ادب، نقاد اور عہدِ جنگ میں ادبی نقاد کا کردار
تاریخی کتب ان باتوں یا واقعات سے بھری پڑی ہیں کہ فلاں سیاست داں نے فلاں جنگ میں کیا رول ادا کیا، کیا اُس کی کوششوں سے جنگ رُک گئی اور کیا مزید جانیں تلف ہونے سے بچ گئیں، کس سیاست داں نے ثالثی کا رول ادا کیا۔ کس نے جنگ کو مزید ہوا دی۔ اس طرح سیاست یا میڈیا کے رول پر ہمیشہ بحث ہوتی آ رہی ہے۔ کیا میڈیا غیر جانب دار رہا، کیا میڈیا نے دونوں فریقوں کی صحیح تصویر پیش کی، کیا اس میڈیا نے مظلوم کی مظلومیت اور بے بسی کو دنیا یا دنیا کے حکمرانوں کے سامنے لایا۔ کیا میڈیا نے پروپیگنڈا چلا کے یا غلط خبریں چھاپ کر یا نشر کر کے جنگ کو اپنے نفع کی خاطر مزید ہوا دی۔ یہ سب سوالات تقریباً ہمیشہ موضوع بحث رہتے ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔
لیکن آج اکیسویں صدی کے ادب کی دنیا میں ایک اہم بحث یہ اٹھی ہے کہ ادبی نقاد کا جنگ کے دوران میں کیا رول ہونا چاہیے یا ایک ادبی نقاد کو کیا رویہ اپنانا چاہیے جب لاکھوں بے قصور لوگ بمباری میں مارے جا رہے ہوں۔ یہ اس نظریہ پر کاری ضرب لگاتا ہے کہ ادب اپنے عہد سے دور یا ماحول سے متاثر نہیں ہوتا، اور شاید اس سے وہ مقتدر طبقہ ناراض بھی ہو جائے جس کے نزدیک ادب محض تفریح طبع کا ذریعہ ہو سکتا ہے یا ہوتا ہے۔
معروف ادبی نقاد و دانشور ایڈورڈ سعید نے کہا تھا کہ متن کا موجودہ عہد یا زندگی کے ساتھ گہرا تعلق ہوتا ہے۔ متن کا ایک تاریخی پہلو ہوتا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایڈورڈ سعید کے مطابق ’متن کے زندگی سے تعلق‘ نے ادبی نقاد پر کئی اہم ذمہ داریاں عائد کی ہیں جن میں سیاسی ذمہ داری بھی ایک ہے مگر ساتھ ہی انہیں اس بات کا بھی خدشہ تھا کہ موجودہ نقاد نے دنیا سے آنکھیں موڑ لی ہیں یا وہ اس دنیا سے اپنے آپ کو ایک الگ مخلوق تصور کرتا ہے۔ ایڈورڈ سعید مزید فرماتے ہیں کہ امریکہ میں اس وقت ادبی تھیوری نے متن کو عہد حاضر کے حالات و واقعات سے الگ کر کے رکھا ہے، ان مادی احساسات سے اسے دور کر دیا ہے جنہوں نے اس کو بڑی طاقت عطا کی تھی۔
ٓٓٓایڈورڈ سعید نے ہی اپنی مشہور کتاب ’شرق شناسی ” (Orientalism) سے ادبی تنقید کو ایک نیا رُخ عطا کیا اور دلائل سے واضح کیا کہ کس طرح مستشرقوں نے مشرقی یا افریقی اقوام کو غلط انداز میں پیش کیا۔ جن نظریات کے تحت انہوں نے ایسا کیا وہ کس حد تک جھوٹ پر مبنی تھے، اس کے پس پردہ کیا عوامل کارفرما تھے یا کیا پروپیگنڈا تھا۔ اس تناظر میں اگر آج ادبی تنقید کے رول پر بات کریں تو ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ محض بورژوا و سامراجیت، سرمایہ دارانہ نظام سے وابستہ اداروں نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ادب یا ادبی تنقید کو اپنا غلام بنالیا ہے، جو ادبی تنقید کا ایک گمراہ کن پہلو ہے اور جسے اب بعض بڑی یونیورسٹیوں اور اداروں میں فروغ دیا جا رہا ہے۔
