٹرول پمپس، پلازوں، عالیشان گھروں، مہنگی گاڑیوں اور پر تعیش فارم ہاؤسز سے بہرہ مند ہیں۔ قلم کہ جس کی قسم خداوند کریم نے قرآن میں ”والقلم“ کہہ کر اٹھائی ہے، آج کے اہل قلم نے اسے کاسۂ گدا گر کی سطح پر گرا کر قصر اقتدار کے مکینوں کی قصیدہ خوانی و مدحت و ثنا کا آلہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ اسی قبیل کے ایک صحافی کہ جس نے میاں شریف گھرانے کے ”محسنین ملک و قوم“ سپوتوں کی تعریفوں کے پل باندھ کر وفاقی وزارت کی ہم رتبگی اور سینٹ کی نشست تک پہنچے کی منزلیں سر کر لیں (موصوف کے قریبی حلقوں کے مطابق اب وہ ریاست کے اعلیٰ ترین مناصب میں سے ایک پر توقع باندھے ہوئے ہیں) کی ایک تحریر اس کالم کا محرک بنی ہے۔
اس وقت رات کے دو بجے ہیں۔ روزنامہ ”جنگ“ کا ادارتی صفحہ میرے سامنے میز پر دراز ہے۔ میری نظریں کالم کے ساتھ چھپی عرفان صدیقی کی تصویر پر جمی ہیں اور میرے ہونٹوں پر استہزایہ مسکراہٹ ڈیرے جمائے ہوئے ہے۔ موصوف کو سال 2019 میں ایک انتہائی فضول سے الزام میں ہفتہ دس دن کے لیے جیل جانا پڑا تھا۔ یہ کار سیاست ہے۔ لہٰذا ”اس طرح تو ہوتا ہے، اس طرح کے کاموں میں“۔ اس کاروبار سیاست میں فقط پھولوں سے نہیں، کانٹوں کی چبھن سے بھی پالا پڑتا ہے۔ غالب نے یونہی تو نہیں کہا تھا۔ ”جس کو ہو دین و دل عزیز، اس کی گلی میں جائے کیوں“ ۔
”ایک رات تھانے میں رکھ کر صبح انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو گھگھیا کر فریاد و فغاں پر اتر آئے۔ میرے سامنے پڑا ان کا کالم بعنوان“ میں اکثر سوچتا ہوں” در اصل ان کی ”آزاد نظم“ ہے جس میں مرزا دبیر اور میر ببر علی انیس سے چار ہاتھ آگے بڑھ کر انہوں نے خود پر گزرے کرب و بلا کی نقشہ کشی کی ہے۔ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی کے وقت انہوں نے انتہائی ترحم انگیز انداز میں جو کہا اسے ”نظم“ کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔
”میڈم یہ دایاں ہاتھ ہے میرا
کہ جس میں آہن و فولاد کی یہ ہتھکڑی ہے
جس نے ساری عمر قرطاس وقلم سے یا کتابوں
یا کسی تخت سیاہ پر لکھنے والے چاک سے
رشتہ نبھایا ہے
مجھے دکھ ہے، بہت دکھ ہے
کہ یہ زنجیر دائیں ہاتھ میں کیوں ہے؟“
یہ سب کہتے میری آواز کچھ بھرا گئی
زنجیر بستہ ہاتھ تھوڑا کپکپایا
اور کلائی میں ذرا سی سنسناہٹ کسمسائی
لفظ دھندلانے لگے
”
واہ! کیا، "الفیل وما ادراک ما الفیل”کے پائے کا کلام ہے!
