والدین کی قربانی کو خراجِ عقیدت
تاریخِ انسانیت۔ بلکہ ماقبلِ تاریخ سے یہ سچائی گونجتی آئی ہے کہ والدین نے ہمیشہ اپنی اولاد کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ یہ قربانیاں صرف جذباتی نہیں بلکہ انسانی تہذیب کی بنیاد ہیں۔ والدین اپنی زندگی، خواب، اور مستقبل کو اپنے بچوں کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ وہ ایسی خاموش قربانی دیتے ہیں جو اکثر نظروں سے اوجھل رہتی ہے۔ ان کی یہ آمادگی اور انمول پہچان کہ خود دکھ اٹھائیں، حتیٰ کہ جان تک دے دیں۔ صرف اس لیے کہ ان کے بچے سلامت رہیں انہیں کچھ نہ ہو۔ محبت کی انوکھی معراج ہے۔
ماں باپ کا ہر دن فیصلوں سے بھرا ہوتا ہے، ایسے فیصلے جو ان کے دل و دماغ کو چیر کر رکھ دیتے ہیں، خاص طور پر جب فیصلہ زندگی اور موت کے بیچ ہو۔ ایسے فیصلوں اور جدوجہد میں دماغ اکثر حساب لگاتا ہے، ڈرتا ہے، دھوکہ دیتا ہے مگر دل کمال کا بہادر، سچا، اور محبت سے لبریز اصل ہیرو ثابت ہوتا ہے۔ بے خطر کود پڑا آتشِ نمرود میں عشق۔
کبھی کبھی بچے ماں باپ کے خوابوں کی تکمیل کے لیے قربانی دیتے ہیں، مگر اکثر یہ والدین ہی ہوتے ہیں جو ایسی بے لوث محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں جو کسی صلے کی طلبگار نہیں ہوتی۔ ایسی محبت جو سب کچھ دے دیتی ہے، مگر کچھ مانگتی نہیں۔
ایک حقیقی داستان
1993 میں امریکہ کی تاریخ کے ایک ہولناک ترین ریل حادثے میں گیری اور میری جین چانسی نے اپنی محبت اور قربانی کی وہ مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ وہ اپنی گیارہ سالہ بیٹی اینڈریا کے ساتھ سفر کر رہے تھے، جو دماغی فالج (سیریبرل پالسی) میں مبتلا تھی اور وہیل چیئر استعمال کرتی تھی۔
جب ان کی ٹرین پٹری سے اُتر کر دریا میں جا گری، ہر طرف چیخ و پکار اور دہشت چھا گئی۔ مگر اُس لمحے میں بھی ان کے دلوں میں صرف ایک ہی فکر تھی: اپنی بیٹی کو بچانا۔ انہوں نے کسی طرح اینڈریا کو کھڑکی سے اوپر اٹھایا اور امدادی کارکنوں کی طرف دھکیلا۔ کچھ ہی لمحوں بعد ٹرین پانی میں ڈوب گئی۔ اور گیری اور میری جین چانسی اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کا آخری عمل، لفظوں سے کہیں زیادہ بلند آواز میں بولتا ہے ان کی بیٹی کی زندگی، ان کی اپنی زندگی سے زیادہ قیمتی تھی۔
یہ صرف جسمانی رشتہ نہیں یہ روحانی ہے
یہ کہانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ والدین کی محبت محض حیاتیاتی نہیں، بلکہ روحانی ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسی بہادری ہے جس میں کوئی تمغہ نہیں، مگر قربانی بے مثال ہیں۔
جیسے جیسے ہم عمر کی منازل طے کرتے ہیں، ہمیں ایسے جذبات گھیر لیتے ہیں جنہیں لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہوتا ہے۔ یہ وہ جذبات نہیں جو شہرت، دولت یا کامیابی سے جڑے ہوں۔ یہ کہیں گہرے، مقدس اور فطری ہوتے ہیں۔
ہم سب ایک خالق کی مخلوق ہیں، مگر وقت کے ساتھ ساتھ ہماری پہچان خوف، خودی اور محدودیت کے دھند میں چھپ جاتی ہے۔ مگر انہی محدود انسانی حدود کے اندر، محبت، بے غرض اور بے حد و حساب محبت جو تمام سرحدیں پار کر جاتی ہے۔
والدین محض محافظ نہیں، معجزہ ہیں
والدین صرف پرورش کرنے والے نہیں۔ وہ ایک معجزہ ہوتے ہیں۔ وہ وہی نادیدہ ہیرو ہوتے ہیں جو ہر عظیم انسان کے پیچھے ہوتے ہیں۔ بحران کے لمحوں میں، وہ بہادری کا پیکر بن جاتے ہیں۔ سچا ہیرو ہمیشہ تلوار اٹھانے والا نہیں ہوتا، نہ ہی وردی پہنتا ہے۔ کبھی وہ ماں کے نرم ہاتھوں کی صورت میں ہوتا ہے، کبھی باپ کی آخری سانس کی صورت میں۔
آئیے ہم سانحے کا انتظار نہ کریں، آئیے ہم اس سچائی کو پہچاننے کے لیے کسی المیے کا انتظار نہ کریں۔
آئیے ہم اپنے والدین کو آج ہی خراجِ عقیدت پیش کریں۔ صرف لفظوں سے نہیں، بلکہ شکرگزاری، عاجزی اور محبت سے۔