اس کے تحت اب نہ صرف کانفرنسوں میں بلکہ پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالوں کے ایسے عنوانات چُنے جا رہے ہیں یا ایسے عنوانات کو فروغ دیا جا رہا ہے جس سے پروپیگنڈا اور مفاد پرستی کی بو آ رہی ہے۔ مثلاً1۔ ادب اور امن 2۔ ادب میں محبت3۔ ادب اور تصوف وغیرہ جیسے عنوانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادب کا کام محض تفریح طبع کا سامان فراہم کرنا رہ گیا ہے اور یہ کہ امن اور محبت کا تقاضا صرف مظلوم سے کیا جا رہا ہے، جب اس سے اس کی شناخت چھینی جا رہی ہے، اس پر بم برسائے جا رہے ہیں، اسے بے گھر کیا جا رہا ہے اور اسے بھوک اور افلاس کے گھڑوں میں دھکیلا جا رہا ہے۔
یہ صحیح ہے کہ جو آپ دیکھ رہے ہیں اُسے ہوبہو یا فوراً ادبی فارم یا ہیئت میں ڈھالنا یا اتارنا، اسے کوئی ادبی شکل دینا چاہے وہ شاعری ہو یا ناول سب کے لیے ممکن نہیں اور شاید کے ’فن کے دعوے دار‘ یہ بھی دعویٰ کریں کہ یہ فن نہیں۔ لیکن کیا یہ صحیح ہے کہ جب ہمارے سامنے لاکھوں لوگوں کا قتل کیا جا رہا ہو، ان پر بم برسائے جا رہے ہوں، انہیں بے گھر کیا جا رہا ہو، ہزاروں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہو، ہزاروں بچوں کو یتیم اور بے سہارا کیا جا رہا ہو، ہزاروں بچوں کو بھوک اور افلاس کی نذر کیا جا رہا ہو، اور سکولوں اور ہسپتالوں پر بم برسائے جا رہے ہوں، اس پر ہم بات نہ کریں، اس پر کوئی مزاحمتی نظم یا کہانی نہ لکھیں، کیا ہم اس کا بھی حق نہیں رکھتے یا سامراجیت نے ہمیں اتنا سُست، مادی زندگی میں مصروف یا مجبور کیا کہ ہمیں اس سانحہ پر چند منٹ کے لیے سوچنے کی فرصت بھی نہیں۔
کیا اس کے لیے بھی ہمیں دہائیوں انتظار کرنا پڑے گا تاکہ دہائیوں بعد ہم کوئی ”اچھا فن پارہ“ تخلیق کرسکیں جو ”ادبی ٹھیکیداروں“ کی نظر میں بڑا ہو اور انہیں پسند آئے۔ اگر ان ہولناکیوں کے دوران میں کوئی نقاد ایسا کہتا ہے تو ایسی نقاد کی اہمیت کسی پرپگنڈسٹ سے زیادہ نہیں۔ ایسی درسی سرکاری یا کارپوریٹ تنقید سے نہ ادب کو کچھ فائدہ پہنچ سکتا ہے اور نہ عالم انسانیت کو ایسے ادبی نقاد سے کسی بھلائی کی امید رکھنی چاہیے۔ بلکہ الٹا ایسی تنقید سے گمراہی پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں اور ہم نہ صرف ادب بلکہ تاریخ کے ایک بڑے واقعے و سانحے کو حرف یا الفاظ میں محفوظ کرنے سے محروم ہو کر رہ جائیں گے۔
اتنی بات تو طے ہے مظلوم سے امن کی اپیل کرنا ایسا ہی جیسے ہم کسی مفلس سے مالی مدد کی اپیل کریں۔ یہ نہ صرف ایک شرمناک بلکہ منافقت سے بھرا ہوا عمل ہے جو ایک مظلوم و مجبور کو مزید ظلم سہنے کی طرف دھکیل دیتا ہے اور ظالم کے ظلم کا جواز پیدا کرتا ہے۔ کیا آج کا نقاد بھی اس کا مرتکب ہے کہ جب مظلوم کے لیے انصاف کے سب دروازے بند ہوچکے ہیں اور نقاد مظلوم سے امن کی اپیل کر رہا ہے، مظلوم کے سامنے شرائط رکھ رہا ہے، ایک مظلوم جس کے پاس کچھ بھی نہیں اس کو اس بات کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے کہ آپ جنگ اور خون ریزی کی تمام ذمہ داری اپنے سر لے لیں۔
اس طرح ایک ایسا بیانیہ ترتیب دیا جاتا ہے جس سے لگے کہ شاید اصل میں مظلوم ہی خطاوار ہے اور جو ’ظالم‘ ہے اور اس طرح ظالم کو ظلم کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور یہ کہ یہ ظالم لوگوں بشمول بچوں، عورتوں، بزرگوں اور جوانوں پر بم برسانے پر مجبور ہے، ۔ اور ظالم غریب اور اور مظلوم کے گھر بلڈوزر چلانے پر مجبور ہے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو اس کی خود کی ساکھ خطرے میں ہیں۔ لیکن ایسے کھوکھلے بیانیے کے پیچھے کوئی حقیقت نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک ایسا ہتھکنڈہ ہے جو فریب اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے۔