٭٭٭ ٭٭٭
1982 کا سنہ سنٹرل جیل پشاور کی سیاسی بیرک، آسمان پر لشکر کش سیاہ بادل اور انتہائی سرد صبح کا آغاز اور چار روز قبل مجھ پر روا رکھے گئے بہیمانہ تشدد سے چور چور میرا جسم۔ میں صرف تکلف کی حد کو چھوتے کمبل پر دراز و نیم خوابیدہ کہ جس کے سوراخوں سے ٹھنڈک چھن چھن کر میرے وجود اور زخموں میں سرایت کر رہی تھی۔ ان بھلے وقتوں کے قابل احترام مارکسٹ اور آج کے مسلمہ اور سکہ بند دانشور اور کالم نویس امتیاز عالم چائے کا کپ ہاتھ میں لیے مجھے گہری اپنائیت کے ساتھ جگا رہے تھے۔ آنکھ کھلنے پر گویا ہوئے ”کامریڈ ملٹری کورٹ سے بلاوا آیا ہے“۔
قیدی کو باندھنے کے لیے ایک زنجیر کے ساتھ دو ہتھکڑیاں ہوتی ہیں۔ اگر قیدی اکیلا ہو تو اس کے دونوں ہاتھ کڑیوں میں جکڑ لیے جاتے ہیں۔ اگر قیدی دو ہوں تو دونوں کو ایک ہی زنجیر کے ساتھ قابو کر لیا جاتا ہے۔ ہم چھ لوگ تھے۔ امتیاز عالم اور مجھے ایک ہی زنجیر سے باندھ لیا گیا اور اسی طرز پر باقی چاروں کو بھی دو دو کی شکل میں یکجا کر کے سپیشل پولیس وین کے ذریعہ کینٹ میں واقعہ ایک وسیع و عریض عمارت کے اندر لے جا کر انتظار کی کیفیت میں کھڑا کر دیا گیا۔ گھنٹہ بھر بعد ہمیں ”عدالت“ کے بند دروازے پر لاکھ کھڑا کیا گیا اور انسپکٹر پولیس فائل اٹھائے اندر چلا گیا۔ دیوار پر آویزاں و نصب تختی پر لکھا تھا۔ ”کرنل اکرام اللہ خٹک“ ۔ اس نام بارے میرا دل غصہ اور نفرت سے بھرتا جا رہا تھا۔ ہم تاریخ تشکیل کرنے والے لوگ تھے جنہیں دروازے پر انتظار کرایا جا رہا تھا۔ آدھ گھنٹہ بعد انسپکٹر نے دروازہ کھول کر ہمیں اندر آنے کا اشارہ کیا۔ درجن بھر پولیس اہلکار باہر ہی رہے جبکہ تین زنجیروں کے دست قبضے اپنی بیلٹ میں اڑسے سنتری نے ہمیں ڈھور ڈنگروں کی طرح آگے لگا لیا۔
داخل ہو کر دیکھا کہ طویل مگر کم عریض مگر پرجلال کمرے میں سامنے کرنل اور دائیں بائیں دو افراد میز کے پار بیٹھے تھے۔ داخلی دروازے سے لے کر پرنسپل ٹیبل تک دائیں بائیں لگی درجن بھر کرسیوں پر مرد و زن براجمان تھے۔ ہم سب کو لے جا کر میز کے قریب کھڑا کر دیا گیا۔ کرنل نے ہماری طرف دیکھنا بھی گوارا نہ کیا اور بائیں طرف بیٹھے مہمان سے محو گفتگو رہتے ہوئے منتظر انسپکٹر کو اشارہ کیا۔ وہ فائل کے صفحات الٹتا گیا اور کرنل مشینی انداز میں دستخط کرتا رہا۔ قلم نیچے رکھ کر اس نے ہاتھ سے دفع ہو جانے کا اشارہ کیا جو مجھ پر بجلی بن کر گرا۔ حالات جیسے بھی ہوں مجھ سے اپنی توہین اور دوسرے کا تکبر برداشت نہیں ہوتے۔
انسپکٹر جانے کے لیے آگے بڑا۔ سنتری نے بھی اسی سمت قدم اٹھایا، زنجیروں سے بندھے ساتھیوں نے بھی چلنے کے لیے رخ بدلا۔ میرے جم کر کھڑا رہنے سے سنتری سمیت سب کو غیر متحرک ہونا پڑا۔ امتیاز عالم اور دیگر ساتھی میرے رمز شناس تھے۔ سب کے رنگ متغیر ہوئے۔ کرنل بدستور اپنے سامع سے محو گفتگو تھا۔ فطرت نے مجھے بھاری آواز اور جلالی طبیعت دے کر زیر و بم پر پکے راگ گانے والے استاد کا سا اختیار بھی عنایت کر رکھا ہے۔ میں نے نچلے اور ملائم و مدھر راگ سے کرنل کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا ”کرنل صاحب! ہائی جیکرز کی مانگ پر جیل سے رہا ہو کر کابل جانے سے پہلے جیل میں مجھے بی کلاس قیدی کی سہولتیں دی گئیں تھیں۔ میری بی کلاس بحال کر دیں“۔ کرنل اکرام اللہ خٹک نے ضبط مگر جلالت آمیز لہجے میں جواب دیا! ”مجھے تمہیں بی کلاس دینے کا اختیار نہیں“ شاید یہی جواب مجھے چاہیے تھا کیونکہ بی کلاس لینا میرا گوہر مقصود ہرگز نہ تھا۔ ”کرنل صاحب اگر آپ کو اتنا سا بھی اختیار حاصل نہیں تو میں یہاں پیش ہونا اپنی توہین سمجھتا ہوں“ میں نے کرنل سے زائد پرجلال مگر کنٹرولڈ لہجے میں ترنت جواب دیا۔ ”What you said“ کرنل دھاڑا۔ میں نے بھی راگ درباری کے اونچے سر میں جواب دیا، ”I do repeat may words“ کرنل نظم سے نثر میں تبدیل ہو کر چلایا، ”میں تمہیں بیس کوڑوں کی سزا دیتا ہوں“ چونکہ میں لطف لے چکا تھا لہٰذا طنزیہ لہجے میں بولا ”کرنل صاحب مجھ پر گرے مصیبتوں کے“ کے ٹو ”پہاڑ پر ایک چھوٹا سا پتھر آپ بھی رکھ دیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا“ ۔ کرنل نے انسپکٹر پولیس سے کہا کہ باقی سب کو جیل واپس بھیج دو اسے باہر کھڑا رکھو۔
پولیس نے لے جا کر اب مجھے ایک بریگیڈیئر کے رو برو کر دیا۔ بریگیڈئیر نے فائل پر نظریں جمائے کہا، ”تم نے عدالت کی توہین کی ہے؟“ میں نے بریگیڈیئر سے سوال کیا، ”آپ خدا کو حاضر ناظر جان کر مجھے بتائیں کہ کیا وہ عدالت تھی جس کی مجھ سے توہین ہوئی اور کیا یہ عدالت ہے جس میں مجھے اب لا کھڑا کیا گیا ہے؟ بریگیڈیئر صاحب ملک اور قوم پر رحم کریں۔ خود کو سرحدوں کی حفاظت تک محدود رکھیں۔ جنرل ضیا الحق اس ملک کو برباد کر کے رکھ دے گا۔ وغیرہ وغیرہ۔ بریگیڈیئر کے ماتھے پر سوچ کی شکنیں در آئیں۔ میری فائل پر دستخط کیے اور مجھے واپس بھیج دیا۔
جیل پہنچا تو بیڑی لگا کر مجھے قصوری چکی میں بند کر دیا گیا۔ وہاں 7 روز تک میں کھانے سے انکاری رہا۔ آٹھویں روز مجھے پھر اکرام اللہ خٹک کی ”عدالت“ میں لے جایا گیا۔ دھول مٹی سے اٹے فرش پر لیٹ لیٹ کر لباس مٹی ہو چکا تھا۔ سر میں خاک، بال پریشان، چہرے پر اگا کانٹوں کا بے ترتیب جنگل اور آٹھ روزہ فاقے کی نقاہت اس پر مستزاد، اس دفعہ کمرے میں صرف کرنل تھا یا مجسٹریٹ اور ریڈر۔ کرنل نے مجھے پیش کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کو باہر بھیج دیا اور مجھ سے مخاطب ہو کر دھیمے لہجے میں سوال کیا، ”کیسے ہو بھئی؟“ میں مسکرا کر گویا ہوا، ”آپ کا خیال ہے مجھے بیڑی لگوا کر، مجھے قصوری چکی جیسے جہنم میں بند رکھ کر اس گدلی حالت میں اپنے روبرو کھڑا کریں گے اور میں آپ سے رحم مانگوں گا؟ کرنل صاحب یہ آپ کی بھول ہے۔ میں اندر سے بہت مضبوط ہوں۔ میں آپ کی نسلوں کی لڑائی لڑ رہا ہوں“ ۔ کرنل بولا ”یہ بتائیں کہ اس دن سب کے سامنے میری بے عزتی کر کے آپ کو کیا ملا؟“ میں نے جواباً کہا، ”کرنل صاحب اس دن مجھ سے جو بھی صادر ہوا، در اصل جنرل ضیا الحق کی نفرت میں تھا چونکہ اس کے نمائندے کی حیثیت سے آپ میرے ہاتھ چڑھ گئے، لہٰذا نزلہ آپ پر آن گرا تھا“ ۔
واپس جیل پہنچا ڈیوڑھی میں لوہار نے میری بیڑیاں اتار دیں اور مجھے امتیاز عالم، بابو فضل خالق، ڈاکٹر جہانزیب، کیپٹن اشفاق اور انعام بنگش کے ساتھ دوبارہ ایک کر دیا گیا۔
قارئین کرام! اب عقدہ واہ ہو گیا کہ میں رات کے دو بجے عرفان صدیقی کا کالم (مرثیہ) پڑھ کر تنہا بیٹھا موصوف کی تصویر پر نظریں جمائے پاگلوں کی طرح کیوں مسکراتا جا رہا ہوں؟

