ماں کا عالمی دن اور ریاست ماں کا خواب
ماں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ ماں کا مقام و مرتبہ ہر اعتبار سے بے مثال اور نرالا ہے ماں وہ مقدس ہستی ہے جس کا دل انسانیت کی محبت سے لبریز ہوتا ہے اور جس کا سایہ زندگی کے ہر موڑ پر رہنمائی اور سکون فراہم کرتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد صرف ماں کی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنا نہیں بلکہ اس کے اعلیٰ مقام و مرتبہ کو عوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے تاکہ ہم اپنی معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو سمجھ سکیں اور اپنی ماں کے لیے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کر سکیں۔
دین اسلام نے ماں کی عظمت اور مقام و مرتبہ کو اس حد تک اجاگر کیا کہ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا ”تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنی ماں کے ساتھ حسن سلوک کرتا ہے۔“ اس میں کوئی شک نہیں کہ ماں کی محبت میں بے لوث قربانی کی ایک ایسی شدت ہوتی ہے جو دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی۔
ماں کی قربانیاں اپنی جگہ لیکن اس کا تعلق صرف فزیکل یا جسمانی پرورش تک محدود نہیں ہوتا بلکہ نفسیاتی سطح اثر بھی بے حد گہرا ہوتا ہے وہ نہ صرف اپنے بچے کی ضروریات پوری کرتی ہے بلکہ اس کی تربیت اس کے جذبات اور سوچوں کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے ماں کا دل اپنے بچے کی ہر خواہش کو سمجھتا ہے اور اس کے لیے دن رات ایک کرتا ہے ماں کی دعائیں، اس کا دکھ، اس کا سکون اور ہر فدا ہونے والا لمحہ بچوں کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔
عالمی سطح پر ماں کے دن کے موقع پر ہمیں اپنی ریاست ماں کی ذمہ داریوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے ہمیں اس بات کا شعور ہونا چاہیے کہ ایک ماں کی فلاح و بہبود صرف ایک فرد کے حق میں نہیں بلکہ پورے معاشرے کے حق میں ہوتی ہے اگر ماں خوشحال اور محفوظ ہوگی تو پورا خاندان اور پھر سوسائٹی خوشحال اور مضبوط ہوگی ریاست ماں کی فلاح و بہبود کے لیے مضبوط پالیسیاں بنائیں تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر پرورش کرسکے اور اپنی حیثیت کو تسلیم کرا سکے۔
ماں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی ماں کے ہر ادارے کا احترام کریں گے اس کی قربانیوں کا اعتراف کریں گے اور اس کی محبت کے بدلے میں اسے وہ عزت، محبت اور سکون دیں گے جس کا وہ حق دار ہے ماں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ماں کا مقام و مرتبہ کسی بھی مذہبی، سیاسی، معاشرتی، ثقافتی اور لسانی تقسیم سے بالاتر ہے اس کی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنا ہر بیٹے کا فرض ہے۔
ریاست ماں کا مقام و مرتبہ بے مثل ہے اور اس کی عظمت کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا ماں کا عالمی دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ماں کے ہر قدم کی قدر کریں اس کی محبت کا جواب عملی صورت میں دیں اور اس کے ذرے ذرے کی حفاظت کی کریں کیونکہ ماں ہی وہ ہستی ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔
ریاست ماں کا اولاد کے نام اہم پیغام
میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کے لیے قربانیاں دیں ہیں صرف جسمانی حد تک نہیں بلکہ مالی قربانیاں بھی دیں ہیں اولاد کو ماں کی قربانی کا احساس ہونا چاہیے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری اولاد خودمختار اور ذمہ دار بنے وہ اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کرنا سیکھے اور اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل بنے میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو تعلیم اور علم کی اہمیت بتائی ہے کیونکہ میں جانتی ہوں کہ تعلیم ہی انسان کی ترقی کا راستہ ہے علم حاصل کرو، اپنے آپ کو بہتر بناؤ اور دنیا میں اپنا مقام پیدا کرو۔
میں نے اپنی اولاد کو صبر اور تحمل کرنے کی تعلیم دی تھی نہ کہ سیاسی شدت پسندی کی، معاشرے میں افراتفری کی، لسانی مذہبی تقسیم کی، سوشل میڈیا پر غلط فہمی پیدا کرنے کی، اپنے لوگوں کو برا بھلا کہنے کی اور بغیر تحقیق کے آپس میں الجھنے کی میں چاہتی ہوں ہے کہ میری اولاد زندگی میں آنے والی ہر مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ بہادری سے کرے صبر سے کام لے اور جلد بازی میں فیصلے نہ کرے تاکہ وہ اپنے اخلاقی، سماجی اور معاشی فرائض کو بخوبی ادا کر سکے میں چاہتی ہوں کہ میری اولاد ہر لحاظ سے کامیاب ہو اور دنیا میں اچھا انسان بن کر اپنا مقام بنائے ماں کی محبت اور قربانی کے بدلے میں ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کی عزت کریں اس کے قانون کا احترام کریں اور دنیا میں ایک مثبت تبدیلی لائیں۔