ایک دانشور نقاد کا معاملہ یہ ہونا چاہیے کہ ادب کے قارئین کو یہ بتائیں کہ فلاں فن پارہ کیسا ہے لیکن یہ ضروری ہے نقاد موجودہ حالات سے صرف نظر نہ کریں، ان کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے بجائے ان سے مکالمہ کریں اور یہ بتائیں کہ ادب کو موجودہ حالات میں کیا رول ادا کرنا ہے یا کرنا چاہیے۔ کیا ایک ادیب جو سب کچھ دیکھ رہا ہے چپ رہے یا اپنے قلم کو مظلوم کے حق میں اٹھائے۔ چپ رہنے سے لفظ کی حرمت جاتی رہے گی اور ادب اور کسی سستی تفریح میں کچھ فرق نہ رہ جائے گا۔
مشہور مصنف و دانشور فرانز فینن نے زبان و ادب کا مطالعہ نو آبادیت، استعماریت اور سامراجیت کے تناظر میں کیا ہے، بلکہ ان کی تحریرات کے مطالعے کے بغیر ہم استعماریت یا نو آبادیت کی جارحیت کو سمجھ ہی نہیں سکتے۔ انہوں استعماریت کا مطالعہ نفسیاتی حوالے سے کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی تصانیف ”افتادگان ِ خاک“ اور ”سیاہ جلد اور سفید مکھوٹے“ کا مطالعہ ناگزیر ہے جن میں فینن نے مابعد نو آبادیت اور اس کے بھیانک نتائج پر سیر حاصل بحث کی ہے۔
انہوں نے دکھایا ہے کہ کس طرح سفید فام یا یورپی اقوام نے افریقی اقوام کو غلط رنگ میں پیش کیا اور ان افریقی اقوام پر روا رکھے گئے مظالم کے لیے جواز فراہم کیا، فینن نے اس دہرے پن اور منافقت کا پردہ فاش کیا اور اس کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ وہ اپنی تحاریر سے اس سامراجی نظام کو منہدم کرتے ہیں۔ اس طرح فینن نے اپنی تحاریر سے آنے والے ادبی نقادوں کے لیے راہ ہموار کی۔ ادیبوں کو سوچنے پر مجبور کیا کہ ظالم اور مظلوم کے فرق کو سمجھے اور ان سازشوں سے بھی بچیں جو سامراجی طاقتوں نے اسے زیر کرنے کے لیے روا رکھی ہیں۔
یہ صحیح ہے کہ کوئی بھی ناول، افسانہ یا نظم لکھنے یا پڑھنے سے کوئی جنگ نہیں رُک سکتی، کسی بھی ملک یا قوم پر بم برسنا نہیں رُک سکتے۔ لیکن یہ کیا کم ہے کہ آپ دنیا تک اپن بات پہنچا رہے ہیں، آپ تاریخ کے ایک اہم واقعے کو الفاظ و تحریر کے ذریعے محفوظ کر رہے ہیں۔ امریکی ناول نگار میکسین ہانگ کنگسٹن نے کہا ہے :
”تحریر عدم تشدد کا ایک عمل ہے، لیکن یہ بہت فعال، بہت جارحانہ عمل ہے، لیکن آپ بم یا بندوقیں نہیں چلا رہے ہیں۔ صرف قلم کا استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ایک چیخ ہے تاکہ آپ کی آواز پوری دنیا میں سنی جائے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ ابھی جنگ کو روکنے کے قابل نہ ہوں، لیکن الفاظ ماحول پر اثرانداز ہوسکتے ہیں اور مستقبل میں بھی دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔“
موجودہ پُر فتن دور میں ادبی تنقید یا نقاد کا ایک بڑا رول یا مقصد یہی ہونا چاہیے کہ وہ تحریر کا مطالعہ صحیح تناظر میں کرے اور ادب و تنقید کو الفاظ اور کھوکھلی اصطلاحات کے کھیل سے بڑھ کر ایک بڑی ذمہ داری سمجھے۔ وہ خود بھی مظلوموں کے حق میں آواز اٹھائے اور ادیبوں کو بھی صحیح راہ دکھائے کہ یہ لفظ ہی جس سے ایک ادیب تاریخ کے ایک بڑے حصے کو محفوظ کرتا رہتا ہے۔ ظالم کو الفاظ کے ذریعے اس کے ظلم کی تصویر دکھائی جائے کہ لفظ سے کوئی کارگر ہتھیا ر نہیں۔
