لیمائن یمال: ’ایک سپر سٹار کا جنم‘ جس نے سپین کو یوروکپ کے فائنل تک رسائی دلائی
سپین کے لیمائن یمال یوروکپ کی تاریخ میں اس وقت سب سے کم عمر گول سکور کرنے والے بن گئے جب انھوں پنالٹی ایریا کے باہر سے ہی شاندار گول کرکے فرانس کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فرانس کو ابتدائی برتری دلانے کے لیے ایمباپے کے کراس پر رینڈل کولو میوانی نے جو گول کیا اس کے کوئی 12 منٹ بعد یمال نے 16 سال اور 362 دن کی عمر میں گول سکور کر کے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروا لیا۔
انھوں پنالٹی ایریا کے باہر سے ایک جاذب نظر شاٹ لیا اور تاریخ رقم کر دی۔
ابھی چند دن قبل ہی سپین کے سیاہ فام کھلاڑی نیکو ولیمز جو کہ یمال کے دوست اور مینٹور دونوں ہیں انھوں نے اٹلی کے خلاف سپین کی جیت کے بعد مذاقاً کہا تھا کہ ’میں نے اسے (یمال کو) پہلے ہی بتا دیا ہے کہ اسے ’اپنے باپ‘ یعنی مجھ سے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے!‘
ایسا لگتا ہے کہ یمال نے سیمی فائنل میں سکور کرکے یہ بتا دیا کہ انھوں نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔
بہر حال سپین نے جب جرمنی کو کوارٹرفائنل میں شکست دی تھی تو اس وقت سے ہی ان دونوں کھلاڑیوں کا ذکر ہو رہا تھا اور آج سوشل میڈیا پر جہاں یورو2024 ٹرینڈ کر رہا ہے وہیں سپین اور لمائن یمال بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
میچ میں کیا ہوا؟
لیکن پہلے بات کرتے ہیں سپین اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل کی۔
جرمنی کے شہر میونخ کے الیانز ارینا میں کھیلے جانے والے اس سیمی فائنل میں جہاں گذشتہ سال قطر میں ہوئے ورلڈ کپ فائنل میں کرشمہ ساز کردار ادا کرنے والے ایمباپے کی ٹیم فرانس نے پہلے آٹھ منٹ میں برتری حاصل کر لی وہیں سپین کے ’ننھے کرشمے‘ لمائن یمال نے 21 ویں منٹ میں ایک ناقابل یقین گول داغ کر سب کو حیران کر دیا اور سکور ایک ایک سے برابر ہو گيا۔
اس کے چار منٹ بعد ہی سپین کی 10 نمبر جرسی پہننے والے دانی اولمو نے گول کرکے سبقت حاصل کر لی جو آخری لمحے تک برقرار رہی۔
فرانس نے گول پوسٹ پر دو شاندار مواقع گنوائے جب ایمباپے نے شاٹ گول پوسٹ سے اوپر مار دیا۔ اسی طرح یمال نے بھی ایک گول کا موقع اس وقت گنوا دیا جب انھوں نے شاٹ میں زیادہ طاقت لگا دی اور گیند گول پوسٹ کے اوپر سے نکل گئی۔
سپین کو اپنے تمام چھ لیگ میچز جیتنے کے لیے فائنل کھیلنے کا مستحق قرار دیا جا رہا تھا اور اس کے ساتھ ہی اس نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 13 گول بھی سکور کیے ہیں۔
ان کی اس کارکردگی میں بلاشبہ ان کے دو نوجوان کھلاڑی رہے ہیں جس میں 16 سالہ یمال اور 21 سالہ ونگر نیکو ولیمز ہیں۔ اگرچہ اس سے قبل مختلف مواقع پر نیکو نے ’فراری‘ کا لقب لے کر سرخیوں میں جگہ بنائی لیکن سیمی فائنل میں گول داغنے کے بعد ہر جگہ یمال ہی یمال دکھائی دیتے ہیں۔
’یادگار گول جو وقت کی کسوٹی پر کھرا اترا‘
یمال اس سے قبل اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب انھوں نے جارجیا کے خلاف گول کرنے کے چھ مواقع پیدا کیے جو کہ 21 سال سے کم عمر کے کسی کھلاڑی کی جانب سے ناک آوٹ مقابلوں میں بنائے گئے سب سے زیادہ چانسز تھے۔
