’سیکس کرنے کی بجائے بیڈمنٹن کھیلیں‘: ہانگ کانگ میں ایک عام کھیل موضوع بحث کیوں ہے؟
فین وینگ - بی بی سی نیوز
بیڈمنٹن ایک انتہائی عام کھیل ہے مگر حال ہی میں ہانگ کانگ کے ایجوکیشن بیورو نے شاید غیر ارادی طور پر اس عام اور سادہ سے کھیل کو ایک نیا مطلب دے دیا ہے۔
ہانگ کانگ میں گذشتہ ہفتے سیکنڈری ایئر 3 کے لیے جاری ہونے والے تدریسی مواد کے ایک ماڈیول میں یہ تجویز سامنے آئی کہ جو نوجوان ایک دوسرے کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، وہ اس کی بجائے ’مل کر بیڈمنٹن کھیلنے کے لیے باہر جا سکتے ہیں۔‘
حال ہی میں جاری ہونے والے اس نئے تعلمی مواد میں ایک فارم بھی شامل کیا گیا ہے جو اُن ’نوجوان محبت کرنے والوں‘ سے یہ عہد لیتا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق اور وعدہ کریں کہ وہ ’نظم و ضبط، خود پر قابو اور فحش مواد‘ کی جانب راغب نہیں ہوں گے اور خود کو اس سے دور رکھیں گے۔
اس نئے مواد نے بڑے پیمانے پر لوگوں میں تحفظات کو جنم دیا ہے۔ ہر جانب اس پر بحث ہونے لگی ہے اور لوگ حکومت کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تاہم ہانگ کانگ میں حکام کی جانب سے اپنے اس فیصلے کا دفاع کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ’بیڈمنٹن کھیلنے‘ سے متعلق بڑی تعداد میں میمز اور مزاح سے بھرپور تنقیدی مواد بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
- ’سیکرٹس آف اے سکینڈل‘: سکول ٹیچر کا نوعمر طالبعلم سے ’رومانوی تعلق‘، دو بیٹیوں کی پیدائش اور افسوسناک انجام
- وہ عوامل جو مردوں اور خواتین میں جنسی تعلق قائم کرنے کی خواہش کو کم کرتے ہیں
- ’کپڑوں کے ساتھ شرم اتار پھینکو‘: زمانہ قدیم میں سیکس کے بارے میں خواتین کی سوچ کیا تھی
- وہ عوامل جو خواتین میں سیکس کرنے کی خواہش کو متاثر کرتے ہیں
یہاں تک کہ ہانگ کانگ کی بیڈمنٹن کی کھلاڑی اور اولمپیئن تسی ینگ سوئٹ بھی اس بارے میں تبصرہ کرنے پر مجبور ہو گئیں۔
انھوں نے تھریڈز پر ایک طنزیہ مسکراہٹ والی ایموجی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کُچھ یوں کیا ’ہر کوئی بیڈمنٹن کھیلنے کا وقت مانگ رہا ہے۔ کیا ہر کوئی واقعی بیڈمنٹن میں اتنی دلچسپی رکھتا ہے؟‘
ہانک کانگ میں رکن پارلیمنٹ ڈورین کانگ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایجوکیشن بیورو نوجوانوں کو سمجھ نہیں سکا۔ انھوں نے خاص طور پر بیڈمنٹن سے متعلق تجویز کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔
بیڈمنٹن کے لفظ اور اس کھیل سے متعلق جاری بحث نے تھامس تانگ جیسے ایک شوقیہ بیڈمنٹن کے کھلاڑی کے لیے اس سادہ سے کھیل کو شرمناک بنا دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ماضی میں یہ صرف ایک صحت مند اور دلچسپ کھیل تھا لیکن اب اگر آپ لوگوں کو بیڈمنٹن کھیلنے کے لیے کہتے ہیں تو وہ اسے مذاق سمجھتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ بیڈمنٹن دراصل لڑکوں کے لیے لڑکیوں سے ملنے کا ایک اچھا طریقہ تھا۔
ایجوکیشن بیورو کی جانب سے جاری ہونے والی ان نئی دستاویزات کے ساتھ اساتذہ کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس ماڈیول کا ایک سب سے اہم مقصد طلبا کو جنسی تصورات، خیالات اور جذبات سے نمٹنے کے طریقوں اور ان پر قابو پانے کے قابل بنانا تھا اور یہ ماڈیول انھیں ڈیٹنگ شروع کرنے یا جنسی تعلقات کی جانب راغب کرنے کے لیے ترتیب نہیں دیا گیا۔
ہانگ کانگ کے ایجوکیشن بیورو کی جانب سے جاری ہونے والی نئی دستاویزات میں ایسے ماحول سے متعلق بھی بات کی گئی ہے کہ جہاں طلبا کو ایک مثبت بحث و مباحثے کے دوران اس بات کی بھی ترغیب دی جائے کہ وہ ایسے کپڑے پہننے سے اجتناب کریں کہ جو دوسروں کے جنسی جذبات کو اُبھارنے والے ہوں اور مناسب لباس کا استعمال کریں۔‘
اسی کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہ وہ ’شادی سے پہلے جنسی تعلقات سے پرہیز کریں‘ کیونکہ اگر وہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتے تو اس سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔‘
وزیر تعلیم کرسٹین چوئی نے ایجوکیشن بیورو پر ہونے والی تمام تر تنقید کے آگے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔
انھوں نے اتوار کے روز ایک انٹرویو میں کہا کہ ’ہم اپنے نوجوانوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ کسی کم عمر فرد کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنا غیر قانونی ہے۔
انھیں ریاست کے سربراہ جان لی کی حمایت حاصل ہے، جنھوں نے کہا ہے کہ اگرچہ تعلیمی ماحول اور مواد کے بارے میں مختلف آرا ہو سکتی ہیں لیکن حکومت ’اس بات کا تعین کرنے میں حق بجانب ہے کہ وہ کس طرح کے معاشرے کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے۔‘
لیکن 13 سالہ بیٹی اور 10 سالہ بیٹے کے والد ہنری چین کے لیے یہ حکومتی کوششیں مضحکہ خیز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی حکومت اپنے آپ کو یہ سب کر کے بیوقوف بنا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’میں اور میری بیوی ہم خود اپنے بچوں کو شاید زیادہ بہتر انداز میں (جنسی تعلقات سے متعلق تعلیم) دے سکتے ہیں۔ اس بارے میں ہم تعلیمی اداروں اور حکومت پر بالکُل بھروسہ نہیں کر سکتے۔‘
اسی بارے میں
- ڈیجیٹل دور میں بچوں کو سیکس کی تعلیم کیسے دی جائے؟
- نوجوان نو عمری میں سیکس نہ کرنے کا مشورہ مان جائیں گے؟
- ’شیطانی سانس‘: وہ شہر جہاں امریکی سیاح ’سیکس اور نشے کی تلاش میں‘ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں
- اپنے جنسی عدم اطمینان کے بارے میں کُھل کر بات کرنے کا میرا تجربہ کیسا رہا؟
- سیکس کے دوران ’جنسی تسکین کے لیے گلا دبانے‘ جیسے خطرناک عمل کا رجحان کیوں بڑھ رہا ہے؟
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).