ادبی نقاد کا قاری کی رہنمائی اس صورت میں کرے گا کہ مظلوموں پر جو بم برسائے جا رہے ہیں اس سے کس حد تباہی مچ رہی ہے، کتنے لوگ مر رہے ہیں، کتنے بچے یتیم ہو رہے ہیں، کتنے گھر اور سکول تباہ ہو رہے اور یہ کہ اس تباہی کے پیچھے کون سی سیاست ہے کیا سامراجی طاقتیں ہیں، کون سے عناصر کارفرما ہیں اور تاریخ میں اس تباہی کو کس طرح دیکھا جائے گا اور آنے والے دور میں اس کے نتائج کیا ہوں گے اور اس مظلوم سماج پر اس تباہی کا کیا اثر ہو گا۔
یہاں پر نقاد ایک ادیب سے یہی تقاضا کرے گا کہ وہ جو دیکھ رہا ہے اس کی سچی تصویر پیش کرے اور لفظ کی حرمت کا خیال رکھے اور یہ ادب صرف لفظوں کا کھیل نہیں بلکہ اس کا جو سماجی، تاریخ و ثقافتی پہلو و مقصد ہے ایک ادیب اس مقصد سے دست بردار نہیں ہو سکتا ۔ نقاد یہ بھی دیکھے کہ موجودہ دور کا ادیب ان بھیانک حالات کی صحیح طور سے عکاسی کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے کہ نہیں یا کہیں وہ خود اس سازش کا حصہ تو نہیں جس سازش کے تحت مظلوم پر بم بر سائے جا رہے ہیں اور اس کے گھر پر بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں۔ یا اُسے قید ِبے گناہی (سزا) مل رہی ہے۔
ایک کہانی کار کی طاقت اس کی قلم یا اس کے الفاظ ہیں جس سے وہ اپنی کہانی کی دنیا سجاتا ہے۔ وہ اپنی ان کہانیوں سے ظالم کو اپنا اصلی چہرہ اور اس کے ظلم سے مظلوم پر کیا بیتتی ہے اس کو دکھاتا ہے، جنگ، ظلم و نا انصافی سے پیدا شدہ بھوک اور افلاس کی عکاسی کرتا ہے۔ جنگ، بھوک اور افلاس، ظلم و انصافی میں پسے ہوئے انسان کی کہانی، اُس کے جذبات و احساسات اور اُس کی مظلومیت کو اپنے ناول، افسانے یا نظم کا حصہ بنانا ایک ادیب کو بڑا کارنامہ ہے، جسے صدیوں تک یاد رکھا جاتا ہے اور جس کی تاریخی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
عہدِ جنگ میں جو ادب لکھا جاتا ہے وہ صرف الفاظ کا گورکھ دھندا نہیں بلکہ اس ادب کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ جو کچھ ہمارے سامنے ہو رہا ہے اس کی صحیح عکاسی ہو، جنگ کی ہولناکیاں اور تباہ کاریاں اس ادب کے ہر لفظ سے عیاں ہونی چاہیے۔ سرکاری یا کارپوریٹ یا سرمایہ دارانہ نظام کے اندر فروغ پانے والی تنقید سے اس کی توقع رکھنا عبث ہے بلکہ ایک باضمیر نقاد یا ادیب ہی ادب کو صحیح سمت دے گا اور قاری کی درست رہنمائی کرے گا۔
ادب یا تنقید کا مقصد یہی ہونا چاہیے کہ ہم جنگ یا اس جنگ میں شامل ظالم کی طرف کھڑے نہیں اور نہ ہم ظلم کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں بلکہ ہمارا ہر لفظ مظلوم کے لیے ہے۔ یہودی قوم کو دوسری عالمی جنگ کے دوران میں جن ہولناکیوں سے گزرنا پڑا وہ ادب : ناول، یادداشت، نظم، افسانہ وغیرہ کے ذریعے ہی ہم تک پہنچا اور آج تک کتابوں محفوظ ہے۔ اس تناظر میں جاپانی مصنف اِرس چانگ نے بجا کہا ہے کہ ”ہولوکاسٹ کا بھُلانا دوسری بار قتل یا مارنے کے مترادف ہے ’۔


