تاریخ کی وضاحت اور آشوٹز


27 جنوری آشوٹز کی آزادی کی 80 سالہ برسی تھی۔ یہ وہ دن تھا جب سویت افواج نے جرمن نازیوں کے آشوٹز نامی ڈیتھ کیمپ میں سینکڑوں قیدیوں کو آزاد کروایا۔ ان قیدیوں کو نازیوں نے شدید غیر انسانی ماحول میں رکھا ہوا تھا اور ان کو مختلف پرتوں میں بانٹا ہوا تھا۔ بوڑھے، معذور، خواتین اور بچوں کو اسی مقصد کے لیے بنائے گئے گیس چیمبر میں لے جا کر ”زیکلون بی“ نامی نرو گیس سے قتل کیا جاتا تھا۔ جو جوان اور کام کرنے کے قابل افراد تھے، ان کو جبری لیبر کیمپس میں لے جایا جاتا تھا۔ ان کیمپس میں بھی وہ زیادہ عرصہ جی نہیں پاتے تھے کیونکہ بھوک، وبائیں اور نازیوں کے ہاتھوں قتل ہونا ایک معمول کی بات تھی۔ اندازوں کے مطابق صرف اس کیمپ میں تیرہ لاکھ افراد کو لایا گیا جن میں سے گیارہ لاکھ افراد کو نازیوں نے قتل کر دیا۔

یہ کیمپ میں لائے جانے والے افراد کون تھے؟ ان میں یورپ بھر میں موجود یہودی، کمیونسٹ، ہم جنس پرست، ٹرانس افراد شامل تھے جن کو ایک پہلے سے چلتی آئی سکیم کے تحت لسٹ میں شامل کر کے پہلے ان لوگوں کی نشاندہی کی گئی اور پھر ان کو پکڑ کر مختلف کیمپوں میں لے جایا گیا۔ پھر جب نازیوں نے ”حتمی حل“ کا نعرہ لگایا تو یہودیوں اور دیگر ناپسندیدہ افراد کی نسل کشی شروع کر دی گئی۔ بلکہ صرف یہی افراد ہی نہیں اکثر اوقات ان کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی کیمپ میں ڈال دیا جاتا تھا۔ اس سب کے حصول کے لیے جرمن نازیوں نے انسانوں کو قتل کرنے کے سب سے سستے، آسان اور تیز طریقہ کار کو اپنایا جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ انسانوں کو جلد از جلد قتل کرنا تھا۔ اسی اثنا میں زیکلون بی نامی نرو ایجنٹ دریافت کیا گیا اور پھر اس کی زیادہ سے زیادہ پروڈکشن شروع کی گئی۔

جب نازیوں کو شکست ہوئی اور آشوٹز سے قیدیوں کو رہا کروایا گیا تو انسانی تشدد اور بربریت کے وہ مناظر دیکھے گئے جو آج 80 سالوں بعد بھی دل دہلا دیتے ہیں۔ زندہ لاشیں بنے ہوئے لوگ جو شدید صدمے کا شکار تھے، ریپ شدہ خواتین، بچوں کی لاشیں، اجتماعی قبریں، اور جبر کی وہ مثال جو شاید جدید دور میں کم ہی دیکھی گئی۔ ان انسانیت سوز واقعات کو تاریخ کے ورقوں میں سنبھال کر رکھا تاکہ پھر کسی بھی فرد کو اس کے مذہب، رنگ، نسل، ذات پات، زبان وغیرہ کی وجہ سے اس طرح کی بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور اس پرتشدد تاریخ کو ہولوکاسٹ کے نام سے پہچانا جانے لگا۔

دوسری جنگ عزیم دوئم کے بعد جرمنی میں نورمبرگ ٹرائل شروع کیے گئے جن میں نازیوں کے اعلیٰ افسران اور بدنام زمانہ ایس ایس فورس کے اہلکاروں کو سزائیں سنائی گئیں۔ ان ٹرائلز میں برطانیہ، سویت یونین، فرانس اور امریکہ شامل تھے۔

لیکن، کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی۔ نازی سوچ یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں سرایت کرچکی تھی۔ جس کو پھیلانے میں یوجینکس نامی تھیوری کا بہت کردار تھا۔ اس کے علاوہ سفید فامی حاکمیت کا نظریہ نو آبادیاتی نظام کی وجہ سے اپنی جڑیں مضبوط کر رہا تھا۔

پھر ایک مہم شروع کی گئی جس کا مقصد نفرت اور تعصب پر مبنی سوچ کی نفی تھا۔ نازیوں کے جرائم اور ان کے خلاف ہونے والے ٹرائل کو ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ جرمنی میں نازی پارٹی پر پابندی عائد کردی گئی اور ان کے لٹریچر پر پابندی لگا دی گئی۔

لیکن، اس کے برعکس نازی سپورٹر اور سفید فامی حاکمیت کے سپورٹروں کا ایک گروہ ہٹلر کو ہیرو مانتے رہے اور ان کا پراپیگنڈا کسی نہ کسی صورت میں چھپتا رہا۔ یہ عمل آج بھی جاری ہے جیسا کہ ہم جدید دور کے نیو فاشسٹوں کے ظہور کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ٹرمپ کی موجودہ حکومت بھی اسی سفید فام حاکمیت سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

اس سب کو مد نظر رکھتے ہوئے یورپ بھر میں نازی ازم کو رد کرنا شروع کیا گیا۔ انہوں نے جمہوری ڈھانچوں کو پختہ کرنے، ان انتہائی سنگین عوامل پر بات کرنے کے رجحان کو فروغ دیا اور اپنا احتساب کیا۔

اس کی ایک بھرپور مثال ہٹلر کی آپ بیتی ”مائن کیمپف“ میری جدوجہد سے دیکھا جاسکتا ہے۔ جرمنی میں اس کتاب پر پابندی تھی، لیکن اس سے اس کتاب کے حوالے سے تجسس بڑھ رہا تھا اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اس کتاب کو شائع کرنے کی اجازت دے دی گئی لیکن کتاب کے حاشیوں میں ماہرین کے کمینٹس ڈال دیے گئے جس سے سفید فام حاکمیت کے نظریے کو رد کیا جاتا تھا۔

آج بھی جرمنی میں ”سیج ہیل“ یا نازی سلوٹ کرنا قانونی طور پر قابل سزا جرم ہے۔ ہٹلر کو ایک ولن، جابر اور آمر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ جب کوئی پارٹی نسل پرستی، تقسیم، یا سفید فام حاکمیت کی بات کرتی ہے تو اس کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں اور سماجی طور پر اس کو رد کیا جاتا ہے۔

اس کے برعکس، پاکستان کے نصاب میں جنگ عظیم دوئم، نازی پارٹی اور اس کے انسانیت کے خلاف جرائم کی بات نہیں کی جاتی۔

حد تو یہ ہے کہ جنگ عظیم دوئم کے دوران اس خطے کے کچھ لیڈران بھی یہودی دشمن ”اینٹی سمیٹک“ نظریات کا پرچار کرتے رہے اور کچھ نے تو ہٹلر اور اس کی پارٹی کی حمایت تک کی۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری عوام میں یہودی دشمنی/اینٹی سمیٹزم، اور اسرائیل کی انسان دشمن پالیسیوں اور فلسطین میں ہونے والے جنگی جرائم کو ایک ہی سمجھا جاتا ہے۔

اسی وجہ سے ہمارے معاشرے میں تاریخ کے اس خوفناک دور کے بارے میں خاموشی ہے، یا ایسے عجیب و غریب طرح سے یاد رکھا جاتا ہے۔ جیسا کہ ہٹلر کو آئڈیلائز کرنا، نازیوں کو حق پرست سمجھنا شامل ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے کبھی بھی افراد سے بڑھ کر کسی تاریخی امر کو دیکھنا گوارا ہی نہیں کیا۔

مزید یہ کہ نفرت بھرے نظریات اور امن میں فرق کرنے کی گنجائش ہماری غیر مستحکم سیاسی و سماجی صورت حال میں مل نہ سکی۔ خاص کر جب ہم نے اس خطے کے امن پسند نظریات کو ریاستی سطح پر رد کر کے جہاد کے نام پر نفرت کا ایندھن معاشرے میں انجیکٹ کیا۔

خود ہمارے نصاب میں شاید دنیا کی تاریخ کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ ہماری تاریخ کوئی کہتا ہے کہ محمد بن قاسم سے شروع ہوتی ہے، کبھی ہماری یاداشت سے 71 کا دور غائب ہوجاتا ہے۔ فلسفیانہ طور پر ہمیں تاریخ کو ایک ”زیرو سم گیم“ جس میں یا تو ہم جیتیں گے یا دیگر اقوام کے طور دکھایا جاتا اور ایک پرامن، انسان دوست حقیقت کا نقشہ شاید ہمارے سماجی حافظے سے مٹ چکا ہے۔

ذرا سوچیے، کیا ہم تاریخ کے دھارے کو کسی مثبت انسان دوست بیانیے میں بن پائے ہیں؟ فلسطین میں ہونے والے مظالم ہوں، یا داعش کے ہاتھوں یزیدیوں کا قتال، یا ہزارہ کا قتل عام، یا پاڑہ چنار میں حال ہی میں ہونے والے واقعات، کیا ہم معاشرتی طور پر ایسا بیانیہ بنا پائے ہیں جس میں پرتشدد عوامل کو رد کیا گیا ہو؟ یا ہمارا سارا بیانیہ ”ہم مقابل سب“ کے بھیانک نقطہ نظر پر مبنی ہے؟

اگر ہم انسان دوست اور انسان دشمن واقعات کو تاریخ کی کسوٹی پر نہیں رکھیں گے تو ہمارے معاشرے میں تشدد کو ہی سچ سے تشبیہ دی جاتی رہے گی۔ جو طاقتور ہو گا ہم اس کی سچائی کا ورد کریں گے اور حق اور باطل میں تمیز گڈ مڈ ہو جائے گی۔

اس دور میں جب تاریخ کا دھارہ ملکوں، قومیتوں سے بڑھ کر مجموعی انسانیت کی میراث بنتا جا رہا ہے، ایسے میں اب ہم اس الگ تھلگ، پسماندہ پس منظر کو رکھتے ہوئے تاریخ کی وضاحت کیے بغیر مزید نہیں چل پائیں گے۔