ناول ”کائٹ رنر“ میں علامت نگاری

خالد حسینی، افغان نژاد امریکی ناول نگار اور معالج ہیں جنھوں نے اپنے پہلے ہی ناول ”کائٹ رنر“ سے شہرت کے قراقرم کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے اور ادبی ناقدین سے سندِ قبولیت حاصل کی۔ ان کے دیگر مشہور ناولوں میں ”اے تھاؤزنڈ سپلنڈڈ سنز“ اور ”اینڈ دی ماؤنٹینز ایکوڈ“ شامل ہیں۔ ان کے والد، ناصر حسینی، افغان وزارت خارجہ میں، اور ان کی والدہ ہائی سکول میں فارسی ادب کی معلمہ تھیں۔ 1976 میں، جب خالد کی عمر 11 برس تھی، ان کے والد کو پیرس میں، افغان سفارت خانے میں ملازمت مل گئی اور ان کا خاندان فرانس منتقل ہو گیا۔
1980 میں، سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد ، ان کے خاندان نے امریکا میں سیاسی پناہ حاصل کرلی۔ خالد حسینی نے سان ہوزے اسٹیٹ یونیورسٹی سے بائیولوجی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور پھر 1996 میں کیلیفورنیا یونیورسٹی، سان ڈیاگو سے میڈیکل کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے کئی سال ڈاکٹر کے طور پر کام کیا، لیکن 2004 میں ”کائٹ رنر“ کی کامیابی کے بعد ، تمام تر توجہ فکشن تحریر کرنے پر مرکوز کر دی اور میڈیکل کے شعبے کو خیر باد کہ دیا۔
خالد حسینی کا پہلا ناول ”کائٹ رنر“ 2003 میں شائع ہوا اور اسے بین الاقوامی سطح پر زبردست کامیابی ملی۔ اس ناول میں افغانستان کی تاریخ، دوستی، وفاداری، اور کفارے کے موضوعات کو بیان کیا گیا ہے۔ اس کے بعد انھوں نے دو مزید ناول لکھے جنھیں حد درجہ پذیرائی ملی۔ ان کے ناولوں کو دنیا کی کئی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے اور ان پر فلمیں بھی بن چکی ہیں جو ان کی تخلیقیت اور فکشن سے دلچسپی پر دال ہیں۔
علامت نگاری پر بات کی جائے تو یہ ادب، شاعری، اور فنون لطیفہ کی ایک اہم تکنیک ہے جس میں کسی چیز، شخص، یا خیال کو کسی دوسری چیز کے ذریعے سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ یہ کسی تجریدی خیال کو ٹھوس شکل دینے اور کسی پیغام کو موثر طریقے سے پہنچانے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ خالد حسینی کے ہاں علامت نگاری کی اہمیت اور ضرورت کو مختلف پہلوؤں سے سمجھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ ناول میں علامتوں کے استعمال سے ناول نگار نے معانی میں گہرائی اور وسعت پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ علامتیں قاری کو ظاہری معنی سے آگے سوچنے اور مختلف تشریحات کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔ خالد حسینی نے جس انداز سے علامات کو برتا ہے وہ اس سے بیک وقت کئی معانی کی حامل ہو گئی ہیں۔ مختلف علامتوں کے ذریعے مصنف نے پیچیدہ خیالات اور جذبات کو، ایک تصویر میں سمونے کی کوشش کی ہے۔ ان میں سے کئی علامتیں ایسی ہیں جن میں افغانستان کی ثقافت، روایات اور عقائد کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس ناول سے قطع نظر اگر مجموعی طور پر بھی دیکھا جائے تو علامت نگاری ادب، شاعری، اور فنون لطیفہ کا لازمی جزو ہے۔ یہ معانی کی گہرائی، اختصار، ابلاغ کی تاثیر، ثقافتی اہمیت، اور تخلیقی اظہار کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے فنکار اور ادیب اپنے پیغامات کا ابلاغ موثر طریقے سے کر سکتے ہیں اور قاری کو ایک نئے جہانِ معنی کی سیر کرا سکتے ہیں۔ علامت نگاری کو سمجھنا کسی بھی فن پارے یا ادبی تحریر کی بہتر تفہیم کے لیے ضروری ہے۔ یہ عمل ہمیں پوشیدہ معانی کی تفہیم اور اس سے لطف اندوز ہونے میں مدد دیتا ہے۔
خالد حسینی کے ناول ”کائٹ رنر“ میں علامت نگاری کا فنکارانہ استعمال ملتا ہے۔ یہ علامات کہانی کو گہرا اور معنی خیز بناتی ہیں اور قاری کو مختلف موضوعات پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔ مذکورہ ناول میں پتنگ، مرکزی علامت ہے۔ یہ بچپن، آزادی، خوشی، اور دوستی کی علامت ہے۔ عامر اور حسن کے درمیان دوستی پتنگ بازی کے ذریعے پروان چڑھتی ہے۔ تاہم، پتنگ کٹ جانے اور حسن کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد ، یہ علامت جرم، شرمندگی، اور کھوئے ہوئے بچپن کی علامت بن جاتی ہے۔
