You By Caroline Kapnes کتاب کا جائزہ
اگر آپ کو تھرلر پر مبنی ناول پڑھنا اچھا لگتا ہے تو یقین کریں یہ آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ یہ ایک مسحور کردینے والا فکر انگیز تھرلر ہے جو انسانی فطرت، سوشل میڈیا کے استعمال، سوچ اور حقیقت کے درمیان دھندلی لکیروں کے تاریک پہلو آیا کرتا ہے۔ ناول کا آغاز نیویارک شہر میں ایک بک سٹور مینیجر جو گولڈ برگ کے گرد گھومتی ہے۔ جو ایک دلکش اور ذہین انسان ہے۔ جو ایک خوبصورت لڑکی گینیور بیک سے متاثر ہو جاتا ہے جو اس کے بک سٹور میں اکثر کتابوں کی خریداری کے لیے آتی رہتی ہے۔
یہاں مصنفہ نے سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال اور اس کے خطرناک اثرات کے بارے آگاہ کیا ہے کہ لوگ کتنی آسانی سے اپنی زندگی کے بارے تفصیلات شیئر کرتے ہیں یہ جانے بغیر کہ اس سے دوسروں کے لیے معلومات اکٹھی کرنا کتنا آسان ہو جاتا ہے۔ کہانی کا کردار جو گولڈ برگ گینیور بیک کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اس کی روزمرہ کی ساری مصروفیات اور دلچسپیوں سے آگاہ ہوجاتا ہے۔
گینیور بیک ایک ناکام شاعرہ اور لکھاری ہے جو ادب میں اپنا نام بنانا چاہتی ہے۔ اس کی دوستیاں ایلیٹ کلاس کے لوگوں سے ہوتی ہیں اور ان جیسا بننے کے لیے تقریباً دیوالیہ ہو چکی ہے۔ جو گولڈ برگ ایک اچھے انسان کی صورت میں اس کی زندگی میں آتا ہے اور آہستہ آہستہ جو اس سے دیوانگی کی حد تک چاہنے لگتا ہے اور یہیں سے اس کی زندگی کے تاریک پہلو سامنے آتے ہیں۔ وہ بیک کی زندگی میں آنے والے لوگوں پر نظر رکھتا ہے اور جیسے ہی اسے احساس ہوتا ہے کہ بیک کو کسی سے خطرہ لاحق ہے تو وہ اسے مار دیتا ہے۔ جو اپنے اس عمل کو بیک کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے جائز سمجھتا ہے۔ گینیور بیک فطرتاً دل پھینک لڑکی ہے اور جو کے ہوتے ہوئے اپنے تھراپسٹ سے عشق لڑا رہی ہوتی ہے۔ اس سے پہلے وہ بینجی نام کے لڑکے ساتھ ہوتی ہے جسے جو مار ڈالتا ہے۔ جو بیک کی ایک سہیلی پیچ سیلنجر کو بھی راستے سے ہٹا دیتا ہے جب اسے محسوس ہوتا ہے کہ وہ بیک کی زندگی میں مداخلت کرتی ہے اور جو کے خلاف بیک کو متنفر کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ گینیور بیک کو جو پر شک ہونا شروع ہوتا ہے اور وہ اس کی گزشتہ زندگی کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کرتی ہے تب اسے پتا چلتا ہے کہ جو کی زندگی میں اس سے پہلے ایک لڑکی کینڈیس سٹون آئی تھی جو کہ اچانک غائب ہو جاتی ہے۔ وہ جو سے اس کے بارے پوچھتی ہے تو وہ اسے بتاتا ہے کہ اچانک ایک دن وہ اسے چھوڑ کر روم چلی جاتی ہے۔ وہ اسے اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس دکھاتا ہے کہ کیسے وہ روم میں عیاشی کر رہی ہے۔ لیکن بیک کا شک دور نہیں ہوتا وہ اس کے گھر کی تلاشی لیتی ہے تو باتھ روم کی سیلنگ میں اسے ایک باکس ملتا ہے جس میں بینجی کی گھڑی، اس کی سہیلی پیچ کی چیزیں پڑی ملتی ہیں۔
اسی دوران جو گھر آ جاتا ہے اور بیک کو بے ہوش کر کے بک سٹور کے تہہ خانے میں قید کر دیتا ہے۔ بیک اسے یقین دلاتی ہے کہ وہ اسے جانے دے وہ کبھی اس کے بارے پولیس کو نہیں بتائے گی۔ جو اس پر یقین کر لیتا ہے اور اسے آزاد کر دیتا ہے لیکن بیک اس پر حملہ کر دیتی ہے۔ جو بچ جاتا ہے اور بیک کو دوبارہ قید کر دیتا ہے۔ جو کو کامل یقین ہو جاتا ہے کہ بیک اس سے پیار نہیں کرتی ہے تو وہ اس کو بھی مار دیتا ہے
جو ایسا سیٹ اپ تیار کرتا ہے کہ بیک اور اس کے ساتھیوں کا قتل بیک کے تھراپسٹ کے کھاتے میں پڑتا ہے اور پولیس اسے گرفتار کر کے لے جاتی ہے، یوں جو گولڈ برگ صاف بچ نکلتا ہے اور ناول کا اختتام ہوتا ہے۔
اس ناول پر نیٹ فلیکس نے ایک سیریز بھی تیار کی ہے جو بلاشبہ دیکھنے لائق ہے مگر مشورہ ہے کہ یہ ناول کتابی صورت میں پڑھا جائے۔
میرا کسی کتاب کے بارے میں یہ پہلا ریویو ہے۔ امید ہے کہ قارئین کو پسند آئے گا۔