بی بی سی کے سپورٹس صحافی گیری روز لکھتے ہیں کہ ہر بار یورپی چیمپئن شپ میں ایک گول ایسا سکور کیا جاتا ہے جو وقت کی کسوٹی پر کھڑا اترتا ہے۔ اسے یاد رکھا جاتا ہے اور کئی دہائیوں تک اس کے بارے میں بات کی جاتی ہے۔
ان کے مطابق یورو 1988 میں مارکو وین باسٹن کا ایک زاویہ سے کیا جانے والا گول اور یورو 1996 میں پال گیسکوئن کا انفرادی طور پر کیا جانے والا گول اور پھر اسی ٹورنامنٹ میں کیرل پوبورسکی کی چپ سے کیا جانے والا گول اس قسم کے گول ہیں۔
ان کے مطابق یورو 2024 کے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف سپین کے لیے لمائن یامل کا تاریخ ساز گول اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
جیسے ہی یمال نے بائیں پاؤں سے گول کیا انگلینڈ کے سابق سٹرائیکر گیری لائنیکر نے بی بی سی ون پر کہا: ’ایک سپر سٹار کا جنم ہوا ہے۔ یہ ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کا نادر لمحہ ہے۔‘
جبکہ انگلینڈ کے سابق سٹرائیکر ایلن شیئرر نے اسے ناقابل یقین قرار دیا اور کہا کہ ’ہم تمام ٹورنامنٹ میں ان (یمال) کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں اور کہتے رہے ہیں کہ ان کی عمر کتنی کم ہے۔ لیکن ایسا کہنا صرف اشتعال انگیز ہے۔‘
جب اس گول پر الیانز ایرینا کے اندر اور پوری دنیا میں شائقین دیکھ کر جوش میں بھرے ہوئے تھے اس وقت جب اسے سلو موشن میں دوبارہ دکھایا تو یہ گول اپنی ٹائمنگ اور پلیسنگ کی وجہ سے اور زیادہ متاثر کن تھا۔
- انسانی سمگلنگ، امید اور محبت کی کہانی: ’سپین کی فراری‘ کہلائے جانے والے نیکو ولیمز فٹ بال سٹار کیسے بنے
- یاسین بونو: وہ گول کیپر جو مراکش کا ہیرو بن گیا ہے
- پینلٹیز میں ناکامی پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے خلاف متعصب تبصروں کی گونج، بورس جانسن کی مذمت
یمال کے گول میں ’جینیئس کا ٹچ‘
میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل لمائن یمال فیلڈ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ ہنسی مذاق کر رہے تھے۔ سپین کے باس لوئس ڈی لا فوینٹے نے یمال کے گول کے بارے میں کہا کہ اس میں ’ہم نے جینیئس کا ٹچ دیکھا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم سب کو اس کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ میں چاہوں گا کہ وہ اسی عاجزی کے ساتھ کھیلتا رہے، اپنے پاؤں زمین پر رکھے، اور سیکھتا رہے۔‘ اور ان کو سکھانے کے لیے نیکو ان کی ٹیم میں کسی بڑے بھائی اور باپ کی طرح موجود ہیں۔
یمال اب بین الاقوامی سٹیج پر اپنا دبدبہ قائم کر رہے ہیں۔ انھوں نے بارسلونا کے لیے کھیلتے ہوئے اپنے کامیاب سیزن میں پہلے ہی ریکارڈ بنانے شروع کر دیے ہیں۔
وہ سپین کی ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی اور گول سکورر کے ساتھ ساتھ لا لیگا میں سب سے کم عمر سکورر بھی بن گئے۔
یمال تین دن بعد 13 جولائی یعنی فائنل سے ایک دن قبل 17 سال کے ہو جائیں گے۔ ان کے والد مراکش سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ والدہ ایکوٹوریل گنی کی ہیں۔
دی سپورٹس گریل کے مطابق ان کا تعلق مسلم خاندان سے ہے۔ سپین کی قومی ٹیم میں نیکو کو یمال کے روپ میں ایک 16 سالہ دوست ملا ہے جس کے ساتھ ان کا گہرا تعلق قائم ہو گیا ہے۔
جیت جیت اور جیت
یمال اور نیکو کی دوستی اس وقت شروع ہوئی جب مارچ میں میڈرڈ کے لاس روزاس میں سپینش فیڈریشن میں ان کی ملاقات ہوئی۔ کولمبیا اور برازیل کے خلاف سپین کے دوستانہ ميچ سے قبل نیکو سے کہا گیا تھا کہ وہ نوجوان یمال پر گہری نظر رکھیں۔
فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’وہ اس کے لیے ایک اچھی مثال ہے۔ لمائن، نیکو کی ہر چیز کو کاپی کرتا ہے۔‘
گذشتہ ستمبر میں جارجیا کے خلاف یورپی چیمپیئن شپ کے کوالیفائر میچ میں نیکو اور یمال کو لایا گیا تھا۔ اس کے بعد سپین کے منیجر لوئس ڈی لا فوینٹے نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
فرانس کے میچ سے قبل اپنے یمال کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سالگرہ صرف ‘جیت جیت اور جیت’ کے ساتھ منانا چاہتے ہیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے کے بعد انھوں نے کہا کہ ‘قومی ٹیم کے ساتھ فائنل میں پہنچنا خواب کا سچ ہونا ہے۔‘
فائنل میں کس کا سامنا کرنا پسند کریں گے کے سوال پر انھوں نے کہا: ’مجھے واقعی کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جب آپ فائنل میں پہنچتے ہیں تو آپ کو بہترین کھیلنا ہوتا ہے، ہم انتظار کریں گے اور جو بھی حریف ہو گا کھیلیں گے۔‘
لیمائن یمال: ’فٹبال کے افق پر نیا ستارہ‘
لیمائن یمال یورو کپ کی تاریخ میں گول سکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یورپی چیمپیئن شپ میں اس سے پہلے سب سے کم عمر سکورر سوئس کھلاڑی یوہان وونلانتھن تھے جنھوں نے 2004 کے یورو کپ میں 18 سال کی عمر میں فرانس کے خلاف گول کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ان کی شاندار پرفارمنس پر فٹبال کو پسند کرنے والے صارفین ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھ رہے ہیں کہ فٹبال کے افق پر ایک نیا ستارہ طلوع ہوا ہے۔
ریڈمین ایکس نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’جب میسی کوپا امریکہ کی ٹرافی اپنے سر پر سجائے سورج کی طرح غروب ہو رہے ہیں لمائن یامل بڑے پردے پر نمودار ہو رہے ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے کہ ایک عہد ختم ہو رہا ہے تو دوسرا شروع ہو رہا ہے۔ ہم بارسلونا کے پرستار واقعی بہت قسمت والے ہیں۔‘
زائی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا کھلاڑی ہے کہ 16 سال کی عمر میں ملک کی ٹیم کی نمائندگی کر رہا ہے اور ہم سکول کے عام طالب علم ہیں۔‘
https://twitter.com/piersmorgan/status/1810780361460216097
انگلش براڈکاسٹر پیرز مورگن نے لکھا کہ ’سپین اس فتح کا مستحق تھا۔ وہ جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلتے ہیں جس کی آج کل یورو مقابلوں میں کمی دیکھنے میں آتی ہے۔ اور یہ 16 سالہ بچہ فٹ بال کا نیا سپر سٹار ہے۔ سلام لیمائن یمال۔‘
بہت سے سوشل میڈیا صارف یمال کا کو میسی کا اوتار بتا رہے ہیں۔
یونیورسٹی پروفیسر اور وکیل اینجل موناگاز نے لکھا کہ ’یمال نے پیلے کا سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے سپین کو یوروکپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔‘
- پیلے: فٹبال کا وہ کھلاڑی جس نے ایک قوم کو متحد کیا
- انسانی سمگلنگ، امید اور محبت کی کہانی: ’سپین کی فراری‘ کہلائے جانے والے نیکو ولیمز فٹ بال سٹار کیسے بنے
- ’بغیر اجازت‘ بوسہ لینے کے تنازع پر ہسپانوی خواتین کھلاڑیوں کا بائیکاٹ
- سپین کے خلاف تاریخی فتح: مراکش کھلاڑیوں کا فلسطینی پرچم کے ساتھ جشن، بادشاہ کی فون پر مبارکباد
- یاسین بونو: وہ گول کیپر جو مراکش کا ہیرو بن گیا ہے