ناول کے آخر میں، پتنگ اڑانا عامر کے لیے اپنے ماضی کا کفارہ ادا کرنے اور حسن کے بیٹے سہراب کے ساتھ ایک نیا رشتہ قائم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ خاص طر پر پتنگ جو عامر اور حسن اڑاتے ہیں، ایک خاص اہمیت رکھتی ہے۔ یہ ان کی عمیق دوستی اور ان کے مشترکہ بچپن کی علامت ہے۔ جب عامر سہراب کے لیے نیلی پتنگ اڑاتا ہے، تو یہ اس کے اپنے ماضی کے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے اور ایک نئی زندگی کے آغاز کی علامت بن جاتا ہے۔ پتنگ جب کھلے آسمان کی جانب محوِ پرواز ہوتی ہے تو یہ انسانی آزادی، اندرونی خواہشات اور خوابوں کو ظاہر کرتی ہے۔
پتنگ بعض جگہوں پر نئے آفاق کی تلاش کی علامت اور بعض مقامات پر ثقافتی اور سماجی سے آزادی کو ظاہر کرتی ہے۔ حسن کے کردار کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ انسانی بے بسی اور زندگی کی ناپائیداری کی علامت بن جاتی ہے جو عامر کے باپ کے رحم و کرم پر زندگی بسر کرتا ہے اور پھر فوجی گولہ باری کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس کا بیٹا سہراب بھی زندگی کی تلخیوں سے خوف اور زیست کی بے ثباتی کا شکار ہے۔
اس ناول میں دوسری اہم علامت انار کا درخت ہے۔ یہ درخت عامر اور حسن کے بچپن کی ایک اور اہم علامت ہے۔ وہ اس درخت کے نیچے بیٹھ کر باتیں کرتے تھے، کہانیاں سنتے اور سناتے تھے اور انار کھاتے تھے۔ یہ درخت ان کی دوستی، بے فکری، اور ایک محفوظ جگہ کی علامت ہے۔ جب سوویت یونین افغانستان پر 1979 ء میں حملہ کرتا ہے تو یہ درخت تباہ ہو جاتا ہے، جو ان کے بچپن کے خاتمے اور افغانستان میں آنے والی تباہی کی علامت ہے۔ یہ جنگ لگ بھگ دس سال تک جاری رہی اور 1989 ء میں روسی فوجوں کے انخلا سے اس کا خاتمہ ہوا۔ روس 1978 ء میں افغانستان میں قائم ہونے والی اشتراکی حکومت کو مستحکم کرنا اور اسے مخالف قوت یعنی امریکا سے بچانا چاہتا تھا۔ روس اور امریکا کے مفادات میں افغان ثقافت اور امن کی تباہی کو انار کے درخت کے ذریعے قاری کے ذہن میں ثبت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس ناول میں خرگوش کا کئی بار ذکر ملتا ہے جو بے گناہی، کمزوری، اور قربانی کی علامت ہے۔ حسن کو بچپن میں خرگوش سے تشبیہ دی جاتی ہے، جو اس کی معصومیت اور بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔ خرگوش اپنی نسل کی تیزی سے افزائش کرتا ہے، اس لیے یہ تجدید، زرخیزی اور نئے طرز زندگی کی علامت بھی بن جاتا ہے لیکن لوئس کیرل کے ناول ”ایلس ان ونڈر لینڈ“ میں سفید خرگوش کو وقت اور تبدیلی کی علامت کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے جہاں ایلس خرگوش کا تعاقب کرتے ہوئے ایک نئی دنیا میں داخل ہو جاتی ہے۔
اسی طرح رچرڈ ایڈمز کے ناول ”واٹر شپ ڈاؤن“ میں خرگوش بقا، ہمت اور اجتماعیت کے طور پر موجود ہیں جو گروہ کی صورت میں اپنی کالونی کو بچانے کے لیے ایک خطرناک سفر پر چل نکلتے ہیں۔ مگر خالد حسینی نے خرگوش کو بے بسی اور کمزوری کے طور دکھایا ہے جو آگے چل کر ناول میں عامر کے کردار کی باطنی حالت کا غماز بن جاتا ہے۔
اس کے علاوہ اس ناول میں برف سردی، تنہائی، اور جمود کی علامت ہے۔ یہ عامر کے دل میں موجود سرد مہری اور اس کے اپنے ماضی کے ساتھ منجمد رشتے کی علامت ہے۔ جب وہ افغانستان واپس آتا ہے تو برف پگھلنے لگتی ہے، جو اس کے دل میں تبدیلی اور نئے دور کے آغاز کی علامت بن جاتی ہے۔ ان علامات کے علاوہ، ناول میں مختلف رنگوں، موسموں، اور جگہوں کو بھی علامتی معانی کے ساتھ استعمال کیا گیا ہے۔ یہ علامات کہانی کو مزید گہرا اور معنی خیز بناتی ہیں اور قاری کو مختلف موضوعات پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔ عامر حسینی نے جس انداز سے علامتوں کو اس ناول میں برتا ہے اس سے ناول میں وہ اپنا پیغام موثر اور طاقتور انداز میں پہنچانے میں کامیاب ہوا ہے۔ مزید یہ کہ اس کی علامات عالم گیر ہیں اور دنیا کی مختلف ثقافتوں کے قارئین کے لیے قابلِ فہم ہیں جس سے ناول کی روانی اور تسلسل میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
خالد حسینی کے اس ناول کو ابولفرح ہمایوں نے اردو کا روپ دیا ہے۔ ان کے تراجم کی خاص بات یہ ہے کہ وہ متن کی روح اور اصل مفہوم کو برقرار رکھتے ہوئے اسے آسان اور سلیس اردو میں بیان کرتے ہیں جس سے قاری کو ترجمے کے اصل مفہوم تک رسائی میں کوئی دقت محسوس نہیں ہوتی۔ اس ناول کے علاوہ انھوں نے خالد حسینی کے ناول ”تھاؤزنڈ سپلینڈڈ سنز“ کو بھی ”پہاڑوں کی فریاد“ کے عنوان سے اردو میں ڈھالا ہے۔

