ازلی مسافر کا سفرنامہ یورپ


کہتے ہیں کہ مسافر کے تجربات مشاہدات واقعات خیالات جذبات احساسات اور اس پر گزری کیفیات اگر ایک مربوط تحریر کا روپ دھار لیں جن میں توازن اور حسن بیان بھی ہو تو ایک شاہکار سفرنامہ وجود میں آ جاتا ہے۔ پہلی جھلک یورپ کی ایسا ہی ایک شاہکار سفرنامہ ہے جو حسنین نازش کی تخلیقی استعداد اور مہارت کا اعلی نمونہ ہے۔ حسنین نازش محض ایک سیلانی ہی نہیں بلکہ ایک منفرد قلم کار بھی ہیں ان کے سفرنامے اسلوب کے اعتبار سے دلچسپ اور قاری کو متوجہ کرنے والے ہیں ان کے طبع شدہ سفرنامے کاردیش سفرنامہ ترکیہ، دیوار چین کے سائے تلے اور امریکہ میرے آگے کی مقبولیت اس امر کی شہادت دیتے نظر آتے ہیں۔

ایک زمانہ تھا کہ یورپ جانے کے لیے ویزے کا حصول چنداں دشوار نہ تھا پاسپورٹ پر ویزے با آسانی لگوائے اور نکل پڑے عصر حاضر میں یورپی یعنی شنجن ویزا نادر الحصول ہے کسی بھی پاکستانی پاسپورٹ پر یہ ویزہ لگوانا جوئے شیر لانے سے ہرگز کم نہیں اگر جذبہ سچا ارادہ پکا اور مسافر اچھا ہو تو ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں کہ مصداق ویزا مل ہی جاتا ہے سفر تو اور بھی لوگ کرتے ہیں مگر سفر کے بعد اپنے تجربات واقعات کو احاطہ تحریر میں لانا اصل کمال ہے۔ جو حسنین اصغر قریشی صاحب کے قلم میں بدرجہ اتم دکھائی دیتا ہے۔

جناب حسنین نازش کے سفرنامے ایسے ادبی فن پارے ہیں جو ان تمام لوازمات سے لبریز ہیں جو آرائش تحریر کے لیے درکار ہوتے ہیں سفرنامے کا مصنف جب شاعر اور افسانہ نگار ہو تو اس کی تحریر میں منفرد ادبی رنگ اور افسانوی فضا لازمی طور پر نظر آئے گی۔ جیسا کہ اس سفرنامے سے ظاہر ہو رہا ہے ان کی اس خصوصیت سے سفرنامے کی دلاویزی اور حسن میں مزید نکھار پیدا ہو گیا ہے۔

اس سفرنامے میں واپسی کا تحریر کردہ تذکرہ اتنا سحر انگیز ہے کہ ادبی ذوق کا حامل کوئی بھی قاری اس سے متاثر ہوئے بغیر رہ ہی نہیں سکتا۔

پہلی جھلک یورپ کی ایک عمدہ تخلیق ہے جو حسنین نازش کے فکر و فن اور ان کے ادبی قدوقامت کا ایک درخشاں حوالہ ہے۔ حسنین نازش کا سفرنامہ بنیادی طور پر تخلیقی اسلوب کا حامل ہے جس میں افسانوی رنگ اور دیگر ادبی محاسن کا التزام بھی کیا گیا ہے جن سے ان کی تحریر میں مزید دلکشی اور دل پذیری پیدا ہو گئی ہے۔

ان کے سفر نامے کی بے شمار خوبیوں میں سے ایک اہم خوبی تصنع بناوٹ اور مبالغے سے پاک ہونا ہے ان کی تحریر ذاتی تجربات محسوسات محرکات اور تخیل کے عناصر سے وجود پاتی ہے اور قاری کے دل پر نقش ہوتی چلی جاتی ہے۔ حقیقت نگاری و تخیل طرازی کا ایک دلاویز امتزاج ان کی تحریر کا منفرد حسن ہے۔ ان کا افسانوی اسلوب داستان کی سی فسوں کاری طلسماتی کشش اور منطقی ربط کا حامل ہے۔ ان کی تحریر تاثراتی انفرادیت سے بھرپور اور مختلف ماحول روشناس کرواتی قوس قزح ہے۔

انہوں نے منظر نگاری پر اپنی دسترس کا اظہار کئی مقامات پر کیا مثلاً شاملی کے قصبے کی ایسی تصویر کھینچی ہے کہ پورا نقشہ نگاہوں کے آگے گھوم جاتا ہے ان کی نثر شستہ رواں اور لاجواب ہے۔ وہ سادگی سے روداد سفر تحریر کرتے ہیں اور جاندار جملوں سے اسے مزین کرتے چلے جاتے ہیں۔ حقیقت نگاری ان کے سفرنامے کا خاص وصف ہے پڑھنے والا خود کو ان گلی کوچوں میں موجود پاتا ہے اور خود کو مصنف کا ہمراہی تصور کرتا ہے۔ حسنین نازش کے سفرنامے کے محاسن میں سے ایک جزئیات نویسی بھی ہے وہ کسی بھی مقام یا شخصیت کی اتنی تفصیل تحریر کرتے ہیں کہ ایک ایک چیز واضح ہو جاتی ہے ان کی تحریر میں اتنا اعتدال ہوتا ہے کہ قاری ذرہ برابر بھی بوجھل پن محسوس نہیں کرتا اور ایک ایک حرف سے لطف کشید کرتا ہے۔

مصنف کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے کہ وہ قاری کی دلچسپی کو نہ صرف اختتام تک برقرار رکھے بلکہ بتدریج اس میں اضافہ بھی کرتا چلا جائے پہلی جھلک یورپ کی ایسی ہی ایک تخلیق ہے جس کا طرز تحریر قاری کو اپنے حصار میں جکڑ لیتا ہے حسنین نازش کے قلم میں وہ جادوئی اثر موجود ہے جسے میں معاصر سفرنامہ نگاروں کے لیے قابل تقلید خیال کرتا ہوں کیونکہ ان کا سفرنامہ دلچسپی کے جوہر اور جمالیاتی گوہر سے معمور ہے جس میں قاری کو بے باکی مسرت بصیرت اور تفریح تفنن طبع اور طنز و مزاح کی چاشنی بھی محسوس ہوتی ہے۔

ان کی نثر عمدہ شستہ، رواں اور بوجھل پن سے پاک ہے جس میں شعری محاسن کو بھی حسب ضرورت برتا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصنف سفرنامے کے فنی لوازمات سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں برتنا بھی خوب جانتے ہیں۔ وہ زبان و بیان میں ندرت عمدگی اور جملوں میں طرفگی تخلیق کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں جس کے ثبوت آپ اس سفرنامے میں جا بجا محسوس کریں گے مصنف تو

دل کو نیاز حسرت دیدار کر چکے

مجھے یقین ہے کہ ان کا سفرنامہ پڑھ کر اور بہت سے لوگوں کے دلوں میں سیاحت یورپ کا شوق اسی طرح جنم لے گا جس طرح میرے دل میں پیدا ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments